Tag: ڈپلومیٹک انکلیو

  • سی ڈی اے کی نااہلی ، بارش کا پانی غیر ملکی سفارتخانے کی بیسمنٹ میں بھرگیا

    سی ڈی اے کی نااہلی ، بارش کا پانی غیر ملکی سفارتخانے کی بیسمنٹ میں بھرگیا

    اسلام آباد : چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی نااہلی کے باعث بارش کا پانی غیر ملکی سفارتخانے کی بیسمنٹ میں بھر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی نااہلی سے ڈپلومیٹک انکلیو کی مختلف گلیاں بارش میں ڈوب گئیں۔

    علاقے میں جمع بارش کا پانی غیر ملکی سفارتخانے کی بیسمنٹ میں بھرگیا ، سی ڈی اے عملہ گزشتہ روز سے سفارتخانے کی بیسمنٹ سے پانی نکالنے میں ناکام ہے۔

    جناح اسکوائر کی تعمیر کے دوران برساتی نالے کو بند کر دیا گیا تھا ، اس برساتی نالے میں ڈپلومیٹک انکلیو سے بارش کے پانی کی نکاسی ہوتی تھی۔

    سی ڈی اے نے نالہ کھولنے کیلئے مشینری جناح اسکوائر پہنچادی ہے ، کوشش ہےآج نالہ کھول دیا جائے تاہم جناح اسکوائر کی ایک شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے اسلام آباد میں مطلع ابر آلود ہے اور آج وقفے وقفے سےگرج چمک کےساتھ بارش کی توقع ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

    جس کے باعث اسلام آباد،لاہور، پشاور،فیصل آباد و دیگر شہروں کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔

  • اسلام آباد میں مشکوک روسی خاتون زیر حراست

    اسلام آباد میں مشکوک روسی خاتون زیر حراست

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ایک مشکوک روسی خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے، روسی خاتون نے ڈپلومیٹک انکلیو میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج جمعرات کو پولیس نے ایک روسی خاتون شہری کو ڈپلومیٹک انکلیو میں گھسنے کی کوشش پر حراست میں لے لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لی گئی روسی خاتون کو تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے، یہ خاتون گزشتہ روز روس سے ملتان پہنچی تھی۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ ملتان پولیس نے بھی خاتون کو حراست میں لے کر روسی سفارت خانے کے حوالے کیا تھا، بعد ازاں روسی سفارت خانے نے خاتون کو اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں ٹھہرایا۔

    تاہم روسی خاتون موقع پا کر نجی ہوٹل سے بھی باہر آ گئی تھی، جسے آج پولیس نے ڈپلومیٹک انکلیو میں گھسنے کی کوشش پر حراست میں لیا۔

    ذرائع کے مطابق روسی سفارت خانے نے فارن آفس کو خاتون کا ویزا منسوخ کرنے کا خط لکھ دیا ہے، دوسری طرف خاتون نے پولیس کو اپنے بیان میں کہا کہ میں پاکستان کی سیر کرنا چاہتی ہوں۔

  • پولیس سے بد تمیزی کرنے والی خاتون کو زیرِ علاج رکھنے کا فیصلہ

    پولیس سے بد تمیزی کرنے والی خاتون کو زیرِ علاج رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیو میں پولیس کے ساتھ بد تمیزی کرنے والی خاتون ڈاکٹر شہلا کی طبیعت گرفتار ہونے کے بعد خراب ہو گئی، پولیس نے خاتون کو اسپتال منتقل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شہلا کو زیرِ علاج رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کل تک سی سی وارڈ میں زیرِ علاج رہیں گی، شعبۂ امراضِ قلب کے ڈاکٹروں نے خاتون کا تفصیلی طبی معائنہ کر لیا۔

    [bs-quote quote=”خاتون شدید ذہنی دباؤ اور غنودگی کی شکار ہے، ای سی جی بھی نارمل نہیں: ذرائع” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون شدید ذہنی دباؤاور غنودگی کی شکار ہے، ڈاکٹروں نے ان کے مزید طبی ٹیسٹ تجویز کیے ہیں، بلڈ پریشر لیول اور ای سی جی ٹیسٹ معمول کے مطابق نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شہلا کو سی سی یو میں آکسیجن ماسک لگا دیا گیا ہے، اور 2 خواتین پولیس اہل کار ان کی سیکورٹی پر تعینات کر دی گئی ہیں۔

    قبل ازیں پولیس سے بد تمیزی کرنے والی خاتون کو طبی معائنے کے لیے پولی کلینک منتقل کیا گیا تھا، عدالت جوڈیشل ریمانڈ پر خاتون کو جیل بھیجنےکا حکم دے چکی ہے۔


    اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیومیں پولیس سے بدتمیزی کرنے والی خاتون گرفتار


    واضح رہے گزشتہ روز ڈاکٹر شہلا نے اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر پولیس کو دھمکیاں دی تھیں، بعد ازاں انھیں راولپنڈی ڈی ایچ اے فیز ٹو سے گرفتار کر کے تھانہ وومن اسلام آباد منتقل کیا گیا۔

    خاتون کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیومیں پولیس سے بدتمیزی کرنے والی خاتون گرفتار

    اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیومیں پولیس سے بدتمیزی کرنے والی خاتون گرفتار

    اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیومیں پولیس سے بدتمیزی کرنے والی خاتون ڈاکٹرشہلا کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیومیں پولیس کو دھمکیاں دینے والی خاتون ڈاکٹر شہلا کو راولپنڈی ڈی ایچ اے فیزٹو سے گرفتار کرکے تھانہ وومن اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔

    خاتون کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا مقدمہ درج تھا۔

    وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعے کی تفتیشی رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ خاتون کے خلاف قانون کےمطابق کاروائی کی جائے، نئے پاکستان میں کوئی وی آئی پی نہیں، سب قانون کے تابع ہیں۔

    وزیرمملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس ہمارا اپنا ادارہ ہے، حکومت فرض شناسی سے کام کرنے والوں کے ساتھ ہے۔

    کار سوار خاتون کی پولیس افسران کو دھمکیاں اور گالم گلوچ، مقدمہ درج

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں بغیرنمبر پلیٹ والی کار میں سوار خاتون نے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور روکنے پرپولیس اہلکاروں کو دھمکیاں بھی دی تھیں۔

  • اسلام آباد ڈپلومیٹک انکلیوکی سیکیورٹی فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد ڈپلومیٹک انکلیوکی سیکیورٹی فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : ڈپلومیٹک انکلیو کی سیکیورٹی فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ ڈپلومیٹک انکلیو میں کچھ سفارتکاروں کی جانب سےفوج کی تعیناتی کی درخواست پر کیا گیااس مقصدکیلئےفوجی جوان بلا لئے گئے ہیں، دوسری جانب ریڈزون سے آرٹیکل دو سو پینتالیس اٹھالینےکے بعد فوج نے پارلیمنٹ ہاؤس خالی کر دیا ہے۔

    وزارت داخلہ کےمطابق رینجرز اورایف سی اہلکارریڈزون میں سیکیورٹی کےفرائض سرانجام دینگے تاہم ضرورت پڑنے پر فوج کو دوبارہ طلب کیا جاسکتاہے، وزیراعظم ہاوس اور ایوان صدرمیں فوج بدستور تعینات رہےگی، پارلیمنٹ اور وزیراعظم سیکریٹریٹ کی سیکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے حوالے کردی گئی جبکہ تیس نومبر کو بائیس ہزار ایف سی، پولیس اور رینجرز اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