Tag: ڈکیتی

  • 9 سیکنڈز میں 55 لاکھ کی ڈکیتی، ویڈیو سامنے آ گئی

    9 سیکنڈز میں 55 لاکھ کی ڈکیتی، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں لٹیروں نے 9 سیکنڈز میں 55 لاکھ کی ڈکیتی کی اور فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں شہری سے سر عام لوٹ مار کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں 2 لٹیروں کو شہری سے رقم سے بھرا بیگ چھینتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ پہن رکھے تھے، ایک لٹیرے نے اسلحہ نکال کر دھمکایا، اور دوسرے نے رقم سے بھرا بیگ چھین لیا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واردات میں راشد نامی شہری لٹیروں کا ہدف بنا، جو رقم بینک میں جمع کروانے جا رہا تھا۔ مصرف سڑک کے کنارے وہ جیسے ہی بیگ ہاتھ میں لیے کار سے اترا، موڑ پر موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو اس کے سامنے آ گئے، یہ واردات محض نو سیکنڈز میں ہوئی اور لٹیرے بہ آسانی فرار ہو گئے۔

  • کراچی میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث میاں بیوی گرفتار

    کراچی میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث میاں بیوی گرفتار

    کراچی : ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان محسن اور عظمیٰ انتہائی مطلوب تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے گلشن معمارموڑ پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا نے بتایا کہ ملزمان محسن اور عظمیٰ انتہائی مطلوب تھے تاہم گرفتار میاں بیوی سے 2 پستول برآمد ہوئے۔

    فرخ رضا کا کہنا تھا کہ ملزم محسن پہلے بھی گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے، ملزم نے کورنگی کیماڑی ایسٹ میں وارداتوں کا اعتراف کیا۔

    محسن اور اس کی بیوی عظمیٰ کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کراچی کے علاقے شاہ لطیف سیکٹر 22 میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا تھا۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ پولیس ٹیم اطلاع پر شاہ لطیف میں واقع ہوٹل پہنچی تو ملزمان کھانا کھا رہے تھے، پولیس دیکھ کرملزمان نےفرارکی کوشش کی۔

  • بلدیہ میں دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج، شہری لٹیروں کے رحم و کرم پر

    بلدیہ میں دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج، شہری لٹیروں کے رحم و کرم پر

    کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں، بلدیہ کے علاقے میں بھی ایک واردات کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی میں اے ٹی ایم کے اندر شہری کو لوٹنے کی ویڈیو کے بعد ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں بلدیہ مدینہ کالونی میں ایک چکن شاپ میں دکان دار اور شہریوں کو لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تھانہ مدینہ کالونی کی حدود سیکٹر A/3 دارالعلوم صفحہ و مسجد کے قریب اختر چکن شاپ پر دو لٹیروں نے لوٹ مار کی واردات کی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے اسلحے کے زور پر شاپ پر موجود 3 لوگوں سے 6 موبائل فون اور 30 ہزار کیش چھین کر فرار ہو گئے۔

    کراچی کے شہری لٹیروں کے رحم و کرم پر آ چکے ہیں، اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، ایسے میں پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مذکورہ واردات میں ملوث لٹیروں کی تلاش جاری ہے۔

    اے ٹی ایم سے پیسے نکالتے ہوئے ہوشیار، کورنگی میں واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    یاد رہے کہ کورنگی نمبر دو میں اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہری کو 2 ڈاکوؤں نے لوٹ لیا تھا، شہری اے ٹی ایم کا دروازہ لاک کر کے پیسے نکال رہا تھا، رقم نکال کر جیسے ہی وہ باہر نکلنے لگا تو دو مسلح ڈاکو اے ٹی ایم کے اندر داخل ہو گئے، ڈاکو نے شہری سے اے ٹی ایم سے نکالی گئی رقم اور بٹوے سے پیسے نکال لیے۔

    ڈاکوؤں نے شہری کو ایک بار پھر اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کا کہا تو وہ مزاحمت کرنے لگا، اس پر انھوں نے شہری کو ڈرایا، شہری نے ایک بار پھر اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر ڈاکوؤں کو دے دی۔

