Tag: ڈکیتی

  • نیند کے آگے بے بس چور کو ڈکیتی کے دوران سونا مہنگا پڑ گیا

    نیند کے آگے بے بس چور کو ڈکیتی کے دوران سونا مہنگا پڑ گیا

    آندھرا پردیش: بھارتی ریاست میں ایک چور کو دوران ڈکیتی نیند کے آگے بے بس ہونے کے بعد سونا مہنگا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں پولیس نے ایک ایسے چور کو گرفتار کر لیا ہے جو ڈکیتی کے دوران گھر میں سو گیا تھا، سوری بابو کا خیال تھا کہ وہ کچھ دیر جھپکی لے کر اٹھ جائے گا اور لوٹے مال کے ساتھ نکل جائے گا۔

    دفاتر میں نیند کے غلبے کے باعث کام کے دوران ملازمین کا سونا تو آپ نے سنا ہوگا لیکن ڈکیتی کے دوران نیند کا غلبہ ہونے کے دوران اگر چور سو جائے تو اس کا کیا نتیجہ برآمد ہو سکتا ہے، ضلع ایسٹ گوڈاوری میں 21 سالہ چور سوری بابو نے گھر سے مال جمع کرنے کے بعد سوچا کہ تھوڑی دیر سونے کے بعد اٹھ جائے گا، لیکن سوتے حالت میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    معلوم ہوا کہ چور ایئرکنڈیشنر کی ٹھنڈک میں نیند کے غلبے کے آگے مزاحمت نہیں کر سکا تھا اور سو گیا۔

    پولیس کے مطابق گوکاورم سے تعلق رکھنے والے چور نے ایک پیٹرول پمپ کے مالک کے گھر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی تھی، چور کو جب گرفتار کیا گیا تو اس نے ماسک بھی پہن رکھا تھا لیکن کرونا وائرس والا نہیں، یہ بھی معلوم ہوا کہ چور نے کئی دن تک باقاعدہ گھر کی ریکی کی تھی۔

    بتایا گیا کہ چور نے اپنے مالی حالات بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بنایا تھا، 12 ستمبر کو وہ صبح سویرے چار بجے کھلے دروازے میں داخل ہوا، اور سیدھا گھر کے مالک ستی وینکٹ ریڈی کے کمرے میں گیا، جو اس وقت سو رہا تھا۔ دل چسپ بات یہ تھی کہ گھر کے مالک نے اس دن رقم الماری میں رکھنے کی بجائے باہر میز ہی پر رکھ دی تھی، کام بہت آسان ہو گیا تھا لیکن قسمت دیکھیے کہ سوری بابو کو نیند آ گئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ چور نے بتایا وہ تھکا ہوا تھا اور کمرا بھی بہت ٹھنڈا تھا تو وہ نیند کے آگے بے بس ہو گیا، اس نے سوچا کہ جھپکی لے کر اٹھ جائے گا اور یہ سوچ کر وہ گھر کے مالک کا کوٹ اوڑھ کر سو گیا، لیکن اس سے قبل کہ وہ جاگتا، مالک مکان پہلے جاگ گیا۔

    مالک مکان نے کمرے میں ایک چور کو دیکھا تو خاموشی سے باہر نکلا اور دروازہ بند کر کے پولیس کو طلب کر لیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ بابو حلوائی کی دکان پر کام کرتا تھا اور اس پر قرضہ چڑھ گیا تھا، اس نے سوچا کہ اب چور بننے کے علاوہ وہ ان حالات سے باہر نہیں نکل سکے گا۔ اس نے دیکھا کہ پیٹرول پمپ کا مالک روز رقم لے کر گھر جاتا ہے، اس نے اس کا پیچھا کیا اور رقم چرانے کا منصوبہ بنا لیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ بابو پیشہ ور چور نہیں تھا۔

  • 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے پستے کی ڈکیتی

    1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے پستے کی ڈکیتی

    نئی دہلی: بھارت میں ڈاکوؤں نے 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا پستہ لوٹ لیا، پستہ ایک ٹرک میں بھرا ہوا تھا جسے ڈاکو چھین کر فرار ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں ضلع کچھ کے انجار علاقے میں 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے پستے کی ڈکیتی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 32 برس کے ٹرک ڈرائیور لوکش نسادھ نے نے رپورٹ درج کروائی کہ وہ پورٹ کے علاقے سے ٹرک میں 1 کروڑ 44 لاکھ روپے مالیت کا 25 ہزار 110 کلو گرام پستہ بھر کر ممبئی کی جانب جارہا تھا۔

