Tag: ڈکیتی

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 6 ملزمان گرفتار، واردات کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کی ایک واردات کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مہران ٹاؤن اے ٹی سی کٹ پر گزشتہ روز 3 ملزمان قاسم، عمیر اور دانیال کو مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا، تینوں ملزمان مطلوب نکلے۔

    لٹیروں کی واردات کرتے وقت کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں جاتے 2 نوجوان جیسے ہی رکے لٹیرے آ پہنچے۔

    ایک لٹیرے نے پستول نکالا تو نوجوان ڈر گیا اور ہاتھ کھڑے کر دیے، لٹیرے دونوں نوجوانوں کی ایک منٹ تک تلاشی لیتے رہے، اور لوٹ مار کے بعد دونوں دوسری جانب فرار ہو گئے۔

    ادھر کراچی کے علاقے عوامی کالونی کی پولیس کا ڈکیت کے ساتھ مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا۔

    پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم جلیبی چوک کورنگی نمبر 6 کے قریب چھینا جھپٹی کی نیت سے گھوم رہا تھا، گرفتار زخمی ملزم کی شناخت محمد اویس کے نام سے کی گئی ہے، ملزم سے اسلحہ، دو چھینے ہوئے موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔

    کراچی کے علاقے سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں پولیس مقابلے میں اسٹریٹ کرائم کی 2 سو سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم کو ساتھی سمیت زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزمان عمران اور کاشف عادی جرائم پیشہ ہیں، ملزم عمران کئی دفعہ گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے، جب کہ ملزم کاشف کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتوں کا گروپ چلاتا ہے۔

  • ویڈیو: کم عمر لڑکوں نے سیلون میں بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد لٹیروں کے نرغے میں آ گیا ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس کا شہر سے وجود مٹ چکا ہے، ایک اور واقعے میں کم عمر لڑکوں نے سیلون سے ایک لاکھ کے قریب رقم لوٹ لی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن، قذافی چوک پر واقع سیلون میں لوٹ مار کی واردات ہوئی ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، جس میں کم عمر لڑکوں کو سیلون میں بیٹھے شہریوں کو لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق یہ واردات 3 کم عمر مسلح لڑکوں نے کی، لٹیروں کا ایک ساتھی سیلون کے باہر دوسرا دروازے پر اسلحہ تانے کھڑا رہا، اور ایک مسلح لڑکے نے دکان کی تمام درازوں سے نقدی اور قیمتی اشیا نکالیں۔

    مسلح لڑکے نے دکان میں موجود کسٹمرز اور دیگر افراد کی جیبوں سے بھی قیمتی اشیا نکالیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق لٹیرے شہریوں سے 10 موبائل فونز اور 90 ہزار سے زائد رقم چھین کر فرار ہو گئے۔

  • ویڈیو: 50 لاکھ کی ڈکیتی، بینک کا سیکیورٹی سپروائزر ہی ڈاکو نکلا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ٹیپو سلطان میں بینک سے 50 لاکھ روپے لے کر نکلنے والے شہری سے لوٹ مار کے واقعے میں بینک کا سیکیورٹی سپروائزر ہی ملوث نکلا۔

    ٹیپو سلطان پولیس کے مطابق 16 نومبر کو نجی بینک سے ایک کمپنی مالک نے پچاس لاکھ روپے کی رقم نکلوائی تھی، جیسے ہی وہ پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں کمپنی دفتر کے گیراج میں پہنچے، 3 لٹیرے اندر داخل ہو کر ان سے رقم کا تھیلا چھین کر لے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم خاور خان نجی بینک میں سیکیورٹی سپروائزر ہے، جس کی مخبری پر تین ملزمان نے رقم لوٹی تھی، گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اطلاع دینے پر لٹیروں نے اسے اچھی رقم دینے کی آفر دی تھی۔

    ٹیپو سلطان پولیس نے تفتیش کے دوران ملزم کا سراغ لگایا، ایس ایچ او ٹیپو سلطان انسپکٹر عظمیٰ خان نے بتایا کہ سیکیورٹی سپروائزر خاور نے کمپنی مالک کے پاس بڑی رقم ہونے کی اطلاع ملزمان کو پہنچائی تھی، جس پر ملزم شاکر عرف شاہد نے 2 دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بینک سے شہری کا تعاقب کیا۔

    ایس ایچ او کے مطابق ملزم کا سراغ جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شواہد پر لگایا گیا۔

    ملزم خاور خان نے انکشاف کیا کہ واردات میں ملوث مرکزی ملزم شاکر عرف شاہد لانڈھی کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے، انسپکٹر عظمیٰ خان کے مطابق ملزم خاور پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، جہاں شاکر سے اس کی ملاقات ہوئی تھی۔

    خاور خان نے بتایا کہ واردات سے ایک دن قبل شاکر عرف شاہد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایف ٹی سی آیا تھا، اور بڑی رقم کی اطلاع دینے کی صورت میں اچھی رقم دینے کی آفر دی تھی۔

