Tag: ڈکیتی

  • مرد منہ دیکھتے رہ گئے، خاتون بینک ملازم نے ڈکیت کو مار بھگایا

    مرد منہ دیکھتے رہ گئے، خاتون بینک ملازم نے ڈکیت کو مار بھگایا

    بھارت میں بہادر خاتون ملازم نے بینک میں ڈکیتی کی نیت سے گھنسے والے شخص کو مار بھگایا، سوشل میڈیا صارفین خاتون کی بہادری کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو ریاست راجھستان کے شہر سری گنگا نگر کے ایک بینک کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منہ پر ڈھاٹا باندھے ایک شخص بینک میں گھس آیا ہے، اس کے ہاتھ میں بڑا سا چھرا ہے۔

    اس دوران ایک خاتون بینک کے اندر سے نکلتی ہیں اور نہایت سکون سے ڈکیت سے بات کرتی ہیں، ڈکیت بوکھلائے ہوئے انداز میں چاقو لہرا کر سب کو دھمکاتا ہے۔

    اس دوران ایک شخص ڈکیت کا چاقو چھیننے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے، ڈکیت بپھر جاتا ہے جس پر وہاں موجود لوگ اسے پرسکون کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    اسی دوران اس کے سامان سے ایک پلائیر (پلاس) گر جاتا ہے اور خاتون لپک کے اسے اٹھا لیتی ہیں، اس کے بعد وہ پلائیر کے ذریعے ڈکیت کو آگے آنے سے روکنے کی کوشش کرتی ہیں۔

    حواس باختہ ڈاکو خاتون پر حملے کی کوشش کرتا ہے لیکن وہ خود کو بچا لیتی ہیں، اس دوران وہ پلاس سے اسے دھمکاتی رہتی ہیں، اپنا مقصد ناکام ہوتا دیکھ کر ڈاکو گھبرایا ہوا وہاں سے نکل جاتا ہے جس کے بعد بینک کا عملہ پولیس کو فون کرتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد خاتون کی بہادری کی بے حد تعریف کی گئی، پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون کا نام پونم گپتا ہے جو بینک مینیجر ہیں۔

    پولیس نے مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

  • ڈاکوؤں نے تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی (ویڈیو)

    ڈاکوؤں نے تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی (ویڈیو)

    راولپنڈی: ڈاکوؤں نے ایک تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے، جس میں 2 لٹیرے ایک تاجر سے 25 تولہ سونا اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔

    یہ واقعہ سیٹلائٹ ٹاؤن بی بلاک میں پیش آیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے تاجر کی گاڑی روکی، اور پھر ان سے اور ان کی فیملی سے سونا اور نقدی چھین لی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کو اسلحہ لہراتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، پولیس نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • کراچی : ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے والے دو ڈاکو گرفتار

    کراچی : ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے والے دو ڈاکو گرفتار

    کراچی : گزشتہ ہفتے ڈکیتی کے دوران شہری کو مزاحمت پر قتل کرنے والے دونوں ڈاکو قانون کی پکڑ میں آگئے، مقدمہ 3نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تھانہ سپرمارکیٹ کی حدود میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے2ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ4ستمبر کو ڈسٹرکٹ سینٹرل سپرمارکیٹ کی حدود میں قتل کا واقعہ پیش آیا تھا اور مقدمہ 3نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق10روز کے اندر پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر2ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں عبدالمالک اور نوید شامل ہیں، تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے، دوران تفتیش ملزمان کی جانب سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے ملزمان نے شہری کو گولی مارکر قتل کیا، ملزمان عادی مجرم ہیں اس سے قبل متعدد مرتبہ گرفتار ہوچکے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کےتیسرے ساتھی کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں اسے بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • بڑے ہتھیاروں کے ساتھ کراچی میں ہونے والی واردات کی ویڈیو

