Tag: ڈھاکا

  • بنگلہ دیش کیخلاف سیریز، پاکستان ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی

    بنگلہ دیش کیخلاف سیریز، پاکستان ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی

    بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی ہے۔

     اے آر وائی نیوز کے مطابق گرین شرٹس دو دستوں کی صورت میں بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔

    پہلے دستے میں کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان، محمد نواز، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف سمیت سپورٹنگ اسٹاف شامل ہے، جو آج صبح ڈھاکا پہنچا تھا۔

     جب کہ پاکستان ٹیم کا دوسرا گروپ آج صبح کراچی سے روانہ ہوا تھا، جو بدھ کی شامل بنگلہ دیش پہنچ گیا۔

    قومی ٹیم کے دوسرے دستے میں محمد حارث، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سفیان مقیم، حسین طلعت، احمد دانیال، سلمان مرزا اور اسپورٹ اسٹاف کے ارکان شامل ہیں۔

     

    تمام کھلاڑی آج اور کل آرام کریں گے جس کے بعد سیریز کے لیے پریکٹس کا آغاز ہوگا۔
    گرین شرٹس ہوم گراؤنڈ میں کامیابی کے بعد اوے سیریز جیتنے کا مشن لے کر بنگلہ دیشی سر زمین پر اتری ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ڈھاکا میں شیڈول ہیں۔

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی سیریز کے لیے بھرپور تیاریاں کی ہیں اور میچز کے ٹکٹوں کی قیمت اور فروخت کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 300 ٹکا مقرر کی گئی ہے۔

    دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے تاحال پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ کل بنگال ٹائیگرز اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹی 20 سیریز کے آخری میچ کے بعد اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔

  • ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم ڈھاکا روانہ

    ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم ڈھاکا روانہ

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا دوسرا دستہ بھی کراچی سے ڈھاکا کے لیے براستہ دبئی روانہ ہوگیا۔

    کراچی سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہونے والے دوسرے گروپ میں محمد حارث، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سفیان مقیم، حسین طلعت، احمد دانیال، سلمان مرزا اور سپورٹ اسٹاف شامل ہے۔

    اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ منگل کی رات کراچی سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہوا تھا۔

    پہلے گروپ میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان شامل، محمد نواز، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف شامل تھے۔

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 20 جولائی کو شروع ہوگی، سیریز کے تینوں میچ شیر بنگلہ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ دورہ بنگلہ دیش پاکستان کے نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا قومی ٹیم کے ساتھ پہلا اسائنمنٹ ہے۔

    این بشپ نے شاہین آفریدی کو ’بے بی اسٹارک‘ قرار دے دیا

    دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر نے دورہ بنگلہ دیش کے اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی کو شامل نہ کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ بولر کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔

  • بنگلادیش میں انتخابات کی تاریخوں کے حوالے سے محمد یونس کا اہم اعلان

    بنگلادیش میں انتخابات کی تاریخوں کے حوالے سے محمد یونس کا اہم اعلان

    ڈھاکا: بنگلادیش میں انتخابات کی تاریخوں کے حوالے سے محمد یونس کا ایک اہم اعلان سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی عبوری حکومت کے رہنما محمد یونس نے اعلان کیا ہے کہ نئے انتخابات اگلے سال 2025 کے آخر یا پھر 2026 کے شروع میں ہوں گے۔

    محمد یونس کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخیں 2025 کے آخر یا 2026 کی پہلی ششماہی تک فائنل کی جا سکتی ہیں، انتخابات کی ٹائم لائن مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر منحصر ہوگی۔

    ٹی وی انٹرویو میں 73 سالہ محمد یونس نے کہا کہ انتخابات کے انتظامات سے پہلے اصلاحات ہونی چاہئیں، اگر سیاسی جماعتیں کچھ بنیادی اصلاحات کے ساتھ قبل از وقت انتخابات کرانے پر راضی ہو جاتی ہیں، جیسے کہ ووٹر لسٹ کی درستگی کو یقینی بنانا تو انتخابات نومبر کے آخر میں ہی ہو سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر انتخابی اصلاحات کمیشن کی سفارشات اور قومی اتفاق رائے کی بنیاد پر جامع اصلاحات نافذ کی جاتی ہیں، تو اس کے لیے مزید 6 ماہ کا وقت درکار ہو سکتا ہے۔

