Tag: ڈکیتی

  • مکافات عمل، شہری کو گولی مارنے والا ڈاکو اگلے موڑ پر پولیس کی گولی کا نشانہ بن گیا، ویڈیو

    مکافات عمل، شہری کو گولی مارنے والا ڈاکو اگلے موڑ پر پولیس کی گولی کا نشانہ بن گیا، ویڈیو

    حیدرآباد (07 اگست 2025): ڈاکو مکافات عمل کا شکار ہو گئے، لوٹ مار کے دوران ایک شہری کو گولی مارنے والا ڈاکو اگلے موڑ پر پولیس مقابلہ میں گولی کا نشانہ بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں پولیس مقابلے سے قبل ہونے والی ڈکیتی کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین رہا ہے، اور لٹیرے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے۔

    فوٹیج کے مطابق ایک شہری نے آگے آ کر مزاحمت کی کوشش کی تو لٹیروں نے اس کو گولی مار کر زخمی کر دیا جس سے وہ لنگڑا کر بھاگنے لگا، اور ڈاکو موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔


    لاہور: شوہر کے سامنے بیوی سے گینگ ریپ کا چوتھا ملزم بھی انجام کو پہنچ گیا


    تاہم، ڈاکوؤں کا کچھ آگے جا کر پولیس اہلکاروں سے مقابلہ ہو گیا، پولیس مقابلہ جی سی ڈی گراؤنڈ کے قریب چیکنگ کے دوران ہوا، مسلح ڈاکوؤں نے جی او آر پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کر دی، اور جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جب کہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کے قبضے سے موٹر سائیکل اور پستول برآمد ہوا، جب کہ ہلاک ڈاکو عاشق علی مختلف کیسز میں مطلوب تھا۔

  • رکشا ڈرائیور سے ڈکیتی کی حیرت انگیز واردات

    رکشا ڈرائیور سے ڈکیتی کی حیرت انگیز واردات

    ڈسکہ (6 اگست 2025): ڈسکہ میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی ہے مسافر کے روپ میں ڈاکو نے رکشا ڈرائیور کو بے ہوشی کا انجکشن لگا کر لوٹ لیا۔

    اے آر وائی نیوز ڈسکہ کے نمائندے رانا غلام مصطفیٰ کے مطابق ڈکیتی کی یہ منفرد واردات پنجاب کے علاقے ڈسکہ میں پیش آئی۔ جہاں ایک ڈاکو مسافر کے روپ میں رکشے میں سوار ہوا اور رکشا ڈرائیور اس کی بتائی ہوئی منزل کی جانب روانہ ہوا۔

    تاہم ویرانے میں مذکورہ سوار نے رکشا ڈرائیور اعظم کو بے ہوشی کا انجکشن لگا کر لوٹ لیا اور فرار ہو گیا۔

    متاثرہ رکشا ڈرائیور کو بے ہوش دیکھ کر لوگوں نے اس کو قریبی اسپتال پہنچایا۔ تاہم انجکشن کے اثر کے باعث وہ 8 گھنٹے تک بے ہوش پڑا رہا۔ جب ہوش آیا تو اپنے لٹنے کی خبر ہوئی۔

    اعظم تھانے پہنچا اور واردات کی رپورٹ درج کرائی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ڈاکو رکشا ڈرائیور سے 70 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون اور 12 ہزار روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوا۔

    متاثرہ رکشا ڈرائیور اعظم کا کہنا ہےکہ میں غریب آدمی ہوں، ٹانگیں کام نہیں کرتیں۔ مجھے میری لوٹی ہوئی رقم اور موبائل فون دلایا جائے۔

  • کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو 97 لاکھ نقدی رقم لوٹ کر فرار

    کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو 97 لاکھ نقدی رقم لوٹ کر فرار

    کراچی(31 جولائی 2025): شہر قائد میں میں حالیہ دنوں میں ڈکیتی کی متعدد بڑی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں تاہم اب ڈاکو 97 لاکھ نقدی رقم لوٹ کر فرار ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب پیش آیا ہے، جہاں ڈاکوؤں نے کیش وین سے 97 لاکھوں روپے لوٹنے کے بعد مزاحمت پر 2 سیکیورٹی گارڈز کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیش وین بینک سے رقم لے کر نکلی تھی، ڈاکو کیش وین سے کیش لوٹ کر فرار ہوگئے اور مزاحمت پر فائرنگ کردی۔

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور پولیس بھی پولیس کرائم سین پر پہنچ گئی ہے۔

