Tag: ڈیرہ غازی خان

  • ڈیرہ غازی خان : سرحدی چوکی لکھانی  پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام

    ڈیرہ غازی خان : سرحدی چوکی لکھانی پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام

    ڈی آئی خان : ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چوکی لکھانی پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنادیا گیا، جوابی کارروائی پر دہشت گرد فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان پولیس نے سرحدی چوکی لکھانی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

    پنجاب پولیس نے نے بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ بیس سے پچیس دہشت گردوں نے لکھانی چیک پوسٹ پرحملہ کیا، دہشت گردوں نے حملے میں مارٹرگولوں اور راکٹ لانچرز کا بےدریغ استعمال کیا۔

    پولیس نے کہا کہ دہشت گردوں نےاسنائپررائفلز،دیگربھاری اسلحہ کااستعمال بھی کیا تاہم پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے جوانوں نے بہادری سے چوکی کا دفاع کیا۔

    مزید پڑھیں : ڈی جی خان: جھنگی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام

    حکام کا مزید بتانا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے کے دوران پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے۔

    یاد رہے پنجاب پولیس نے ڈی جی خان کی جھنگی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا تھا ، ترجمان پولیس نے بتایا تھا کہ بیس سے پچیس دہشت گردوں نے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، تاہم پولیس نے زبردست مزاحمت کرکے حملہ ناکام بنا دیا۔

    آئی جی پنجاب عثمان انور نے حملہ ناکام بنانے پر ڈی جی خان پولیس کو شاباش دی اور کہا تھا بہادر سپاہی دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

    ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

    ڈی جی خان : ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چوکی لکھانی پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیاگیا، جس کے بعد دہشت گرد فرار ہونے ہر مجبور ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) سرحدی چوکی لکھانی پر رات گئے دہشت گردوں نے حملے کردیا، جس پر پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو فرار پر مجبور کردیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ رات گئے 25 سے 30 دہشت گرد چوکی لکھانی پرحملہ آور ہوئے، تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نشاندہی کی گئی۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے راکٹ، ہینڈ گرینیڈ سمیت بھاری اسلحہ کا استعمال کیا تاہم پولیس کےجانبازوں نےمشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکےفوری جوابی کارروائی کی۔

    پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز،سی ٹی ڈی نے ملکر دہشت گردوں کامقابلہ کیا اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجہ میں دہشت گرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہوگئے۔

    ترجمان نے کہا کہ خیبرپختونخوابارڈرپرتمام چیک پوسٹس پہلےسےہائی الرٹ تھیں، آئی جی پنجاب نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ڈی جی خان پولیس کو شاباشی دی۔

    وزیرداخلہ حسن نقوی نے لاکھانی چیک پوسٹ پردہشتگردوں کاحملہ ناکام بنانےپرپولیس کوخراج تحسین کرتے ہوئے کہا پولیس نےبہادری کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پنجاب پولیس نے ہمیشہ جرات اور بہادری کی تاریخ رقم کی۔

  • اسکول وین اور ٹرک میں  خوفناک تصادم ، پرنسپل سمیت 4 خواتین اساتذہ جاں بحق

    اسکول وین اور ٹرک میں خوفناک تصادم ، پرنسپل سمیت 4 خواتین اساتذہ جاں بحق

    ڈیرہ غازی خان : سخی سرور کے قریب وین اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں نجی اسکول کے پرنسپل سمیت 4 خواتین اساتذہ جاں بحق ہوگئیں جبکہ 7 زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور کے قریب اسکول وین اور ٹرک ٹکرا گئے، حادثے میں اسکول پرنسپل سمیت 4 ٹیچرز جاں بحق ہوگئے اور 7افراد شدید زخمی ہوئے۔

    پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈی جی خان اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، پرنسپل سید امجد علی اسٹاف کے ہمراہ اسکول جارہے تھے، تومی موڑ کے قریب حادثہ پیش آیا۔

    جاں بحق افراد میں پرنسپل سیدامجد اور اساتذہ میں کرن، نوشین اور طاہرہ شامل ہیں۔

    یاد رہے ٹبہ سلطان پور میں قطب پور روڈ پر تیز رفتار کار کی زد میں آکر بچے سمیت 2 افراد زندگی کی بازی گئے تھے۔

