Tag: ڈیرہ بگٹی

  • ننھے گلوکار طارق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، سرکار کی جانب سے اہم اعلان

    ننھے گلوکار طارق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، سرکار کی جانب سے اہم اعلان

    ڈیرہ بگٹی: بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کے رہائشی بوٹ پالش کرنے والے ننھے گلوکار طارق کی آواز نے دھوم مچا دی۔

    ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے تعلق رکھنے والے ننھے گلوکار طارق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، اس ویڈیو میں اپنی آواز کا جادو جگانے کے ساتھ ساتھ طارق نے اپنے تعلیمی اور گھریلو اخراجات کے لیے بھی حکومت سے اپیل کی۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے ننھے گلوکار کی بھرپور پذیرائی کی گئی، سرفراز بگٹی نے ننھے گلوکار کے تمام تعلیمی اخراجات سرکاری سطح پر اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کیں، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اظہر شہزاد نے ننھے گلوکار طارق اور اس کے والد کو اپنے دفتر بلایا۔

    ڈی سی ڈیرہ بگٹی نے کہا کہ سوئی سے اسکول پرنسپل کو بلا کر گلوکار طارق کا داخلہ کرا دیا جائے گا۔

  • پیر کوہ، ڈیرہ بگٹی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں: آئی ایس پی آر

    پیر کوہ، ڈیرہ بگٹی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں: آئی ایس پی آر

    کوئٹہ: پاک فوج کی جانب سے بلوچستان کے علاقوں پیر کوہ اور ڈیرہ بگٹی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیر کوہ اور ڈیرہ بگٹی میں امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں یونیسیف کے تعاون سے 14 غذائی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کوہ اور ملحقہ علاقوں میں سول انتظامیہ کی جانب سے بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، 4 ہزار 32 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔

    پاک فوج کے امدادی کیمپوں میں علاقے میں ہیضے کے 972 مریضوں کا علاج کیا گیا، جب کہ 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد لیب ٹیسٹ کیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے لیے واٹر باوزر بھی کام کر رہے ہیں، اور واٹر سپلائی اسکیم کے منصوبوں کے تحت بوروں کی کھدائی کے لیے بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔

  • ڈیرہ بگٹی :  سوئی کے نواحی علاقے میں دھماکا، امن فورس کے4 رضا کار شہید ،8زخمی

    ڈیرہ بگٹی : سوئی کے نواحی علاقے میں دھماکا، امن فورس کے4 رضا کار شہید ،8زخمی

    ڈیرہ بگٹی : سوئی کے نواحی علاقے ٹلی مٹ میں دھماکے کے نتیجے میں امن فورس کے4 رضا کار شہید اور 8زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ
    ڈیرہ بگٹی میں سوئی کے نواحی علاقے ٹلی مٹ میں دھماکا ہوا ، دھماکے کے نتیجے میں امن فورس کے4 رضا کار شہید اور 8زخمی ہوئے۔

    سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم بلوچستان ریپبلکن آرمی اس حملے میں ملوث ہے، ریاست کب تک معصوم لوگوں پرایسےحملوں کو برداشت کرتی رہے گی، پاکستان کےلیےپہلے بھی شہادتیں دی ہیں آگےبھی دیں گے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سوئی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے امن فورس کےرضاکاروں کی شہادت پردلی رنج وغم کا اظہار کیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ امن دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی کی، شہدا نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیےجانیں قربان کیں۔

    عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کوکیفرکردارتک پہنچائیں گے، امن کےلیے قربانیاں اورکاوشیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

  • این اے 259 میں دوبارہ ووٹنگ، شاہ زین بگٹی کو برتری حاصل

    این اے 259 میں دوبارہ ووٹنگ، شاہ زین بگٹی کو برتری حاصل

    کوئٹہ: این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر عدالت عظمیٰ کے حکم پر دوبارہ ووٹنگ میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی نے برتری حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہوئی جس میں ایک بار پھر شاہ زین بگٹی نے برتری حاصل کرلی۔

