Tag: ڈکیتی

  • ویڈیو: لٹیروں نے تعاقب کے بعد دودھ کے تاجر کو بے رحمی سے گولی مار کر بھاری رقم چھین لی

    ویڈیو: لٹیروں نے تعاقب کے بعد دودھ کے تاجر کو بے رحمی سے گولی مار کر بھاری رقم چھین لی

    کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار اور شہری کو بے رحمی سے گولی مارنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر لٹیروں کی جنت بن چکا ہے، اسٹریٹ کریمنلز اطمینان سے وارداتیں کر کے فرار ہو جاتے ہیں، اور فوٹیجز ہونے کے باوجود کراچی پولیس جرائم پیشہ افراد اور وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام ہے۔

    تازہ واقعے میں کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر 12 مئی کو دودھ کے تاجر کو تعاقب کے بعد گولی مار کر 7 لاکھ روپے چھینے کی واردات کی گئی تھی، جس کی ایف آئی آر تیرہ مئی کو درج کی گئی۔

    مقدمے کے مطابق دودھ کا تاجر موٹر سائیکل پر ابوالحسن اصفہانی روڈ سے رقم کی ریکوری کے لیے نکلا تھا، جب وہ لیاقت آباد پہنچا تو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ رکا، جس پر لٹیروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔

    ایف آئی آر کے مطابق چلائی گئی گولی پہلے تاجر کی ٹانگ پر لگی اور پھر موٹر سائیکل کے ٹائر پر جا لگی، گولی لگنے سے وہ زخمی ہو گیا، لیکن اسی حالت میں وہ موٹر سائیکل بھگاتا رہا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کہ جب وہ سندھ گورنمنٹ اسپتال پہنچا تو سڑک پر گڑھے کے باعث اس کی موٹر سائیکل گر پڑی، اور وہ بھی گر گیا، اس دوران لٹیرے بھی پستول ہاتھ میں لیے پہنچ گئے۔

    ڈاکوؤں نے بائیک میں موجود 7 لاکھ روپے لیے، اور پھر ایک لٹیرے نے تاجر سے بھی اس کا موبائل فون چھین لیا، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • ویڈیو: ڈکیتی کے دوران دو طرفہ فائرنگ میں شہری کی جان چلی گئی

    ویڈیو: ڈکیتی کے دوران دو طرفہ فائرنگ میں شہری کی جان چلی گئی

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی کے دوران ایک اور شہری کی جان چلی گئی، گلشن اقبال میں ڈکیتی کی واردات کے دوران دو طرفہ فائرنگ میں احسن نامی شہری جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 11 میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹئج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں فائرنگ کے بعد شہریوں کو بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    28 سالہ احسن کو فوٹیج میں بھاگتے ہوئے اور پھر گولی لگ جانے کے بعد گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکو ہوٹل کے باہر لوٹ مار کر رہے تھے کہ سیکیورٹی گارڈ نے ان پر فائرنگ کر دی، تاہم ڈاکؤوں کی جوابی فائرنگ کی زد میں آ کر احسن جاں بحق ہو گیا، مقتول شہری پان کے کیبن کے قریب موجود تھا۔

    کراچی میں ڈکیتی کے دوران قتل ہونے والوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔

  • باکسر عامر خان کی ہیروں کی گھڑی لوٹنے والے ملزمان کا اعتراف جرم

    باکسر عامر خان کی ہیروں کی گھڑی لوٹنے والے ملزمان کا اعتراف جرم

    معروف پاکستانی نژاد باکسر عامر خان گزشتہ برس سڑک پر ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں اپنی ہیروں کی گھڑی سے محروم ہوگئے تھے، انہیں لوٹنے والے ملزمان نے اب اعراف جرم کرلیا ہے۔

    لندن میں پاکستانی نژاد باکسر عامر خان کی 86 ہزار ڈالر کی گھڑی گن پوائنٹ پر لوٹنے والے 2 ڈاکوؤں نے اعتراف جرم کر لیا ہے، اس گھڑی میں ہیرے جڑے ہوئے تھے اور پاکستانی کرنسی میں اس گھڑی کی قیمت 2 کروڑ 43 لاکھ روپے کے قریب تھی۔

    20 سالہ دانتے کیمپبیل اور 25 سالہ احمد بانا نے لندن کی عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا، جبکہ ان کے اس جرم کی سزا کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    جاسوس کانسٹیبل سٹورٹ پونڈر کا کہنا تھا کہ ان افراد نے منصوبہ بندی کے ساتھ واردات کی اور انہیں معلوم تھا کہ وہ کس کو لوٹ رہے ہیں اور کیا لوٹ رہے ہیں، گلی میں بہت سے لوگوں کی موجودگی میں انہیں اسلحہ نکال کر عامر خان کو دھمکی دینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوئی۔

