Tag: ڈکیتی مزاحمت

  • ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں مار دینے والے 4 ملزمان پکڑے گئے (سی سی ٹی وی فوٹیج)

    ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں مار دینے والے 4 ملزمان پکڑے گئے (سی سی ٹی وی فوٹیج)

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں مار دینے والے 4 ملزمان کو پولیس نے پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلال کالونی میں پولیس نے 2 مختلف کارروائیوں میں ٹیکنیکل بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو بے دریغ گولیاں چلا دیتے تھے، اور اکثر وارداتوں میں پولیس کیپ کا بھی استعمال کرتے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی ڈان، عمران کنچہ، جہانزیب اور سہیل شامل ہیں، ملزمان نے ایک دکاندار کو بھی ڈکیتی مزاحمت پر شدید زخمی کیا تھا، علی ڈان اور عمران کنچہ نے بلال کالونی میں شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر گولی ماری تھی، جب کہ شہری آصف نے عمران کنچہ کو جوابی فائرنگ سے زخمی کر دیا تھا۔

    ملزمان نے کچھ عرصہ قبل اسپیشل برانچ کے اہلکار تنویر کو بھی لوٹا تھا، اور اہلکار سے موبائل فون اور سرکاری اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے تھے، ملزم سہیل کے قبضے سے اہلکار تنویر کا موبائل فون بھی برآمد ہو گیا ہے، ملزمان نے پستول کا نام فائل اور گولیوں کا نام میموری کارڈ رکھا ہوا تھا۔

    ایس ایس پی معروف عثمان کے مطابق شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز یہ ملزمان 8 سے 10 ہزار روپے میں فروخت کر دیا کرتے تھے، جب کہ جہانزیب نامی خریدار موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی تبدیل کر دیتا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے 15 موبائل فون، 2 موٹر سائیکلیں، 4 پستول اور لیپ ٹاپ برآمد ہوئے ہیں۔

  • ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

    ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

    کراچی:ڈسٹرکٹ ملیر پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کوقتل کرنیوالے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ ملزمان عبد الوقار اور سجاد نے گزشتہ رات واردات کی تھی، ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر32سالہ شخص کو والد کے سامنے قتل کردیا تھا۔

    ایس ایس پی ملیرحسن سردار کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سجاد پہلے بھی قتل کیس میں جیل جاچکا ہے، ملزمان نے دوران تفتیش 150 سے زائد وارداتوں کااعتراف کیا ہے، جبکہ ملزمان سے 2 پستول اور موبائل فون بر آمد کرلئے گئے ہیں۔

    دوسری جانب اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے ایک کارندے کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہیروئن اورڈرون بر آمد کرلیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ترجمان اے این ایف نے اس حوالے سے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاع پر ڈی ایچ اے لاہور کے قریب کار کو رکنے کااشارہ کیا گیا، کار سوار ملزم نے گاڑی روکنے کی بجائے موقع سے بھگادی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گاڑی کے تعاقب کے دوران ملزم نے گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا دی، اس دوران کارسوار ملزم لاہور کے رہائشی فیاض حسین کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

    تلاشی لینے پر گاڑی سے 10 کلو ہیروئن اور ڈرون برآمد کر لیا گیا ہے، ایک کلوہیروئن کا ایک پیکٹ ہوائی ڈرون کے ساتھ منسلک تھا، گرفتار ملزم اے این ایف کو دیگر مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش گرفتارملزم نے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کااعتراف کیا ہے، جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے ملزم سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • کراچی لٹیروں کی جنت بن گیا، ڈکیتی مزاحمت پر مزید 2 افراد قتل

    کراچی لٹیروں کی جنت بن گیا، ڈکیتی مزاحمت پر مزید 2 افراد قتل

    کراچی: شہر قائد لٹیروں کی جنت بن گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت پر مزید 2 افراد سفاکی سے قتل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے دعوؤں کے بر عکس اسٹریٹ کرائمز میں ملوث لٹیروں کے ہاتھوں شہریوں کے جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں، لوٹ مار کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر بے جھجھک شہریوں کو گولی مار دی جاتی ہے۔

