Tag: ڈکیتی

  • ڈاکو 20 منٹ میں 30 کلو سونا لوٹ کر فرار

    ڈاکو 20 منٹ میں 30 کلو سونا لوٹ کر فرار

    چندی گڑھ: بھارتی پنجاب کے صنعتی شہر لدھیانا میں ڈاکو 20 منٹ میں 30 کلو سونا لے کر با آسانی فرار ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دن دیہاڑے مسلح ڈاکو گل روڈ پر واقع انڈین انفولائن فنانس لمیٹڈ میں داخل ہوئے اور عملے کو رسیوں سے باندھ کر سونا لے اڑے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج ریکارڈ کر لی گئی جو پولیس نے تفتیش کے لیے حاصل کر لی ہے، چوری شدہ سونے کی مالیت 120 سے زائد ہے۔

    ڈکیتی کی واردات کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی آفس کے عقب میں ہوئی اور ڈاکو 20 منٹ تک لوٹ مار کرتے رہے لیکن کسی کو خبر تک نہ ہوئی۔

    پولیس کشمنر کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے فرار ہونے کے بعد عملے نے ایمرجنسی الارم بجایا، جس وقت ڈکیتی ہوئی وہاں کوئی گاہک موجود نہیں تھا۔

    یہ گزشتہ 20 دنوں کے دوران شہر میں ہونے والی دوسری بڑی ڈکیتی ہے، اس سے قبل 4 ڈاکو 29 جنوری کو ایک جیولری شاپ سے کئی کلو سونا لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

  • شہر میں ٹائم ٹیبل پر چلنے والا ڈکیت گروہ پکڑ میں آگیا، سنسنی خیز انکشافات

    شہر میں ٹائم ٹیبل پر چلنے والا ڈکیت گروہ پکڑ میں آگیا، سنسنی خیز انکشافات

    کراچی: شہر قائد میں صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے کے درمیان وارداتیں کرنے والے ٹائم ٹیبل گروپ کے دو اہم کارندے پکڑ لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے ٹائم ٹیبل گروپ کے دو اہم کارندے گرفتار کر لیے، جن میں گروہ کا سرغنہ علیم لمبا اور شوکت سرائیکی شامل ہیں۔

    ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا 5 رکنی ٹائم ٹیبل گروپ کراچی پولیس کو ایک عرصے سے انتہائی مطلوب تھا، ملزمان صرف صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک واردات کرتے تھے، شاطر ملزمان شہریوں کے دفتری اوقات جانے کی ریکی بھی کیا کرتے تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان چوں کہ مخصوص اوقات میں وارداتیں کیا کرتے تھے اس لیے پولیس نے ان کا نام ٹائم ٹیبل گروپ رکھا تھا۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ گروپ کے کارندے گھروں کی ریکی کرتے وقت کار اور موٹر سائیکل کا استعمال کیا کرتے تھے، ملزمان خواتین اور اسکول کے بچوں کی ٹائمنگ اور مصروفیات کا دھیان بھی رکھتے تھے، سی سی ٹی وی اور مضبوط گرل والے گھروں میں ڈکیتی نہیں کرتے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں زیورات، نقد رقم اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، گروپ نے کراچی کے علاقوں تیموریہ اور سرسید کے بنگلوں میں ڈکیتیاں کی تھیں، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں 25 سے زائد بنگلوں میں ڈکیتی کا اعتراف کر لیا ہے۔

    عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ کراچی کے کئی اضلاع میں یہ گروپ وارداتیں کر چکا ہے، گلبہار، اورنگی ٹاؤن، جمشید کوارٹر، پریڈی، اور فیروز آباد کے کئی گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کی جا چکی ہیں، گروہ کا مرکزی ملزم علیم عرف لمبا 12 عدد کیسوں میں عدالت سے مفرور ہے، جب کہ شوکت عرف سرائیکی 2 تھانوں اور عدالتوں سے مفرور ہے۔ پولیس ملزمان سے مزید تفتیش بھی کر رہی ہے۔