  • گلی میں لوٹ مار کے دوران لٹیرے نے خاتون پر فائر کر دیا، فوٹیج

    گلی میں لوٹ مار کے دوران لٹیرے نے خاتون پر فائر کر دیا، فوٹیج

    کراچی: شہر قائد میں دن دہاڑے گلیوں میں لوٹ مار کے دہشت ناک واقعات اب معمول بن چکے ہیں، پولیس کے دعوؤں کے برعکس شہری اپنی قیمتی اشیا ہی نہیں جانوں سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔

    کراچی کے علاقے محمود آباد کی ایک گلی میں لوٹ مار کا ایک دہشت ناک واقعہ اس وقت رونما ہوا جب لٹیرے نے واردات کے دوران ڈرانے کے لیے خاتون پر فائر کر دیا۔

    لوٹ مار کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی، جس میں محمود آباد میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں کو خاتون سمیت 2 افراد سے لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو گلی میں داخل ہوئے، اور موٹر سائیکل پر آنے والے ایک شہری سے لوٹ مار کرنے لگے، ایسے میں لٹیروں کا ایک ساتھی گلی سے گزرنے والی خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش کرنے لگا۔

    خاتون کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ڈاکو نے اس پر فائر کر دیا، تاہم خوش قسمتی سے خاتون گولی لگنے سے محفوظ رہی، اور اس دوران لٹیرے نے خاتون کا پرس چھینا اور ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو گیا۔

  • ایک غیر آئینی اقدام ہوا، رات میں ڈکیتی ہوئی، وزیراعلیٰ کےپی

    ایک غیر آئینی اقدام ہوا، رات میں ڈکیتی ہوئی، وزیراعلیٰ کےپی

    وزیراعلیٰ کےپی نے کہا ہے کہ ایک غیر آئینی اقدام ہوا، رات میں ڈکیتی ہوئی، ایسی حکومت نے عدلیہ پر حملہ کیا جس کے پاس مینڈیٹ نہیں۔

    خیبر پختونخوا اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈکیتی ہمیشہ رات میں ہوتی ہے، 26ویں آئینی ترمیم اشرافیہ کیلئے کی گئی، ہم ایسی ترامیم کو نہیں مانتے، اپنے بندے بٹھاکر فیصلے لیں گے تو ادارے آگے نہیں بڑھیں گے۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایسی حکومت نےعدلیہ پرحملہ کیاجس کےپاس جائزمینڈیٹ نہیں، حکومت نے غیرآئینی ترامیم کیں، جو لوگ بانی کی پیٹھ پر چھرا گھونپنے کیلئے کھڑے تھے آج رات تک ان سب کے نام آجائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ مشکل وقت آیا پارٹی پر، پتہ چل گیا کون بزدل اور ضمیرفروش تھا، غدار غدار ہے تاریخ میں غدار کو غدار ہی کہا جاتا ہے۔

    علی امین نے کہا کہ غدارغدار ہے چاہے بزدلی سے غداری کرے یا بک کر کرے، کہتے ہیں مجبوری تھی، ووٹ کیوں دیا استعفیٰ کیوں نہیں دیا، پارٹی سے غداری کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

    جو کہتا ہے مجبوری تھی اسے استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا، قوم بھی حساب لے گی اور ہم بھی ان لوگوں کو چھوڑیں گے نہیں، ضمیر فروشی کرنے والوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بانی کے نام پر ووٹ لیکر دھوکا دینے والوں سے حساب لیں گے، ایسا نہیں ہوسکتا آپ سے کوئی سوال نہیں کرے گا، وقت آتا ہے سب کا۔

    دریں اثنا کے پی اسمبلی نے پولیس ترمیمی بل 2024 کی منظوری دیدی، اس حوالے سے وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہماری پولیس کی بے پناہ قربانیاں ہیں، ہم اپنی پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں، پولیس حکام سے بات کرکےبل لائے ہیں۔

  • تیموریہ، نارتھ ناظم آباد میں تین دن سے وارداتیں کرنے والا ہلاک ڈاکو افغان باشندہ نکلا

