Tag: ڈکیتی

  • کراچی اسٹریٹ کرائم: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی

    کراچی اسٹریٹ کرائم: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز بے خوف ہو کر لوٹ مار کرنے لگے، شہریوں کو بغیر اسلحہ دکھائے ہی وارداتوں کا نشانہ بنایا جانے لگا، ڈکیتی کی واردات میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار 3 نمبر میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، واردات وکیل کے دفتر میں ہوئی۔

    واقعے کے وقت سادہ لباس پولیس اہلکار دفتر میں داخل ہوا جہاں 4 مسلح ملزمان لوٹ مار کے لیے پہلے سے موجود تھے، لوٹ مار اور پولیس اہلکار پر فائرنگ کر کے چاروں ڈاکو پیدل فرار ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکار عدنان سول اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    گلشن حدید میں دو کم عمر لڑکوں سے موٹر سائیکل چھین لی گئی، ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان نے لڑکوں کا پیچھا کیا۔ کم عمر لڑکے ملزمان کو دیکھتے ہی موٹر سائیکل سے اتر گئے۔

    ملزمان لڑکوں سے گھر کی دہلیز پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے، ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک لگا رکھا تھا۔

    نیو کراچی میں سیکٹر 3 میں بھی دودھ کی دکان میں لوٹ مار کی گئی، موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان میں سے ایک نے دکان دار کو اسلحہ نکال کر دکھایا، اسلحہ دیکھ کر مالک نے مزاحمت نہیں کی۔

    ملزم نے اندر گھس کر دراز سے رقم نکالی اور بے خوفی سے فرار ہوا۔

    کراچی کے ریڈ زون میں سول لائن کلفٹن برج کے قریب بھی شہری سے چھینا جھپٹی ہوئی، لٹنے والے شہری کے بھائی کو 12 جنوری کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا۔

  • ویڈیو: لٹیروں نے شہری سے لاکھوں روپے لوٹ لیے

    ویڈیو: لٹیروں نے شہری سے لاکھوں روپے لوٹ لیے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے منظور کالونی میں‌ لٹیروں نے بڑی واردات کر لی، بینک سے نکلنے والے شہری سے 5 لاکھ روپے سے زیادہ رقم چھین لی، واقعے سے قبل کی فوٹیجز سامنے آ گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا گینگ پوری طرح سے متحرک ہے، گزشتہ روز منظور کالونی ماما باربی کیو کے سامنے ایک شہری کو لوٹ لیا گیا، ایس ایچ او بلوچ کالونی سے جب واقعے سے متعلق استفسار کیا گیا تو انھوں نے عجیب جواب دیتے ہوئے کہا کام سے گیا ہوا تھا، واقعے کے حوالے سے علم نہیں ہے۔

    منظور کالونی میں ہونے والی واردات میں ملوث 4 لٹیروں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیروں نے شہری کا پیچھا کیا تھا اور پھر اس سے پانچ لاکھ سے زائد رقم چھین لی۔

    رپورٹ کے مطابق شہری 6 نمبر والے بینک سے رقم لے کر نکلا تھا، اس کے پاس 5 لاکھ روپے سے زائد کی رقم تھی، لٹیروں نے اس کا پیچھا کیا اور اسلحے کے زور پر رقم چھین لی، ایک شہری نے سی سی ٹی وی فوٹیجز میں اس واردات میں ملوث لٹیروں کی نشان دہی کر دی۔

    فوٹیجز کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے یہ واردات کی، لٹیروں نے تقریباً 3 بجکر 30 منٹ کے قریب شہری سے رقم لوٹی تھی، اور یہ واقعہ گزشتہ روز بلوچ کالونی تھانے کی حدود میں پیش آیا تھا۔

    ایس ایچ او بلوچ کالونی سے استفسار کیا گیا تو انھوں نے واردات کے حوالے سے لا علمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ ‘ کام سے گیا ہوا تھا’، واضح رہے کہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں، اور دوسری طرف محکمہ پولیس کے افسران عجیب طرح سے لا علمی کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • ڈکیتی کی کال نظر انداز کر کے پوکے مون گو کھیلنے والے پولیس افسران فارغ

    ڈکیتی کی کال نظر انداز کر کے پوکے مون گو کھیلنے والے پولیس افسران فارغ

    امریکی شہر لاس اینجلس کے محکمہ پولیس نے اپنے 2 افسران کو ملازمت سے برخاست کردیا جن پر یہ الزام ثابت ہوگیا کہ وہ ایک ڈکیتی کی کال نظر انداز کر کے ورچوئل رئیلٹی گیم پوکے مون گو کھیلتے رہے۔