    دوسری جانب ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا اس ڈکیتی سے متعلق کہنا تھا کہ کیش وین سےرقم لوٹی گئی ہے، بینک سمیت اطراف کی سی سی ٹی وی حاصل کررہے ہیں،ابتدائی اطلاع کے مطابق تین سے چار مسلح ملزمان نے واردات کی ہے۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ کے روکنے کی کوشش پر ملزمان نے فائرنگ کی، ملزمان کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، کیش وین بینک سے رقم لیکر ہیڈ آفس جارہی تھی، ملزمان فرار ہوئے تو عوامی کالونی پولیس سے بھی مقابلہ ہوا، فرار ہونے والے ملزمان کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/robbery-resistance-citizen-dead-in-karachi/

    یاد رہے کہ اسی ماہ کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں ایک کار ڈیلر کے گھر 13 کروڑ روپے کی نقدی اور قیمتی اشیا کی ڈکیتی ہوئی تھی۔

    اس واقعے میں ایک معروف ٹک ٹاکر سمیت پانچ بہن بھائیوں پر الزام لگایا گیا تھا، لیکن پولیس اب تک لوٹی گئی رقم، قیمتی سامان، اور استعمال شدہ گاڑی کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔ اس کیس میں ملزمان اور مدعی کے درمیان روابط کا انکشاف بھی ہوا تھا۔

    مارچ 2025 میں نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر سحری کے وقت پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے ٹول پلازہ سے 10 لاکھ روپے نقدی اور ہتھیار لوٹے تھے۔ 9 ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر عملے کو یرغمال بنایا اور فرار ہوگئے۔ مقدمہ اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

  • کراچی: صبح سویرے 2 ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے

    کراچی: صبح سویرے 2 ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے

    کراچی(24 جولائی 2025): شہر قائد کے علاقے ملیر میں صبح سویرے شہریوں نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جہاں ڈاکو بے خوف ہو کر وارداتیں کر رہے ہیں وہی کراچی کے کچھ بہادر شہری اس طرح کی کوشش کو ناکام بناتے بھی نظر آتے ہیں۔

    ایسا ہی واقعہ ملیر کے گلشن حدید فیز 2 میں پیش آیا ہے جہاں صبح سویرے شہریوں نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی، دو مبینہ لٹیرے شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے جس کی شہریوں نے درگت بناڈالی۔

    شہریوں نے ڈاکووں کو تشددکے بعد پولیس کے حوالے کردیا، پولیس نے زخمی ڈاکووں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا، ڈکیت ملزمان بریانی کی دکان میں لوٹ مار کر رہے تھے۔

    ملزمان نے اسلحہ کے زور پر دکان کے عملے کو یرغمال بنا رکھا تھا، واردات کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور ڈاکووں کو پکڑ لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، زخمی ملزمان کی شناخت غلام یاسین اور مختار کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-banaras-husband-wife-crime-news-24-july-2025/

    دوسری جانب کراچی کے ماڑی پور کے قریب فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص چور نکلا ہے، زخمی چور کی شناخت 30 سالہ نوید کے نام سے کی گئی، چور کسی دکان سے سریا چوری کررہا تھا شور مچنے پر فرار ہونے لگا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہوتے ہوئے نامعلوم شہری کی فائرنگ سے چور زخمی ہوگیا، زخمی چور متعدد مرتبہ چوری کے الزام میں گرفتار بھی ہوچکا ہے۔

  • کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی اور فائرنگ کر کے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

    ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں روز متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوتی ہیں۔ ان وارداتوں میں شہری اپنی قیمتی چیزیں کھو دیتے ہیں اور بعض واقعات میں ڈاکو ان کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

    تاہم اب ایک ایسی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں شہری کو بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے اور پھر انہیں ناکام وہاں سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    30 سال قبل شہری کو قتل کرنے والا اشتہاری ملزم کیسے پکڑا گیا؟

    یہ واقعہ کراچی کے علاقے عزیز آباد گلشن شمیم میں پیش آیا ہے جہاں ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جسے بہادر شہری نے ناکام بنادی۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج  اےآروائی نیوز نے حاصل کرلی، پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی۔

    اس دوران بہادر نوجوان نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے جس کی تلاش جاری ہے۔

  • کرکٹر حسن علی کی والدہ سے ڈکیتی، ملزمان لاکھوں لوٹ کر فرار

    کرکٹر حسن علی کی والدہ سے ڈکیتی، ملزمان لاکھوں لوٹ کر فرار

    گوجرانوالہ میں پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر کرکٹر حسن علی کی والدہ سے ڈکیتی کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔

