کراچی : پاکستان نے جاپانی بلاک چین ٹیکنالوجی کمپنی سورامیتسو کے ساتھ ڈیجیٹل کرنسی پائلٹ پروجیکٹ کا اعلان کردیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جاپان کی بلاک چین ٹیکنالوجی کمپنی سورامیتسو کے ساتھ سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی (CBDC) کے پائلٹ پروجیکٹ پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نکی ایشیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت پاکستانی روپے کی ڈیجیٹل پائلٹ سورامیتسو کے سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم پر چلائی جائے گی، جسے جاپان کی وزارت تجارت و صنعت کے گلوبل ساؤتھ فیوچر-اورینٹڈ کو-کری ایشن پروجیکٹ سے فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں : پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی نظام کا فیصلہ کتنا فائدہ مند ہوگا؟
رپورٹ میں کہنا تھا کہ ڈیجیٹل کرنسی کا مقصد ملک میں نقدی کے انتظام اور تقسیم پر آنے والے زیادہ اخراجات کو کم کرنا ہے۔ سورامیتسو، جس نے کمبوڈیا کی بایکونگ ڈیجیٹل کرنسی تیار کی تھی، کا کہنا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے 25 کروڑ افراد اور 400 ارب ڈالر کی معیشت کے لیے یہ منصوبہ اب تک کا سب سے بڑا ہے۔
ٹوکیو میں قائم یہ کمپنی آف لائن ڈیجیٹل کرنسی کی صلاحیت بھی تیار کر رہی ہے، جو انٹرنیٹ کے بغیر اسمارٹ فون پر لین دین کی سہولت فراہم کرے گی جسے دیگر ترقی پذیر معیشتوں کے لیے ماڈل سمجھا جا رہا ہے۔
گزشتہ ماہ، اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے بتایا تھا کہ مرکزی بینک ڈیجیٹل کرنسی کے پائلٹ پروجیکٹ کے لیے تیاریاں کر رہا ہے اور ورچوئل اثاثوں کے لیے قوانین کو حتمی شکل دے رہا ہے۔