Tag: ڈپٹی کمشنر

  • شہر کی موجودہ صورتحال، 29 اور 30 اگست کو تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

    شہر کی موجودہ صورتحال، 29 اور 30 اگست کو تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

    پسرور: شہر کو درپیش سیلابی صورتحال کے باعث سیالکوٹ میں 29 اور 30 اگست کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پاکستان کے طول و عرض میں حالیہ سیلابی صورتحال نے بتاہی مچادی ہے، میدانی علاقوں اور دیہاتوں سمیت کئی شہر بھی سیلابی پانی کے شدید نشانے پر ہیں جبکہ بارشوں سے سب سے زیادہ سیالکوٹ متاثر ہوا ہے جہاں محض 48 گھنٹوں میں 512 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

    سیلابی پانی کے باعث شہر کی دگرگوں حالت اور موجودہ صورتحال کے باعث سیالکوٹ میں 29 اور 30 اگست کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

    Latest Pakistan Floods News

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے شہر میں کل اور پرسوں تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں 48 گھنٹوں کے دوران 512 ملی میٹر کی ریکارڈ توڑ بارش ہوئی ہے جس سے شہر اور مضافاتی علاقے جل تھل ہوگئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل، شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    ڈی سی صبا اصغر کہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران پانچ سو بارہ ملی میٹر کی بارش ہوئی ہے، جس سے اربن ایریاز میں بہنے والے 3 نالوں سے پانی اوور فلو ہو رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق سیالکوٹ میں پہلی بار اس قسم کا سیلاب آیا ہے، اربن ایریاز میں گزشتہ روز کشتیاں چلائی گئی ہیں، ایسے حالات میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/summer-vacations-2025-extended-till-september-7/

  • دریائے سوات کا دلخراش واقعہ : فوری مدد پہنچی یا نہیں؟  ڈپٹی کمشنر کا اہم انکشاف

    دریائے سوات کا دلخراش واقعہ : فوری مدد پہنچی یا نہیں؟ ڈپٹی کمشنر کا اہم انکشاف

    ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے کہا ہے کہ دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کے واقعے کے 15 منٹ بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی تھیں اور وہاں پھنسے لوگوں کو بچایا بھی گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے سوات میں فضا گٹ کے مقام پر 18 سیاحوں کو ڈوبنے کے افسوسناک حادثے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق مذکورہ خاندان ساڑھے 6 بجے ہوٹل میں داخل ہوا اور ساڑھے 9 بجے یہ لوگ ہوٹل کے عقب سے نکل کر دریائے سوات کی جانب گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ پونے دس بجے سیلابی پانی کا ریلا آیا اور 9 بج کر 49 منٹ پر ریسکیو کو کال کی گئی اور دس سے 15 منٹ کے اندر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور کچھ لوگوں کو بحفاظت باہر بھی نکالا۔

    ڈپٹی کمشنر سوات نے بتایا کہ پہلے 4 سے 5 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا تھا لیکن اچانک پانی کا تیز ریلا آنے کے باعث امدادی کارکنان کو کام کرنے میں دشواری اور مشکلات درپیش رہیں۔

    جب ان سے سوال کیا گیا کہ امدادی ٹیموں کی جانب سے ریسکیو کرنے کی کوئی ویڈیوز یا ثبوت ہے؟ جس کا جواب دینے کے بجائے ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی نے انکوائری رپورٹ طلب کی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر سوات نے بتایا کہ وقت آنے پر اس کی ساری انکوائری رپورٹ شیئر کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہں جاکر لوگ قانون کی پاسداری نہیں کرتے۔

    ڈپٹی کمشنر سوات کا کہنا تھا کہ دریا کے قریب جانے یا نہانے پر دفعہ 144 نافذ ہے، مگر لوگ وارننگز کے باوجود احتیاط نہیں کرتے، جو ایسے افسوسناک واقعات کا باعث بنتے ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ لوگ دریا کے کنارے پرسکون ماحول میں ناشتہ کر رہے تھے کہ اسی دوران بارش کی وجہ سے دریا میں اچانک تیز ریلا آیا، جس نے سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ متاثرہ خاندان کو خطرے کا اندازہ نہیں تھا۔