  • 11 روز قبل قتل کی ڈرامائی واردات کیسے ہوئی، فوٹیج سامنے آ گئی

    11 روز قبل قتل کی ڈرامائی واردات کیسے ہوئی، فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب 11 روز قبل قتل کی ڈرامائی واردات کیسے ہوئی، اے آر وائی نیوز نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق عائشہ منزل کے قریب 22 جنوری کو شہری عاطف کے قتل کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، اس واردات کی وہ فوٹیج سامنے آ گئی ہے جو قتل کے فوری بعد کی ہے، واردات میں شہری عاطف کمال کو دوران ڈکیتی ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

    مقتول عاطف کمال 22 جنوری کو بینک سے 2 لاکھ روپے لے کر نکلا تھا، واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان پر شہریوں نے پتھر، لوہے کے پانے پھینکے، ملزمان کی موٹر سائیکل بھی بند ہو گئی، لیکن انھوں نے قریب موجود شہری کی موٹر سائیکل چھین لی اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق واردات میں استعمال موٹر سائیکل بھی ملزموں کی گرفتاری میں مدد نہ کر سکی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی موٹر سائیکل چند سال میں متعدد بار فروخت ہو چکی ہے، اس دوران کسی بھی شہری نے موٹر سائیکل اپنے نام نہیں کرائی، تفتیشی پولیس اب تک موٹر سائیکل کے 6 مالکان سے انٹرویو کر چکی ہے۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا، ایک ماہ میں 6 قتل

    پولیس کے مطابق موٹر سائیکل کا کئی بار ٹریفک چالان بھی ہوا تاہم یہ ٹریفک چالان ریکارڈ بھی تفتیشی پولیس کے کام نہ آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے دوران ملزمان نے مقتول سے رقم چھینتے ہوئے مزاحمت پر اسے گولی مار دی تھی، جس سے وہ موقع ہی پر جاں بحق ہوا۔

    واضح رہے کہ کراچی کے باسی گھر میں محفوظ نہ گھر کے باہر، سال کے پہلے مہینے (جنوری 2020) میں پولیس اہل کار، حساس ادارے کے افسر سمیت 6 افراد کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا، ایک ماہ میں 6 قتل

    کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا، ایک ماہ میں 6 قتل

    کراچی: شہرقائد میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا، لوٹ مار کے دوران ملزمان شہریوں کو زخمی کرنے کے ساتھ قیمتی جانیں بھی لینے لگے۔

    اے آر وائی نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق کراچی کے باسی گھر میں محفوظ نہ گھر کے باہر، سال کے پہلے مہینے میں پولیس اہل کار، حساس ادارے کے افسر سمیت 6 افراد کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا گیا۔

    سولجر بازار میں بیرون ملک ویتنام سے لوٹنے والے اسکول ٹیچر کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جب وہ منی ایکس چینج سے اپنی بہن کے ہم راہ پیسے کیش کروا کر نکل رہا تھا۔ عائشہ منزل پر موٹر سائیکل میکنک کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کر دیا گیا۔ کورنگی کاز وے پر اسکول پرنسپل اور حساس ادارے کے سابق افسر بھی اسٹریٹ کرائم کے دوران گولیوں کا نشانہ بنے۔

    نیو کراچی میں پولیس جوان بھی ڈکیتوں کی فائرنگ سے شہید ہوا، جب کہ بلدیہ یوسف گوٹھ میں اسٹریٹ کرمنلز نے مزاحمت پر شہری کی جان لے لی۔ اورنگی ٹاؤن مجاہد چوک پر بھی شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔ جوہر آباد میں کيش وين لوٹنے کے دوران فائرنگ سے 3 شہری زخمی ہوئے، سرسيد کے علاقے میں ملزمان نے اے ٹی ایم سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر زخمی کر دیا۔