    اسی دوران سنسان سڑک پر ایک کار میں 4 افراد آئے اور انہوں نے ٹرک رکوایا، 2 افراد نے پستول دکھا کر ٹرک ڈرائیور کے منہ پر رومال باندھا اور کار میں بٹھا دیا۔

    دیگر 2 افراد اس کے ٹرک کی چابی اور موبائل فون چھیننے کے بعد پستہ بھرا ٹرک لے کر فرار ہوگئے۔

    ٹرک ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اسے کار میں بٹھا کر گھنٹوں ادھر ادھر گھمانے کے بعد ڈاکو انجار کے نزدیک اتار کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • اسلام آباد میں ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی، 3 ملزمان گرفتار

    اسلام آباد میں ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی، 3 ملزمان گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈکیتی کے دوران 2 خواتین سے زیادتی کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ لوہی بھیر کے علاقے شیر دھمیال میں 6 مسلح افراد شہری کے گھر داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کر دیا۔

    ڈاکوؤں نے گھر میں موجود دو خواتین سے زبردستی زیادتی کی اور جاتے ہوئے گھر میں موجود ایک لاکھ روپے نقدی طلائی زیورات اور موبائلز فون بھی ساتھ لے گئے۔شہری محمد اختر کے بیان پر پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

    ایس پی رورل زون فاروق امجد بٹر نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی رخسار مہدی کی زیر نگرانی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی۔ ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے واردات میں شامل تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں راسب ،عمران اور عادل کوثر شامل ہیں جبکہ واردات میں شامل دیگر تین ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے راسب اور عمران اس سے پہلے بھی ڈکیتی کی وارداتوں اور گینگ ریپ میں چالان یافتہ ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے علاقے گجر پورہ میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران کلینک پر کمپاؤنڈر کے طور پر کام کرنے والی 19 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

  • ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بزرگ خاتون کو گولی مار دی

    ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بزرگ خاتون کو گولی مار دی

    راولپنڈی: پنجاب کے شہر پنڈی میں ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بزرگ خاتون کو گولی مار دی، جس سے وہ جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے وارث خان میں ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر لوٹ مار کی، مزاحمت پر انھوں نے 70 سالہ بزرگ خاتون کو قتل کر دیا اور گھر میں لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔

    ایک رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ راولپنڈی میں ڈکیتیوں، کار اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، شہر اور مضافات میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ وارداتیں اندرون شہر اور گرد و نواح، ٹیکسلا واہ، رواث گوجر خان، صدر بیرونی سرکل میں ہوئیں، شہریوں نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

    ادھر ضلع سیالکوٹ کے شہر ڈسکہ میں گھر والوں کی پسند سے شادی سے انکار پر ماں کے ہاتھوں مطلقہ بیٹی قتل ہو گئی، یہ واقعہ علاقہ آڈھا میں پیش آیا، مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں ماں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ نے پسند کی شادی کی تھی لیکن ماں نے دباؤ ڈال کر طلاق دلوائی، اس کے بعد ملزمہ اپنی بیٹی کی مرضی کے خلاف دوسری شادی کرانا چاہتی تھی لیکن بیٹی نے انکار کر دیا تھا۔

  • موبائل کی دکان پر 12 لاکھ کی ڈکیتی، ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری (ویڈیو)

    موبائل کی دکان پر 12 لاکھ کی ڈکیتی، ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم کے قریبی موبائل شاپ پر گزشتہ روز ڈکیتی کی واردات کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گلشن اقبال، بیت المکرم مسجد کے قریب موبائل فونز کی ایک دکان پر 4 ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر دکان لوٹ لی تھی، واردات کے بعد ڈاکو بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