    اس سے قبل گوجرانوالہ میں تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کوٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • شادی کی تقریب میں فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

    شادی کی تقریب میں فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

    ڈیرہ غازی خان میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان کے دری ڈھولے والی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، اس واقعے کے بعد 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں گروہوں کے افراد ریکارڈ یافتہ اور کرمنلز ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ، فتنہ الخوارج  کے 2 دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ، فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد ہلاک

    ڈی جی خان : محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی میں فتنہ الخوارج کے دو دہشت گرد مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا ، کوئٹہ روڈ پر سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے دو دہشت گرد مارے گئے اور دو موقع سے فرار ہوگئے۔

    ہلاک دہشت گردوں سے دستی بم، دو رائفلیں، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے تاہم مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانےپر سی ٹی ڈی پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر شاباشی دی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے بروقت کامیاب آپریشن کرکے2دہشتگردوں کوجہنم واصل کیا اور انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کرکےڈی جی خان میں تخریب کاری کامنصوبہ ناکام بنایا، دہشت گردوں کےعزائم خاک میں ملانے والی ٹیم کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیم کے بہادر اور پروفیشنل سپوتوں پرفخرہے، دہشتگردی سےنمٹنےکیلئے ہراول دستہ ہےاوریہ فورس ہماراسرمایہ ہے۔

  • NA 185 ڈیرہ غازی خان : زرتاج گل کا پلڑہ بھاری

    NA 185 ڈیرہ غازی خان : زرتاج گل کا پلڑہ بھاری

    کراچی : ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کی جانب سے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کی تازہ ترین اپڈیٹ کی فراہمی کا تسلسل بھی برقرار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 185 میں 42 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار زرتاج گل کا پلڑہ بھاری ہے۔

    زرتاج گل نے 16418ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں، جبکہ دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی کے عثمان فارووقی 15120 ووٹ کے ساتھ پہچھے ہیں۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستند اور تازہ ترین نتائج ناظرین تک پہنچانے کی روایت کو برقرار رکھا ہے، ملک بھر سے اے آر وائی نیوز کو ابتدائی نتائج موصول ہو رہے ہیں۔

  • دہشت گردوں کی پنجاب میں داخلے کی کوشش ناکام

    دہشت گردوں کی پنجاب میں داخلے کی کوشش ناکام

    لاہور : بین الصوبائی سرحدی علاقے سے دہشت گردوں کی پنجاب میں داخلےکی کوشش ناکام بنادی گئی ، پولیس جوانوں نے بھرپور فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاگنے پرمجبور کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بین الصوبائی سرحدی علاقے سے دہشت گردوں کی پنجاب میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ڈی جی خان کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا ہے ، ڈی جی خان کی سرحدی چوکی جھنگی پر کالعدم تنظیم کے آٹھ سے دس دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا تو پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کو بھرپورجواب دیا۔

    ڈاکٹرعثمان انور کا کہنا تھا کہ چوکی پر موجود جوانوں نےجدید کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نشاندہی کی اور پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کرکے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبورکر دیا۔

    آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ایس ایچ او وہوا کی قیادت میں دوسری ٹیم بھی بیک اپ کیلئےفوری پہنچی،تمام سرحدی چوکیوں پر پولیس ٹیمیں ہائی الرٹ اورفرائض ادا کر رہی ہے، دہشت گردوں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا۔

  • غازی یونیورسٹی کی طالبہ کی شکایت پر دو پروفیسر گرفتار

    غازی یونیورسٹی کی طالبہ کی شکایت پر دو پروفیسر گرفتار

    ڈی جی خان: غازی یونیورسٹی کی طالبہ کی زیادتی کی شکایت پر دو پروفیسرز کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی غازی یونیورسٹی کی طالبہ ثنا ارشاد سے زیادتی کے الزام میں پولیس نے ڈاکٹر ظفر وزیر اور ڈاکٹر خالد خٹک کو گرفتار کر لیا۔