    ملزم نے بتایا کہ اس کی نشان دہی پر 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی گئی تاہم فون پر اسے صرف 20 لاکھ روپے ہاتھ لگنے کا بتایا گیا، جب اپنے حصے کی رقم مانگی تو شاکر نے موبائل فون بند کر دیا۔

  • پیٹرول پمپ پر 2 کروڑ کی ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار

    پیٹرول پمپ پر 2 کروڑ کی ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ خیبر پختونخواہ میں رواں سال کی سب سے ڈکیتی کرنے والے گروہ کے ملزم کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کی حدود میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم شاہ فرید کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چند روز قبل صوابی میں پیٹرول پمپ پر 1 کروڑ 82 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، گرفتار ملزم شاہ فرید پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کرنے والے گروہ کا کارندہ ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ڈکیتی کی رقم میں اس کا حصہ اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، گرفتار ملزم پرجیکسن تھانے میں بھی مقدمات درج ہیں۔

  • ویڈیو: مسلح ڈاکوؤں نے انجن آئل کی دکان لوٹ لی

    ویڈیو: مسلح ڈاکوؤں نے انجن آئل کی دکان لوٹ لی

    کراچی: شہر قائد کے ایک مشہور مقام کیفے پیالہ کے قریب جمعہ کے روز صبح سویرے لٹیروں نے ایک انجن آئل شاپ لوٹ لی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کیفے پیالہ کے قریب انجن آئل کی دکان میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، 3 ملزمان اسلحہ کے زور پر نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکان دار کے جھاڑو دیتے وقت موٹر سائیکل پر 3 ملزمان آئے اور اسلحے کے زور پر انھیں لوٹ لیا۔

    فوٹیج کے مطابق ملزمان نے آتے ہی دکان دار کا بٹوہ جیب سے نکال لیا، ایک لٹیرے نے بٹوے سے پیسے نکالنا شروع کیا جب کہ دیگر 2 لٹیروں نے دکان کی تلاشی لی۔

    لٹیرے واردات کے بعد بہ آسانی فرار ہو گئے۔

  • کافی پینے، نہانے اور اچھی نیند کے لیے ڈکیت گھر میں گھس آیا

    کافی پینے، نہانے اور اچھی نیند کے لیے ڈکیت گھر میں گھس آیا

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک ڈکیت نہانے اور اچھی نیند کے لیے کرائے کے لیے خالی ایک گھر میں گھس گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے کرائے کی جگہ کا غلط استعمال کیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا میں ایک شخص اچھی کافی پینے، سونے اور نہانے کے لیے ایک خالی گھر میں گھس گیا، اسکیمبیا کاؤنٹی پولیس نے فیس بک اکاؤنٹ پر یہ خبر تصویر کے ساتھ شیئر کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ 29 سالہ زکری سیت مرڈوک نے نجی ملکیت کے قانون کی خلاف ورزی کی، گھر کے دروازے کا شیشہ توڑا، غیر قانونی طور پر کسی اور کے گھر میں گھسا اور وہاں باتھ ٹب استعمال کیا، بیڈ روم میں سویا، اور ایک مگ میں کافی بنا کر پی۔

    پولیس کے مطابق گھر میں گھسنے والے شخص نے باورچی خانے کے ڈسٹ بن میں دیگر کچرے سمیت بس کا ٹکٹ بھی پھینکا۔

    بعد ازاں، اسی شام پولیس کو ایک اور بلاک میں ڈکیتی کی اطلاع ملی، مقامی لوگوں نے جس شخص کا حلیہ بتایا وہ زکری مرڈوک کا تھا، پولیس نے بعد میں اسے چوری اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں گرفتار کر لیا۔

  • وائرل ویڈیو: سیکیورٹی گارڈ اور رائفل بردار میں دل دہلا دینے والی کشمکش

    وائرل ویڈیو: سیکیورٹی گارڈ اور رائفل بردار میں دل دہلا دینے والی کشمکش

    نیویارک: امریکا میں واقع ایک کلینک کے اندر کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں سیکیورٹی گارڈ اور ایک رائفل بردار میں دل دہلا دینے والی کشمکش دیکھی گئی۔

    ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ 10 نومبر کو نیویارک کے شہر بفیلو میں پیش آیا، بفیلو پولیس نے اس کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سیکیورٹی گارڈ نے کلینک کے اندر اے آر ففٹین رائفل کے ساتھ اندر داخل ہونے والے شوٹر پر اچانک چھلانگ لگا دی، اور اسے بے بس کر دیا۔

    پولیس کے مطابق رائفل بردار کو 48 سالہ جیریمی گریفن کے نام سے شناخت کیا گیا، جیسے ہی وہ کلینک میں داخل ہوا، اس نے ایک فائر بھی مار دیا، جس سے وہاں پہلے سے کھڑا سیکیورٹی گارڈ بال بال بچ گیا۔

    سیکیورٹی گارڈ نے پہلے تو جان بچانے کے لیے بھاگنے کی راہ ڈھونڈی لیکن ناکامی پر اس نے اچانک بندوق بردار پر چھلانگ لگا دی، اور اسے دیوار کے ساتھ لگا دیا۔