    مذکورہ واقعہ سنہ 2017 میں پیش آیا تھا جب رات کے وقت پٹرول آفیسر نے ڈیوٹی پر موجود دونوں اہلکاروں کو ایک اسٹور میں ڈکیتی کی اطلاع دی اور انہیں موقع پر پہنچنے کا کہا۔

    تاہم دونوں اہلکار کال کو نظر انداز کر کے پوکے مون گو کھیلنے میں مصروف رہے اور گیم کے خیالی کردار کو پکڑنے کے لیے شہر میں ادھر ادھر گھومتے رہے۔

    عدالت میں پیش کردہ دستاویز میں کہا گیا کہ دونوں افسران نے جان بوجھ کر ایمرجنسی کال نظر انداز کی اور دوران ڈیوٹی گیم کھیلتے رہے۔

    واقعے کے وقت دونوں نے بہانہ کیا کہ انہیں ریڈیو پر پٹرول سپروائزر کی آواز ٹھیک سے سنائی نہیں دی، تاہم کار میں موجود ریکارڈنگ سسٹم سے ان کا بھانڈا پھوٹ گیا جس میں ریڈیو کی آواز صاف سنائی دے رہی ہے۔

    ریکارڈنگ میں سنا جاسکتا ہے کہ دونوں افسران ایمرجنسی کال کو مکمل طور پر نظر انداز کر کے کھیل کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے رہے۔

    دونوں افسران کو ان کی ملازمت سے برخاست کیا جاچکا ہے جبکہ ان کے خلاف مزید کارروائی بھی متوقع ہے۔

  • شہری سے 69 لاکھ روپے کی مبینہ ڈکیتی، ویڈیو سامنے آ گئی

    شہری سے 69 لاکھ روپے کی مبینہ ڈکیتی، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے ایک علاقے میں ایک شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان سے ڈاکو 69 لاکھ روپے چھین کر لے گئے، اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، جو موقع واردات پر موجود کسی نے شخص نے بنائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کو ایک ویڈیو موصول ہوئی ہے، جس میں کراچی کے ضلع ملیر کے علاقے ابراہیم حیدری میں ایک کار سوار شہری سے لٹیرے لوٹ مار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    موبائل سے بنائی گئی اس ویڈیو میں سفید شلوار قمیض میں ملبوس 2 موٹر سائیکل سوار کار سوار سے رقم چھین کر لے جاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان سے ڈاکو 69 لاکھ روپے چھین کر لے گئے ہیں، شہری کے مطابق وہ ایک کاروباری آدمی ہے اور مختلف مقامات سے وصولی کر کے ابراہیم حیدری پہنچے تھے۔

    ویڈیو بنانے والا چند ہی قدم کے فاصلے پر موجود ایک دکان میں موجود تھا، جسے کوئی دوسرا شخص ویڈیو بنانے سے منع بھی کرتا سنائی دیتا ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سڑک پر کوئی مشکوک سرگرمی جاری تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق شہری کو جائے واردات کے قریب ہی ایک جگہ سے 1 لاکھ کی وصولی کرنا تھی، جیسے ہی وہ کار میں بیٹھے، ملزمان آئے اور کیش رقم چھین کر لے گئے۔

    تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر مشکوک لگ رہا ہے، اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • لاہور میں ایک روز کے دوران ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں، 1 شخص قتل

    لاہور میں ایک روز کے دوران ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں، 1 شخص قتل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک روز کے دوران ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں پیش آئیں، ایک ڈکیتی کے دوران ایک شخص ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل بھی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ رائیونڈ کی حدود میں ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر 1 شہری قتل جبکہ 2 زخمی کردیے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اسلحہ بردار 2 ڈاکو طاہر افضل نامی شخص کے گھر داخل ہوئے، مزاحمت پر گھر کا ملازم پرویز گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈرائیور زخمی ہوا۔

    پولیس کے مطابق تھانہ رائیونڈ سٹی کی حدود میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری زخمی بھی ہوا۔

    ڈکیتی کی وارداتیں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی پیش آئیں، تھانہ سندر کی حدود میں 4 ڈاکو گھر سے نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے، ملت پارک میں ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی سے نقدی اور سونا لوٹ لیا۔