    غیرسرکاری نتائج کے مطابق جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی کو آزاد امیدوار طارق محمود پر برتری حاصل ہے۔ شاہ زین بگٹی نے مجموعی طور پر 29219 ووٹ حاصل کیے جبکہ میر طارق کھیتران 21421 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر ڈیرہ بگٹی میں این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوئی تھی۔ 29 پولنگ اسٹیشنز میں 111 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جن میں 65 مردوں اور 46 خواتین ووٹرز کے لیے مخصوص تھے۔ کل ووٹرز کی تعداد 47 ہزار 269 تھی۔

    قومی اسمبلی کے حلقے این اے 259 میں الیکشن میں 31 امیدواروں نے حصہ لیا تاہم نمایاں امیدواروں میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی، آزاد امیدوار طارق محمود کھیتران اور پیپلزپارٹی کے باز محمد کھیتران شامل تھے۔

    یاد رہے عام انتخابات 2018 میں این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے جمہوری وطن پارٹی کےسربراہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے۔

  • آپریشن رد الفساد میں مزید پیش رفت: وزیرستان اور ڈیرہ بگٹی میں بڑی کارروائیاں

    آپریشن رد الفساد میں مزید پیش رفت: وزیرستان اور ڈیرہ بگٹی میں بڑی کارروائیاں

    راولپنڈی: آپریشن رد الفساد کی پیش رفت جاری ہے، سیکورٹی فورسز نے وزیرستان اور ڈیرہ بگٹی میں بڑی کارروائیاں کر کے گولہ بارود بر آمد کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن میں بڑی تعداد میں اسلحہ بر آمد کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر کی گئی کارروائی میں بڑی تعداد میں اسلحہ، گولیاں اور بارودی سرنگیں بر آمد کی گئیں۔

    آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں ہیوی مشین گنز، سب مشین گنز، دستی بم اور مواصلاتی آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں بھی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیے، ڈیرہ بگٹی میں بھی بڑی تعداد میں گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے بر آمد ہونے والے گولہ بارود میں بارودی مواد، اسلحہ اور راکٹ شامل ہیں۔ گولہ بارود اور مختلف نوعیت کے ہتھیار سیکورٹی فورسز نے اپنی تحویل میں لے لیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بلوچستان میں کچھی کینال منصوبےکا پہلا تعمیراتی مرحلہ مکمل

    بلوچستان میں کچھی کینال منصوبےکا پہلا تعمیراتی مرحلہ مکمل

    کوئٹہ : صوبہ بلوچستان میں واپڈا نے کچھی کینال منصوبے کا پہلا تعمیراتی مرحلہ 80 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں کچھی کینال منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔ تونسہ بیراج پر واقع پراجیکٹ کے ہیڈ ریگولیٹر سے363 کلومیٹر طویل کینال میں پانی بھرنے کا اہم مرحلہ شروع کردیا گیا۔

    چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرد مزمل حسین نے کینال میں پانی بھرنے کے آغاز کے موقع پر تونسہ بیراج پر واقع پراجیکٹ کے ہیڈ ریگولیٹر کا دورہ کیا۔

    چیئرمین واپڈا نے ہیڈ ریگولیٹر پرنصب بٹن دبا کر مین کینال میں پانی بھرنے کا آغاز کیا۔

    اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کچھی کینال منصوبہ 2002 میں شروع کیا گیا تھا لیکن منصوبے کی تکمیل میں تاخیر اور لاگت میں اضافے کی وجہ سے یہ منصوبہ ترک کیا جارہا تھا۔

    انہوں نے کہا وفاقی حکومت کی مدد اور واپڈا انجینئرز کی محنت کی بدولت اب اس کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔

    چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ کچھی کینال منصوبے کا پہلا مرحلہ 80 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور 363 کلومیٹر طویل کینال میں سے 351 کلو میٹر کینال پختہ ہے۔

    خیال رہے کہ یہ کینال پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں واقع تونسہ بیراج سے نکلتی ہے اور صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں ختم ہوتی ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں کچھی کینال منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • سیکورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائی‘ 4 دہشت گرد ہلاک

    سیکورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائی‘ 4 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : صوبہ بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نےآپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی نے کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف سی نی کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے کیمپ بھی تباہ کر دیے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور فورسز پرحملوں میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ ،ڈیٹونیٹرز اورمواصلاتی آلات برآمد ہوئےہیں۔