    تیموریہ، نارتھ ناظم آباد میں تین دن سے وارداتیں کرنے والا ہلاک ڈاکو افغان باشندہ نکلا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس کے ہاتھوں بفر زون نمک بینک کے قریب مقابلے میں مارے جانے والے ملزم کا تعلق افغان ڈکیت گینگ سے نکلا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بفرزون نمک بینک کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو مار دیا، پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزم کا تعلق افغان ڈکیت گینگ سے ہے۔

    رات گئے پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو سے متعلق ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے انکشاف کیا کہ اس کا تعلق افغان ہاؤس رابر ڈکیت گروہ سے ہے، ملزمان کئی روز سے تیموریہ اور نارتھ ناظم آباد میں وارداتیں کر رہے تھے۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کو پکڑنے کے لیے خصوصی طور پر مختلف پوائنٹس پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی تھی، آج جب پولیس پارٹی نے مشتبہ کار کو دیکھ کر روکنے کی کوشش کی، تو ملزمان پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر کے فرار ہونے لگے۔

    ذیشان صدیقی کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے کار سوار ملزمان شدید زخمی ہوئے، پولیس نے جب کار کا پیچھا کیا تو کار میں ایک ملزم کی لاش موجود تھی، جب کہ ایک زخمی سمیت دیگر ملزمان فرار ہو گئے تھے۔

    کار کی تلاشی کے دوران گھر کے تالے توڑنے، کاٹنے سمیت دیگر کئی اوزار، ایک پستول، دو میگزین اور دستانے کی جوڑی بھی برآمد ہوئی ہے، ذیشان صدیقی کے مطابق ملزمان کی تلاش میں پورے علاقے کی ناکہ بندی کر لی گئی ہے اور پوری کوشش ہے کہ ہلاک ملزم کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کیا جا سکے۔

  • لاہور میں ایک کروڑ سے زائد کی ڈکیتی

    لاہور میں ایک کروڑ سے زائد کی ڈکیتی

    لاہور: تھانہ نصیرآباد کی حدود میں مسلح موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہری سے اسلحے کے زور پر ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد کی رقم چھین لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ نصیرآباد کی حدود میں ڈاکو نے شہری سے ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، شہری عمر کی مدعیت میں تھانہ نصیرآباد میں مقدمہ درج  کرلیا گیا۔

    شہری سونے کا کاروبار کرتا ہے سونا دے کر نقد رقم لے کر جا رہا تھا، 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان گن پوائنٹ پر کیش چھین کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی سی سی ٹی وی کی مدد سے جانچ پڑتال شروع کر دی گئی ہے۔

  • ڈکیتی کے دوران خاتون سے مبینہ زیادتی

    ڈکیتی کے دوران خاتون سے مبینہ زیادتی

    فیصل آباد میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کے دوران شادی شدہ خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے نواحی علاقے میں دن دہاڑے ڈکیتی کے دوران خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، بھٹہ مزدور بیوی کے ہمراہ سامان خریدنے جارہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بھٹہ مزدور سے موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے 2500 روپے، موبائل چھینا، دوسرے ایک ڈاکو نے خاتون کو کھیت میں لے جا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ ساندل بار میں شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • ڈکیتیوں کی سنچری کرنے والے دو ملزمان گرفتار

    ڈکیتیوں کی سنچری کرنے والے دو ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس نے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے اسپارکو روڈ کے قریب مشترکہ کارروائی کے دوران ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد علی اور محمد واجد کے نام سے ہوئی ہے، ملزم سے اسلحہ، موبائل فون، چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ہمراہ 100 سے زائد ڈکیتیوں کا اعتراف کیا ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہے ہیں۔

  • ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کا بیٹا جاں بحق

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کا بیٹا جاں بحق

    کشمور: ڈاکوؤں کی ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار کا بیٹا جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمور کے نواحی علاقے میں پولیس اہلکار اور بیٹی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نیتجے میں اہلکار کا بیٹا جاں بحق جبکہ چوکی انچارج زخمی ہوگیا۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کے بیٹے کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیاگیا تھا تاہم وہ زخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار لکمیر اوڈ ڈیوٹی پر جا رہا تھا، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، تلاشی جاری ہے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