Tag: ڈکیتیاں

  • خاتون کی آڑ میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار

    خاتون کی آڑ میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خاتون کی آڑ میں ڈکیتیاں کرنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار کرلیا۔

    گروہ خاتون کی آڑ لے کر گھروں میں گھس کر وارداتیں کرتا تھا۔

    ایس پی ڈولفن زوہیب رانجھا کا کہنا ہے کہ گروہ کو پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی میں واردات کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، گروہ میں شامل خاتون کے ہینڈ بیگ سے پستول بھی برآمد کیا گیا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق ساہیوال سے ہے، گروہ کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

  • روٹین زندگی سے بور ہوجانے والے شخص نے ڈکیتیاں شروع کردیں

    روٹین زندگی سے بور ہوجانے والے شخص نے ڈکیتیاں شروع کردیں

    ہم اپنی بوریت ختم کرنے کے لیے کچھ نیا کرنے کا سوچتے ہیں یا پھر کوئی مہم جوئی کرتے ہیں، امریکی شہری نے بھی اپنی بوریت دور کرنے کے لیے مہم جوئی کرنے کی ٹھانی اور اس مقصد کے لیے ڈکیتیاں شروع کردیں۔

    انسان اکثر بوریت کا شکار ہوجاتا ہے جس کو ختم کرنے کے لیے یا تو وہ دوستوں کے ساتھ باہر چلا جاتا ہے یا کوئی کھیل کھیلتا ہے لیکن امریکی شہری نے بوریت ختم کرنے کے لیے ایک ایسا انوکھا اقدام کیا کہ اسے پولیس پکڑ کر لے گئی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں 45 سالہ نکولس زپاٹر نامی شخص کو گزشتہ دنوں ڈکیتی کی 2 وارداتوں کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا۔

    پولیس نے جب اس سے تفتیش کی تو اس نے بتایا کہ میں کافی بور ہو رہا تھا مجھے کچھ اور سمجھ نہیں آیا، اس لیے بوریت ختم کرنے کے لیے میں نے 3 دن کے اندر پہلے ایک گیس اسٹیشن اور پھر بینک میں چوری کی۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں وارداتوں کے دوران نکولس نے ایک کالے رنگ کی ٹوپی پہنی ہوئی تھی جس پر پولیس لکھا ہوا تھا۔

    دوسری ڈکیتی کے 2 منٹ بعد پولیس موقع پر پہنچی تو نکولس چوری کیے ہوئے پیسوں کے ساتھ اسٹور کے باہر کھڑا ہوا تھا، گرفتاری کے بعد نکولس نے اعتراف جرم کرلیا اور کہا ہے کہا کہ اس نے یہ ڈکیتیاں بوریت ختم کرنے کے لیے کی تھیں۔

  • امریکی ریاست میں ڈکیتیوں‌ کا طوفان، 80 ڈاکوؤں کا ایک ساتھ سپر اسٹور پر دھاوا

    امریکی ریاست میں ڈکیتیوں‌ کا طوفان، 80 ڈاکوؤں کا ایک ساتھ سپر اسٹور پر دھاوا

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے مختلف شہروں میں ڈکیتیوں‌ کا طوفان امڈ آیا، تین دن مسلسل بڑی ڈکیتیاں کی گئیں، ایک واردات میں 80 ڈاکوؤں نے ایک ساتھ ایک سپر اسٹور پر دھاوا بول کر اسے لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو 80 افراد نے کیلیفورنیا کے نارڈسٹروم اسٹور پر دھاوا بول کر ایک منٹ میں سامان لوٹ لیا اور فرار ہو گئے، ڈاکوؤں نے تین ملازمین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، اور مرچوں کا اسپرے کرنے کے بعد سامان اور پیسوں سے بھرے بیگ لے کر بھاگ گئے۔

    یہ واقعہ وال نٹ کریک پر پیش آیا، لٹیروں نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک پہن رکھے تھے، اور بھاگنے کے لیے متعدد گاڑیاں سڑک پر ان کا انتظار کر رہی تھیں، جنھوں نے سڑک پر ٹریفک بھی روک رکھا تھا۔

    پولیس نے اس واقعے کو ‘واضح منظم واردات’ قرار دیا، اس سلسلے میں 3 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، جن پر ڈکیتی، سازش، چوری، املاک پر قبضے اور اسلحے سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ واردات کے دوران 25 سے زائد گاڑیوں نے سڑک کو بلاک کر رکھا تھا۔ اس ڈکیتی کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں لوٹ مار کرنے والے اپنی گاڑیوں میں داخل ہونے سے پہلے بیگ اور بکسوں کے ساتھ سڑک پر بھاگ رہے ہیں جن کے پاس چوری شدہ سامان موجود ہے۔