    ویلنشیا ٹاؤن میں ڈاکو ایک فیملی سے 1 لاکھ 55 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے، تھانہ نشتر کی حدود میں 3 ڈاکوؤں نے شہری سے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا جبکہ تھانہ شاہدرہ اور سمن آباد کی حدود میں 2 شہری موٹر سائیکلوں سے محروم کردیے گئے۔

  • امریکی ریاست میں ڈکیتیوں‌ کا طوفان، 80 ڈاکوؤں کا ایک ساتھ سپر اسٹور پر دھاوا

    امریکی ریاست میں ڈکیتیوں‌ کا طوفان، 80 ڈاکوؤں کا ایک ساتھ سپر اسٹور پر دھاوا

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے مختلف شہروں میں ڈکیتیوں‌ کا طوفان امڈ آیا، تین دن مسلسل بڑی ڈکیتیاں کی گئیں، ایک واردات میں 80 ڈاکوؤں نے ایک ساتھ ایک سپر اسٹور پر دھاوا بول کر اسے لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو 80 افراد نے کیلیفورنیا کے نارڈسٹروم اسٹور پر دھاوا بول کر ایک منٹ میں سامان لوٹ لیا اور فرار ہو گئے، ڈاکوؤں نے تین ملازمین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، اور مرچوں کا اسپرے کرنے کے بعد سامان اور پیسوں سے بھرے بیگ لے کر بھاگ گئے۔

    یہ واقعہ وال نٹ کریک پر پیش آیا، لٹیروں نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک پہن رکھے تھے، اور بھاگنے کے لیے متعدد گاڑیاں سڑک پر ان کا انتظار کر رہی تھیں، جنھوں نے سڑک پر ٹریفک بھی روک رکھا تھا۔

    پولیس نے اس واقعے کو ‘واضح منظم واردات’ قرار دیا، اس سلسلے میں 3 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، جن پر ڈکیتی، سازش، چوری، املاک پر قبضے اور اسلحے سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ واردات کے دوران 25 سے زائد گاڑیوں نے سڑک کو بلاک کر رکھا تھا۔ اس ڈکیتی کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں لوٹ مار کرنے والے اپنی گاڑیوں میں داخل ہونے سے پہلے بیگ اور بکسوں کے ساتھ سڑک پر بھاگ رہے ہیں جن کے پاس چوری شدہ سامان موجود ہے۔

    اس سے قبل جمعے کی رات کو لٹیروں نے سان فرانسسکو کے یونین اسکوائر میں لوئس ووٹن کی دکان میں توڑ پھوڑ کر کے واردات کی تھی اور زیورات چرائے تھے۔ پولیس کے مطابق لٹیروں کے کئی گروپس نے مضافاتی علاقے اور یونین اسکوائر میں لوئس ووٹن، بربیری اور بلومنگ ڈیل جیسے اسٹورز میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی، یہ سیاحوں میں مقبول شاپنگ ڈسٹرکٹ ہے جو چھٹیوں میں نکلنے والے خریداروں سے بھرا ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اسی طرح کے مناظر اتوار کو ہیورڈ اور سان ہوزے کے شہروں میں بھی زیورات، چشموں اور کپڑوں کی دکانوں میں دہرائے گئے، جہاں لٹیروں نے بڑی تعداد میں اسٹورز میں داخل ہو کر لوٹ مار کی۔

    واضح رہے کہ یہ ڈکیتیاں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب امریکا کے بڑے شہروں میں پولیسنگ کے مستقبل کے بارے میں بھرپور بحث ہو رہی ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر نے اعلان کیا ہے کہ سان فرانسسکو بے کے پورے علاقے میں بڑے اسٹورز پر بڑے پیمانے پر ڈکیتیوں کی ایک سیریز کے بعد انتہائی ٹریفک والے شاپنگ مالز کے ارد گرد پولیس اہل کار اب زیادہ تعداد میں تعینات ہوں گے۔

    کولیشن آف لا انفورسمنٹ اینڈ ریٹیل کے صدر بین ڈوگن نے کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز کو منظم چوریوں کی وجہ سے ہر سال تقریباً 65 بلین ڈالر کا نقصان ہوتا ہے، اور ہجوم کی صورت میں ڈکیتیاں اب قومی رجحان کا حصہ بن گئی ہیں۔

