Tag: ڈکیتی

  • احساس پروگرام سینٹر پر ڈکیتی کی فوٹیج، 6 ڈکیتوں کے خلاف مقدمہ درج

    احساس پروگرام سینٹر پر ڈکیتی کی فوٹیج، 6 ڈکیتوں کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی: مستحقین کی رقم پر ہاتھ صاف کرنے والے ڈکیتوں کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں 6 ڈکیتوں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ناریل پارک پر واقع احساس سینٹر پر ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، چھ ڈکیتوں نے سینٹر میں داخل ہو کر مستحقین کو رقوم سے محروم کر دیا تھا۔

    گلشن پولیس نے احساس سینٹر کے ملازم ریاست کی مدعیت میں واردات کی ایف آئی آر درج کر لی، متن میں لکھا گیا کہ ڈکیت 3 موٹر سائیکلز پر واردات کے لیے آئے تھے، اور واردات کے بعد بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    مقدمے کے متن کے مطابق احساس سینٹر میں چھ نامعلوم ڈکیتوں نے لوٹ مار کی واردات انجام دی، جو احساس کے عملے سے 12 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے، لٹیروں نے سرکاری امداد کی رقم لینے کے لیے آنے والے مستحقین سے بھی موبائل فون چھینے۔

    گلشن اقبال بلاک 5 احساس مرکز پر، مستحقین کی جیب میں جانے سے قبل ہی مستحقین کی رقم پر ڈاکے کی اس واردات کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے چلائی، فوٹیج میں لٹیرے فرار ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

    چھ مسلح ملزمان ناریل پارک احساس پروگرام میں داخل ہوئے، واردات ہوتے وقت وہاں لوگوں میں ایک دم سراسیمگی پھیل گئی، فوٹیج میں وہاں کھڑے تین موٹر سائیکل سوار بھی دکھائی دیتے ہیں، جنھیں دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ بھی عام لوگ ہیں۔

    واردات کے دوران موٹر سائیکلز پر سوار ڈکیت فرار کے لیے بالکل تیار تھے، لوٹ مار کرنے والے فوراً آئے اور بیٹھ کر چلے گئے، فوٹیج میں ایک لٹیرے کے ہاتھ میں پستول بھی واضح دکھائی دیتا ہے، اور وہ ایک لمحے کے لیے رک کر پیچھے بھی مڑ کر دیکھتا ہے جیسے کسی کو آگے بڑھنے سے دھمکی آمیز انداز میں روک رہا ہو۔

    مقدمے کے متن کے مطابق واردات میں ملوث ایک لٹیرا سیکیورٹی گارڈ کی وردی میں ملبوس تھا، اور انھوں نے اسلحے کے زور پر لاکھوں روپے نقدی اور موبائل فونز چھینے، اور انھوں نے مستحقین کو بھی نہیں چھوڑا۔

  • گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس جوانوں نے ڈاکوؤں کو گھیر لیا، لوگ جمع ہو گئے (ویڈیو)

    گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس جوانوں نے ڈاکوؤں کو گھیر لیا، لوگ جمع ہو گئے (ویڈیو)

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایک علاقے میں ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس کے جوانوں نے ڈاکوؤں کا گھیراؤ کر لیا، علاقہ دو طرفہ فائرنگ سے گونج اٹھا، لوگ بھی جانوں سے لاپروائی برتتے ہوئے جمع ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں تھانہ رمنا کے علاقے جی الیون وَن میں ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے میں 2 اہل کار زخمی ہو گئے، جب کہ دو ڈاکو گرفتار کر لیے گئے، موقع پر موجود لوگوں نے جمع ہو کر ویڈیو بھی بنانا شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق تین ڈاکو آج جی الیون 1 میں واقع ایک گھر میں ڈکیتی کے لیے داخل ہوئے تھے، اطلاع ملنے پر پولیس جوانوں کے بر وقت ریسپانس نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی، پولیس اہل کاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان کچھ دیر مقابلہ بھی ہوا، دو طرفہ فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا، پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوا لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکو موقع سے گرفتار کر لیے گئے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس جوان بھی زخمی ہو گئے، جنھیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔

    زخمی حالت میں فرار ہونے والے تیسرے ڈاکو کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں سرچ آپریشن کر رہی ہیں، پولیس حکام نے اس سلسلے میں بتایا کہ 3 ڈاکو ایک گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے، اطلاع پر گشت پر مامور اہل کاروں نے انھیں روکنے کی کوشش کی، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔

    واقعے کے بعد آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز، اور ایس ایس پی آپریشنز نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، آئی جی اسلام آباد نے پولیس جوانوں کی جواں مردی پر انھیں شاباش بھی دی اور جوانوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔

    آئی جی اسلام آباد نے پمز اسپتال کا بھی دورہ کیا، اور زخمی جوانوں کی عیادت کی۔

  • ڈاکوؤں کے آگے مزاحمت کرنے والی خاتون خانہ کو ہارٹ اٹیک، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    ڈاکوؤں کے آگے مزاحمت کرنے والی خاتون خانہ کو ہارٹ اٹیک، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    کارڈوبا: جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے والی خاتون خانہ کو دل کا دورہ پڑ گیا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹینا کے شہر کارڈوبا میں خاتون خانہ کو گھر میں ڈکیتی کے لیے گھسنے والے 3 ڈاکوؤں نے فرش پر لٹا کر باندھا، اس واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی جس میں خاتون کا دہشت زدہ چہرہ دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق پچاس سالہ خاتون کے گھر میں تین ڈکیت 11 مئی کو گیراج کے دروازے سے گھس آئے، جو کچن میں کھلتا تھا، جب کہ اس وقت خاتون خانہ باورچی خانے کو درست کر رہی تھیں۔

    خاتون نے جب مشتبہ افراد کو گھر میں گھستے دیکھا تو جلدی سے شیشے کا دروازہ بند کرنے لگیں، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اس وقت خوف سے چیخیں مار رہی تھیں اور چہرے پر دہشت طاری تھی۔

    ڈاکوؤں نے زور لگا کر دروازہ کھول لیا اور اندر گھس آئے، خاتون ان کے ساتھ مقابلہ کرنے لگیں لیکن انھوں نے خاتون کو فرش پر لٹا کر ان کے ہاتھ پیر باندھ دیے، مقامی ٹی وی رپورٹ کے مطابق اس وقت خاتون کے بیٹوں نے خود کو اوپر کی منزل پر بیڈ روم میں بند کر دیا تھا اور والد کو مطلع کر دیا۔

    دو ڈاکوؤں نے خاتون کو باندھا جب کہ تیسرے نے گھر میں لوٹ مار شروع کی اور ایک پلے اسٹیشن، کمپیوٹر اور نقد رقم اٹھائی، لیکن اسی دوران پولیس کو بھی اطلاع دی جا چکی تھی، جو موقع پر پہنچ گئی۔

    پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا جب کہ باقی دو بھاگنے میں کام یاب ہو گئے، جنھیں تاحال پکڑا نہیں جا سکا، رپورٹ کے مطابق خاتون خانہ کو چند گھنٹے بعد ہارٹ اٹیک آیا جس پر انھیں اسپتال پہنچایا گیا، جہاں وہ دو دن تک زیر علاج رہیں۔

    متاثرہ خاتون کے شوہر فرنانڈو ویسنٹے نے خود کو الزام دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ یہ سب ان کی غلطی کی وجہ سے ہوا، وہ لنچ کے بعد جب دفتر لوٹنے لگے تو دروازہ ٹھیک سے بند نہیں کیا، راستے میں انھوں نے تین میں سے دو ڈاکوؤں کو دیکھا بھی لیکن راہ گیر سمجھ کر کوئی توجہ نہیں دی۔

