Tag: ڈکیتی میں مزاحمت

  • کراچی : ڈاکوؤں نے دکاندار کو سینے پر گولیاں مار کر قتل کردیا

    کراچی : ڈاکوؤں نے دکاندار کو سینے پر گولیاں مار کر قتل کردیا

    کراچی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر مسلح افراد نے دکاندار کو جان سے مار دیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک دکاندار کو ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر دکان کے اندر ہی قتل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 55 سالہ خان محمد کے نام سے ہوئی ہے جو پانچ بچوں کا باپ اور پچھلی گلی میں ہی رہائش پذیر تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کردی تھی اس دوران سپر ہائی وے جمالی گوٹھ میں پولیس نے ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کیا اس موقع پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی بھی ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

    کورنگی میں پولیس مقابلہ، ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    ایک اور واقعے میں کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم عمر کے قبضے سے ایک پستول اور موبائل فون برآمد ہوا ہے،مقابلے میں پولیس کانسٹیبل یعقوب موٹرسائیکل سلپ ہونے سے زخمی ہوا، ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی۔

  • کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک اور نوجوان جان سے چلا گیا، ویڈیو

    کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک اور نوجوان جان سے چلا گیا، ویڈیو

    کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، کورنگی نمبر ڈھائی کے علاقے میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے محنت کش نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق ڈکیتی کی یہ واردات کورنگی وائی ایریا میں ہوئی، واردات کے بعد 3 مسلح ملزمان فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ نوجوان نے تعاقب کرکے ایک ڈاکو کو پکڑلیا۔

    پولیس کے مطابق 3ڈاکوؤں نے گلی میں بیٹھے نوجوانوں سے موبائل فون اور رقم چھینی، ملزمان نے جیسے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تو سعد اللہ ملک ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کے پیچھے بھاگا۔

    واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول شہری نے ڈاکو کو چلتی موٹر سائیکل پر دبوچ کر زمین پر گرا دیا۔

    اس دوران ڈاکو بھی اپنا اسلحہ لوڈ کرنے میں لگا رہا اور پستول لوڈ ہوتے ہی ڈاکو نے اندھادھند فائرنگ کردی اور گولی سعداللہ کے پیٹ میں جا لگی۔

    شہری ڈاکو سے لڑتے ہوئے سڑک پر گرا اور جاں بحق ہوگیا ملزم فائرنگ کرکے فرار ہوگیا، علاقہ مکینوں نے فرار ہوتے ہوئے ڈاکو کو تھوڑے فاصلے پر جا کر پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بناکر پولیس کے حوالےکردیا۔

    پولیس کے مطابق سعدا للہ ملک نے موقع پر ہی جان دے دی، مقتول کورنگی وائی ایریا کا رہائشی تھا، کچھ عرصہ قبل فیکٹری سے ملازمت چھوڑ دی تھی، مقتول کے لواحقین نے بتایا کہ سعداللہ اپنے دوست اور بھائی کے ساتھ گھر کے قریب بیٹھا ہوا تھا۔

    پولیس کے مطابق ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل ہونے والا سعد اللہ ملک ایک بیٹے کا باپ تھا اور بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، مقتول کا آبائی تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔

    بعد ازاں اطراف میں موجود شہریوں نے ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بناکر پولیس کے حوالے کردیا، گرفتار ڈاکو کے قبضے سے30 بور کا پستول برآمد ہوا ہے۔

    زخمی ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، فرار ہونے والے دیگر دو ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے، جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق دوران ڈکیتی نوجوان کو قتل کرنے والے ملزم کی شناخت سبحان کے نام سے ہوئی ہے اس کا پرانا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سبحان کیخلاف گزشتہ برس غیرقانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں درج ہوچکا ہے۔

  • کراچی : ایک اور شہری  ڈکیتی میں مزاحمت پر مارا گیا

    کراچی : ایک اور شہری ڈکیتی میں مزاحمت پر مارا گیا

    کراچی : بنارس پُل پر شہری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کی چند روز بعد شادی طے تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بنارس فلائی اوور پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک اور شہری کو قتل کردیا، مقتول کے گھر میں اس کی شادی کی تیاریاں جاری تھی۔