    فائرنگ کے دیگر واقعات سپر ہائی وے، کورنگی، لانڈھی، ریلوے کالونی، گلشن، ایوب گوٹھ، اورنگی ٹاؤن، صدر، منظور کالونی، لیاقت آباد اور نیو کراچی میں پیش آئے، جہاں اب تک 20 سے زائد شہری زخمی ہو چکے ہیں۔

    ایک جانب پولیس روزانہ کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف کام کرتی نظر آتی ہے تو دوسری جانب کم زور مقدمات کی وجہ سے ملزمان دوبارہ ضمانت پر آ کر اپنی وارداتیں وہی سے شروع کرتے ہیں جہاں سے ختم کی ہوتی ہیں، شہری منتظر ہیں ایسے قانون کے جس میں ایک مرتبہ گرفتار ہونے والا ملزم کم از کم اپنی سزا پوری کر سکے۔

  • لاہور میں ڈکیت سرگرم، شہری ایک کروڑ نقدی سے محروم

    لاہور میں ڈکیت سرگرم، شہری ایک کروڑ نقدی سے محروم

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں ڈکیت سرگرم ہوگے، 24گھنٹوں میں چوری اور ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں شہری ایک کروڑ نقدی اور قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں 2ڈاکو شہری سے 40ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوئے، جبکہ برکی میں ڈاکو شہری سے 3لاکھ45ہزار کی نقد ی اور زیورات لے اڑے۔

    نشترکالونی میں ڈاکو فیملی کو یرغمال بنا کر 3لاکھ15ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    اسی طرح لاہور کے علاقے ہڈیارہ میں ڈاکوگھر سے 2لاکھ70ہزار کی نقدی لے اڑے، شالیمار میں ڈاکو گھر سے 2لاکھ40 ہزار کی نقدی اور زیورات لوٹ کر لے گئے۔ اسلام پورہ میں ڈاکو گھر والوں کو یرغمال بناکر ایک لاکھ 95ہزار روپے اور موبائل فون لے کر رفوچکر ہوگئے۔

    نواں کوٹ میں ملزمان گھر سے ایک لاکھ40ہزار روپے اور موبائل فون لے اڑے۔ سبزہ زار، سرورروڈ اور لٹن روڈ سے گاڑیاں چوری ہوئیں، لاہور کے مختلف علاقوں سے متعدد موٹر سائیکلیں بھی غائب ہوئیں۔

  • فلمی انداز میں ڈکیتی، ویڈیو وائرل

    فلمی انداز میں ڈکیتی، ویڈیو وائرل

    لندن: برطانیہ میں ڈاکوؤں نے دیدہ دلیری کی تمام حدیں پار کردیں، فلمی انداز میں جیولری شاپ میں گھس کر قیمتی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں 3 ڈاکو مہنگی ترین گاڑی ’’رینج روور‘‘ میں سونار کی دکان لوٹنے آئے اور دلیری سے جیولری شاپ میں توڑ پھوڑ کی اور قیمتی زیورات لے اڑے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈکیتی سے متعلق وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو گاڑی کے ہمراہ شیشہ توڑتے ہوئے جیولری شاپ میں جاگھسے اور ہتھوڑی سے جیولری ریکس کو توڑا اور سونا بیگ میں بھر کر فرار ہوگئے۔

    واقعے کے دوران شاپ میں موجود خریدار اپنی جان بچا کر بھاگے البتہ ڈاکوؤں کو مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ مذکورہ واقعے میں ملوث ویگر نامی ڈاکو کو گرفتار کیا گیا جسے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ تاہم دیگر دو ڈاکو تاحال فرار ہیں۔ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کی یہ واردات گزشتہ سال 25 اکتوبر کو ہوئی۔ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی پولیس کی تحویل میں ہے۔ ملزمان رینج روور کا نمبر پلیٹ تبدیل کرکے وارداتیں کرتے تھے اور یہ گاڑی بھی چوری کی ہے۔

