کراچی : ڈیفنس فیز 8 خیابان رومی میں لینڈکروزر اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں کچرا اٹھانے والے ٹرک اور لگژری گاڑی میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے حادثہ لینڈ کروزر اور سی بی سی کچرے کے ٹرک میں پیش آیا تھا، زخمی ڈرائیور کوفوری اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام نے کہا کہ حادثہ تیزرفتاری کے نتیجے میں پیش آیا تاہم دونوں گاڑیاں لفٹر کے ذریعے ساحل تھانے منتقل کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے انچولی میں رات گئے تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری ، جس کے نتیجے میں دو نوجوان زخمی ہوگئے۔
ڈبل کیبن گاڑی معروف سماجی رہنما ظفرعباس کے نام رجسٹر ہے، عینی شاہد کے مطابق تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو کچلا اور ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔
حادثے کے باعث گاڑی کی نمبر پلیٹ گرگئی، جس سے معلوم ہوا گاڑی سماجی رہنما ظفرعباس کے نام رجسٹرڈ ہے، ظفر عباس موقع پر پہنچے تو لوگوں سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔
ظفر عباس کا کہنا ہے آفس کا لڑکا برف لینے گاڑی لے کر گیا تھا، موٹرسائیکل سوار بغیر ہیڈلائٹ کے تھے جو گاڑی سے ٹکراگئے، ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں کا مکمل علاج کرائیں گے۔
پولیس کی جانب سے تاحال کوئی مقدمہ یا گرفتاری سامنے نہیں آئی۔