    اے آر وائی نیوز نے ڈکیتی کی سی سی ٹی وی حاصل کر لی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 4 ملزمان نے دکان پر ڈکیتی کی وردات کی، ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے بعد مزاحمت پر فائرنگ بھی کی لیکن واردات میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے دکان سے 12 لاکھ نقدی اور3 لاکھ کا سامان لوٹا تھا، یہ واقعہ گزشتہ روز سوا آٹھ بجے کے قریب رات کو پیش آیا، دکان کے مالک کی جانب سے واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    بیکری میں ڈکیتی کا سنسنی خیز منظر، کسٹمر گولیوں سے بچنے کے لیے زمین پر لیٹ گئے

    دکان مالک کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی عمر 30 سے 35 سال کے درمیان تھی، ان کا رنگ سانولا تھا، وہ موٹر سائیکل پر آئے اور اسلحے کے زور پر مجھ سے رقم چھینی اور فرار ہو گئے۔ مالک دکان محمد شکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر وہ ملزمان دوبارہ سامنے آئیں تو وہ انھیں پہچان لیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے سر سید میں مٹھائی کی ایک دکان میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی تھی، 3 ملزمان نے دکان میں داخل ہو کر لوٹ مار کرنی چاہی لیکن سیکورٹی گارڈز کی فائرنگ سے ان کی یہ کوشش ناکام ہو گئی، اور ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جو بعد ازاں عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا۔

  • بیکری میں ڈکیتی کا سنسنی خیز منظر، کسٹمر گولیوں سے بچنے کے لیے زمین پر لیٹ گئے

    بیکری میں ڈکیتی کا سنسنی خیز منظر، کسٹمر گولیوں سے بچنے کے لیے زمین پر لیٹ گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سر سید میں مٹھائی کی ایک دکان میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران خاتون اور بچے سمیت کسٹمر کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں، گولیوں سے بچنے کے لیے کسٹمر زمین پر لیٹ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں سرسید کے علاقے میں مٹھائی کی دکان پر 3 ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں۔

    ڈکیتی کے واقعے کے دوران گولیاں چلنے سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا تھا جسے پولیس نے حراست میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

    اے آر وائی نیوز پر چلنے والی فوٹیجز کے مطابق 3 ڈکیت مٹھائی کی دکان میں داخل ہوئے، انھیں سیکورٹی گارڈز کی تعداد کے حوالے سے غلط فہمی ہوئی، ڈکیت سمجھے کہ دکان میں ایک ہی سیکورٹی گارڈ ہے، جس کی وجہ سے ان کا ڈکیتی کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

    ایک ڈاکو اپنے ساتھی کو آواز دے کر سیکورٹی گارڈ کی موجودگی سے خبردار کر رہا ہے

    دکان میں داخل ہونے کے بعد ایک ڈاکو نے سیکورٹی گارڈ کو پکڑ کر اس سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، اس دوران دوسرے ڈاکو نے چلا کر اسے خبردار کرنے کی کوشش کی کہ ایک سیکورٹی گارڈ ادھر بھی ہے، لیکن دیر ہو چکی تھی، پہلے سیکورٹی گارڈ نے موقع دیکھ کر ڈاکو پر فائر کر دیا۔

    سیکورٹی گارڈ پستول نکال کر ڈاکوؤں پر فائرنگ کر رہا ہے جب کہ خاتون اپنے بچے کو کھینچ کر بچانے کی کوشش کر رہی ہے

    فوٹیجز کے مطابق دوسری جانب سے دوسرے سیکورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ سے ڈاکو بھاگا تو دکان کے باہر زخمی حالت میں گر پڑا، جسے بعد ازاں پولیس نے حراست میں لیا، لیکن وہ علاج کے دوران دم توڑ گیا۔

    واقعے کی 4 عدد فوٹیجز میں فائرنگ کے وقت دکان کے اندر اور باہر کے شیشوں پر گولیاں لگتے دیکھا جا سکتا ہے، دونوں کاؤنٹرز کے درمیان خاتون اور بچے سمیت کئی کسٹمرز زمین پر جان بچانے کے لیے لیٹ گئے، گولی چلتے ہی خاتون نے جان بچاتے وقت اپنے بچے کو بھی کھینچ کر نیچے بٹھایا۔

    مٹھائی کی دکان سے باہر کا فوٹیج، جس میں ایک ڈاکو گولی لگنے کے بعد زمین پر گر رہا ہے

