Tag: ڈکیتی کی کوشش ناکام

  • کراچی  میں دودھ فروش بزرگ شہری نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا کر بہادری کی مثال قائم کردی

    کراچی میں دودھ فروش بزرگ شہری نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا کر بہادری کی مثال قائم کردی

    کراچی : دودھ فروش بزرگ شہری نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا کر بہادری کی مثال قائم کردی اور ملزم کو پستول چھین کر بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ میں ڈاکو  نے دودھ فروش بزرگ کی دکان میں لوٹ مار کی کوشش کی ، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو نے خریداربن کردودھ کی دکان سےخریداری کی اور موقع دیکھ کر دکان میں گھس کربزرگ دکاندار پر اسلحہ تان لیا، 60سالہ بزرگ شہری نے مسلح ڈاکو کو دبوچ کرکاؤنٹر پر گرایا اور گھونسوں کی بارش کردی۔

    بزرگ نے ملزم کو پکڑنے کے بعد اس کا پستول بھی چھین لیا ، جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا ، بزرگ دکاندارنےملزم کی پستول سے گولی بھی چلائی۔

    خیال رہے شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز بڑھ گئے اور  لٹیرے دن دہاڑے وارداتیں کرنے لگے، جس سے  شہری خوف کا شکار جبکہ پولیس لاچار ہے ، اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ ساٹھ فیصد وارداتیں منشیات کے عادی افراد کر رہے ہیں شہر میں ڈکیتی مزاحمت میں کئی لوگوں کی جان جاچکی اس کے ساتھ ہی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی بڑھنےلگے ٹارگٹ کلر نئے ہتھیار اور نیا طریقہ واردات استعمال کر رہے ہیں۔

  • کراچی: سنارکی دکان میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، دو ڈاکو گرفتار

    کراچی: سنارکی دکان میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، دو ڈاکو گرفتار

    کراچی : پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کریم آباد میں سنار کی دکان میں ڈکیتی کرنے والے ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کریم آباد میں دو ڈاکو ایک جیولری شاپ میں داخل ہوئےاور اسلحہ کے زور پر لوٹ مار شروع کردی۔

    دکان کے باہر موجود گارڈ نے ڈاکوؤں سے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے گارڈ کوتشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا، شورشرابے کی آواز سن کر شہری بھی موقع پر جمع ہوگئے، شہریوں نے ڈاکوؤں کو قابو کرکے ان کی دھنائی کرڈالی۔

    مزید پڑھیں: گلشن اقبال میں ڈاکو دکان سے نقدی اورگوشت لے کرفرار

    شہریوں کی بروقت اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، ایس پی بشیر بروہی کے مطابق پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ایک پستول اور چاقو برآمد کرلیا ہے۔


    مزید پڑھیں: حیدری مارکیٹ، سنارکی دکان میں لاکھوں مالیت کی ڈکیتی


    ایس پی کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان اس سے قبل بھی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں، پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • کورنگی : ڈکیتی کی کوشش ناکام، ڈاکو موٹرسائیکل چھوڑ کرفرار

    کورنگی : ڈکیتی کی کوشش ناکام، ڈاکو موٹرسائیکل چھوڑ کرفرار

    کراچی : کو رنگی انڈسٹریل ایریا میں ویٹا چورنگی پر گارڈ نے اپنی جان پر کھیل کر ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی، ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد پیدل فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ویٹا چورنگی پر موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے ایک گاڑی کو روکا، ایک نجی کمپنی کا منیجر اور سیکیورٹی گارڈ بینک سے تقریباً 20 لاکھ روپے لے کر جارہے تھے۔

    لٹیروں نے کار سواروں سے رقم چھیننے کی کوشش کی ناکامی پر انہیں کو گولیاں ماردیں، ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، اس موقع پر قریبی فیکٹری کے باہر کھڑے سیکیورٹی گارڈ کارروائی کی بجائے ڈر کر اندربھاگ گئے۔

    مزاحمت کے دوران ڈرائیور نے کار چلادی جس سے ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل گر کر کار کے نیچے پھنس گئی، کار میں موجود گارڈ نے گولی چلائی تو دونوں ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر بھاگ گئے۔

    ایک ملزم زخمی حالت میں فرار ہوا، وہاں موجود کتا بھی ملزمان کے پیچھے بھاگا لیکن مسلح گارڈ نے پھربھی ہمت نہ کی، ایمبولینس آنے پر گارڈ آگےجانے لگا تو اسے روک لیا گیا۔

    زخمی کار سواروں کو جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایس ایس پی کورنگی نعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ یہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا واقعہ ہے، پولیس نے موقع واردات سے شواہد جمع کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