    قومی کرکٹر حسن علی کے بھائی خرم کا کہنا تھا کہ والدہ بازار جارہی تھیں کہ اس دوران ڈاکو والدہ سے پرس چھین کر فرار ہوگئے، پرس میں 2 لاکھ 30 ہزار روپے موجود تھے۔ حسن علی کے بھائی خرم کے مطابق واردات کرنے والے دو ملزمان موٹر سائیکل پر پہنچے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    حسن علی کی فیملی کے ہمراہ تصاویر وائرل:

    پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر حسن علی کی فیملی کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بن گئیں۔

    سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل تصاویر میں فاسٹ بولر کی اہلیہ سامعہ اور دونوں بیٹیوں کے ساتھ گراؤنڈ میں موجود ہیں۔

    ایک تصویر میں اداکارہ عروہ حسین بھی حسن علی کی فیملی کے ساتھ موجود ہیں۔

    تصاویر میں سامعہ کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کے ساتھ بھی سیلفی بنا رہی ہیں جبکہ اداکارہ مایا علی بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز کے میچ کے دوران اہلیہ سامعہ بھی شوہر کو سپورٹ کرنے کے لیے موجود ہوتی ہیں۔

    عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف کی والدہ انتقال کرگئیں

    ایک انٹرویو میں کرکٹر نے لڑکیوں کی خوبصورتی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بتایا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ پاکستان کی لڑکیاں زیادہ پیاری ہیں یا ہندوستان کی، مجھے جو پیاری لگی میں نے اسی سے شادی کرلی۔

  • سفید کرولا میں‌ آنے والے لٹیروں نے اپنی پسند کے مہنگے فون لوٹ لیے، ویڈیو

    سفید کرولا میں‌ آنے والے لٹیروں نے اپنی پسند کے مہنگے فون لوٹ لیے، ویڈیو

    کراچی: شہر قائد میں ڈیفنس بدر کمرشل میں موبائل فون کی دکان پر ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے، کار میں آنے والے 4 لٹیرے لاکھوں کے موبائل فون اور کیش لوٹ کر فرار ہو گئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے فیز 5 بدر کمرشل پر موبائل فون کی دکان پر ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جہاں چار ملزمان کار میں آئے اور لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے، یہ واردات رات 11 بجے کے قریب کی گئی، لٹیرے سفید رنگ کی کرولا کار میں آئے تھے۔

    واردات کے دوران ایک ڈاکو باہر کار میں بیٹھا رہا، جب کہ شلوار قمیض میں ملبوس 3 ڈاکو دکان کے اندر داخل ہوئے، سب سے پہلے سفید شلوار قمیض والا لٹیرا موبائل فون پر بات کرتے ہوئے ایک کسٹمر کی طرح اندر داخل ہوا، پھر ہرے رنگ کے کپڑے پہنے ڈاکو نے اندر اخل ہوتے ہی پستول نکالی، اس کے بعد نیلے رنگ کے شلوار قمیض میں ملبوس ڈاکو نے بھی پستول نکال لی۔


    مہنگی ترین منشیات ویڈ کی اسمگلنگ کا نیا طریقہ سامنے آگیا


    ایک لٹیرا کاؤنٹر کے اندر داخل ہوا اور موبائل پسند کرنے لگا، ڈاکوؤں نے اپنی پسند کا ایک آئی فون 16 پرومیکس ایک 14 پرومیکس، 3 ڈبا پیک نوکیا کے موبائل نکالے، اور کیش کاؤنٹر سے 30 ہزار روپے کے قریب کیش بھی لوٹا۔

    فوٹیج میں واردات کرنے والے تینوں لٹیروں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، دکان دار کے مطابق لاکھوں کی واردات ہوئی ہے، اور پولیس کو ڈاکوؤں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔

  • ڈکیتی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے بزرگ شہری چل بسا

    ڈکیتی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے بزرگ شہری چل بسا

    راولپنڈی ڈھوک کالا خان میں ڈکیتی کے دوران بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں بائیک رائیڈر گھر میں داخل ہو کر لاکھوں کی نقدی و زیورات لے اُڑا جبکہ ڈکیتی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے بزرگ شہری موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق بزرگ شہری بائیک رائیڈر کے ساتھ گھر پہنچا تھا، بائیک رائیڈر نے پینے کے لیے پانی مانگا،گرمی اور پیاس کا بہانہ بناکر ملزم نے گھر میں داخل ہوتے ہی اسلحہ تان لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ صادق آباد پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی ڈکیٹ کو گرفتار کیا جائے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/india-school-boy-passed-away/

