Tag: ڈھاکہ

  • ایشیا کپ 2025 میں 6 کے بجائے 8 ٹیموں کی شرکت کا امکان

    ایشیا کپ 2025 میں 6 کے بجائے 8 ٹیموں کی شرکت کا امکان

    ڈھاکہ(24 جولائی 2025): ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں 6 ٹیموں کے بجائے آٹھ ٹیموں کو شامل کیا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشیا کونسل کے صدر محسن نقوی کی زیر صدارت ایشین کرکٹ کونسل کا ڈھاکا میں اجلاس ہوا۔

    اس اجلاس میں بھارت نے آن لائن شرکت کی، ذرائع کاکہنا ہے اجلاس میں ایشیاکپ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ ہونا تھا جو کہ بغیر کسی نتیجے کے ختم  ہوگیا۔

    تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں آٹھ ٹیموں کو شامل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، اراکین کی نئے شیڈول اور وینیوز پر بھی مشاورت ہوئی، میگا ایونٹ 8سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میچز دبئی اور ابوظبی میں کھیلے جائینگے، پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان بنگلادیش کے علاوہ یو اےای، عمان، اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔

    دوسری جانب اے سی سی کے صدر محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ سے متعلق جلد فیصلہ ہوگا، ہم نے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کرکٹ کیلئے کام کرنا ہے۔

    اے سی سی کے صدر نے مزید کہا کہ اجلاس میں تمام 25 ارکان نے شرکت کی سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کھیل میں سیاست نہیں چاہتے، بڑے اچھے ماحول میں میٹنگ ہوئی ہے۔

  • ڈھاکہ میں مسافر ٹرین کو آگ لگادی گئی، متعدد ہلاک

    ڈھاکہ میں مسافر ٹرین کو آگ لگادی گئی، متعدد ہلاک

    ڈھاکہ: عام انتخابات سے قبل ووٹرز کوخوفزدہ کرنے کیلئے مسافر ٹرین کو آگ لگادی گئی۔ جس کے باعث 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے 4 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ 4 لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ڈھاکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا اصل مقصد عام انتخابات سے قبل ووٹرز میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب امریکا میں صدارتی انتخابات سے قبل سیاسی ماحول گرم ہوگیا ہے، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بائیڈن خامیوں سے بھرے، نااہل، کرپٹ اور ناکام شخص ہیں۔

    سابق امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن جمہوریت کو خطرہ کی بات کہہ کر ملک میں خوف کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

    ریاض میں کار سوار نے 2 افراد کو روند دیا

    سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بائیڈن کی حالت قابل رحم ہے۔ بائیڈن پنسلوینیا میں اپنی انتخابی مہم میں خوف پھیلا رہے تھے۔

  • کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ تاحال قابو سے باہر

    کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ تاحال قابو سے باہر

    کیوبیک: موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ پر تاحال قابو نہیں پایا گیا ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں 160 مختلف مقامات پر لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جس سے لگ بھگ 45 لاکھ 7 ہزار ایکڑ رقبہ جل کر خاکستر ہو گیا، 600 فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    آگ سے اوٹاوا اور کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورنٹو شدید متاثر ہوا ہے، اب تک گیارہ ہزار افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے جنگلات میں آگ کی وجہ سے امریکا کی کئی ریاستوں میں فضائی آلودگی تیسرے روز بھی برقرار ہے اس کے علاوہ ہوا کا معیار بد ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

    کینیڈا کے جنگل میں لگنے والی آگ نے نیویارک کا رنگ بدل دیا

    مغربی ریاستوں اور کیرولینا میں الرٹ جاری کر دیا گیا،  نیویارک کا مشہور جارج واشنگٹن پُل کو بھی زدی مائل دھوئیں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ کی وجہ سے فیلاڈیلفیا اور نیویارک میں فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا، پینسلوانیا، میری لینڈ، واشنگٹن اور نیویارک میں جلتی لکڑیوں کی بو آنےلگی۔

    واضح رہے نیویارک کا ائیر کولٹی انڈیکس ڈھاکہ اور ہنوئی شہر سے بھی زیادہ خراب ہوگیا۔

  • طاقتور سمندری طوفان فانی سے بنگلہ دیش میں15افراد لقمہ اجل بن گئے

    طاقتور سمندری طوفان فانی سے بنگلہ دیش میں15افراد لقمہ اجل بن گئے

    ڈھاکہ : بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد فانی نامی طاقتور سمندری طوفان بنگلہ دیش میں بھی15افراد کو نگل گیا، طوفان کے سبب ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ‘فانی’ نے بھارت کے بعد بنگلہ دیش میں بھی تباہی مچادی۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق مختلف واقعات میں اب تک پندرہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    گزشتہ روز سمندری طوفان ‘فانی’ بھارتی علاقے سے ٹکرانے کے بعد بنگلہ دیش کی طرف بڑھ گیا تھا۔ جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے چار لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    طوفان کے باعث بنگلہ دیش میں سیکڑوں درخت، بجلی کے پولز اور مکانات تباہ جبکہ چودہ دیہات زیر آب آ گئے۔ بنگلہ دیشی پولیس کے مطابق ساحلی علاقے ‘بارگونا’ میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہوئے۔

    شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا، متعلقہ حکام کے مطابق سائیکلون فانی کے باعث کروڑوں افراد متاثر ہو سکتے ہیں، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مواصلاتی نظام اور شاہراہوں کو بھی شدید نقصان ہہنچا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

    خیال رہے کہ خطرناک سمندری طوفان فانی گزشتہ روز بھارت کے مشرقی علاقوں سے ٹکرایا تھا، جس کے باعث لاکھوں افراد کے متاثر ہوئے ،اس کے علاوہ مشرقی ریاست اڑیسا سے تقریباً دس لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی حکام نے خطرے کے پیش نظر اڑیسا، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں اسکول، کالج و یونیورسٹیز بند کردی تھیں جبکہ ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئیں۔

  • معروف گلوکارہ شہناز بیگم انتقال کرگئیں

    معروف گلوکارہ شہناز بیگم انتقال کرگئیں

    ڈھاکہ: مشہورملی نغمے گانے والی نامورگلوکارہ شہنازبیگم 67 سال کی عمرمیں ڈھاکہ میں انتقال کرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سوہنی دھرتی اللہ رکھے اور ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ جیسے مقبول گیت گانے والے نامور گلوکارہ شہناز بیگم 67 برس کی عمر میں جل بسیں۔

    شہنازبیگم کا گزشتہ روزدل کا دورہ پڑنے سے بنگلہ دیش میں انتقال ہوا، ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ڈھاکہ میں ادا کی جائے گی۔ مرحومہ نے سوگواران میں شوہر، ایک بیٹا اورایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

    معروف گلوکارہ شہنازبیگم 2 جنوری 1952 کو ڈھاکہ میں پیدا ہوئیں، انہوں نے کچھ عرصہ پہلے عمرہ کی ادائیگی کے بعد گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

    انہوں نے بچپن سے ہی گلوکاری شروع کردی تھی اور صرف 11 برس کی عمر میں انہوں نے اپنا پہلا گانا پلے بیک سنگر کی حیثیت سے گایا تھا۔

    شہناز بیگم کے گائے مشہور ملی نغموں میں ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘، ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘‘ جیسے نغمے شامل ہیں۔

  • ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے کمپیوٹرز چوری ہوگئے

    ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے کمپیوٹرز چوری ہوگئے

    ڈھاکہ: بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں چوری کا واقعہ پیش آیا ہے جس پر پاکستان نے بنگلہ دیش سے احتجاج کرتے ہوئے سیکیورٹی کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے قونصلر سیکشن سے کمپیوٹر چوری کر لیے گئے ہیں۔ ڈکیتی کا معاملہ بنگلہ دیش کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش پولیس کے پاس واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کروائی ہے۔ بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کو سیکیورٹی مزید بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن انتہائی مصروف اور محفوظ جگہ پر واقع ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے اسلام آباد اور ڈھاکہ میں حکام سے شدید احتجاج کیا ہے۔

    ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بحیثیت میزبان ملک بنگلہ دیش ہائی کمیشن کو سیکیورٹی فراہم کرے، بنگلہ دیشی حکومت تحقیقات کر کے ملزمان کو کٹہرے میں لائے۔

  • پوپ فرانسس روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار دیکھ کر رنجیدہ ہوگئے

    پوپ فرانسس روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار دیکھ کر رنجیدہ ہوگئے

    ڈھاکہ : مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر فیصلہ کن اقدامات کریں۔

    عالمی برادری سے یہ مطالبہ انہوں نے بنگلہ دیش کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بنگلہ دیش پہنچنے پر سرکاری حکام اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں نے ان پر تپاک استقبال کیا۔

    بنگلہ دیش کے صدارتی محل میں بنگلہ دیشی صدر عبدالحمید سے ملاقات کے بعد گفتگو میں روہنگیا مسلمانوں کی پریشانی اور ان پر ظلم کے احوال سن کر انہوں نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا۔

    پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ میانمار اور بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کے لیے انہوں نے یہ شرط رکھی تھی کہ روہنگیا افراد سے ان کی ملاقات کرائی جائے۔

    ملاقات کے موقع پر متاثرہ افراد نے پوپ کو براہ راست اپنی مشقّت کی داستان سنائی، اس موقع پر روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار دیکھ کر وہ زار وقطار رو پڑے۔