  • ٹیسٹ کرکٹر اعزاز چیمہ کے گھر ڈکیتی

    ٹیسٹ کرکٹر اعزاز چیمہ کے گھر ڈکیتی

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اعزاز چیمہ کے گھر ڈکیتی کی واردات ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ٹیسٹ کرکٹر اعزاز چیمہ کے گھر میں ڈکیتی کی واردات ہو گئی، 2 ڈاکو گن پوائنٹ پر نقدی اور موبائل فون لے کر فرار ہو گئے۔

    اعزاز چیمہ کا کہنا ہے کہ دو ڈاکوؤں نے ان کے گھر پر ڈکیتی کی واردات کی، سوسائٹی کے گارڈز کے پہنچنے پر ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ اعزاز چیمہ کی درخواست موصول ہو گئی ہے، ملزمان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ ٹیسٹ فاسٹ بولر اعزاز چیمہ گزشتہ برس قائد اعظم ٹرافی فائنل کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے، 15 ستمبر 2011 کو زمبابوے کے خلاف بولاوایو میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے اعزاز چیمہ نے ٹیسٹ میچوں میں 31 اعشاریہ 90 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں۔

    وقار یونس فاسٹ بولر اعزاز چیمہ کے معترف ہوگئے

    اعزاز چیمہ نے 14 ایک روزہ بین الاقومی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 23 اور 8 وکٹیں لیں۔

  • کراچی میں ڈکیتی کی واردات انوکھے طریقے سے ناکام

    کراچی میں ڈکیتی کی واردات انوکھے طریقے سے ناکام

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈکیتی کی واردات انوکھے طریقے سے ناکام ہوگئی، ملزمان کا شکار شخص ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا کر بھاگ کھڑا ہوا جس کے بعد ملزمان بھی ناکام و نامراد واپس لوٹ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں پیش آنے والی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رہائشی علاقے میں ایک شخص گھر کے باہر کھڑا کسی کا انتظار کر رہا ہے جب موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان اس کی جانب بڑھتے ہیں، شہری انہیں دیکھ کر دوڑ لگا دیتا ہے۔

    لیکن تیزی سے بھاگتا ہوا شخص سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا جاتا ہے جس پر ایک مرد اور بچی سوار ہیں، ٹکر سے موٹر سائیکل زمین پر گر جاتی ہے، مذکورہ شخص فوراً اٹھ کر دوسری طرف بھاگتا ہے۔

    موٹر سائیکل سے گرنے والے باپ بیٹی بھی پریشان ہو کر وہاں سے جانے لگتے ہیں، ناکام ملزمان بچی کے اسکول بیگ کی تلاشی لیتے ہیں تاہم کچھ نہ ملنے پر موٹر سائیکل پر بیٹھ کر وہاں سے فرار ہوجاتے ہیں۔

  • امریکا: گھر والوں کو باندھ کر دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات

    امریکا: گھر والوں کو باندھ کر دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات

    امریکا میں ایک گھر میں دن دہاڑے ہونے والی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی گئی جس میں 3 ملزمان نے 5 افراد کو باندھ کر 40 ہزار ڈالر لوٹ لیے۔

    امریکی شہر نیویارک کے علاقے کوئنز میں پیش آنے والا یہ واقعہ گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 ملزمان گھر کے کھلے دروازے سے اندر داخل ہوگئے۔

    ملزمان نے پستول لہرا کر اندر موجود 5 افراد کو اوندھے منہ زمین پر لیٹنے کا حکم دیا اور اس کے بعد ان کے ہاتھ پیچھے کر کے زپ ٹائی سے باندھ دیا، بعد ازاں وہ ایک 43 سالہ شخص کو پستول کی نوک پر مکان کے اندر لے گئے۔