    بی ایس فزکس کی طالبہ ثنا ارشاد نے غازی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ظفر وزیر اور ڈاکٹر خالد خٹک پر زیادتی اور بلیک میل کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ میبنہ زیادتی کیس کے ملزمان کے خلاف ثنا ارشاد اور اس کے والد ارشاد احمد کی مدعیت میں دو علیحدہ مقدمات درج ہیں۔

    یاد رہے کہ منگل کو غازی یونیورسٹی کی طالبہ ثنا ارشاد نے دو اساتذہ پر جنسی ہراسگی کا الزام لگایا تھا اور ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ ڈاکٹر ظفر وزیر نے انھیں نشہ آور چیز پلا کر زیادتی کی، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی۔ طالبہ نے و یڈیو بیان میں بتایا کہ یونیورسٹی پروفیسرز نے اپنے ہاسٹل بلایا اور بعد میں بلیک میل کرتے رہے کہ کسی کو کچھ نہیں بتانا۔

    طالبہ نے الزام عائد کیا کہ اب وہ میری چھوٹی بہن کو بھی بلیک میل کر رہے ہیں، اگر میری شکایت پر کچھ نہیں کیا گیا تو خود کو آگ لگا لوں گی، جس کے ذمے دار وائس چانسلر ہوں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا شرمناک اسکینڈل ملک کے تعلیمی اداروں کی بدنامی کا سبب بنا تھا، جس کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

  • غازی یونیورسٹی کی طالبہ کا 2 اساتذہ پر جنسی ہراسگی کا الزام

    غازی یونیورسٹی کی طالبہ کا 2 اساتذہ پر جنسی ہراسگی کا الزام

    ڈیرہ غازی خان: غازی یونیورسٹی کی طالبہ نے دو اساتذہ پر جنسی ہراسگی کا الزام لگادیا اور کہا ڈاکٹر ظفر وزیر نے نشہ آور چیز پلا کر طلبہ سے زیادتی کی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اسکینڈل کے بعد پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کی غازی یونیورسٹی کی طالبہ نے دو اساتذہ پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کردیا۔

    اس اسکینڈل کا پردہ فاش اس وقت ہوا جب زیادتی کا شکار طالبہ کا ایک ویڈیو بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوا۔

    متاثرہ طلبہ کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس نے مقدمہ میں 955/23 میں 2 پروفیسرز اور ایک طلبہ کو نامزد کیا گیا ہے.

    تھانہ گدائی میں فوجداری دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ظفر وزیر نے نشہ آور چیز پلا کر طلبہ سے زیادتی کی اور پروفیسر خالد خٹک بھی مراسم قائم کرنے کیلئے دھمکاتا رہا۔

    مقدمے میں کہا ہے کہ کلاس فیلو طلبہ نے جھانسہ دیکر بلایا اور زیادتی کروائی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    دوسری جانب آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوڈیرہ غازی خان سے واقعہ کی تفتیش کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی تفتیش جلد مکمل کرکےذمہ داران کوقانون کےکٹہرےمیں لایاجائے۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ طالبات کوبلیک میل یازیادتی کرنےوالےملزمان کسی رعایت کےمستحق نہیں، متاثرہ طالبہ کو فوری انصاف مہیا کیا جائے۔

  • ویڈیو: زائرین سے بھری ٹریکٹر ٹرالی نہر میں گرنے سے 23 افراد ڈوب گئے

    ویڈیو: زائرین سے بھری ٹریکٹر ٹرالی نہر میں گرنے سے 23 افراد ڈوب گئے

    ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان میں زائرین سے بھری ایک ٹریکٹر ٹرالی نہر میں گرنے کے باعث 23 افراد ڈوب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور جانے والے زائرین کی ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ پیش آیا ہے، ٹریکٹر بے قابو ہو کر نہر میں جا گری، جس کے باعث تئیس افراد ڈوب گئے ہیں۔

    ٹریکٹر ٹرالی میں 47 افراد سوار تھے، نہر میں گرنے والے 26 افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا، تاہم باقی افراد ڈوب گئے، جن میں سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

    گزشتہ روز ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے آج ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، نہر میں ڈوبنے والوں کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔

    اس افسوس ناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں ٹریکٹر ٹرالی کو نہر میں بے قابو ہو کر گرتے دیکھا جا سکتا ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرالی میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