    بنگلہ دیش میں پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں سے ملاقات میں پوپ فرانسس نے روہنگیا مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے آپ کو اذیت اور تکلیف سے دوچار کیا میں ان کی طرف سے آپ لوگوں سے معافی کا طلب گار ہوں۔

  • چھ لاکھ روہنگیا مسلمان پناہ گزیں اپنے گھروں کو واپسی کے منتظر

    چھ لاکھ روہنگیا مسلمان پناہ گزیں اپنے گھروں کو واپسی کے منتظر

    ڈھاکہ : میانمار اوربنگلہ دیش کی سرحد پر چھ لاکھ روہنگیا مسلمان گھروں کو واپسی کے منتظر ہیں لیکن برما کی حکومت روہنگیا مسلمانوں کوانصاف دینے پرتیارنہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برمی فوج اور بدھ انتہا پسندوں کے انسانیت سوز مظالم کے شکار چھ لاکھ روہنگیا مسلمان اپنے گھروں پر واپسی کے منتظر ہیں۔

     بنگلہ دیش کے کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کی حالتِ زار انتہائی قابل تشویش ہے، پناہ گزینوں کا کہنا ہے کہ یہاں ہم اس امید پر رہ رہے ہیں کہ ایک دن ضرور واپس اپنے وطن جائیں گے۔

    برما میں بدھ انتہا پسندوں اورفوج کے مظالم کے ہاتھوں ستائے روہنگیا مسلمانوں کا کوئی پرسان حال نہیں، بنگلہ دیش اوربرما کی سرحد پر چھ لاکھ مرد، خواتین، بوڑھے اور بچے کھلے آسمان تلے کھانے پینے کی اشیاء، دواؤں کی قلت اور موسم کی شدت کا مقابلہ کرنے پر مجبور ہیں۔

    روہنگیا پناہ گزینوں کا کہنا ہے بنگلہ دیش میں پناہ گزین کیمپوں کے بجائے اپنے گھر واپس جانا چاہتے ہیں، عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں کو انصاف دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

    یاد رہے کہ رواں سال اگست میں برما کے مسلم اکثریتی صوبے رخائن میں برمی افواج نے نہتے شہریوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا  جس میں ابتدائی جھڑپو ں میں 400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ سینکڑوں دیہات نذرِ آتش کردیئے گئے تھے۔


    مزید پڑھیں: روہنگیا مسلمان رات کی تاریکی میں نقل مکانی پرمجبور


    برمی فوج اوربدھ مت سے تعلق رکھنے والے انتہا پسندوں سے اپنی جان بچا کربنگلہ دیش پہنچنے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد چھ لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بنگلہ دیش : سکیورٹی فورسز نے مقابلے میں گیارہ شدت پسند مار ڈالے

    بنگلہ دیش : سکیورٹی فورسز نے مقابلے میں گیارہ شدت پسند مار ڈالے

    ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے شدت پسند کالعدم تنظیم کے گیارہ کارندوں کو ہلاک کردیا، بنگلہ دیشی حکام کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین سے تھا۔

    تفصییلات کے مطابق بنگلہ دیش کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 11 مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

    بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسد الزمان خان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین سے تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کے ڈھاکہ کا کمانڈر بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے دو مقامات پر چھاپے مارے اور کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

    اسد الزمان خان کا کہنا تھا کہ دو چھاپے ڈھاکہ کے قریب جبکہ تیسرا چھاپہ ضلع تنگیل میں مارا گیا۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان تین گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

     

  • ڈھاکہ: دریا میں کشتی ڈوبنے سے 14 افراد ہلاک

    ڈھاکہ: دریا میں کشتی ڈوبنے سے 14 افراد ہلاک

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے جنوبی حصے سے گزرنے والے دریا میں مسافر کشتی الٹنے کےباعث 14 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے جنوبی ضلع باریسال کے مقام پر دریا میں ہونے والے حادثے میں متعدد افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت جان بچائی۔

    ضلع کے پولیس چیف محمد اختر الزماں کے مطابق کشتی میں تقریبا 70 سے 80 کے درمیان افراد سوار تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہم نے دریا سے 14 افراد کی لاشیں نکالی ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

    پولیس افسر کا کہنا تھا کہ مذکورہ کشتی کے ڈرائیور کی نشاندہی پر متاثرہ کشتی کو کھینچ کر کنارے پر لایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ جس وقت کشتی کو حادثہ پیش آیا اس وقت ایک اور کشتی اس کے قریب سے گزر رہی تھی جس نے لوگوں کو دریا سے نکالنے میں مدد فراہم کی۔

    یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں یومیہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ کشتی کے ذریعے سفر کرتے ہیں اور مذکورہ کشتیوں کی خستہ حالی کے باعث ہر سال سیکٹروں لوگ ڈوب کر ہلاک ہوجاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں بنگلہ دیش کے وسطی علاقے میں کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں 69 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