    ایک سیاح نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کے 10 خاندان کے افراد بہہ گئے، جن میں سے صرف ایک خاتون کی لاش ملی ہے، جبکہ 9 بچے ابھی تک لاپتہ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بچے دریا کے کنارے تصاویر لے رہے تھے، پانی کم تھا، اچانک ریلا آیا اور سب کچھ بہا لے گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریسکیو ٹیمیں دیر سے پہنچیں اور سب کچھ ان کے سامنے ہوتا رہا، مگر وہ کچھ نہ کر سکے۔

  • ویڈیو: موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر کے نام کی نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والا شخص کون نکلا؟

    ویڈیو: موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر کے نام کی نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والا شخص کون نکلا؟

    حیدرآباد میں موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر کے نام سے نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والے شخص کو یہ سفر مہنگا پڑ گیا پولیس نے پکڑ لیا۔

    حیدرآباد میں گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے نام سے نمبر پلیٹ لگا کر سڑکوں پر گھومتے دیکھا گیا۔

    ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ جب اس سے تفتیش کی گئی تو ڈی سی آفس کا ہی خاکروب نکلا۔

    ملزم نے ڈپٹی کمشنرکے نام کی نمبر پلیٹ لگانے پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہے اور کہتا ہے کہ گاڑی کے کاغذات گم ہو گئے تھے، اس لیے ڈی سی کے نام کی نمبر پلیٹ لگائی۔ غلطی ہوگئی ہے معاف کریں آئندہ نہیں لگاؤں گا۔

    اس موقع پر پولیس افسر کی آواز سنائی دیتی ہے کہ اگر آئندہ لگائی تو جس پر ملزم کہتا ہے کہ پھر جو آپ سزا دینا چاہیں دے دیجیے گا۔

  • اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان

    اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان

    اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے اسلام آباد کے سرکاری و نجی اسکولوں میں آج 22اگست کو تعطیل کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری اور نجی اسکول آج مکمل طور پر بند رہیں گے، نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق آج بروز جمعرات 22 اگست کو مذہبی جماعتوں اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج اور جلسہ کی کال دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے وزارت داخلہ نے شہر اقتدار کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں آج 22اگست کو تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔

    ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسکولوں کو بند کرنے کا یہ اقدام بچوں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے آج 22 اگست بروز ھؤجمعرات کو ترنول میں جسلے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترنول میں ہونے والے جلسے کے مقام کے قریب سے مشکوک بیگ برآمد ہوا ہے ۔

    جلسہ گاہ کے قریب مسجد کے احاطے سے مشکوک بیگ برآمد ہوا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری طلب کرکے مسجد کو خالی کروا لیا گیا۔

  • ڈپٹی کمشنر نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا

    ڈپٹی کمشنر نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا

    ڈپٹی کمشنراسلام آباد کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا۔

    پی ٹی آئی کے ریجنل صدر عامر مسعود مغل نے جلسے کی درخواست دی تھی، تاہم ڈپٹی کمشنراسلام آباد نے تحریک انصاف کو 30 مارچ کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر ڈی سی اسلام آباد کو فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے امن و امان کی صورتحال کو جواز بناکر درخواست مسترد کی۔

    ضلعی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈی چوک سمیت کسی بھی جگہ احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

  • دادو میں پولنگ اسٹیشنز زیر آب آگئے، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش

    دادو میں پولنگ اسٹیشنز زیر آب آگئے، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش

    دادو: صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے ڈپٹی کمشنر نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ ضلع کے 100 پولنگ اسٹیشن زیر آب ہیں اور 175 پولنگ اسٹیشنز کو ریلیف کیمپ قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دادو کے ڈپٹی کمشنر نے الیکشن کمیشن سندھ کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پہلے ہی ضلع کی تمام یو سیز کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ضلع کے 100 پولنگ اسٹیشن زیر آب ہیں اور 175 پولنگ اسٹیشنز کو ریلیف کیمپ قرار دیا گیا ہے، ضلع کی تحصیل اور دیہات کی رابطہ سڑکیں منقطع ہیں، پولنگ کا سامان پہنچنا ممکن نہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو 3 ماہ تک ملتوی کیا جائے۔