    ملک کے عبوری رہنما محمد یونس نے یہ اعلان 16 دسمبر 2024 کو قوم سے اپنے خطاب کے دوران کیا، جو جولائی اگست کی بغاوت کے بعد پہلے یوم فتح کے موقع پر تھا، اس بغاوت نے معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی 16 سالہ حکومت کا خاتمہ کیا تھا۔

    ڈاکٹر یونس نے مشرقی تیمور کے صدر، نوبل امن انعام یافتہ ہوزے راموس ہورٹا کا بھی خیرمقدم کیا، جو یوم فتح کی تقریبات میں شامل ہونے کے لیے ڈھاکا پہنچے تھے۔ ڈاکٹر یونس نے کہا کہ راموس ہورٹا نے بنگلادیش کی جنگ آزادی سے متاثر ہو کر اپنے ملک کی آزادی کی جدوجہد کی قیادت کی تھی۔ مشرقی تیمور نے 2002 میں آزادی حاصل کی تھی۔

  • ڈھاکا: طلبہ تحریک کا عبوری حکومت کی تشکیل کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

    ڈھاکا: طلبہ تحریک کا عبوری حکومت کی تشکیل کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

    بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہونے اور ملک سے فرار ہونے کے بعدطلبہ تحریک نے عبوری حکومت کی تشکیل کیلئے 24 گھنٹے کا وقت دیدیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق طلبہ تحریک کا کہنا ہے کہ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر یونس کو عبوری حکومت کا چیف ایڈوائزر مقرر کیا جائے۔

    طلبہ تحریک کے مطابق ہنگامی صورتحال کو دیکھتے ہوئے عبوری حکومت کے خاکے کا اعلان کر رہے ہیں، آج عبوری حکومت کے بقیہ ارکان کے ناموں کا بھی اعلان کرینگے، فوری حکومت سازی کا عمل دیکھنا چاہتے ہیں۔

    دوسری جانب طلبہ تحریک کے رہنما بھی نہیں چاہتے کہ کوئی فوجی حکومت بنے وہ بھی عبوری حکومت کا ہی قیام چاہتے ہیں، اس کے علاوہ حسینہ واجد کے جانے کے بعد بھی طلبہ تحریک کی جانب سے مظاہرے ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ بنگلا دیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف شروع ہونے والے طلبا کے ملک گیر احتجاج کے بعد جنم لینے والی سول نافرمانی کی تحریک کے نتیجے میں ملک کی سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والی حسینہ واجد مستعفی ہوکر بھارت فرار ہوئی تھیں۔

    ’’بنگلہ دیش میں کون سی حکومت قائم ہوگی؟‘‘

    حسینہ واجد اپنی بہن کے ہمراہ خصوصی طیارے میں بھارت روانہ ہوئیں، انہیں مستعفی ہونے سے قبل تقریر بھی ریکارڈ کرانے نہیں دی گئی تھی۔

  • بنگلادیش: ڈھاکا کی مارکیٹ میں آتشزدگی، سیکڑوں دکانیں جل کر خاکستر

    بنگلادیش: ڈھاکا کی مارکیٹ میں آتشزدگی، سیکڑوں دکانیں جل کر خاکستر

    بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا کی مارکیٹ میں آگ لگنے سے سیکڑوں دکانیں جل کر خاک ہوگئیں۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق آج  منگل کی علی الصبح بونگو بازار اور اس سے ملحقہ 3 تجارتی علاقے میں 3000 کپڑوں کی دوکان کو  آگ نے اپنی لپیٹ میں لے کر خاک کردیا ہے، تقریباً 600 فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔

    بنگلادیشی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائیہ کا 1 ہیلی کاپٹر بھی آگ بجھانے کی کوشش میں شامل ہے تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    ہیلی کاپٹر سے ملنے والی فضائی فوٹیج میں سینکڑوں افراد کو قریبی اوور پاس سے آگ دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

     