    لواحقین نے بتایا کہ35 سالہ جمال خان کو نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھینتے ہوئے قتل کیا گیا، مقتول اپنی نئی موٹر سائیکل پر دوست کے ہمراہ گھومنے نکلا تھا۔

    ڈاکو مقتول کی نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھین کر لے گئے اور اپنی موٹر سائیکل جائے وقوعہ پر ہی اپنی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق مقتول جمال میٹرو ول سائٹ بلاک فائیو کا رہائشی تھا۔ مقتول جمال کی دو ہفتے بعد شادی تھی، گھر میں شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں، مقتول کا آبائی تعلق سوات سے ہے، جو پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق گرفتار ڈاکو کی شناخت31سالہ ارشاد کے نام سےہوئی ہے، جسے طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل 9 دسمبر کو بہادرآباد میں ایک شخص کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہے یا ٹارگٹ کلنگ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    پولیس کے مطابق دھوراجی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عدنان عباسی نامی شہری کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

  • ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل ہونے والے تراب کے والد نے کیا کہا؟

    ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل ہونے والے تراب کے والد نے کیا کہا؟

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل ہونے والے تراب زیدی کے والد نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی پر مزاحمت پر ایک اور شخص کو ڈاکوؤں نے بے رحمی سے قتل کردیا تھا۔ گزشتہ رات قتل ہونے والے تراب زیدی کے والد نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ تراب کے بچوں کیلئےکچھ کیا جائے۔

    والد نثار حسین زیدی نے بتایا کہ تراب تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، تراب کے 3 بچے ہیں جب کہ سب سے چھوٹا بچہ صرف 6 ماہ کا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تراب دوست کے ساتھ اے ٹی ایم سے پیسے لےکر نکلا تھا۔ تراب کے دوست نے ڈکیتوں کو پیسے اور موبائل دے دیا تھا۔

    والد نے بتایا کہ تراب نے مزاحمت کی تو ڈکیتوں نے سر میں گولی مار دی، تراب کال سینٹرمیں کام کرتا تھا۔

  • ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے پولیس اہلکا کو قتل کردیا

    ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے پولیس اہلکا کو قتل کردیا

    ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر بے رحم ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ایک اور گھرانے کا چراغ گل کردیا، اس بار نشانہ پولیس اہلکار بن گیا۔ جیکب آباد میں مذکورہ واقعہ تھانہ باہو کھوسو کی حدود میں پیش آیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل اور قیمتی سامان چھیننے کی کوشش کی، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے دونوں افراد پر فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے باعث پولیس اہلکار اور اس کے ساتھ موجود شخص جاں بحق ہوگئے جبکہ مذکورہ علاقہ جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں چھیننے کی وارداتیں عام ہیں۔

    دونوں افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی بھی پہنچ گئے، ان کے پہنچنے پر شہریوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔

  • ڈکیتی میں مزاحمت : پروفیسر کی اہلیہ کو ڈاکوؤں نے گولی مارکر قتل کردیا

    ڈکیتی میں مزاحمت : پروفیسر کی اہلیہ کو ڈاکوؤں نے گولی مارکر قتل کردیا

    کراچی : شہر میں دن دہاڑے ڈکیتی میں مزاحمت پر پروفیسر کی بیوی کو قتل کردیا گیا، ڈاکوؤں نے پرس چھیننے میں ناکامی پر گولیاں ماریں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پروفیسر کی بیوی کو سڑک پر گولی مار کر قتل کردیا گیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر علی رضا کی اہلیہ کو ڈکیتی میں مزاحمت پر گولی ماردی گئی۔

    زخمی خاتون کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج ہی جان کی بازی ہار گئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شازیہ نامی خاتون اکیلے گاڑی چلا رہی تھیں، جائے وقوعہ سے مقتولہ کے پرس کا ٹوٹا ہوا کلپ بھی ملا ہے۔ ٹوٹے ہوئے ہک سے لگتا ہے کہ ملزمان نے پرس چھیننے کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مزاحمت کی تو ڈاکو نے فائر کھول دیا۔