    ملزمان نے اسے دھمکا کر اس سے رقم کے بارے میں دریافت کیا اور گھر میں موجود 40 ہزار ڈالرز کی رقم لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے گھر کے کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے اہل خانہ زخمی ہونے سے محفوظ رہے البتہ وہ صدمے کی حالت میں اور خوفزدہ ہیں، پولیس نے اہل علاقہ سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ اس حوالے سے کوئی معلومات رکھتے ہیں تو پولیس سے شیئر کریں۔

  • ڈاکو پکڑنے والی فیملی مشکل میں پڑ گئی، پنجاب پولیس کا رویہ نہیں بدلا

    ڈاکو پکڑنے والی فیملی مشکل میں پڑ گئی، پنجاب پولیس کا رویہ نہیں بدلا

    اوکاڑہ: پنجاب حکومت تو بدل گئی ہے لیکن پولیس کا رویہ نہیں بدلا، اوکاڑہ شہر میں ایک فیملی نے ڈکیتی کے لیے آنے والے ڈاکوؤں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تاہم پولیس کے طرز عمل سے فیملی ہی مشکل میں پڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے صابر ٹاؤن میں 5 ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر لوٹ مار کی، ڈاکو گھر سے 8 تولے سونا، نقدی اور موبائل فونز لوٹ کر فرا ہونے لگے۔

    تاہم گھر والوں کے شور شرابے پر اہل علاقہ نے 3 ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، پکڑے گئے ڈاکوؤں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، لوگوں نے ان کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    ڈاکوؤں کے پکڑے جانے، اور درگت بننے کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی، ویڈیو میں ڈاکوؤں کے قبضے میں زیورات اور اسلحہ واضح طور پر دیکھا گیا، تاہم متاثرہ فیملی کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے برآمد زیورات پولیس کی جانب سے انھیں واپس نہیں کیےگئے۔

    متاثرہ فیملی کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے زیورات پولیس نے برآمد کیے تھے، پولیس کو 5 ڈاکوؤں کے خلاف درخواست دی گئی تھی لیکن صرف 4 کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

    متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس اور اعلیٰ افسران ہماری بات نہیں سن رہے، ڈاکوؤں سے بھی دھمکیاں مل رہی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب سے دخواست ہے کہ معاملے کا نوٹس لیں۔

    ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں فرار دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • جیولری شاپ میں پونے 2 کروڑ روپے کے زیورات کی ڈکیتی، ویڈیو وائرل

    جیولری شاپ میں پونے 2 کروڑ روپے کے زیورات کی ڈکیتی، ویڈیو وائرل

    انگلینڈ میں چند ڈکیتوں نے زیورات کی دکان سے کروڑوں مالیت کی گھڑیاں اور انگوٹھیاں لوٹ لیں، چہروں پر نقاب ہونے کی وجہ سے پولیس ان کی تلاش کے لیے اندھیرے میں ٹامک ٹوئیاں مار رہی ہے۔

    انگلینڈ کے علاقے کیمبرج شائر میں واقع جیولری شاپ میں ہونے والی اس ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی گئی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 4 نقاب پوش افراد دکان کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور دکان میں موجود شیشوں کے شوکیسز توڑنے لگے۔ چاروں ڈکیت شوکیسز سے خطیر مالیت کی گھڑیاں اور انگوٹھیاں نکال کر اپنے پاس موجود تھیلوں میں ڈال لیتے ہیں۔

    ڈکیتوں کے دکان میں داخل ہوتے ہی ایک زوردار الارم بجتا ہے اور 30 سیکنڈ بعد دکان میں دھواں بھی پھیلنا شروع ہوجاتا ہے تاہم ڈکیت اپنی کارروائی جاری رکھتے ہیں۔

    ڈکیتی کی اس واردات میں دکان سے 1 لاکھ یورو یعنی 1 کروڑ 87 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے کے زیورات کا صفایا ہوگیا۔

    اگلے روز جیولری شاپ کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے پیج پر لکھا کہ ہم یہ بتاتے ہوئے نہایت دلگرفتہ ہیں کہ ہماری دکان میں ڈکیتی ہوئی ہے۔