    پولیس حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ سیکیورٹی اداروں نے دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے عوام سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔

  • لاہور میں ایک اور بڑی ڈکیتی، اے آر وائی نیوز نے فوٹیج چلا دی

    لاہور میں ایک اور بڑی ڈکیتی، اے آر وائی نیوز نے فوٹیج چلا دی

    لاہور: شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ نہ رک سکا، تھانہ کاہنہ کی حدود میں فرنیچر شو روم میں ڈکیتی کی واردات میں ڈیڑھ لاکھ لوٹ لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب بالخصوص لاہور میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سلسلہ نہ رک سکا، لاہور کے علاقے کاہنہ میں فرنیچر شو روم میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو شو روم سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی اور سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 ڈاکو شو روم میں خریداری کے لیے آنے والی فیملی کے ساتھ ہی اندر داخل ہوئے، اور لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا مجرموں کا کامیاب تعاقب

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب پولیس کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ مجرموں کا تعاقب کیا جائے تاکہ صوبے سے جرائم کا گراف نیچے آئے۔ جس کے بعد پنجاب پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کی ابتدائی رپورٹس وزیر اعظم آفس بھجوانے لگی ہے۔

    دو دن قبلوہاڑی کے قریب تھانہ لڈن کی حدود میں ایک پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے تھے، ملزمان ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے۔ لاہور میں بھی ڈکیتی کرنے والے گروہ کے خلاف سی آئی اے پولیس نے کام یاب کارروائی کی، لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرنے والا 10 رکنی گروہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں کی رپورٹ وزیر اعظم آفس بھجوائی گئی تھی۔

  • لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ، وجہ سامنے آ گئی

    لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ، وجہ سامنے آ گئی

    لاہور: پنجاب کے دل لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، پولیس نے جرائم میں اضافے کی وجہ بھی بتا دی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت اب تک 5 آئی جی تبدیل کر چکی ہے، پولیس کے افسران میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھا ڑ کی گئی ہے، تاہم صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی 30 سے 40 وراداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں، گزشتہ ہفتے ڈاکو وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے کے گھر بھی لوٹ مار کر کے چلتے بنے۔ واقعے میں ملوث 3 ڈاکو گرفتار کر لیے گئے تھے، سی آئی اے پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا۔

    رائیونڈ روڈ پر 6 ڈاکوؤں نے رات کو سینئر صحافی امتیاز عالم کا گھر بھی لوٹ لیا تھا، واردات کے دوران غیر ملکی کرنسی اور زیورات لوٹ کر ڈاکو فرار ہو گئے تھے، ڈاکوؤں نے گھر میں موجود پولیس اہل کار اور ڈرائیور کو باندھ دیا تھا۔ تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں بھی ملزمان سینئر صحافی سے لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے تھے۔

    مناواں میں ایک گھر سے سوا کروڑ روپے کے زیورات اور نقدی لوٹ لی گئی تھی، ایک ڈاکٹر کے گھر پر ہونے والی اس ڈکیتی میں 5 ڈاکو گھر سے 150 تولہ سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ لاہور کے علاقے شادباغ میں بھی گھر میں 28 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی، ڈاکو نقدی اور سونا لے کر کامیابی سے فرار ہو گئے۔ مانگا منڈی میں ڈاکوؤں نے پولیس اہل کاروں کے گھروں کا بھی صفایا کر دیا تھا، یکے بعد دیگرے 2 گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں ہوئیں، ٹریفک وارڈن کے گھر لوٹ مار سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور زیورات سے محروم کیا گیا، دوسری واردات میں گھر سے 12 تولے کا زیور ،نقدی، موبائل اور دیگر سامان لوٹا گیا۔ یہ واردات ریٹائر سب انسپکٹر کے گھر کی گئی تھی۔