    اس سے قبل جمعے کی رات کو لٹیروں نے سان فرانسسکو کے یونین اسکوائر میں لوئس ووٹن کی دکان میں توڑ پھوڑ کر کے واردات کی تھی اور زیورات چرائے تھے۔ پولیس کے مطابق لٹیروں کے کئی گروپس نے مضافاتی علاقے اور یونین اسکوائر میں لوئس ووٹن، بربیری اور بلومنگ ڈیل جیسے اسٹورز میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی، یہ سیاحوں میں مقبول شاپنگ ڈسٹرکٹ ہے جو چھٹیوں میں نکلنے والے خریداروں سے بھرا ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اسی طرح کے مناظر اتوار کو ہیورڈ اور سان ہوزے کے شہروں میں بھی زیورات، چشموں اور کپڑوں کی دکانوں میں دہرائے گئے، جہاں لٹیروں نے بڑی تعداد میں اسٹورز میں داخل ہو کر لوٹ مار کی۔

    واضح رہے کہ یہ ڈکیتیاں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب امریکا کے بڑے شہروں میں پولیسنگ کے مستقبل کے بارے میں بھرپور بحث ہو رہی ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر نے اعلان کیا ہے کہ سان فرانسسکو بے کے پورے علاقے میں بڑے اسٹورز پر بڑے پیمانے پر ڈکیتیوں کی ایک سیریز کے بعد انتہائی ٹریفک والے شاپنگ مالز کے ارد گرد پولیس اہل کار اب زیادہ تعداد میں تعینات ہوں گے۔

    کولیشن آف لا انفورسمنٹ اینڈ ریٹیل کے صدر بین ڈوگن نے کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز کو منظم چوریوں کی وجہ سے ہر سال تقریباً 65 بلین ڈالر کا نقصان ہوتا ہے، اور ہجوم کی صورت میں ڈکیتیاں اب قومی رجحان کا حصہ بن گئی ہیں۔

  • کراچی: سرجانی اور گلستان جوہر میں بڑی ڈکیتیاں، ایک ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی: سرجانی اور گلستان جوہر میں بڑی ڈکیتیاں، ایک ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ساتھ ڈکیتیاں بھی عروج پر پہنچ گئی ہیں، شہر کے دو علاقوں میں بڑی ڈکیتیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کا علاقہ سرجانی جرائم میں سب سے آگے نکل گیا ہے، علاقے میں تواتر کے ساتھ پیٹرول پمپس لوٹے جانے کے بعد اب تیسر ٹاؤن خدا کی بستی سیکٹر 36 جی میں ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات بھی ہو گئی ہے۔

    اس واردات میں 14 مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے، ملزمان نے گھر سے 8 لاکھ کیش اور 6 تولے سونا لوٹا۔

    رپورٹ کے مطابق مسلح ملزمان نے ڈکیتی کے دوران گھر کے افراد کو ایک کمرے میں بند کر دیا تھا اور پھر بیڈروم میں موجود نقد رقم اور سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    سرجانی کے علاقے میں کی جانے والی ڈکیتی کی واردات

    ڈکیتی کی دوسری واردات کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 14 میں ایک گھر میں کی گئی، جس میں ڈکیت سونا اور نقدی سمیت 10 لاکھ سے زائد لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے تجوری توڑ کر رقم لوٹ لی (ویڈیو)

    یہ واردات 5 مسلح ملزمان نے کی، واردات کے دوران ملزمان نے 5 لاکھ روپے کیش اور 5 لاکھ مالیت کا سونا لوٹا۔

    گلستان جوہر میں ایک گھر میں کی جانے والی ڈکیتی

    ڈکیتوں نے گھر کی تلاشی کے دوران سارا سامان بھی باہر نکال پھینکا، واردات کے بعد اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی۔

    یاد رہے کہ سرجانی کے پیٹرول پمپس کو گزشتہ ماہ کے دوران مسلسل نشانہ بنایا گیا تھا، ڈاکوؤں نے ایک ماہ کے دوران تین پیٹرول پمپس کو لوٹا، ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز پر چلائی گئی۔

    نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب پکڑا گیا ڈاکو، اسلحہ بھی برآمد

    ادھر نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب ایک ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا، جسے مشتعل عوام نے تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ جب کہ شہریوں نے فوری مدد کے لیے مددگار ون فائیو کو بلا لیا اور لوٹ مار کرنے والا ڈاکو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    مسلح ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا، ون فائیو پولیس نے بعد ازاں گرفتار ڈاکو کو متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا۔