    مزید پڑھیں:بلوچستان: ایف سی کی کارروائی،2ہزارکلوگرام دھماکاخیز مواد برآمد


    یاد رہے کہ ایف سی نے گزشتہ ماہ 31 جولائی کو دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 2 ہزار کلوگرام دھماکہ مواد برآمد کرکے دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال جون میں پاک فوج نے بلوچستان میں آپریشن ردالفساد کے تحت اسپلنجی اور مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ڈیرہ بگٹی: ایف سی کی کارروائی،5شرپسند ہلاک

    ڈیرہ بگٹی: ایف سی کی کارروائی،5شرپسند ہلاک

    کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی میں ایف سی نے حساس ادارے کی شرپسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلے میں 5شرپسند ہلاک ایک کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    ترجمان ایف سی کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی کررہے تھے، کارروائی کے دوران شرپسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس میں 5شرپسند ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایف سی نے شرپسندوں کے ٹھکانے تباہ کرکے بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا ایف سی حکام کے مطابق مارے جانے والے شرپسند سیکورٹی فورسز اور گیس پائپ لائنوں پر حملوں کے علاوہ بھتہ خوری اغواءبرائے تاوان سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

  • طلال بگٹی کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائیگی، تدفین ڈیرہ بگٹی میں ہوگی

    طلال بگٹی کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائیگی، تدفین ڈیرہ بگٹی میں ہوگی

    ڈیرہ بگٹی: جہموری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کی نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی، تدفین ڈیرہ بگٹی میں ہوگی۔

    سابق گورنربلوچستان نواب اکبربگٹی کے صاحبزادے نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کی نمازِ جنازہ آج ڈیرہ بگٹی میں ادا کی جائیگی اور انہیں ڈیرہ بگٹی میں نواب اکبر بگٹی کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائیگا۔

    شاہ زین بگٹی نے طلال اکبربگٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کےمسائل اور سیاست سے متعلق طلال اکبر بگٹی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

    اکبر بگٹی کی وفات کے بعد جمہوری وطن پارٹی کی قیادت سنبھالنے والے نوابزادہ طلال اکبر بگٹی گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد کوئٹہ میں انتقال کر گئے تھے، جے ڈبلیو پی نے ان کے انتقال پر سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

    نواب زادہ طلال اکبر بگٹی 17 مارچ 1952 کو بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں پیدا ہوئے تھے آپ اپنے والد کی چوتھی اولاد تھے اور آپ سے بڑی دو بہنیں اور ایک بھائی سلیم ہیں۔

    نواب زادہ طلال کے تین بیٹے شاہ زین بگٹی، گہرام بگٹی اور میرچاکار بگٹی ہیں۔

    آپ نے اپنی تعلیم ایچی سن کالج اور پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔

    نواب اکبرخان بگٹی نے 1993 کے انتخابات میں جمہوری وطن پارٹی کی بنیاد رکھی اور قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

    ان کی پارٹی 2002 کے انتخابات میں کوئی قابلِ ذکرکامیابی حاصل نہیں کرپائی تھی۔

    اگست 2006 میں نواب اکبربگٹی کی ایک فوجی حملے میں ہلاکت کے بعد نواب زادہ طلال نے پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی اور تادمِ مرگ پارٹی کے سربراہ رہے۔

  • جعفر آباد: نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائنیں دھماکے سےاُڑادیں

    جعفر آباد: نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائنیں دھماکے سےاُڑادیں

    جعفر آباد :  نامعلوم افراد نے دو گیس پائپ لائنوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔تفصیلات کے مطابق  ڈیرہ بگٹی کے علاقے جعفر آباد میں نامعلوم افراد نے لوٹی اور پیر کوہ پلانٹوں کو جانے والی دو گیس پائپ لائنوں کو دھماکے سے تباہ کردیا ۔

    دھماکے اتنے شدید تھے کہ آواز دور دور تک سنی گئی، لیویز ذرائع کے مطابق آٹھ ،آٹھ انچ قطر کی پائپ لائنوں کو دھماکے سے اڑانے کے باعث لوٹی اور پیر کوہ پلانٹس کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    دھماکوں کے بعد گیس پائپ لائنوں میں آگ لگ گئی۔  تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    پائپ لائنوں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