  • کراچی: ضلع وسطی کے ڈوبنے کا خطرہ، احتجاجی ملازمین کے مطالبات تسلیم

    کراچی: ضلع وسطی کے ڈوبنے کا خطرہ، احتجاجی ملازمین کے مطالبات تسلیم

    کراچی: مون سون کی بارشوں کے باعث ضلع وسطی کے ڈوبنے اور صفائی ستھرائی نہ ہونے کے خطرے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر محمد بخش دھاریجو کو 4 روز سے احتجاجی دھرنے میں بیٹھے ملازمین کا خیال آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی جانب سے ملازمین کے خلاف متعصبانہ اقدامات پر 3 دن سے ہڑتال جاری تھی، لیکن ڈی سی نے ان کے احتجاج کو کوئی توجہ نہیں دی تھی۔

    اب مون سون کی بارشوں کے شروع ہوتے ہی صورت حال کی خرابی کے اندیشے سے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی نے ملازمین کو مذاکرات کے لیے بلا لیا، احتجاجی ملازمین اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، ضلع وسطی کی انتظامیہ نے ملازمین کے مطالبات مان لیے۔

    کراچی میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کا خدشہ، الرٹ جاری

    مطالبات کی منظوری کے بعد گزشتہ 3 دن سے ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال ختم ہو گئی، رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری نے بتایا کہ ملازمین کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کر لیا گیا ہے، کسی ملازم کی تنزلی نہیں کی جائے گی، اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مطالبات کی منظوری کے ضمانتی ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری کو بنایا گیا ہے، ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی ختم کر دی، اور کام شروع کر دیا ہے۔

  • پی ٹی آئی کا مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی تعیناتی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    پی ٹی آئی کا مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی تعیناتی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے ضیا الرحمان کی بہ طور ڈی سی تعیناتی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی کراچی میں بطور ڈی سی تعیناتی کے معاملے میں پی ٹی آئی نے عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے، اس سلسلے میں حلیم عادل شیخ نے قانونی مشاورت بھی کر لی ہے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے وکلا سے مشاورت میں پٹیشن کو حتمی شکل دے دی ہے، ایک دو روز میں سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے ہر معاملے پر عدالتوں میں جانا پڑتا ہے، ضیاالرحمان سے صرف اصولی اختلاف ہے کہ ان کی تعیناتی غیر قانونی ہے، کیا سندھ میں پی ایم ایس اور ڈی ایم جی افسران ختم ہو گئے تھے؟

    وفاق نے فضل الرحمان کے بھائی کی سندھ کودی گئی خدمات واپس لےلیں

    انھوں نے کہا کہ اس عمل سے سندھ کے افسران کی حق تلفی کی گئی، جنوری میں سندھ حکومت نے ریکوزیشن بھیج کر انھیں خیبر پختون خوا سے بلایا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واپسی کی ہدایت کر دی ہے لیکن سندھ حکومت انھیں واپس نہیں بھیج رہی۔

    سندھ حکومت کا ضیا الرحمان کی خدمات وفاق کو واپس کرنے سے انکار

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت نے ضیاالرحمان کی خدمات وفاق یا کے پی کو دینے سے انکار کیا ہے، افسوس کی بات ہے کہ جعلی ڈومیسائل کے بعد اب جعلی ڈی سی بھی میدان میں آ گئے ہیں، اس لیے ہم غیر قانونی تقرری کے خلاف عدالت جا رہے ہیں۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ضیاالرحمان کو واپس کے پی محکمہ پی ٹی سی ایل میں بھیجا جائے۔

  • یہ ’درخت مصطفیٰ کمال‘ کون سے ہیں؟

    یہ ’درخت مصطفیٰ کمال‘ کون سے ہیں؟

    دنیا بھر میں بڑے اور کامیاب لوگوں کے نام پر مختلف سائنسی ایجادات و دریافتوں کا نام رکھنا کوئی نئی بات نہیں، سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال کے نام پر بھی ایک درخت کا نام رکھ دیا گیا۔