  • فرانس کی سب سے بڑی ڈکیتی کے ملزمان کا ٹرائل شروع

    فرانس کی سب سے بڑی ڈکیتی کے ملزمان کا ٹرائل شروع

    امریکی ماڈل کم کارڈیشین کے گھر ہونے والی لاکھوں یورو مالیت کی چوری کے ملزمان کا ٹرائل شروع کردیا گیا، یہ فرانس میں گزشتہ 20 برسوں میں کسی انفرادی شخص کے گھر پر ہونے والی ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فرانس کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات کی سماعت شروع ہوگئی، ذرائع نے بتایا کہ کارڈیشین پیرس میں ہونے والی اس ڈکیتی میں ملوث 12 ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت کا حکم دو تفتیشی مجسٹریٹس نے دیا ہے۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ اکتوبر 2016 میں مشہور ماڈل اور امریکن میڈیا پرسنالٹی کم کارڈیشین کے اپارٹمنٹ سے زیورات اور ہیرے لوٹنے کی واردات میں فرانس میں 12 افراد پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ یہ فرانس میں گزشتہ 20 برسوں میں کسی انفرادی شخص کے گھر پر ہونے والی ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات تھی جس میں تقریباً 60 لاکھ یورو (7 ملین ڈالر) کے زیورات ان کے گھر سے لوٹے گئے تھے۔

    یہ واردات اس وقت ہوئی تھی جب کم کارڈیشین پیرس فیشن ویک کے دوران ایک پرتعیش رہائش گاہ پر مقیم تھیں۔

    مشتبہ افراد کو پیرس اور جنوبی فرانس سے 4 ماہ بعد گرفتار کیا گیا، ان میں عمر ایٹ کھڈاشے نامی شخص بھی شامل ہے جسے اولڈ عمر کے نام سے جانا جاتا ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اس گروہ کا سرغنہ ہے۔

  • کرونا ویکسین لے جانے والی گاڑی پر حملہ، درجنوں ویکسینز لوٹ لی گئیں

    کرونا ویکسین لے جانے والی گاڑی پر حملہ، درجنوں ویکسینز لوٹ لی گئیں

    تہران: ایران کے دارالحکومت تہران میں مسلح افراد نے کرونا ویکسین لے جانے والی گاڑی پر حملہ کیا اور کرونا ویکسین کی درجنوں خوراکیں لوٹ کر چلتے بنے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق تہران پولیس کے سربراہ حسین رحیمی کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے ایک گروہ نے کرونا ویکسین کی خوراکیں لے جانے والی گاڑی پر حملہ کیا اور ویکسین لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تہران پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے دارالحکومت کے جنوب میں وزارت صحت کے میڈیکل اسٹور سے نکلنے والی گاڑی پر حملہ کیا اور 300 کرونا ویکسینز لوٹ لیں۔

    پولیس سربراہ نے یہ نہیں بتایا کہ چوروں نے کون سی ویکسین لوٹی ہیں تاہم ایران میں عام طور پر چینی ساختہ سائنو فارم ویکسین کا استعمال جاری ہے۔

    خیال رہے کہ ایران میں کرونا ویکسین چھینے جانے کی یہ واردات ایسے وقت ہوئی ہے جب ملک میں کرونا وائرس کی وجہ سے 1 لاکھ 6 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں اور ایران کی صرف 8 فیصد آبادی کو ہی اب تک ویکسین لگائی جا سکی ہے۔

    ایران اس وقت کرونا کی پانچویں لہر سے نبرد آزما ہے جس میں انتہائی متعدی ڈیلٹا قسم کا پھیلاؤ ایک چیلنج ہے۔

  • کراچی: 6 ڈاکوؤں کی منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ، لاکھوں لوٹ لیے، 2 افراد جاں بحق

    کراچی: 6 ڈاکوؤں کی منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ، لاکھوں لوٹ لیے، 2 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بفرزون میں ڈی سی آفس کے قریب منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہو گیا، ڈاکو کیش سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بفرزون ڈپٹی کمشنر آفس کے قریب 6 ڈاکوؤں نے واردات کے دوران منی چینجر کی ایک وین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا، اور کیش لوٹ کر 3 موٹر سائیکلز پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، کیش وین میں لوٹ مار کے دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور تفتیش شروع کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہونے والوں میں ایک سیکیورٹی گارڈ اور ایک کیشیئر شامل ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات 3 موٹر سائیکلز پر سوار 6 ملزمان نے کی، عینی شاہدین کے بیانات پر پولیس ٹیم ملزمان کی تلاش میں روانہ ہو گئی۔

    ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے میڈیا سےگفتگو میں کہا بینک کلائنٹ نے 6 ہزار ڈالر اپنے اکاؤنٹ میں منگوائے، منی چینج والے بدلے میں کیش لینے بینک آئے تھے، پاکستانی روپے میں رقم 9 لاکھ 85 ہزار روپے تھی، ڈاکوؤں نے واردات سے پہلے گاڑی پر فائرنگ کی، پہلے کمپنی کے ملازمین کو زخمی کیا اور پھر کیش چھین کر 3 ون ٹو فائیو پر فرار ہوئے۔

    انھوں نے بتایا کہ ایک سی سی ٹی وی فوٹیج ہمیں ملی ہے جس میں کچھ واضح نہیں، بینک کے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی چیک کر رہے ہیں، کچھ مثبت پیش رفت ہوئی مگر ابھی شیئر نہیں کر سکتے، کچھ اطلاعات ہیں کہ کون سے گروہ ایسے کام کر رہے ہیں۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ بڑی رقم منتقل کرنے کی ایس او پی فالو نہیں کی گئی، ہائی روف وین میں رقم منتقلی کی اطلاع ہمیں نہیں دی گئی تھی، واقعے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے، جلد اس کیس کو حل کر لیں گے، معلومات لیک ہوئی ہے تب ہی یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس کے مطابق کیش وین میں 4 افراد سوار تھے، فائرنگ سے کیشیئر اور ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوا، اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی جب کہ ایک ملازم صحیح سلامت ہے، معلومات کے حصول کے لیے پولیس کی دوسری ٹیم نجی بینک گئی، معلوم ہوا کہ کیش وین نے ایک جگہ سے 6 ہزار ڈالر لیے اور بینک میں جا کر شہری کو دیے۔

    ایس ایس پی وسطی کے مطابق وین سے ساڑھے 9 لاکھ روپے کے قریب رقم لوٹی گئی۔

    واقعے میں بچ جانے والے ڈرائیور علی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم حیدری برانچ سے رقم لے کر گلستان جوہر کے لیے نکلے تھے، بفرزون میں ایک شخص سے کوئی ڈیل کی پھر ہم آگے کی جانب نکل گئے، بفر زون ہی میں 2 موٹر سائیکل والے سامنے آئے، 2 پیچھے کی جانب آئے، اور انھوں نے اندھا دھند فائرنگ کی، ایک گارڈ میرے اوپر گر گیا، اور ملزمان نے پچھلے گیٹ سے رقم نکالی۔

  • ڈینٹل کلینک میں ڈکیتی کے لیے آنے والے چور نے مریض کے دانتوں پر ہاتھ صاف کردیا

    ڈینٹل کلینک میں ڈکیتی کے لیے آنے والے چور نے مریض کے دانتوں پر ہاتھ صاف کردیا

    مریکا میں ایک ڈینٹل کلینک پر ڈکیتی کے لیے آنے والی خاتون کو جب کچھ نہ ملا تو انہوں نے مریض کی دانتوں کی سرجری کر ڈالی اور اس کے 13 دانت نکال دیے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست نواڈا میں پیش آیا، لورل ایچ نامی خاتون اس سے قبل ایک ڈینٹل کلینک میں کام کرچکی تھیں لیکن ان کے پاس اس کا لائسنس نہیں تھا۔

    جب وہ مذکورہ کلینک میں ڈکیتی کے لیے داخل ہوئیں تو انہیں پتہ چلا کہ کلینک میں پہلے ہی نقب لگ چکی ہے اور تمام نقد رقم غائب ہے، انہیں اور کچھ نہ سوجھا تو انہوں نے وہاں موجود مریض پر ہاتھ صاف کر ڈالے اور اس کے دانتوں کی سرجری کر کے 13 دانت نکال دیے۔

    بعد ازاں پولیس کلینک میں ڈکیتی کی تفتیش کرنے پہنچی۔ نامعلوم چور 32 ہزار ڈالرز کی رقم اور چیکس لے کر فرار ہوچکا تھا۔ کلینک کی ایک کھڑکی کا شیشہ اور لاکرز ٹوٹے ہوئے تھے۔

    پولیس کی تفتیش نے انہیں لورل ایچ تک پہنچایا جو وہاں ڈکیتی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی لیکن اپنے منصوبے میں ناکام رہی۔

    پولیس نے ڈکیتی کرنے والے چور کی تلاش شروع کردی جبکہ ایچ پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی اور بغیر لائسنس سرجری کرنے کا مقدمہ دائر کردیا۔