    یہ ڈکیتی گزشتہ برس اپریل میں اس وقت ہوئی جب عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم مشرقی لندن میں ایک ریسٹورنٹ سے باہر آئے۔

    پولیس نے اس واردات کا سراغ سی سی ٹی وی کیمرے سے احمد بانا کی سلور رنگ کی مرسڈیز کار سے لگایا اور پھر اس کے ذریعے دانتے کیمپبیل کو پکڑا، یہ دونوں 22 جون کو گرفتار ہوئے۔

    عامر خان نے ایک سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ میں ایک کھلاڑی اور فائٹر ہوں، میں نے بہت مشکل حالات کا سامنا کیا ہے، لیکن یہ مختلف تھا۔ یہ بہت زیادہ خوف زدہ کر دینے والا واقعہ تھا۔

    انہوں نے عدالت میں کہا کہ جب اس نے میرے چہرے کی طرف بندوق کی، میں اسے پہچان نہ سکا کیونکہ اس نے ماسک پہن رکھا تھا۔ میں نے منہ دوسری طرف کرلیا کیونکہ میں نہیں چاہتا تھا کہ وہ فائر کر دے۔

    سٹورٹ پونڈر نے کہا کہ جو بھی ڈکیتی کا شکار ہوتا ہے اسے فوری طور پر پولیس کو رپورٹ کرنا چاہیئے، اس سے ہمیں فارنزک شواہد ملتے ہیں اور متشدد مجرمان کے خلاف کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے۔

    اس واقعے میں ملوث 2 مزید افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جو ریسٹورنٹ میں عامر خان پر نظر رکھے ہوئے تھے، بعد ازان عدالت نے انہیں رہا کر دیا، جبکہ حمزہ کیولین نامی ایک شخص کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

  • لاہور میں کرکٹر محمد حفیظ کے گھر میں ڈکیتی کی واردات

    لاہور میں کرکٹر محمد حفیظ کے گھر میں ڈکیتی کی واردات

    لٹیروں سے کرکٹر کے گھر بھی محفوظ نہیں، لاہور میں کرکٹر محمد حفیظ کے گھر چوری کی واردات رپورٹ ہوئی ہے جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق کرکٹر محمد حفیظ کے گھر سے چور لاکھوں روپے کی غیر ملکی کرنسی چور لوٹ کر لے گئے۔

    پولیس کے مطابق محمد حفیظ کے گھر اتوار اور پیر کی درمیان شب واردات ہوئی، واردات کا مقدمہ بیوی کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

  • 17 لاکھ کی ڈکیتی، ون فائیو پر جھوٹی کال کرنے والا بری طرح پھنس گیا

    17 لاکھ کی ڈکیتی، ون فائیو پر جھوٹی کال کرنے والا بری طرح پھنس گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر میں مددگار ون فائیو پر کال کر کے اپنے گھر میں لاکھوں روپے کی ڈکیتی کی جھوٹی واردات کی اطلاع دینے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ ملیر سٹی پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر گھر میں ہونے والی ڈکیتی کی گتھی سلجھا لی، ضلع ملیر پولیس نے 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے رضا عباس عرف سکندر کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق رضا عباس نے 15 مددگار پر کال کر کے گھر میں 17 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دی تھی۔

    گرفتار ملزم نے دوران تفتیش 15 مددگار پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے کا اعتراف کیا، پولیس نے اس کے قبضے سے 12 لاکھ روپے کی رقم برآمد کر لی، رضا عباس نے انکشاف کیا کہ بقیہ 5 لاکھ روپے کی رقم سے اس نے اپنا قرضہ اتارا۔

    گرفتار ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے، ایس ایچ او تھانہ ملیر سٹی کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف پولیس کو جھوٹی رپورٹ/دھوکا دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔

  • ڈکیتی کے دوران سرکاری اہلکار کا قتل، ملزم ایک ماہ بعد گرفتار

    ڈکیتی کے دوران سرکاری اہلکار کا قتل، ملزم ایک ماہ بعد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں سرکاری اہلکار کو ڈکیتی کے دوران قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کی، کارروائی میں سرکاری اہلکار کو ڈکیتی کے دوران شہید کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان غنی عرف بلوچ، اورنگی ٹاؤن اور اطراف میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    گرفتار ملزم نے 18 جنوری کو سائٹ کے علاقے میں واردات کی تھی، مزاحمت پر ملزم نے سرکاری اہلکار کو زخمی کیا اور موبائل اور نقدی چھین کر فرار ہوگیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکار اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • ڈکیتی کی بڑی واردات : ڈاکو کیش وین سے ساڑھے 9 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار

    ڈکیتی کی بڑی واردات : ڈاکو کیش وین سے ساڑھے 9 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار

    گوجرانوالہ : ڈاکو بینک کی کیش وین سے ساڑھے نو کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ کرفرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ، جہاں پانچ مسلح ڈاکوؤں نے بینک کی کیش وین لوٹ لی۔

    تھانہ تتلے عالی کے علاقہ ڈیرہ چوکی والا کے قریب کار سوار پانچ ڈاکوؤں نے بنک کی کیش وین کو ذبردستی روک کر 9 کروڑ روپے لوٹ لیے اور موقع سے باآسانی فرار ہوگئے۔

    وین میں پولیس کے مطابق شیخوپورہ سے کیش گوجرانوالہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ ڈیرہ چوکی کے قریب مسلح ڈاکوں نے وین کو لوٹ لیا۔

    ڈاکوؤں فائرنگ کرکے وین ڈرائیورکو زخمی کردیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر کیش وین کے سکیورٹی گارڈز سے تحقیقات شروع کردی اور واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کیلئے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی ہے۔

  • امریکا سے آنے والا خاندان لوٹ لیا گیا، ڈاکو فرار

    امریکا سے آنے والا خاندان لوٹ لیا گیا، ڈاکو فرار

    کراچی : مسلح ڈاکوؤں نے امریکا سے آنے والے خاندان کو لوٹ لیا، ملزمان خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کررہے تھے، واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں نے بیرون ملک سے آئے ہوئے خاندان کو بھی نہ بخشا اور امریکا پلٹ خاندان سے قیمتی اشیاء اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    مذکورہ خاندان جامعہ بنوریہ میں بیٹے کی دستاربندی میں شرکت کیلئے امریکا سے آیاتھا کہ ملزمان نے ایئرپورٹ سے ہی ان کا پیچھا کرنا شروع کردیا تھا۔

    متاثرہ خاندان نے بتایا کہ صبح فجر کے وقت لیاقت آباد دس نمبر سے تھوڑا غریب آباد  پہنچنے پر ملزمان نے گاڑی رکوائی اور خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرتے ہوئے شناختی دستاویزات طلب کیں۔

    ملزمان نے گاڑی میں موجود افراد سے ان کا سامان لیا اور پاسپورٹ واپس کرکے دیگر قیمتی سامان اور نقدی لے کر لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، مدعی مقدمہ کے مطابق پرس میں 25ہزار امریکی ڈالر، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان موجود تھا۔

    واضح رہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو لوٹنے کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور مسافروں کے سامان کی معلومات سوائے ائیرپورٹ عملے کے کسی اور کو نہیں ہوتی۔

  • سرجانی ٹاؤن : ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد زخمی

    سرجانی ٹاؤن : ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد زخمی

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی مسلح وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کی خدا کی بستی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 24سالہ نوجوان شہریار کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی شخص ساحل کو بھی اسپتال روانہ کیا گیا تھا، دوران واردات علاقہ مکینوں نے ایک مبینہ ڈاکو کو پکڑلیا تھا، تاہم پکڑے گئے ملزم کے ساتھی نے فائرنگ کی جس سے دو شہری زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا مسلح ڈاکو اپنے ساتھی کو چھڑا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • ویڈیو: کراچی لٹیروں کی جنت بن گیا، دن دہاڑے ایک اور واردات

    کراچی: شہر قائد لٹیروں کی جنت بن گیا ہے، لٹیرے دن دہاڑے ایک اور واردات کر کے چلتے بنے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لوٹ مار کی ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، یہ واردات کورنگی کے علاقے سیکٹر 32 اے میں 3 لٹیروں نے کی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ کراچی میں پولیس نامی کوئی ادارہ موجود نہیں، اور لٹیرے دن دہاڑے بے خوفی اور آرام سے وارداتیں کر کے نکل جاتے ہیں۔

    جمعرات کو کی گئی واردات میں تین لٹیروں نے علاقے میں مال سپلائی کرنے والی گاڑی سمیت کئی دکانوں کو لوٹا، دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین لٹیرے اسلحے کے زور پر اطمینان سے لوٹ مار کرتے رہے۔

    فوٹیج: کراچی میں ایک بار پھر بچوں کا موٹر سائیکل لفٹر گینگ سرگرم

    واردات کے بعد ملزمان بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