    دوسری جانب شہر قائد کے علاقے اعظم بستی، محمود آباد میں ایک میڈیکل اسٹور پر دل دہلا دینے والی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔

    ڈکیتی کی یہ واردات گزشتہ روز دن کے وقت کراچی کے علاقے محمود آباد اعظم بستی میں کی گئی، جس میں 4 ڈاکوؤں نے میڈیکل اسٹور میں لوٹ مار کی، مسلح ڈاکوؤں کی لوٹ مار اور فائرنگ کی۔

  • ویڈیو: میڈیکل اسٹور پر دل دہلا دینے والی ڈکیتی، دکاندار قریب سے چلائی گئی گولیوں سے معجزانہ طور پر محفوظ رہا

    ویڈیو: میڈیکل اسٹور پر دل دہلا دینے والی ڈکیتی، دکاندار قریب سے چلائی گئی گولیوں سے معجزانہ طور پر محفوظ رہا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اعظم بستی، محمود آباد میں ایک میڈیکل اسٹور پر دل دہلا دینے والی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس میں دکان دار قریب سے چلائی گئی متعدد گولیوں سے بھی معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    ڈکیتی کی یہ واردات گزشتہ روز دن کے وقت کراچی کے علاقے محمود آباد اعظم بستی میں کی گئی، جس میں 4 ڈاکوؤں نے میڈیکل اسٹور میں لوٹ مار کی، مسلح ڈاکوؤں کی لوٹ مار اور فائرنگ کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    ڈکیتی کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی، واردات کے دوران اسٹور کے اندر گھسنے والے ڈاکو کو دکان دار نے اچانک پیچھے سے دبوچ لیا۔

    ویڈیو کے مطابق دوسرے ساتھی نے اپنے ساتھی کو بچانے کے لیے دکان دار کو تشدد کا نشانہ بنایا، اسے مکے مارے لیکن ڈاکو کے تشدد کے باوجود دکاندار نے اس کو دبوچے رکھا، ایسے میں تیسرے ڈاکو نے اپنے ساتھی ہو چھڑانے کے لیے دکان دار پر گولیاں چلانی شروع کیں۔


    ٹرالر نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا، باپ، 2 بیٹے اور بیٹی جاں بحق


    انتہائی قریب سے چلائی گئی متعدد گولیوں کے باوجود دکاندار خوش قسمتی سے محفوظ رہا، اور ڈاکو دکان دار سے مدبھیڑ کے بعد جلد فرار ہو گئے، ڈاکوؤں نے ڈکیتی میں کسٹمرز اور کیش کاؤنٹر سے نقدی بھی لوٹی۔

  • کراچی میں 25 لاکھ کی ڈکیتی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل کا مرکزی ملزم مارا گیا

    کراچی میں 25 لاکھ کی ڈکیتی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل کا مرکزی ملزم مارا گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی ضیا کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 لاکھ روپے کی ڈکیتی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل کا مرکزی ملزم مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کورنگی ضیا کالونی میں پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں پچیس لاکھ روپے کی ڈکیتی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل کا مرکزی ملزم مارا گیا، 2 کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کورنگی میں پچیس لاکھ کی ڈکیتی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث تھا، ہلاک ڈاکو کی شناخت ممتاز کے نام سے ہوئی ہے، دیگر گرفتار ملزمان میں ساجد اور شبیر شامل ہیں۔

    ملزم ممتاز نے ساتھیوں کے ہمراہ 17 مارچ کی صبح واردات کی تھی، ملزمان نے کار سوار سے پچیس لاکھ روپے چھینے اور سیکیورٹی گارڈ کو قتل کیا، جاں بحق سیکیورٹی گارڈ کی شناخت امیر احمد کے نام سے ہوئی تھی۔


    کراچی میں لوٹ مار کے دوران قتل کے واقعات میں اضافہ


    ادھر کراچی کے علاقے فیروز آباد میں ایس آئی یو کی کارروائی میں کشمیری گینگ کے 2 کارندے گرفتار ہو گئے ہیں، راشد کشمیری اور زاہد محمود اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راشد کشمیری پر مختلف تھانوں میں 35 سے زائد مقدمات درج ہیں، جب کہ ملزم زاہد محمود پر 4 سے زائد مقدمات درج ہیں، راشد کشمیری 2016 میں ٹیپو سلطان چوکی پر دستی بم حملے میں بھی ملوث ہے۔

    دریں اثنا، کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 10 میں بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں زخمی سمیت 2 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ، چھینے گئے 3 موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی ہے، ملزمان کی شناخت فاتم علی اور کبیر کے نام سے ہوئی ہے۔