Tag: ڈیرہ اسماعیل خان

  • ڈی آئی خان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، متاثرین سراپا احتجاج

    ڈی آئی خان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، متاثرین سراپا احتجاج

    ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ : محمد عرفان مغل) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان میاں عادل جاوید کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیر نیازی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

    اس سلسلے میں آج دریائے سندھ کی جانب جانے والے قاسم روڈ پر واقع ان مکانوں کو مسمار کر دیا گیا جو انتظامیہ کے مطابق اپنی حدود سے متجاوز قرار دئیے گئے تھے۔

    اس موقع پرعلاقہ مکینوں اور متاثرہ مکانات کے رہائشیوں کی جانب سے بھرپور احتجاج بھی دیکھنے میں آیا، تاہم پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کی وجہ سے کسی قسم کی رکاوٹ یا تصادم کی صورتحال سامنے نہ آسکی۔

    اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیرنیازی کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی جو کہ دراصل سڑک کا حصہ ہے اس پر مقامی آبادی کے کچھ مکانات اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے اس سڑک تک پھیل چکے تھے۔

    ان مکانات کو متعدد بار نوٹسز جاری کئے گئے لیکن ان کا کوئی اثر دیکھنے میں نہیں آیا جس پر آخری نوٹس کے بعد آج ان کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب متاثرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے دئیے جانے والے نوٹس میں نہ تو کسی قسم کی نشاندہی کی گئی تھی اورنہ ہی نوٹس میں درج مدت کے پورا ہونے کا انتظار کیا گیا۔

    متاثرین کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ مسمار کئے جانے والے مکانات میں سے اکثرگزشتہ بیسیوں سالوں سے ان کی ملکیت چلے آرہے ہیں جس کے دستاویزی ثبوت ان کے پاس موجود ہیں۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس مقابلہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس مقابلہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ اسماعیل خان: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس مقابلے میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ یونیورسٹی کی حدود کٹ شہانی میں پولیس سرچ آپریشن کے بعد واپس جارہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار ڈی ایف سی گومل یونیورسٹی ولایت اور ایف آر پی کانسٹیبل جاوید پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور دستی بم پھینک دیا جس سے دونوں اہلکار زخمی ہوگئے۔

    اس دوران پیچھے سے آنے والی پولیس پارٹی نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دستی بم بھی استعمال کیے گئے۔

    واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او یاسر آفریدی پولیس پارٹی کے ہمراہ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان دہشت گردوں سے اسلحہ اور دیگر بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

    زخمی پولیس اہلکاروں کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنک ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    آر پی او سید فدا حسن شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس عوام کی جان و مال و عزت و آبرو کی محافظ ہے۔ پولیس نے ڈٹ کر جواں مردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

    ان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے بارے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ، تین افراد جاں بحق

    ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ، تین افراد جاں بحق

    ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے علاقے ڈی آئی خان میں نامعلوم  افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوگئے، لواحقین نے مقتولین کی میتیں پروا کے مقام پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں موجود پروآ کے مقام پر موجود گونسرہ نہر کے کنارے پر بیٹھے تین افراد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔

    فائرنگ کے بعد علاقہ مکینوں نے زخمیوں کو پروا اسپتال منتقل کیا تاہم تینوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، پولیس کو واقعے کی اطلاع ملی تو بھاری نفری جائے وقوعہ اور اسپتال پہنچی۔

    پڑھیں: ’’ پولیس وین پرفائرنگ، 4 اہلکار شہید، فوٹیجز منظرعام پر ‘‘

    تینوں افراد کے جاں ہونے کی اطلاع کے بعد مشتعل لواحقین سڑکوں پر نکل آئے اور میتوں کو انڈس ہائی وے پر رکھ کر انتظامیہ اور پولیس کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی جس کے باعث ہائی وے کو ٹریفک کی آمد ورفت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

    پولیس افسران نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی سخت کردی، کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے مظاہرہ ختم کر کے میتوں کی تدفین کردی۔