    گزشتہ رات شہر میں دو مزید جانیں لی گئی ہیں، ان میں سے ایک واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے بجلی نگر میں پیش آیا، جب کہ دوسرا واقعہ بلدیہ ٹاؤن میں فٹ بال گراؤنڈ کے قریب پیش آیا۔

    اورنگی ٹاؤن، بجلی نگر میں 55 سالہ شہر جس کی شناخت طارق کے نام سے ہوئی ہے، گھر کے باہر دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا، کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 لٹیرے آئے اور لوٹ مار کرنے لگے، طارق نے مزاحمت کی تو لٹیرے نے اسے گولی مار دی، جس سے وہ جاں بحق ہو گیا، پولیس حکام کے مطابق مقتول 4 بچوں کا باپ تھا اور مزدوری کرتا تھا، اس کا آبائی تعلق اٹک سے تھا۔

    دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے بلدیہ نمبر 8، فٹ بال گراؤنڈ کے قریب فائرنگ سے ایک جاں بحق ہوا، جس کی شناخت 35 سالہ ناصر کے نام سے ہوئی ہے، پولیس حکام کے مطابق مقتول پھل فروش تھا اور گھر آ رہا تھا کہ گھر کے قریب ہی لٹیروں نے اسے لوٹنے کی کوشش کی، لیکن مقتول نے مزاحمت کی تو لٹیرے نے اسے گولی مار دی۔

  • کراچی میں ڈاکو راج ، 7ماہ میں  ڈکیتی مزاحمت پر 80 سے زائد شہری قتل

    کراچی میں ڈاکو راج ، 7ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 80 سے زائد شہری قتل

    کراچی: شہر قائد میں رواں سال کے 7 ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 80 سے زائد شہریوں کو قتل کردیا گیا جبکہ 16 ہزارسے زائد شہری موبائل فون سے محروم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شہری لیٹروں کے رحم وکرم پر ہے، رواں سال کے 7 ماہ کراچی میں ہونیوالے جرائم کے اعدادو شمار جاری کردیئے گئے۔

    جس میں بتایا کہ رواں سال اب تک 52 ہزارسے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں ، یکم جنوری سے 31 جولائی تک 16 ہزار 207 موبائل فون چھینے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 7ماہ میں 33 ہزار 798 موٹرسائیکلیں اور ایک ہزار296کاریں چوری یا چھینی گئیں جبکہ اسی عرصے میں 80 سے زائد شہریوں کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق مجموعی طورپر 359 کے قریب شہری مختلف واقعات میں قتل ہوئے جبکہ سیکڑوں شہری ڈکیتی مزاحمت کےدوران زخمی ہوکراسپتال پہنچ گئے۔

    صرف جولائی میں ڈکیتی،، رہزنی اوردیگروارداتوں میں مزاحمت کے دوران اسٹریٹ کرمنلز نے انسٹھ افراد کو موت کے گھاٹ اُتارا۔

  • کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل

    کراچی : ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 17 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، مقتول نوجوان نے ایک ملزم کو پکڑا تودوسرےملزم نے فائرنگ کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی اسٹارگراؤنڈ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ڈاکووں نے مزاحمت پر نوجوان کو قتل کردیا۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول نوجوان عباس گلی میں بیٹھ کر موبائل استعمال کر رہا تھا کہ 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مقتول سے موبائل چھیننے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان نے موبائل فون چھیننے پر مزاحمت کی، مقتول نوجوان نے ایک ملزم کو پکڑا تو دوسرے ملزم نے فائرنگ کر دی، فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی ہوا جو بعد میں دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول نوجوان گارمنٹس فیکٹری میں مشین آپریٹر تھا۔

    خیال رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال 100 سے زائد افراد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے دوران قتل ہوئے۔

  • کراچی : عید کے دوسرے روز ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والا پاکستانی نژاد برطانوی شہری نکلا

    کراچی : عید کے دوسرے روز ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والا پاکستانی نژاد برطانوی شہری نکلا

    کراچی : ملیر سکھن میں عید کے دوسرے روز ڈکیتی مزاحمت پر دو افراد کو قتل کردیا گیا ، جاں بحق ہونے والا حاجی یونس پاکستانی نژاد برطانوی شہری نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سکھن میں کلاشنکوف بردار ملزمان کی ڈکیتی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، عید کے دنوں میں ڈکیتی کے دوران سالے بہنوئی کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

    ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والا حاجی یونس پاکستانی نژاد برطانوی شہری تھا، مقتول زاہد قریشی کے بھائی خالد قریشی نے اے ار وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ زاہد قریشی بھائی اور حاجی یونس بہنوئی تھا، 8 ڈکیتی کے لیے آئے تھے،کلاشنکوف ودیگرہتھیاروں سے لیس تھے۔

    مقتول کے بھائی نے کہا کہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے بھائی اور بہنوئی پر فائرنگ کی ، فائرنگ سے بھائی زاہد اور بہنوئی حاجی یونس شدید زخمی ہوئے زخمی زاہد وقوع کے روز انتقال کرگئے جبکہ حاجی یونس کا انتقال گذشتہ روز ہوا۔

    خالدقریشی کا کہنا تھا کہ مقتول زاہد کو ایس ایم جی کی ایک گولی، یونس کو 9 ایم ایم کی 2 گولیاں لگیں، یونس عید منانے برطانیہ سے پاکستان آئے تھے۔

    دوسری جانب واقعے پرتھانیدار اور ایس آئی او کو معطل کردیا گیا، ایس ایس پی ملیر حسن سردارکا کہنا ہے ابھی تک کلاشنکوف کےذریعے واردات ثابت نہیں ہوئی تاہم معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

  • ڈکیتی مزاحمت پر پاکستانی نژاد کینیڈین قتل، غریب بچوں کو شاپنگ کروانے نکلا تھا

    ڈکیتی مزاحمت پر پاکستانی نژاد کینیڈین قتل، غریب بچوں کو شاپنگ کروانے نکلا تھا

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر پاکستانی نژاد کینیڈین کو قتل کر دیا گیا، مقتول امین علوی غریب بچوں کو شاپنگ کروانے نکلے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب پاکستانی نژاد کینیڈین امین علوی کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا گیا، مقتول دوپہر میں 4 غریب بچوں کو نارتھ ناظم آباد کے گھر سے لے کر نکلے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول امین علوی پہلے بینک اور منی چینجر گیا اور پھر بچوں کو شاپنگ کے لیے ناظم آباد لے کر پہنچا تھا، جہاں وہ لٹیروں کا نشانہ بن گئے۔

    مقتول کے ساتھ جانے والے بچے نے بیان دیا کہ موٹر سائیکل پر 2 مسلح افراد آئے، ایک اتر کر گاڑی کے قریب آیا، اور آتے ہی کہا جو کچھ ہے نکال دو جس پر انکل نے کہا کہ کیا چاہیے۔

    ڈکیتی مزاحمت پر آلو پیاز کا بیوپاری قتل، مقتول 6 بیٹیوں کا باپ تھا

    بچے کے بیان کے مطابق ’’مسلح شخص نے انکل کی جیبوں میں ہاتھ ڈالا تو انکل نے پیچھے کر دیا، جس پر اس نے فائرنگ کر دی اور روڈ پر کھڑے ساتھی کے ساتھ فرار ہو گئے، انکل کئی منٹوں تک سڑک پر پڑے رہے کوئی بھی اٹھانے نہیں آیا۔‘‘

    بچے کا کہنا تھا کہ کئی گاڑیاں رُکیں لیکن کسی نے مدد نہ کی پھر ایک رکشے والے نے مدد کی، اسپتال پہنچے تو علاج کے دوران انکل کا انتقال ہو گیا، پولیس والے بھی دیر سے پہنچے جب سب کچھ ہو گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول امین علوی پاکستانی نژاد کینیڈین 5 سال پہلے غیر ملکی ایئر لائن سے ریٹائرڈ ہوئے تھے، وہ ہر سال دو تین بار کراچی آتے تھے، مقتول کے لواحقین آج کراچی پہنچیں گے جس کے بعد تدفین ہوگی۔

