لاہور(21 جولائی 2025): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جنوب پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتیں دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ سے ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ڈپٹی اسپیکر نے پنجاب میں روڈز کی تعمیر و بحالی کے اقدامات پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے۔
ملک ظہیر اقبال چنڑ نے بہاولپور میں برن سنٹر کے قیام پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا قابل تحسین قدم ہے۔
ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ائیر ایمبولینس، فیلڈ اسپتال اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا، عوام کی ضروریات کے پیش نظر بہاولپور میں چلڈرن اسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی، بہاولپور کے سول اسپتال کے قریب چلڈرن اسپتال کی تعمیر پر اتفاق ہوا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہاولپور چلڈرن اسپتال پروجیکٹ کا پلان طلب کر لیا، انہون نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کے منصوبے میرے دل کے بے حد قریب ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتیں دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ظہیر اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی قیادت میں پنجاب حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، عوام دوست فیصلے مریم نواز شریف کی حکومت کا طرہ امتیاز ہیں۔