    پوسٹ میں کہا گیا کہ اگر کوئی شخص رات 2 سے 3 بجے کے درمیان علاقے میں کسی مشکوک سرگرمی سے واقف ہو یا اسے دیکھا ہو تو ہماری مدد کرے۔

    مقامی پولیس نے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کوئی اس ڈکیتی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی معلومات رکھتا ہے تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔

  • پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے تجوری توڑ کر رقم لوٹ لی (ویڈیو)

    پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے تجوری توڑ کر رقم لوٹ لی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں ڈاکوؤں نے ایک ماہ میں تیسرا پیٹرول پمپ لوٹ لیا، ڈاکوؤں نے تجوری توڑ کر رقم لوٹی، جس کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود میں وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، ایک ماہ کے دوران تیسرا پیٹرول پمپ لوٹ لیا گیا۔

    ڈاکوؤں کی یہ واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گئی، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو تجوری توڑتے دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ ڈاکو کتنے اطمینان سے واردات کر جاتے ہیں۔

    سرجانی کے پیٹرول پمپ پر عملے کو زمین پر لٹایا گیا ہے

    یہ واردات پیر کی صبح 5 بجے کی گئی، منی ٹرک میں سوار ڈاکوؤں نے پمپ کی تجوری توڑی، اس سے قبل انھوں نے پمپ کے عملے کوگن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اور پھر تجوری سے 2 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    ڈاکو ٹارچ کی روشنی میں اوزاروں کی مدد سے تجوری توڑ رہے ہیں

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صبح کے اندھیرے میں کمرے کے اندر عملے کو زمین پر لٹایا گیا ہے، اور ڈاکو ہتھوڑی اور دیگر اوزار کی مدد سے ٹار چ کی روشنی میں تجوری توڑ رہے ہیں۔

    پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سمیر نجم الحسن نے اس حوالے سے بتایا کہ ایک بار پھر ایک پیٹرول پمپ لوٹ لیا گیا، ایک ماہ میں پیٹرول پمپوں پر یہ تیسری ڈکیتی ہے۔

    انھوں نے کہا پیر کی صبح 5 بجے شہزور میں سوار ڈاکوؤں نے پمپ کی تجوری توڑ کر رقم لوٹی اور فرار ہو گئے، انھوں نے بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کر دیا ہے کہ پیٹرول پمپوں پر ڈکیتیوں کی روک تھام کے لیے سیکورٹی دی جائے۔

  • کچرا چننے والے لڑکوں نے موبائل کی دکان لوٹ لی، ویڈیو جاری

    کچرا چننے والے لڑکوں نے موبائل کی دکان لوٹ لی، ویڈیو جاری

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے لگیں، پی آئی بی کالونی میں ایک موبائل شاپ پر کچرا چننے والے لڑکوں نے واردات کر کے لاکھوں مالیت کے موبائل فونز لوٹ لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز پی آئی بی تھانے کی حدود میں صبح 5 بج کر 13 منٹ پر نقب زنی کی واردات کی گئی، جس میں 3 کچرا چننے والے لڑکوں نے دکان کا صفایا کر دیا۔

    یہ واردات پی آئی بی 8 نمبر بس اسٹاپ کے قریب واقع موبائل کی دکان میں کی گئی، سی سی ٹی وی کیمرے نے یہ واردات ریکارڈ کر ڈالی، فوٹیج میں دکان میں اندر جاتے ہوئے 3 ملزمان کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کچرا چننے والے لڑکوں نے دکان کے تالے توڑے، اور موبائل کی دکان سے 3 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز اور دیگر سامان لے کر فرار ہوگئے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈکیت لڑکوں نے دکان کے سامنے کھڑے رکشے کا بھی سہارا لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق علاقہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے، پی آئی بی پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جلد سی سی ٹی فوٹیج میں نظر آنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