    دکان سے باہر والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ اسٹول پر بیٹھا ہوا ملازم گولی کی آواز سنتے ہی چونک اٹھا، وہ گھبرا کر اندر جانے لگا تو اسی وقت ڈاکو فائر کرتے ہوئے باہر نکلے، اور ان میں سے زخمی ڈاکو گر پڑا، جسے دیکھ کر ملازم اور بھی گھبرا گیا اور اندر چلا گیا۔

    بعد ازاں، پولیس کو طلب کیا گیا، اہل کاروں نے آکر زخمی ڈاکو کو حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا۔

  • انوکھی واردات، کرائے کے پیسوں کے لیے کرائے دار نے کس کو لوٹا؟

    انوکھی واردات، کرائے کے پیسوں کے لیے کرائے دار نے کس کو لوٹا؟

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کرائے دار نے کرایہ ادا کرنے کے لیے انوکھی واردات کر ڈالی، تاہم پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر اس کی ترکیب الٹی گلے پڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے جناح روڈ میں ملزم عثمان نے مکان کے کرائے کے پیسے نہ ہونے پر مالک مکان ہی کو نشانہ بنا کر لوٹ لیا، ملزم نے مالک مکان کو لوٹنے کے لیے برقع پہن کر واردات کی تاکہ پہچان نہ لیا جائے۔

    گوجرانوالہ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عثمان نے مالک مکان کو لوٹنے کی واردات برقع پہن کر کی، ملزم نے تیز دھار آلہ دکھا کر مالک مکان سے 39 ہزار روپے چھینے۔

    گوجرانوالہ پولیس کے دردمند اہل کاروں نے واردات کرنے والے کرائے دار کی بیوی کو امدادی رقم دی

    ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے بتایا کہ ملزم عثمان کو ڈکیتی کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے، اور اس کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، تاہم دوسری طرف پولیس اہل کاروں نے انسانیت کا بھی ایک اعلا ثبوت پیش کرتے ہوئے ملزم پر کرائے کی مد میں جمع ہونے والے بقایا جات اپنی جیب سے ادا کر دیے۔

    ملزم عثمان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث اس کے پاس کرایے کے پیسے نہیں تھے، اس لیے واردات کا خیال ذہن میں آیا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ غربت اور بے روزگاری اور بچوں کو بھوکا دیکھ کر ذہنی مریض بن گیا تھا۔

    پولیس اہل کاروں کو ملزم عثمان کے گھریلو حالات جان کر ترس آیا، اور اپنی جیب سے مالک مکان کو بقایا جات ادا کر دیے۔

  • کراچی: ایک ہی علاقے میں 20 روز میں ڈکیتی کی دوسری بڑی واردات

    کراچی: ایک ہی علاقے میں 20 روز میں ڈکیتی کی دوسری بڑی واردات

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو ٹاؤن میں 20 روز میں ڈکیتی کی دوسری بڑی واردات ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نیو ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے ایک گھر میں ڈکیتی کی بڑی واردات کر ڈالی، ڈکیت واردات میں 61 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کرنے والے ڈکیتوں کی تعداد 6 تھی، ملزمان نے اہل خانہ کو یر غمال بنا کر گھر لوٹا، ڈکیتوں نے گھر کے افراد پر تشدد بھی کیا، ملزمان نے دروازے پر لگا تالا توڑا، پھر کمرے کی گرل بھی کاٹی۔

    پولیس کے مطابق ملزمان گھر سے 57 لاکھ پاکستانی کرنسی، 5 ہزار ریال، 5 ہزار درہم لوٹ کر فرار ہوئے، ملزمان کی پہچان کے لیے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کو چیک کیا جا رہا ہے۔

    نیوٹاؤن تھانے کے قریب سوا کروڑ کی ڈکیتی، ملزمان فرار

    واضح رہے کہ 7 جولائی کو پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف مشترکہ کامبنگ آپریشن کیا تھا، ان علاقوں میں نیو ٹاؤن بھی شامل تھا، آپریشن کے دوران مخصوص گلیوں کی ناکہ بندی کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 22 جون کو بھی نیو ٹاؤن میں ایک تاجر کے گھر میں ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، نیو ٹاؤن تھانے کے قریب 5 ملزمان نے گھر کے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر گھر سے سوا کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوئے۔