    بڑے ہتھیاروں کے ساتھ کراچی میں ہونے والی واردات کی ویڈیو

    کراچی: شہر قائد میں اب بڑے ہتھیاروں کے ساتھ بھی ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں ہونے لگی ہیں، ایسی ہی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیو کراچی، ایوب گوٹھ میں ڈاکوؤں نے کلاشنکوفوں کے ساتھ شہریوں کو لوٹ لیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح افراد کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق رکشے اور موٹر سائیکل پر سوار مسلح ڈاکو ایوب گوٹھ میں ایک گھر کے باہر آ کر رکے، پھر رکشے سے تیزی سے چند افراد کلاشنکوفیں اٹھائے باہر نکل آئے، جنھیں دیکھ کر گھر کے باہر بیٹھے 2 افراد خوف زدہ ہو کر گھر کے اندر دوڑے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ڈاکو بھی دونوں کے پیچھے گھر کے اندر داخل ہوئے، فوٹیج میں ڈاکو شہریوں سے موبائل فون بھی لیتے دکھائی دیتے ہیں۔

    متاثرہ فیملی نے شکایت کی ہے کہ متعلقہ ایس ایچ او نے تاحال ملاقات کا وقت نہیں دیا، ایس ایچ او نے پیغام دیا کہ میں ابھی مصروف ہوں کل آنا۔

    متاثرہ فیملی نے بتایا کہ خود کار ہتھیاروں سے لیس ڈاکوؤں نے گھر سے 20 ہزار روپے لوٹے، انھوں نے تشدد بھی کیا اور اسکے بعد موبائل فون بھی چھینے۔

    مسلح ڈاکو جاتے جاتے گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل بھی لے گئے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

  • کراچی کے شہری ڈکیتوں کے رحم و کرم پر، ڈکیتی مزاحمت پر سینکڑوں افراد قتل

    کراچی کے شہری ڈکیتوں کے رحم و کرم پر، ڈکیتی مزاحمت پر سینکڑوں افراد قتل

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہری جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر آگئے، لوٹ مار کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر 350 افراد کو قتل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری گلی، محلوں، شاہراہوں اور گھر کے دروازوں پر لٹنے لگے۔ سٹیزن پولیس لیژن کمیٹی اور کراچی پولیس آفس نے شہر میں لوٹ مار کی وارداتوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے 8 ماہ کے دوران 350 کے قریب شہری قتل ہوئے۔

    ڈکیتی مزاحمت پر 58 شہری جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، یکم سے 5 ستمبر تک 8 شہری ڈکیتی مزاحمت پر جان سے گئے، جبکہ صرف 4 ستمبر اتوار کے روز کئی شہریوں کو خون میں نہلایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق اپنا مال بچانے کی کوشش میں 270 شہری زخمی ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق جنوری تا اگست 8 ماہ میں 32 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئی، اس عرصے میں 13 سو کے قریب کاریں چوری یا چھینی گئیں۔

    17 ہزار سے زائد موبائل فون چھینے گئے، اغوا برائے تاوان کے 7 اور بھتہ خوری کے 3 کیسز ہوئے اور بینک ڈکیتی کی 2 وارداتیں ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق 31 جولائی تک گھروں میں 173 اور دکانوں میں 251 ڈکیتی کی وارداتیں ہوئیں، شہر میں 2 ہزار 725 مختلف ڈکیتی کی وارداتیں ہوئیں۔

  • کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا

    کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا، شاہ لطیف پولیس نے احمد سالم نامی شہری کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ون فائیو پر جھوٹی کال کر کے اپنی ہی کمپنی کو 83 ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والا ملزم احمد سالم شاہ لطیف پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ملزم احمد نے 15 پر ڈکیتی کی اطلاع دی تھی، جب پولیس اہل کار موقع واردات پر پہنچے تو وہاں موجود نجی کمپنی کے ملازم احمد ولد سالم نے بتایا کہ اسے 2 موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے لوٹ لیا ہے، ملزمان اس سے 83 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ کر لے گئے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق اہل کاروں نے شک کی بنا پر ملزم کی سوزوکی کے اندر تلاشی لی، تو ان کو ایک شاپر میں لپٹا ہوا موبائل فون اور 83 ہزار روپے کی رقم مل گئی۔

    پوچھ گچھ پر گرفتار ملزم احمد سالم نے بتایا کہ وہ کمپنی میں رائیڈر کی نوکری کر رہا ہے، اسے پیسوں کی ضرورت تھی، اس لیے ڈکیتی کا جھوٹا ڈراما رچانے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • کراچی: ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ

    کراچی: ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران چور ڈاکو بے لگام ہوگئے، ڈکیتی کی واردات کے دوران 7 ماہ کی حاملہ خاتون پر فائرنگ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی 3 روزہ تعطیلات کے دوران شہر قائد میں چور ڈاکوؤں کو کھلی چھوٹ مل گئی، شہر میں چھینا جھپٹی کے بے شمار واقعات پیش آئے۔

    نیو کراچی میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ کردی، خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ اہلیہ کے ساتھ کہیں جارہے تھے جب راستے میں ڈاکوؤں نے روکا۔

    ان کے مطابق ملزمان نے گاڑی روکنے کی کوشش کی، نہ رکنے پر 7 ماہ کی حاملہ خاتون کے پیٹ پر گولیاں برسا دیں، زخمی خاتون کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ بچہ پیٹ میں ہی دم توڑ چکا ہے جبکہ خاتون کی حالت نازک ہے۔

    دوسری جانب نارتھ کراچی سیکٹر 7 ڈی میں ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عید کے نئے کپڑے پہنے 2 ملزمان موٹر سائیکل پر آئے، کم عمر ملزمان نے اسلحہ نکالا اور شہری سے موبائل چھین کر فرار ہونے لگے۔

    اس دوران شہری نے مزاحمت کی تو ملزم کا موبائل فون زمین پر گر گیا، دوسری جانب سیکیورٹی گارڈ نے بھی ہوائی فائرنگ کی۔ ملزم پلٹ کر واپس آیا اور زمین پر گرا ہوا اپنا موبائل فون اٹھایا۔

    دونوں ملزمان ناکام واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

    ایک اور واقعے میں ڈیفنس کے علاقے میں پولیس نے 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں، ملزمان کے 4 ساتھی فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا، دونوں ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • ’بنٹی ببلی‘ نے جنرل اسٹور کے بعد دودھ کی دکان بھی لوٹ لی (ویڈیوز بچے نہ دیکھیں)

    ’بنٹی ببلی‘ نے جنرل اسٹور کے بعد دودھ کی دکان بھی لوٹ لی (ویڈیوز بچے نہ دیکھیں)

    کراچی: شہر قائد کے جنوبی ضلع میں ایک برقع پوش خاتون اور سفید شلوار قمیض اور ٹوپی پہنے مرد کی جوڑی نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، اس ‘بنٹی ببلی’ جوڑی نے جنرل اسٹور کے بعد دودھ کی دکان بھی لوٹ لی،جس کی ویڈیوز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں ڈکیت جوڑے بنٹی اور ببلی کا خوف پھیل رہا ہے، کلفٹن بلاک 4 میں مسلح برقع پوش خاتون اور مرد نے ایک جنرل اسٹور کو لوٹ لیا، اس کے بعد دودھ کی ایک دکان بھی لوٹ لی۔

    کراچی کا ڈسٹرکٹ ساؤتھ جرائم پیشہ عناصر کے نشانے پر ہے، سفید کرولا کے بعد بنٹی اور ببلی نے خوف پھیلانا شروع کر دیا، کلفٹن سی ویو کے قریب جنرل اسٹور پر کی گئی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واردات کیسے کی گئی۔

    فوٹیج کے مطابق سفید شلوار قمیض اور ٹوپی پہنا ڈکیت اندر داخل ہوا، اور کیش کاؤنٹر سے مٹھیاں بھر بھر کر رقم نکالنے لگا، اسے دکان میں جو چیز پسند آئی جیبوں میں بھرتا رہا، دونوں ڈکیت دکاندار کے موبائل فون اور دیگر کیش کارڈز بھی لوٹ کر لے گئے۔

    اس دوران مسلح برقع پوش خاتون دکان کے باہر کھڑی رہی، ڈکیت نے کیش اور دیگر سامان بھر کر خاتون کو دیا، اور اس نے طالبہ کی طرح بیگ کندھے پر لٹکایا اور باہر چلی گئی۔

    دکان دار کا کہنا تھا کہ یہ 2 رکنی ڈکیت گروہ مسلسل وارداتیں کر رہا ہے، دکان دار نے دیگر دکان داروں کو ہوشیار رہنے کا بھی مشورہ دیا۔

