Tag: ڈیرہ غازی خان

  • ڈیرہ غازی خان: 4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر اسپتال میں لاکھوں کا گھپلا

    ڈیرہ غازی خان: 4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر اسپتال میں لاکھوں کا گھپلا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ڈی ایچ کیو اسپتال کی تعمیر میں بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے، 4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر اسپتال میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

    ڈی جی خان کے ایکس ای این، ایس ڈی او اور سب انجینیئر سمیت کنسٹرکشن کمپنیز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    محکمہ اینٹی کرپشن نے تحقیقات کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا، ادارے نے محکمہ بلڈنگ کے افسران سے 80 لاکھ روپے برآمد کرلیے، وصول کی گئی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروا دی گئی۔

    اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ 370 بستروں کے اسپتال کی تعمیر پر 4 ارب روپے کی لاگت آئی، اسپتال کی تعمیر کے دوران بے ضابطگیاں اور ناقص مٹیریل دیکھنے میں آیا۔

    حکام کے مطابق محکمہ بلڈنگ کے افسران کی ملی بھگت سے ناقص مٹیریل کا استعمال کیا گیا۔

  • 5 ہزار کے موبائل کے لیے جو چراغ بجھایا گیا، کون تھا؟

    5 ہزار کے موبائل کے لیے جو چراغ بجھایا گیا، کون تھا؟

    کراچی: گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ میں سڑک پر دو موٹر سائیکل سوار سفاک لٹیروں نے معمولی موبائل فون کے لیے آن لائن بائیک رائیڈر کو سر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، آج ان کے جسد خاکی کو لینے کے لیے ڈیرہ غازی خان سے ان کا غم سے نڈھال بھائی کراچی پہنچ گیا۔

    سفاک قاتل کی گولی کا نشانہ بننے والے بد قسمت محنت کش نوجوان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان کا نام عمران تھا، اور وہ ڈیرہ غازی خان سے پیسے کمانے آئے تھے، محنت کشوں پر مہربان شہر کراچی میں موٹر سائیکل چلا کر عمران اپنے بھائیوں کی کفالت کرتا تھا، لیکن چند ہزار کی خاطر یہ روشن چراغ بے دردی سے بجھا دیا گیا۔

    مقتول عمران کے بھائی حسنین جو آج ڈیرہ غازی خان سے کراچی پہنچے

    ڈیرہ غازی خان سے آج مقتول کا بھائی حسنین کراچی پہنچا، تو اے آر وائی نیوز نے ان سے بات کی، بھائی کی موت پر صدمے سے بے حال حسنین نے بتایا کہ بھائی عمران کراچی میں روزگار کمانے کے لیے آیا تھا، محنت مزدوری کر کے چھوٹے بھائیوں کی کفالت کرتا تھا، بھائیوں کی پڑھائی کا خرچہ بھی عمران ہی پورا کرتا تھا۔

    سہراب گوٹھ میں قتل ہونے والے رائیڈر عمران

    حسنین نے بتایا کہ عمران کے پاس 5 سے 6 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون تھا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے بھائی عمران کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ وہ آج بھائی کی میت لے کر ڈیرہ غازی خان واپس جائیں گے۔

    معمولی موبائل کیلیے رائیڈر کو گولی مار دی گئی، بچے ویڈیو نہ دیکھیں

    مقتول عمران کے ساتھی رکشہ ڈائیور نے بتایا کہ عمران ہمارے ساتھ پٹیل پاڑا میں رہتا تھا، پہلے عمران کے پاس رکشہ تھا بعد میں موٹر سائیکل خریدی، عمران بہت محنتی تھا، صبح سے رات تک کام کرتا تھا۔

  • ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب 3 منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب 3 منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان میں 3 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے دورہ ڈیرہ غازی خان کے دوران 3 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    وزیر اعلی ٰ جناح فیملی پارک کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کریں گے، جناح پارک کی بحالی پر 2 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی۔ وزیر اعلی آفیسر کلب میں نئی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔ آفیسر کلب میں سہولیات کی فراہمی پر 4 کروڑ 72 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

    عثمان بزدار ملٹری پولیس سرائے کی بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔

    اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب زچہ و بچہ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے قیام پر 2 ارب سے زائد کی لاگت آئے گی۔ عثمان بزدار وقار کینٹین تاگدائی 2 رویہ سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ سڑک کی تعمیر پر 26 کروڑ 17 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

    عثمان بزدار 371 واٹر فلٹریشن پلانٹ اور 31 ہینڈ پمپس کی تنصیب کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر 46 کروڑ 59 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

  • خواجہ داؤد کے عثمان بزدار پر الزامات، پی ٹی آئی ارکان کا تنظیمی کارروائی کا مطالبہ

    خواجہ داؤد کے عثمان بزدار پر الزامات، پی ٹی آئی ارکان کا تنظیمی کارروائی کا مطالبہ

