کراچی : ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر آن لائن فوڈ ڈلیوری بوائے کو قتل کردیا، مقتول ارسلان رات کے وقت آن لائن فوڈ ڈلیوری کرتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کے واقعات نارتھ ناظم آباد اور اورنگی علیگڑھ بازار میں پیش آئے۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب ڈاکوؤں ن لائن فوڈ ڈلیوری بوائے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کی شناخت محمدارسلان شمشاد کے نام سے ہوئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکوؤں نے ڈلیوری رائیڈر کو لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اسے سینے میں گولی مار دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت پرپیش آیا، مقتول کو ایک گولی سینےپر لگی جوجان لیوا ثابت ہوئی۔
مقتول ارسلان 5 بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا اور نارتھ کراچی سیکٹر سیون ڈی کا رہائشی تھا، مقتول کے بھائی نے بتایا کہ ارسلان غیر شادی شدہ اور ڈیڑھ سال سے آن لائن فوڈ ڈلیوری کا کام کرتا تھا اور رات کے وقت ہی آن لائن فوڈ ڈلیوری کرتا تھا۔۔
نارتھ ناظم آباد، شارع نورجہاں اور پاپوش پولیس حدود کے تنازعے میں الجھ گئی، نارتھ ناظم آباد پولیس کا دعویٰ ہے کہ واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت کا نہیں تاہم واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسرے واقعے میں اورنگی علی گڑھ بازار میں جاں بحق شخص کی شناخت پینتیس سالہ سلیم ولد حبیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے، مقتول کو نامعلوم افراد نے سر میں گولی مار کر قتل کیا اور فرار ہوگئے تاہم مقتول کی لاش قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی ہے۔
مقتول کے کزن نے بتایا کہ ہم کاروباری لوگ ہیں ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، مقتول کو ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