    کوٹ لکھپت میں ڈکیتی مزاحمت پر گارڈ کو قتل کر کے 8 لاکھ لوٹ لیے گئے تھے، پولیس حکام کے مطابق کوٹ لکھپت میں رحمت کالونی میں ڈاکو ملٹی نیشنل کمپنی سے 8 لاکھ لے اڑے، دوران ڈکیتی سیکورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اسے قتل کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق صدر پولیس ڈویژن میں ڈکیتی کی واردتیں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم میں اضافے کی ایک وجہ زیادہ آبادی اور بے روز گاری ہے۔

  • بینک سے رقم نکالنے والا گھر کے اندر ریکارڈ وقت میں لٹ گیا

    بینک سے رقم نکالنے والا گھر کے اندر ریکارڈ وقت میں لٹ گیا

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے یا کمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، بینک سے رقم نکالنے والا شہری گھر کے اندر ہی محض 40 سیکنڈ میں لٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں ایک شہری بینک سے رقم نکالنے کے بعد گھر آیا تو لٹیروں نے اسے چالیس سیکنڈ کے اندر لوٹ کر رقم سے محروم کر دیا، جب کہ اس دوران شہری کی معصوم بیٹی حیرانگی سے یہ واقعہ دیکھتی رہ گئی۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، ڈکیتی کا یہ واقعہ گارڈن تھانے کی حدود میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں پیش آیا، جس میں 3 ملزمان 40 سیکنڈ میں واردات کر کے فرار ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں، رپورٹ جاری

    فوٹیج میں ملزمان کو سڑک سے اپارٹمنٹ کے اندر داخل ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، اطلاعات کے مطابق متاثرہ شہری اردو بازار میں بینک سے رقم لے کر نکلا تھا، ملزمان نے بینک سے شہری کا تعاقب کیا، انھوں نے ماسک اور ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔

    ادھر پولیس نے ملزمان کی موٹر سائیکل کا نمبر بھی حاصل کر لیا ہے، تاہم اس کے باوجود پولیس ملزمان تک پہنچنے میں تاحال ناکام ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی رپورٹ ہے کہ کراچی میں شہریوں کو 5 ہزار سے زائد گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور موبائل فون سے محروم کیا گیا تھا۔

  • کراچی: پی پی رہنما تاج حیدر کے گھر تین ماہ میں چوری کی چوتھی واردات

    کراچی: پی پی رہنما تاج حیدر کے گھر تین ماہ میں چوری کی چوتھی واردات

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر کے گھر چوری کی واردات ہوئی ہے، یہ تین ماہ کے دوران ان گھر میں چوتھی چوری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی رہنما تاج حیدر کے گھر چوری کی واردات کی ایف آئی آر تھانہ گزری میں درج کرلی گئی۔

    تاج حیدر کا کہنا ہے کہ پارٹی اجلاس سے واپس آیا تو پورا گھر بکھرا ہوا تھا، گھرمیں کوئی خاص چیز موجود نہیں تھی چور کپڑے پھیلا کر چلے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ گذشتہ وارداتیں بھی 9 تاریخ کوہوئی تھیں، واقعہ کی اطلاع گزری پولیس کو کردی، جس پر پولیس نے ہرممکن کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    کراچی: پی پی رہنما تاج حیدر کے گھر ایک ماہ میں‌ دوسری چوری

    پی پی رہنما کے گھر چوری کے واقعے کا مقدمہ تھانہ گزری میں درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ میں اوراہلیہ صبح 9بجے گھر کو تالا لگا کر نکلے تھے، رات 11بجے اہلیہ کے ہمراہ گھر پہنچا تو کنڈی ٹوٹی اور سامان بکھرا پڑا تھا۔

    خیال رہے کہ تاج حیدر کے گھر گذشتہ ماہ اسی دن چوری کی دوسری واردات ہوئی تھی۔