    ڈی جی خان: پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ داؤد سلیمانی کے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر الزامات پر ڈیرہ غازی خان کے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی عثمان بزدار کے حق میں بول پڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان سے پی ٹی آئی ارکان نے خواجہ داؤد کے وزیر اعلیٰ پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خواجہ داؤد کے خلاف تنظیمی کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    پی ٹی آئی رکن سردار احمد علی خان دریشک کا کہنا تھا خواجہ داؤد کے پیچھے کون ہے، ہم بے نقاب کریں گے، اور بہت جلد ثبوت بھی منظر عام پر لے آئیں گے۔

    سردار دریشک نے کہا کہ خواجہ داؤد سینیٹ انتخاب سے قبل کسی اشارے پر متحرک ہوئے ہیں، اور وہ اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے الزامات لگا رہے ہیں، خواجہ داؤد حلقے میں جاتے نہیں لوگ بھی ان سے نالاں ہیں۔

    پی ٹی آئی ایم پی اے کی پرویز الہٰی سے وزیر اعلیٰ کی شکایت

    انھوں نے کہا خواجہ داؤد کے پیچھے موجود قوتوں کو بے نقاب کیا جائے گا، حکومت کو چھوڑ کر کوئی اپوزیش میں نہیں جانا چاہتا، وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں تمام پی ٹی آئی ارکان متحد ہیں۔

    حنیف پتافی نے بھی خواجہ داؤد کے حلقے میں کام نہ ہونے کا دعویٰ مسترد کر دیا، انھوں نے کہا خواجہ داؤد کے حلقے کے لیے ساڑھے 3 ارب روپے کا پیکج دیاگیا، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے، مجموعی بجٹ کا 33 فی صد جنوبی پنجاب کے لیے لازم قرار دیاگیا ہے، اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے۔

  • پنجاب میں کرپٹ اور راشی سرکاری افسران کے خلاف کارروائیاں

    پنجاب میں کرپٹ اور راشی سرکاری افسران کے خلاف کارروائیاں

    لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی کرپٹ سرکاری افسران کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ڈیرہ غازی خان اور دیپالپور میں کی جانے والی کارروائیوں میں 5 راشی افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے کرپٹ سرکاری افسران کی گرفتاریاں جاری ہیں، سابق رجسٹری محرر اور میٹرو پولیٹن آرکیٹکٹ سمیت 5 افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔

    محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے 3 سرکاری ملازمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، ملزمان سے رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ ملزمان میں ہیڈ ڈرافٹس مین اصغر علی، جونئیر کلرک محمد فرحان شامل اور میٹرو پولیٹن آرکیٹکٹ محمد عثمان شامل ہیں۔

    اسی طرح اینٹی کرپشن دیپالپور نے سابق رجسٹری محرر برکت علی کو گرفتارکر لیا گیا جبکہ محکمہ آبپاشی کے ہیڈ ڈرافٹس مین محمد طارق کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

  • تفریح کے لیے جانے والا خاندان المناک حادثے کا شکار

    تفریح کے لیے جانے والا خاندان المناک حادثے کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ٹرک کار پر چڑھ گیا، حادثے میں کمسن بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں فورٹ منرو میں ٹرک کار پر چڑھ گیا، افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک کم سن بچہ شدید زخمی ہوا۔

    ذرائع کے مطابق کار میں سوار خاندان سخی سرور کا رہائشی تھا جو سیاحت کے لیے فورٹ منرو جا رہا تھا، جاں بحق افراد میں پروفیسر اللہ وسایا، ان کا بیٹا ابراہیم اور 2 پوتے شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل صوبہ سندھ کے شہر نوری آباد کے قریب موٹر وے پر اندوہناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 18 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔

    حادثے کا شکار وین میں بچوں اور خواتین سمیت 25 مسافر سوار تھے، وین سے دوسری گاڑی کا بونٹ اڑ کر ٹکرایا تھا جس کے بعد وین کو آگ لگ گئی تھی۔

    حادثے کے بعد گزشتہ روز ایک بچی کی لاش بھی برآمد ہوئی تھی جو پہلے ریسکیو آپریشن کے دوران نظر نہیں آئی تھی۔

    اس حوالے سے ریسکیو ذرایع نے بتایا تھا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ آگ سے بچانے کے لیے ماں نے بچی کو چادر میں لپیٹ لیا تھا، جب خاتون کی جھلسی ہوئی لاش سے چادر ہٹائی گئی تو اس میں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی۔