    مارکیٹ کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں دکانیں جل گئیں اور ہمارا سب کچھ تباہ ہوگیا، پریشان دکانوں کے مالکان نے صحافیوں کو بتایا کہ عید سے چند ہفتے قبل آگ نے ہمیں بے سہارا کر دیا۔

    ایک دوکان کے مالک اختر حسین نے کہا کہ میں نے عید سے پہلے دوکان میں مال اسٹوک کرنے کے لیے تقریباً ایک ملین ٹکے کی سرمایہ کاری کی تھی لیکن اب وہ سب راکھ میں بدل گیا میں اس خسارے سے کیسے نکلوں گا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارکیٹ میں کروڑوں مالیت کے ریڈی میڈ ملبوسات موجود تھے، زیادہ تر دکانوں میں عید کی وجہ سے اضافی اسٹاک تھا۔

  • بنگلادیش میں مظاہرین پر پولیس کی براہ راست فائرنگ، ایک ہلاک درجنوں زخمی

    بنگلادیش میں مظاہرین پر پولیس کی براہ راست فائرنگ، ایک ہلاک درجنوں زخمی

    ڈھاکا: بنگلادیش میں مظاہرین پر پولیس کی براہ راست فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

    بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ڈھاکا میں اپوزیشن جماعت بی این پی کی جانب سے احتجاجی ریلی کے اعلان پر پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا، اپوزیشن شیخ حسینہ واجد سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے اور تمام بنگلادیشیو سے ڈھاکا پہنچنے کی اپیل کی ہے۔

    ادھر پولیس نے ڈھاکا میں خالدہ ضیا کی جماعت کے دفتر کا گھیراؤ کر لیا ہے، پولیس حکمراں جماعت عوامی لیگ کے خلاف ریلی کو طاقت کے زور پر روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    پولیس اہل کاروں نے اپوزیشن کے حامی مظاہرین پر براہِ راست گولیاں چلا دیں، جس سے ایک شخص ہلاک اوردرجنوں زخمی ہو گئے، بی این پی کا کہنا ہے کہ پولیس نے 1400 کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

    نیا پلٹن میں بھی پولیس نے بی این پی کے دفتر کا گھیراؤ کر رکھا ہے، علاقے میں بیش تر شاپنگ مال اور دکانیں بند ہیں۔

    ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی ریلی کو بہر صورت روکا جائے گا، جب کہ بی این پی کے حامیوں کا کہنا ہے حکومت جو چاہے کر لے، ریلی کسی صورت نہیں رُکے گی۔

    خیال رہے کہ خالدہ ضیا کی جماعت نے ہفتے کو حکومت کے خلاف ریلی کا اعلان کیا ہے۔

  • خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان نے ڈھاکا میں تباہی مچا دی

    خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان نے ڈھاکا میں تباہی مچا دی

    ڈھاکا: خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان ست رنگ نے دارالحکومت ڈھاکا میں تباہی مچا دی۔

    تفصیلات کے مطابق خلیج بنگال میں سمندری طوفان ست رنگ سے ڈھاکا میں موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے، اور ساحلی علاقوں سے لوگوں کا انخلا عمل میں لایا گیا۔

    موسلا دھار بارش سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں درخت اکھڑ گئے، متعدد علاقوں سے لاکھوں لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔

    ساحلی علاقوں سے منتقل ہونے والے لوگوں کے لیے 7 ہزار شیلٹرز بنا دیے گئے، جب کہ ڈھائی لاکھ سے زائد افراد اب تک انخلا کر چکے ہیں۔

    بنگلا دیش کے محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ست رنگ 88 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آج بنگلادیش کے جنوبی علاقے سے ٹکرا سکتا ہے۔

  • پاکستان نے بنگلادیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹ سے شکست دے دی

    پاکستان نے بنگلادیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹ سے شکست دے دی

    ڈھاکا: پاکستان نے بنگلادیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹ سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈھاکا میں جاری پاک بنگلا دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو شکست سے دوچار کر دیا، پاکستان نے 128 رنز کا ہدف 6 وکٹوں پر پورا کر لیا۔