  • ڈکیتی مزاحمت پر آلو پیاز کا بیوپاری قتل، مقتول 6 بیٹیوں کا باپ تھا

    ڈکیتی مزاحمت پر آلو پیاز کا بیوپاری قتل، مقتول 6 بیٹیوں کا باپ تھا

    کراچی: شہر قائد میں صبح سویرے ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی، ڈکیتی مزاحمت پر آلو پیاز کا بیوپاری قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم کا جن قابو میں نہ آ سکا، اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے آلو پیاز کا بیوپاری 45 نسیم کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

    مقتول 6 بیٹیوں کا باپ تھا، ورثا نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس قاتلوں کو فوری گرفتار کرے، پولیس حکام کے مطابق مقتول کو اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں کو گولیاں ماری گئیں۔

    ورثا نے بتایا کہ مقتول نسیم آلو پیاز کا بڑا بیوپاری تھا، مقتول تاجر صبح سویرے سبزی منڈی جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا، کہ اسے گولیاں ماری گئیں، وہ چھ بیٹیوں کا باپ، اور چار بھائیو میں دوسرے نمبر پر تھا۔

    لمکا شاپ پر 82 ہزار کی رقم لوٹنے والوں کی فوٹیجز سامنے آ گئیں

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق ملزم پہلے سے راستے پر موجود تھا، نسیم کے ساتھ اس کی گاڑی میں ڈرائیور اور مزدور بھی تھے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق قاتل ایک لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے، مقتول کے ورثا کے ابتدائی بیانات قلم بند کر لیے، جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 70 ہو گئی ہے۔

  • کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری  کو قتل کردیا گیا

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا گیا

    کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز نے ایک اور شہری کی جان لے لی، دو ملزمان نے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر سینے میں گولی ماردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا گیا، گلشن اقبال گیلانی اسٹیشن کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ احتشام اویس جاں بحق ہوا۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول احتشام اپنی گاڑی بنوانے کے لئے ورکشاپ پر کھڑا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹنے کی کوشش کی۔

    ملزمان نے مزاحمت پر سینے میں ایک گولی ماری اور سامان لے کر فرار ہوگئے، مقتول کو اس کی گاڑی میں ڈال کر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    واقعے کے بعد ایس پی گلشن قبال ظفر صدیق جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ایس پی گلشن نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور تمام تر تفصیلات حاصل کی۔

    ایس پی گلشن ظفر صدیق کا کہنا تھا کہ اطراف میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہیں ، واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دو ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہوکر آئے تھے ، شہری کی جانب سے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے گولی ماری۔

  • کراچی میں لٹیرے بے لگام : ڈکیتی مزاحمت پر 53افراد  کو قتل کردیا گیا

    کراچی میں لٹیرے بے لگام : ڈکیتی مزاحمت پر 53افراد کو قتل کردیا گیا

    کراچی : شہر قائد میں لٹیرے بے لگام اور شہری خوف کا شکار ہے ، رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 53 افراد کو قتل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اسٹریٹ کرائم سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے، رواں سال اب تک ڈکیتی مزاحمت پر تریپن افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔

    سپر ہائی وے احسن اباد موڑ کے قریب ڈاکووں نے لیپ ٹاپ نہ دینے پر انجینئر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول عبدالباسط دفتر جانے کے لئے نکلا تھا گھر سے کچھ فاصلے پر ڈاکووں کا نشانہ بنا۔

    منگل کی شام بھی کورنگی نمبر 4 میں مسلح ملزمان نے 66 سالہ صفدر حیسن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

    پولیس واقعے کو ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے، ورثاء کا کہنا ہے کہ صفدر حسین کے بیٹے اظہر حسین کو بھی ایک ہفتے قبل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے، دو ہفتے میں ایک ہی گھر سے دو لاشیں اٹھیں۔

    لٹیرے اس قدر بلاخوف ہیں کہ خواتین کو بھی نہیں چھوڑتے، ان کی تلاشی تک لیتے ہیں، شہر قائد میں لوٹ مار ختم کرنے کے دعوے اور کوششیں بے سود دکھائی دے رہی ہیں، صورتحال یہ ہے کہ گھر کی دہلیز بھی محفوظ نہیں اور گھر کے سامنے شہریوں کو لوٹ لیا جاتا ہے یا قتل کردیا جاتا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کےلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