  • پنجاب میں ایک بار پھر  2 بچوں کی ماں سے مبینہ زیادتی کا بد ترین واقعہ

    پنجاب میں ایک بار پھر 2 بچوں کی ماں سے مبینہ زیادتی کا بد ترین واقعہ

    ڈیرہ غازی خان : پنجاب میں ایک بار پھر دو بچوں کی ماں کو حیوانوں نے درندگی کا نشانہ بنا ڈالا ، وزیراعلیٰ پنجاب نے خاتون سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں خاتون سے مبینہ زیادتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا، ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کی نواحی بستی لاشاری میں دو بچوں کی ماں کو حیوانوں نے درندگی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس نے 2 ملزمان کے خلاف تھانہ ریتڑہ میں ایف آئی آردرج کرلی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ خاتون میڈیکل کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے خاتون سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہمی کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاتون کوہر صورت انصاف فراہم کیا جائے، متاثرہ خاتون کوہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔

    یاد رہے گجرپورہ میں موٹر وے پرخاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا ، پولیس کے مطابق خاتون بچوں کے ساتھ گوجرانوالہ جارہی تھی کہ گاڑی خراب ہوگئی، خاتون موبائل فون پر بات کررہی تھی کہ ملزمان نے حملہ کردیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

  • ظالم مالک مکان کا 7 سالہ ملازمہ پر ڈنڈوں اور راڈ سے تشدد

    ظالم مالک مکان کا 7 سالہ ملازمہ پر ڈنڈوں اور راڈ سے تشدد

    ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان میں ظالم مالک مکان نے 7 سال کی ملازمہ کو ڈنڈوں اور راڈ سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان میں کلیم اللہ نامی شخص کے گھر ملازمہ فرزانہ سنجرانی رہائش پذیر تھی، ملزم نے ملازمہ پر ڈنڈوں اور راڈ سے بدترین تشدد کیا، جس کے باعث سات سالہ بچی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم اس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے، پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

    ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے 7 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، انھوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچی پر تشدد کے ذمہ دار کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ معصوم بچی پر تشدد انتہائی افسوس ناک اور سماجی المیہ ہے، 7 سالہ بچی پر تشدد کی خبر سے بہت دکھ پہنچا، کمشنر ڈیرہ غازی خان کو بچی کا علاج معالجہ کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ 25 جولائی کو بھی کوٹ لکھپٹ میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک واقعہ سامنے آیا تھا، مالک مکان نے 20 سالہ گھریلو ملازمہ پر موبائل چوری کا الزام لگا کر تشدد کیا تھا، ملازمہ سے تفتیش اور تشدد کی خود ہی ویڈیو بھی بناتا رہا، جو بعد ازاں اس نے ملازمہ کے لواحقین کو بھیجی۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا پہلی بار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کا دورہ

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا پہلی بار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کا دورہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ کھرڑ بزدار کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں آپ کا بھائی اور لاہور میں آپ کا وکیل ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ کھرڑ بزدار پہنچ گئے، عثمان بزدار بطور وزیر اعلیٰ پہلی بار یہاں پہنچے۔ وزیر اعلیٰ کی آمد پر قبائلیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    عثمان بزدار سے کھرڑ بزدار کے مقدمین جرگہ اور عمائدین کی ملاقاتیں ہوئیں، ملاقات میں عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ قبائلی لوگوں سے گھل مل گئے اور خود تحریری درخواستیں وصول کیں، عثمان بزدار خود قبائلی لوگوں کی نشستوں پر گئے، بلوچی میں سلام و دعا ک، اور بلوچی میں حال احوال بھی پوچھا۔

    بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے عوامی اجتماع سے بلوچی زبان میں خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہر مسئلے کو جانتا ہوں، علاقے کے مسائل حل کروں گا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب کو مسائل دکھانے لایا ہوں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میں آپ کا بھائی اور لاہور میں آپ کا وکیل ہوں۔

    وزیر اعلیٰ نے علاقے میں بنیادی مرکز صحت کو دیہی مرکز صحت کا درجہ دینے، ریسکیو سینٹر, موٹر سائیکل ریسکیو سروس شروع کرنے اور بینک آف پنجاب کی برانچ کے قیام کا اعلان کیا۔

    انہوں نے رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے پراجیکٹ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کردیا ہے، مختص بجٹ کا 33 فیصد اس علاقے پر خرچ ہوگا۔

  • سی ٹی ڈی کی ڈی جی خان میں کارروائی، کالعدم تنظیم کا کمانڈرگرفتار

    سی ٹی ڈی کی ڈی جی خان میں کارروائی، کالعدم تنظیم کا کمانڈرگرفتار

    لاہور: کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ڈی جی خان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا کمانڈر گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کر کے بارودی مواد، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم سپاہ محمد سے ہے، دہشت گرد کی شناخت قیصر عباس کے نام سے ہوئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق دہشت گرد کا ہدف ڈی جی خان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے تھے۔گرفتار دہشت گرد سے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

    نارووال میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گرد گرفتار

    اس سے قبل رواں ماہ 10 جون کو صوبہ پنجاب کے شہر نارووال میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کر کے بارودی مواد، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کی ڈیرہ غازی خان میں کارروائی،2 دہشت گردگرفتار

    یاد رہے کہ رواں سال 27 اپریل کو کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ڈی جی خان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