    یہ واقعہ دراصل گزشتہ روز سامنے آیا جب صوبہ بلوچستان کے ضلع واشک میں ڈپٹی کمشنر کا جاری کردہ حکم نامہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    واشک کے ڈپٹی کمشنر نے حکم جاری کیا کہ ضلع بھر میں سفیدے کا درخت یعنی یوکپلٹس اور ’درخت مصطفیٰ کمال‘ یعنی کونو کارپس لگانے پر پابندی عائد کی جارہی ہے لہٰذا اس ضمن میں ان دونوں درختوں کی شجر کاری سے پرہیز کیا جائے۔

    خیال رہے کہ کسی علاقے میں کسی مخصوص قسم کے درخت لگانے پر اس وقت پابندی عائد کی جاتی ہے جب وہ درخت اس علاقے کے لیے موزوں نہ ہوں اور وہاں کے ماحول، جانور و پرندوں اور مقامی آبادی کے لیے نقصان پیدا کرنے کا سبب بنے۔

    کونو کارپس کے درختوں کا نام اس وقت سامنے آیا تھا جب سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے شہر کو سرسبز کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجر کاری کروائی تاہم مقامی انتظامیہ کی نااہلی کہ شہر کی آب و ہوا اور درختوں کی مطابقت کا خیال کیے بغیر پورے شہر کو کونو کارپس کے درختوں سے بھر دیا گیا۔

    کونو کارپس درختوں کی مقامی قسم نہیں ہے جس کے باعث یہ کراچی کے لیے مناسب نہیں۔ تھوڑے ہی عرصے بعد ان درختوں کے باعث پولن الرجی فروغ پانے لگی۔

    یہ درخت دوسرے درختوں کی افزائش پر بھی منفی اثر ڈالتے ہیں جبکہ پرندے بھی ان درختوں کو اپنی رہائش اور افزائش نسل کے لیے استعمال نہیں کرتے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ درخت زیر زمین اپنی جڑیں نہایت مضبوط کر لیتے ہیں جس کے باعث یہ شہر کے انفرا اسٹرکچر کو متاثر کر رہے ہیں۔ زیر زمین موجود پانی کی پائپ لائنیں ان کی وجہ سے خطرے کا شکار ہیں۔

    بعض ماہرین کے مطابق کونو کارپس بادلوں اور بارش کے سسٹم پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں جس کے باعث کراچی میں مون سون کے موسم پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: کس علاقے کے لیے کون سے درخت موزوں ہیں؟

    ان درختوں کی تباہی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی یہ درخت نا موزوں ہیں جس کی وجہ سے ضلع واشک میں بھی اسے لگانے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    قطع نظر اس سے کہ ان درختوں کو لگاتے ہوئے سابق میئر کراچی کی کم علمی آڑے آئی یا جانتے بوجھتے اس کے نقصانات سے صرف نظر کیا گیا، کونو کارپس کو مصطفیٰ کمال کا دیا ہوا تحفہ کہا جاتا ہے جو کراچی والوں کے لیے کسی زحمت سے کم نہیں۔

  • ڈپٹی کمشنر کا کفن تیار کروانے کا بیان، نگراں وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

    ڈپٹی کمشنر کا کفن تیار کروانے کا بیان، نگراں وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

    پشاور: ڈپٹی کمشنر پشاور کے الیکشن کے روز کے لیے 1 ہزار کفن تیار کروانے کے بیان پر نگراں وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا مذکورہ بیان گزشتہ روز سامنے آیا تھا جب انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دی۔

    ڈی سی کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن کے لیے ہم پوری طرح تیار ہیں اور اس حد تک منصوبہ بندی کی گئی ہے کہ اگر الیکشن کے دن کوئی سانحہ رونما ہوتا ہے تو اس کے لیے ہم نے 1 ہزار کفن بھی تیار کر رکھے ہیں۔

    ڈی سی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہوگئی جس کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان نے بھی نوٹس لے لیا۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ڈی سی کا بیان خوف و ہراس پھیلانے کا بھونڈا مذاق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی سی پشاور کو غیر ذمہ دارانہ بیان پر شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ ووٹرز کی مکمل سیکیورٹی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: الیکشن کے دن سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