    ایک گولی سر سے لگتے ہوئے گاڑی کی چھت پھاڑ کر نکل گئی، گاڑی کے پاس سے پرس کا ٹوٹا ہک اور تیس بور کا خول ملا ہے۔ مقتولہ شازیہ این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کے پروفیسرعلی رضا کی اہلیہ تھیں، پولیس نے مقدمہ درج کرکےملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پردکاندارجاں بحق، دو ڈاکو بھی ہلاک

    کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پردکاندارجاں بحق، دو ڈاکو بھی ہلاک

    کراچی : شہر کی سب سے بڑی موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی میں مزاحمت پر دکاندار کی جان چلی گئی، ایک ڈاکو شہریوں کے تشدد اوردوسرا پولیس مقابلے میں مارا گیا، ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت ہو گئی، واقعے کیخلاف موبائل مارکیٹس آج احتجاجاً بند رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے دکاندار اویس موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

    شور شرابا مچنے پر شہریوں نے ایک ڈاکو کو قابو میں کرلیا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد نیم مردہ حالت میں پولیس کے حوالے کیا جو بعد زاں اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گیا۔

    اس موقع پر دکانداروں نے دوسرے ڈاکو کو بھی بھاگنے کا موقع نہیں دیا اور مارکیٹ کے دروازے بند کر دیئے، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو ڈاکو نے گرفتاری سے بچنے کیلئے فائرنگ کر دی۔

    پولیس کی جوابی فائرنگ میں وہ بھی مارا گیا، مقابلے کے دوران گولی لگنے سے ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا ہے۔

    موبائل مارکیٹ میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت بختورشاہ اوراویس محمود کےنام سے ہوئی ہے، دونوں ملزمان کا تعلق سوات سے تھا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے اسلحہ دو موبائل فون اور بٹوہ برآمد ہوا ہے۔

    علاوہ ازیں دوران ڈکیتی تاجر کے قتل کی واردات کیخلاف الیکٹرانکس مارکیٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے سوگ کا اعلان کرتے ہوئے آج بروز پیر شہر بھر کی موبائل مارکیٹیں بند رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • تھرپارکر: ڈکیتی میں مزاحمت پر دو بھائی قتل، علاقہ مکین سراپا احتجاج

    تھرپارکر: ڈکیتی میں مزاحمت پر دو بھائی قتل، علاقہ مکین سراپا احتجاج

    تھرپارکر : ڈکیتی مزاحمت پر مٹھی تھرپارکر میں دو تاجربھائیوں کو قتل کر دیا گیا، لوٹ مار کی وارداتوں کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے، شہر بند کرادیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق تھرپارکرمیں لوٹ مارکا بازارگرم ہوگیا، مٹھی کے بازار میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے دو تاجر بھائیوں کو گولیاں ماردیں.

    اطلاعات کے مطابق جیسے ہی صبح تاجربھائیوں نے دکان کھولی تو موٹر سائیکل سوار ڈاکو پہنچ گئے، لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی چلادی۔

    تاجروں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جا یا گیا، جہاں دوران علاج دونوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، دو بھائیوں کے قتل پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے شہربند کرا دیا۔

    مظاہرین نے ٹائرجلائے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی رہنماشاہ محمود قریشی نے دہرے قتل کے اس واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس لیتے ہوئے وزیرداخلہ سندھ سے رپورٹ طلب کرلی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ آئی جی سندھ نے قتل میں ملوث ڈاکوؤں کی گرفتاری میں مدد پر پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

    علاوہ ازیں مٹھی میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں دو تاجر بھائیوں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ مقتولین کے رشتہ دار کی مدعیت میں3نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے میں ڈکیتی، قتل اوردہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کی انکوائری کاحکم دیدیا ہے، انہوں نے کہا کہ واردات میں جو بھی ملوث ہوا اسے کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