  • پانامہ لیکس الزامات نہیں ثبوت ہیں،عمران خان

    پانامہ لیکس الزامات نہیں ثبوت ہیں،عمران خان

    ڈیرہ اسماعیل خان: تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ایک فیکٹری سے کاروبار کا آغاز کیا لیکن سیاست میں آنے کے بعد 30 فیکٹریوں کے مالک بن گئے ہیں۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم جب بھی وزیراعظم سے ناجائز طور پر بنائی گئی جائیداد کا حساب مانتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ہم ملک کو ترقی دے رہے ہیں حالانکہ ترقی ملک کی نہیں نوازشریف کی کاروبار اور جائیداد میں ہو رہی ہے۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ نوازشریف نے جائیدادیں اپنی بیٹی کے نام پر بنائیں اور منی لانڈرنگ کی،عوام کا حال بد حال ہے اور نواز شریف کے اہل خانہ خوشحال ہو تے جا رہے ہیں۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے یہاں ادارے کمزور اور چھوٹے چوروں کو پکرتے ہیں اور طاقتور کرپٹ حکمرانوں کو تحفط فراہم کرتے ہیں کیوں کہ پورے سسٹم پر درباری حاوی ہیں۔

    اپنی تقریر کے دوران انہوں نے پیپلز پارٹی کے سابق صدر آصف علی زرداری کو نواز شریف کا ہمنوا قرار دیتے ہوئے ہدف تنقید کا نشانہ بنایا تو کبھی قائد ایم کیو ایم کی تقاریر پر پابندی لگنے پر شکر ادا کیا کہ پاگل خانے سے ہونے والی تین تین گھنٹے کی تقاریر سے جان چھوٹی،انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو ڈیزل کے پرمٹ پر بکنے کا طعنہ بھی دیا۔

    عمران خان نے اپنے خطاب میں ایک میڈیا چینل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک میڈیا چینل وزیر اعظم کی کرپشن کو چھپانے کی مذموم کوشش میں لگا ہوا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ کوئی ملک سے باہر جاتا ہے تو اپنی ماں ،بہن اور بیوی کو فون کرتا ہے لیکن نواز شریف دل کی سرجری کروانے گئے تو نریندر مودی کو فون کرتے ہیں۔

    عمران خان نے انصاف اسٹوڈینٹ فیڈریشن کے ناراض کارکنان سے کہا ہے کہ بڑے مقصد کے حصول کے لیے آپس کے معمولی اختلافات کو بھول جائیں اور آپس میں اتحاد برقرار رکھیں،میں ایک ایک کارکن سے بعد میں خود ملوں گا اور سارے تحفظات دور کروں گا۔

    عمران خان نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب پولیس کے گلو بٹ ہمیں روکنے کے لیے آئے تو منہ کی کھائیں گے ،وہ پہلے سے ہی سوچ لیں کہ ہمارے ساتھ 2 نومبر کو عوام کا سمندر ہوگا جس کے آگے کوئی نہیں ٹہر سکتا۔

     

     

  • ڈی آئی خان میں مسافر پک اپ کھائی میں گرنے سے7افراد جاں بحق

    ڈی آئی خان میں مسافر پک اپ کھائی میں گرنے سے7افراد جاں بحق

    ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخواہ میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کوٹ فلک کے قریب مسافر پک اپ کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں مسافر پک اپ کوٹ فلک کے قریب کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔

    حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی افراد کو زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں: خضدار: مسافر کوچ اور وین میں تصادم،3افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں مسافر کوچ اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق اور 21 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • ڈی ایس پی اورپولیس اہلکارسمیت تین افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے

    ڈی ایس پی اورپولیس اہلکارسمیت تین افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے

    ڈی آئی خان : ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کے تازہ واقعات میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی اورایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے ہیں۔

    ڈیرہ اسماعیل خان شہر کے علاقہ خیرآباد کالونی میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی نو رمحمد مروت کو جمعرات کی شام اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ مسجد میں نماز مغرب ادا کر کے گھر واپس جا رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق چار نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