    دوسری جانب ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں بنٹی اور ببلی نے ایک اور واردات میں دودھ کی دکان بھی لوٹ لی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نے پہلے دکان دار سے جوس مانگا، وہ جیسے ہی پلٹا ڈکیت مرد نے پستول نکال لی، اور خاتون ڈکیت دکان کے دروازے پر پہنچ گئی۔

    فوٹیج کے مطابق مسلح ڈکیت نے اسلحے کے زور پر دکان کا دروازہ کھلوایا، جب کہ خاتون پستول پکڑ کر باہر کھڑی رہی اور اس کا ساتھی لوٹ مار کرنے لگا، دکاندار کی جانب سے مزاحمت کی بھی کوشش کی گئی، تاہم ڈکیت نے پیچھے آنے کی صورت میں گولی مارنے کی دھمکی دی اور فرار ہوگئے۔

  • لاہور: ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات، درجنوں قتل

    لاہور: ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات، درجنوں قتل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 2 ماہ کے دوران ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات رونما ہوئے جبکہ اس دوران 63 افراد قتل ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے شہر میں رواں سال کے 2 ماہ 10 دن میں ہونے والے جرائم سے متعلق ریکارڈ جاری کردیا، شہر میں 36 ہزار 993 مقدمات درج کیے گئے۔

    پولیس ریکارڈ رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں 4 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے، ڈکیتی کی 5 ہزار کے لگ بھگ وارداتیں ہوئیں جن میں 21 گھروں میں وارداتیں کر کے کروڑوں لوٹ لیے گئے۔

    مختلف واقعات میں 63 افراد قتل ہوئے، موٹر سائیکل و وہیکل چوری کے 4 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے جبکہ دکانوں میں ہونے والی ڈکیتیوں میں ڈاکوؤں نے متعدد تاجروں کی جمع پونجی لوٹ لی۔

    پولیس کے مطابق سب سے زیادہ جرائم کینٹ ڈویژن میں ہوئے جن کی تعداد 7 ہزار 159 رہی، دوسرے نمبر پر سٹی ڈویژن میں 6 ہزار 789 جرائم ہوئے۔

    صدر ڈویژن میں 6 ہزار 458 جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 6 ہزار 206 جرائم ہوئے۔

    پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وارداتوں میں 40 کروڑ سے زائد مالیت کی نقدی، زیورات، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔

  • مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات (فوٹیج بچے نہ دیکھیں)

    مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات (فوٹیج بچے نہ دیکھیں)

    کراچی : شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات کی گئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی کی سڑک پر فلمی طرز پر کیش وین لوٹنے کی کوشش کی گئی لیکن ڈاکو پیسے لوٹنے میں ناکام رہے، تاہم اس واردات میں ایک کیشیئر کی جان چلی گئی۔

    واردات کیسے ناکام ہوئی؟ اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی گارڈز نے جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے کئی منٹ تک ڈاکوؤں کا بے جگری سے مقابلہ کیا۔

    فوٹیج کے مطابق کورنگی کی سڑک پر جہاں تعمیراتی کام جاری ہے، ایک سفید رنگ کی کیش وین کو سفید کار نے چلتی سڑک پر اس کے سامنے فلمی انداز میں آ کر روک لیا، ڈاکوؤں کو جدید ہتھیاروں کے ساتھ کار سے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج میں ڈاکوؤں اور سیکیورٹی گارڈز میں مقابلہ ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج کے مطابق ایک سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہو کر سڑک پر گیا، کیش وین کے قریب دوسرا سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہو کر گر پڑا۔

    تین منٹ سے زائد رہنے والی اس کشمکش کے دوران فائرنگ سے وین میں بیٹھا کیشیئر گولی لگنے سے موقع ہی پر دم توڑ گیا، تاہم ڈاکو وین کے اندر موجود ہیوی تجوری نکالنے میں ناکام رہے۔

    سیکیورٹی گارڈز کی مزاحمت کے بعد ناکامی پر ملزمان کار میں بیٹھے اور فرار ہو گئے۔