    سیکیورٹی گارڈ نے شوٹر کی رائفل بھی پکڑ لی تھی جس کے سبب وہ مزید فائر نہ کر سکا، اور اسی حالت میں اسے کلینک کے باہر گھسیٹنے میں کامیاب ہو گیا۔

    اسپتال کے باہر سے سیکیورٹی فوٹیج میں سیکیورٹی گارڈز کو شوٹر کو زمین پر گراتے ہوئے دکھایا گیا ہے، راہگیروں نے بھی شوٹر سے اسلحہ چھیننے میں مدد کی۔

    پولیس کے مطابق کلینک آنے سے پہلے شوٹر نے ایک خاتون کے گھر میں گھس کر اس کی ٹانگ میں گولی ماری تھی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی، بفیلو پولیس نے بتایا کہ شوٹر پر قتل کی کوشش سمیت متعدد سنگین جرائم کے الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔

  • سنار کی دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج

    سنار کی دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج

    کراچی: شہر قائد میں طارق روڈ پر ایک سنار کی دکان میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، مسلح ملزمان لاکھوں مالیت کا سونا اور کیش لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق طارق روڈ پر سنار کی دکان میں ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، واردات میں مسلح ملزمان لاکھوں مالیت کا سونا اور کیش لوٹ کر فرار ہو گئے تھے، یہ واردات گزشتہ شام پونے 7 بجے ہوئی۔

    سلیمان جیولرز پر ہونے والی ڈکیتی کے دوران پہلے دو ملزمان جیولرز شاپ کے اندر اسلحہ لے کر داخل ہوئے، چند لمحوں بعد مزید دو ملزمان بھی پہنچ گئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کے وقت دکان کے باہر چہل پہل بھی دیکھی جا سکتی ہے، ملزمان کے پیچھے چائے ہوٹل کا ملازم بھی داخل ہونے لگا لیکن واردات ہوتی دیکھ کر واپس ہو گیا، اس دوران مسلح ملزمان بے خوفی کے ساتھ آرام سے واردات کرتے رہے۔

    دکان دار کے مطابق واردات کے دوران 20 لاکھ سے زائد مالیت کا سونا لوٹا گیا، دکان میں موجود 2 لاکھ روپے کیش بھی لوٹا گیا، واردات کے بعد پولیس کو بھی اطلاع کر دی تھی، آج مقدمہ درج کروائیں گے۔

    ملزمان نے دکان میں بیٹھے کسٹمرز کو بھی کنگال کر دیا، گاہکوں کے موبائل فونز، پرس اور قیمتی سامان بھی لوٹا گیا۔

  • ڈکیت کی اوزار لے کر دکاندار کو دھمکیاں، تصاویر وائرل

    ڈکیت کی اوزار لے کر دکاندار کو دھمکیاں، تصاویر وائرل

    لندن: انگلینڈ میں ایک ڈکیت نے اوزار سے دکاندار کو دھمکا کر خطیر رقم چھین لی، پولیس نے مقامی افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ملزم کی شناخت میں مدد کریں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے شہر گلوسٹر میں صبح 7 بجے پولیس کو ایک دکان میں ڈکیتی کی رپورٹ درج کروائی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیت ایک اوزار لے کر دکان میں داخل ہوا اور اسی سے دکان دار کو دھمکایا۔

    ڈکیت کے مطالبے پر دکاندار نے کیش اس کے حوالے کیا جس کے بعد ڈکیت سائیکل پر فرار ہوگیا، ایک راہگیر نے اس کا پیچھا کرنے کی کوشش کی لیکن ڈکیت چکمہ دینے میں کامیاب رہا۔

    واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی تصاویر جاری کر کے مقامی افراد سے ملزم کی شناخت میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • ویڈیو: چار ڈکیت گھر میں واردات کے دوران پولیس کی گرفت میں آ گئے

    ویڈیو: چار ڈکیت گھر میں واردات کے دوران پولیس کی گرفت میں آ گئے

    کراچی: شہر قائد میں چار ڈکیت گھر میں واردات کے دوران پولیس کی گرفت میں آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے تیز ترین ایکشن لیتے ہوئے ایک گھر میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں پولیس نے کارروائی میں خاتون سمیت 4 ڈکیتوں کو گرفتار کر لیا ہے، جو ایک گھر میں واردات کی نیت سے داخل ہوئے تھے۔

    گھر کے مالک عمران نے موقع دیکھ کر 15 پر کال کر دی، جس پر پولیس عملہ پہنچ گیا، اور انھوں نے ڈکیتوں کو نہایت حکمت عملی اور بغیر کسی جانی نقصان کے گرفتار کر لیا۔

    ڈکیت اپنی خاتون ساتھی کی مدد سے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کر رہے تھے، تاہم پولیس نے انھیں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈکیتوں سے دو عدد تیس بور پستول، اور ایک عدد نائن ایم ایم پستول برآمد ہوئی، جب کہ ایک کار بھی قبضے میں لی گئی ہے۔

    ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ اقبال مارکیٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