    ایک اور واقعہ میں مدینہ کالونی میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف آر پی کانسٹیبل شاہ زیب محسود جاں بحق ہوگیا۔ جبکہ ایک اور واقعہ میں ڈیرہ شہری کے گنجان آباد کمشنری بازار میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ندیم نامی تاجرجاں بحق ہو گیا۔

    ان واقعات کے بعد مسلح ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ان واقعات کے بعد علاقے میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ شہر میں ایک پولیس افسرا اور اہلکارکے قتل کے واقعہ کے بعد خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

     

  • جمہوری نظام کیخلاف سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، فضل الرحمان

    جمہوری نظام کیخلاف سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، فضل الرحمان

    ڈیرہ اسماعیل خان : جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست پروہ لوگ قبضہ کرناچاہتے ہیں،جوسیاست کاغیرجمہوری عنصر ہیں۔ جمہوری نظام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کی تعریفوں کےپل باندھ دیئے اور اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نہیں آپ خود چورنکلے ہو ترقی کے سفرکاآغازہوچکا ہے۔ کامیابی پر ہی اختتام پذیر ہوگا، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعظم کو اطمینان دلاتا ہوں کہ عوام کی ایک بہت بڑی صف آپ کی پشت پر ہے اور یہ اللہ کی تائید کی علامت ہے ہم اس بات کی حمایت کرتے ہیں کہ پاکستان میں امن و استحکام ہو۔

    مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، چورکی صدا لگانے والے خود چور نکلے ہیں۔

    پاکستان میں یہ آوازیں یہاں کی نہیں بلکہ کہیں باہر کی ہیں اور سب نے دیکھ لیا کہ لندن میں جا کر ایک پاکستانی مسلمان کو چھوڑ کر یہودی سالے کی انتخابی مہم چلائی گئی۔ تمہارے پاس 1983 میں اتنا پیسہ تھا کہ تم نے ٹیکس سے بچنے کیلئے آف شور کمپنی بنائی لیکن 1987 میں تم وزیر اعلیٰ کے آگے پلاٹ کیلئے ہاتھ پھیلا رہے تھے ۔

    مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کی کارکردگی بدترین ہے۔

    اس حکومت کی وجہ سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی سی ایس افسران بائیکاٹ پر مجبور ہوئے اور کالی پٹیاں باندھ کر پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ مولانا نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف ضرور کریں لیکن حد میں رہیں۔

     

  • ڈیرہ اسماعیل خان: وزیراعظم کا گیس، موٹر وے سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

    ڈیرہ اسماعیل خان: وزیراعظم کا گیس، موٹر وے سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

    ڈیرہ اسماعیل خان : وزیر اعظم نواز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میںرعی یونیورسٹی سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا، اس موقع پران کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے والے نیاخیبر پختونخواہ بھی نہیں بنا پائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آج جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ ڈیرہ اسمائیل خان میں عوامی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

    جلسے سے خطاب کے دوان متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا، نوازشریف کا کہنا تھا کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے ڈیرہ اسماعیل خان کی تقدیر بدل جائے گی.

    وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے  ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیلوں کو 87 کروڑ لاگت کے گیس منصوبے کا اعلان کیا گیااور ساتھ ہی موٹروے کا افتتاح  بھی کیا گیا، انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں زرعی یونیورسٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے 50 کروڑ کے ترقیاتی فنڈز کی منظوری کا بھی اعلان کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’کہاں ہے نیا پاکستان، ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان کی بات کرنے والے تو خیبر پختونخواہ کو نیا نہیں بنا سکے‘‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تبدیلی کی بات کرنےوالے پشاور میں صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن ہار گئے، پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں چوتھے نمبر پرہے۔
    انہوں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں تبدیلی کی بات کرنے والوں کے پاس خیبر پختونخواہ کی حکومت بھی نہیں ہوگی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فتح ہماری ہوگی، مخالفین کے نصیب میں صرف دھرنے ہیں.

    انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سڑکیں بھی بن رہی ہیں اور گیس بھی آرہی ہے، بجلی بھی آئے گی اور لوڈشیدنگ ختم ہوجائے گی.

    مولانا فضل الرحمن کا خطاب

    وزیراعظم سے قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ’’بلی تھیلیے سے باہر آگئی ہے وزیراعظم نہیں آپ چور نکلے ہیں‘‘، انہوں نے  مزید کہا کہ پاکستان کی سیاست پر وہ لوگ قبضہ کرنا چاہتے ہیں جن کے پاس سیاسی زبان نہیں ہے۔

    انہوں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 1983 میں انہوں نے آف شور کمپنی بنائی اور 1987 میں وہ اتنے غریب ہوگئے کہ انہوں نےوزیر اعلیٰ پنجاب سے گھر بنانے کے لیے پلاٹ کی درخواست کی۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم نے ہردور میں عوام کے مسائل کی نشاندہی کی اور ان کو دور کرنے کی کوشش کی۔

    جمعیت العلمائے اسلام کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ جمہوریت بچانے کی بات وہ لوگ کررہے ہیں جن کے سبب ماضی میں جمہوریت خطرات کا شکار رہی ہے۔

  • پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما علی امین گنڈا پور کی ضمانت ہوگئی

    پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما علی امین گنڈا پور کی ضمانت ہوگئی

    پشاور: بیلٹ باکس لےکر بھاگنے کے الزام میں گرفتار علی امین گنڈا پور کی ضمانت ہوگئی۔

     اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے الزام کو ماننے سے ہی انکار کردیا۔

    کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات بیلٹ باکس لےکر بھاگنے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے صوبائی وزیر علی امین گنڈا نے نوے ،نوے ہزار کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرادئیے، جس کے بعد صوبائی وزیر کو رہا کردیا گیا۔

    علی امین گنڈا پور نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیلٹ باکس لے کر نہیں بھاگے۔

     انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر ری الیکشن میں ان کو شکست ہوئی تو وہ استعفی دے دیں گے۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ دھاندلی روکنا جرم ہے تو وہ یہ جرم باربار کرتے رہیں گے۔

  • دھاندلی کا الزام : علی امین گنڈا پورنے گرفتاری دینے سے انکار کردیا

    دھاندلی کا الزام : علی امین گنڈا پورنے گرفتاری دینے سے انکار کردیا

    پشاور / ڈیرہ اسماعیل خان : تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ان کی گرفتاری کے بعد کارکن اشتعال میں آجائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ مجھے ضمانت قبل از گرفتاری کا حق حاصل ہے اور گرفتاری نہ دینے کا قانونی حق ہے، گرفتاری کیوں دوں ؟

    علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی، علاوہ ازیں پولیس نے خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ علی امین گنڈا پورکی گرفتاری کیلئے ان کے گھر کا محاصرہ کرلیا ہے۔

    اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی، کارکنان نے پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کیخلاف بھی نعرے لگائے۔

      واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور پر گزشتہ روز بیلٹ باکس ساتھ لے جانے کا الزام ہے، بلدیاتی انتخابات کے موقع پر صوبائی وزیر علی امین گندا پور کے بھائی عمر امین نے ڈسٹرکٹ کونسل کی نشست پر بلدیاتی انتخابت میں حصہ لیا تھا۔

    علی امین گنڈا پور اپنے محافظوں کے ہمراہ  یو سی ہمت کے پولنگ اسٹیشن میں گھس گئے اور بیلٹ باکسز ساتھ لے جانے کی کوشش کی، انتخابی عملے نے مزاحمت کی تو اس پر بھی ٹوٹ پڑے اور تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    علی امین گنڈا پور اپنی گاڑی میں بیلٹ باکس لے جارہے تھے کہ مقامی افراد نے گاڑی کا گھیراؤ کیا، جس کے بعد علی امین گنڈاپور کے محافظوں نے مقامی افراد پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

    بعد ازاں پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