    متاثرہ فیملی کا کہنا تھا کہ مسلح ملزمان نے گھر سے 110 تولے سونا، نقد رقم 6 لاکھ روپے، اور گھر میں موجود 3 ہزار ریال لوٹے۔

  • کراچی: لاک ڈاؤن کے دنوں کی انوکھی واردات، 3 گھنٹوں میں گھر کا مکمل صفایا

    کراچی: لاک ڈاؤن کے دنوں کی انوکھی واردات، 3 گھنٹوں میں گھر کا مکمل صفایا

    کراچی: شہر قائد میں ایک طرف کرونا وائرس سے لاک ڈاؤن میں شہری پریشانی کا شکار ہیں، دوسری طرف ڈکیتوں نے واردات میں اطمینان دکھانے کی انتہا کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی، پیدل آنے والے ڈکیت 3 گھنٹوں تک گھر میں رہے، اور شادی کے لیے جمع پونجی لوٹنے سمیت پورے گھر کا صفایا کر دیا۔

    پیدل ملزمان شہری اقبال کے گھر سے موٹر سائیکلیں، نقدی اور راشن بھی ساتھ لے گئے، شہری نے پولیس سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ 5 مسلح ملزمان رات 3 بجے گھر میں داخل ہوئے اور 6 بجے صبح واپس گئے، ملزمان نے کچن میں جا کر اطمینان سے چائے بھی خود بنا کر پی۔

    مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتار

    شہری کی درخواست کے مطابق انھوں نے بیٹے اور بیٹی کی شادی لاک ڈاؤن کی وجہ سے روکی ہوئی تھی، لیکن بدقسمتی سے یہ واردات ہو گئی اور ڈکیت شادی کے لیے جمع پونجی 1 لاکھ 30 ہزار بھی لوٹ کر لے گئے، بیٹی کا زیور اور ایک پلاٹ کی فائل بھی لے گئے، ملزمان گھر میں کھڑی 2 موٹرسائیکلیں اور ان کے غذات بھی لے گئے۔

    شہری اقبال کا کہنا تھا کہ گھر کے باہر کمرے میں چھوٹی سی دکان بھی بنا رکھی ہے، جہاں موجود راشن 2 بوروں میں ڈکیت ساتھ لے گئے، ملزمان 3 گھنٹے تک گھر کے اندر موجود رہے، اور انھیں کمرے کے اندر بند کر دیا گیا تھا، ایک ملزم نے موبائل فون چھینا اور زمین پر مار کر توڑ دیا، ملزمان نے کہا پولیس کو مت بتانا 2 روز بعد موٹر سائیکلیں واپس کر دیں گے، شہری کا کہنا تھا کہ ون فائیو پولیس تو آگئی لیکن تھانے کی پولیس تاحال نہیں پہنچی۔

  • گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد ملزمان کا پولیس کے ساتھ 15 منٹ مقابلہ

    گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد ملزمان کا پولیس کے ساتھ 15 منٹ مقابلہ

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان اور پولیس میں مقابلہ ہوا، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح 5 بجے گلستان جوہر بلاک 15 میں ملزمان ایک گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی، پولیس اور ملزمان میں 15 منٹ تک مقابلہ ہوا، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    گلستان جوہر پولیس ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے، دو موٹرسائیکلز پر چار اہل کاروں نے پیچھا کیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سامان سے بھرا رکشہ چھوڑ کر فرار ہوئے، اے آر وائی نیوز نے مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی، جس میں ملزمان کے پیچھے موٹر سائیکل سوار اہل کاروں کو جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ملزمان کے رکشے سے ملنے والی کھلونا پولیس کار اور ٹینک

    پولیس نے بتایا کہ آج صبح 4 ملزمان ایک بنگلے سے ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے، ملزمان ایک رکشے اور ایک کار میں آئے تھے، اس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان 15 منٹ تک مقابلہ چلا، شبہ ہے کہ فائرنگ سے رکشے میں سوار ملزمان زخمی ہوئے ہیں۔

    ملزمان کا رکشہ جسے وہ فرار ہوتے وقت چھوڑ گئے

    پولیس کے مطابق ملزم رکشہ چھوڑ کر کار میں فرار ہوئے، رکشے میں موجود سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے، فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش میں پولیس کی چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں۔