    فخر زمان اور خوشدل شاہ نے 5 ویں وکٹ پر 56 رنز کی شراکت بنائی، فخر زمان نے 30 خوشدل شاہ نے 34 رنز بنائے۔

    اختتامی اوورز میں شاداب خان اور محمد نواز کی بہترین بیٹنگ کی بدولت پاکستان ٹیم کو فتح نصیب ہوئی، شاداب خان نے 10 گیندوں پر 21 رنز بنائے، جب کہ محمد نواز نے 8 گیندوں پر 18 رنز اسکور کیے۔

    محمد نواز اور شاداب خان نے 15 گیندوں پر 34 رنز کی شراکت بنائی،  تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

  • دنیا کی سب سے بونی گائے چل بسی، ہزاروں شائقین افسردہ

    دنیا کی سب سے بونی گائے چل بسی، ہزاروں شائقین افسردہ

    ڈھاکا: دنیا کی سب سے بونی گائے بیماری سے چل بسی، ہزاروں شائقین اس کی موت پر افسردہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں وسیع پیمانے پر شہرت حاصل کرنے والی دنیا کی سب سے چھوٹی گائے، جسے رانی کا نام دیا گیا تھا، جمعرات کو دوران علاج مر گئی۔

    رانی، جو صرف 51 سینٹی میٹر (20 انچ) لمبی اور اس کا وزن 26 کلو گرام (57 پونڈز) تھا، دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کے اعزاز کے حصول کے لیے مقابلے میں شامل تھی۔

    مقامی لائیواسٹاک افسر ساجد الاسلام نے میڈیا کو بتایا کہ رانی کے معدے میں بہت زیادہ سوجن ہو گئی تھی، جس پر اسے علاج کے لیے جمعرات کو لے جایا گیا، تاہم جانوروں کے ڈاکٹرز اسے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور وہ چند ہی گھنٹوں بعد مر گئی۔

    انھوں نے بتایا کہ رانی کے معدے میں ہونے والی سوجن بہت زیادہ خوراک کھانے اور گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ رانی بنگلا دیش میں مقامی سیلیبریٹی کی حیثیت رکھتی تھی، ڈھاکا کے قریب ایک علاقے ساور کے ایک فارم میں مقیم اس گائے کو لوگ بڑی تعداد میں اسے دیکھنے آتے تھے، تقریباً 2 سال عمر کی یہ گائے اپنی معصومیت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔

    رانی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملک گیر لاک ڈاؤن کے باوجود اسے دیکھنے کے لیے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ فارم ہاؤس پہنچتے رہے۔

    ایک بنگلادیشی افسر نے فیس بک پر لکھا کہ حکام نے گنیز بک آف ریکارڈز کو بھی رانی کی موت سے مطلع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کا اعزاز اس وقت بھارت کی ایک بونی گائے کو حاصل ہے جس کا قد 24 انچ ہے۔

  • بنگلا دیش میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ، سخت لاک ڈاؤن کا اعلان

    بنگلا دیش میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ، سخت لاک ڈاؤن کا اعلان

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ ہوگیا جس کے بعد سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا۔ بنگلا دیش میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے بنگلا دیشی حکام نے 28 جون سے سخت لاک ڈاؤن اعلان کیا ہے، یہ لاک ڈاؤن ایک ہفتے کے لیے لگایا جائے گا۔

    بنگلہ دیش میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 78 ہزار 804 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 67 ہزار 269 ہے۔

    ملک میں اب تک کووڈ 19 سے 13 ہزار 976 اموات ہوچکی ہیں، صحت یاب افراد کی تعداد 7 لاکھ 97 ہزار 559 ہوچکی ہے۔

    دوسری جانب بھارت میں کرونا وائرس کی تباہ کن لہر میں کمی آرہی ہے، ایک دن میں 48 ہزار نئے کرونا کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 کروڑ 1 لاکھ 83 ہزار 143 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار 534 ہے۔

    ملک میں اب تک کووڈ 19 سے 3 لاکھ 94 ہزار 524 اموات ہوچکی ہیں، صحت یاب افراد کی تعداد 2 کروڑ 91 لاکھ 93 ہزار 85 ہوچکی ہے۔