Tag: ڈیفنس کار حادثہ

  • ڈیفنس کار حادثے کا ذمہ دار بلوچستان کی اہم شخصیت کا بیٹا تھا، پولیس ذرائع کا انکشاف

    ڈیفنس کار حادثے کا ذمہ دار بلوچستان کی اہم شخصیت کا بیٹا تھا، پولیس ذرائع کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں صبا ایونیو کراس، خیابان بدر فیز 5 ایکسٹنشن پر ہفتے کی صبح رونما ہونے والے کار حادثے کے بارے میں پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اس کا ذمہ دار بلوچستان کی اہم شخصیت کا بیٹا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیفنس، خیابان بدر حادثے کا ذمہ دار بلوچستان کی اہم شخصیت کا بیٹا تھا، جو پراجیکٹ ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ آف میڈیکل کالج نصیر آباد امتیاز احمد کی گاڑی غیر قانونی طور پر استعمال کر رہا تھا۔

    ملزم نے اپنی خاتون دوست کے ساتھ اوور اسپیڈنگ کرتے ہوئے حادثہ کیا، اور کار چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا، حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات پر سخت ایکشن لیتے ہوئے امتیاز احمد کو فوری طور پر پراجیکٹ ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ آف میڈیکل کالج نصیر آباد کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ایکشن کراچی میں حادثے کی وجہ سے لیا گیا ہے، یہ بھی لکھا گیا کہ امتیاز احمد نے غفلت برتی اور سرکاری گاڑی کا غلط استعمال کیا، یعنی نے سرکاری گاڑی غیر قانونی طور پر اہم شخصیت کے بیٹے کو دے رکھی تھی۔

    دوسری جانب ساؤتھ پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، اور پولیس کے لیے اس ملزم کی گرفتاری ایک چیلنج نظر آ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ حادثے میں کار سوار اوور اسپیڈنگ کرتے ہوئے سڑک پر صفائی کرنے والے سی بی سی ملازم کو کچلتے ہوئے ایک بنگلے کی دیوار اور گیٹ توڑ کر اندر گھس گیا تھا، سی بی سی ملازم ارشاد عرف حاجی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تھا، حادثے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کیا گیا ہے، ساؤتھ ڈسٹرکٹ کو فرار ہونے والے لڑکے اور لڑکی کی تلاش ہے۔

  • ڈیفنس کار حادثہ، ملزم افنان کا گاڑی تیز چلانے اور ڈرفٹنگ کا اعتراف

    ڈیفنس کار حادثہ، ملزم افنان کا گاڑی تیز چلانے اور ڈرفٹنگ کا اعتراف

    لاہور: ڈیفنس میں گاڑی کی ٹکرسے 6 افراد کی ہلاکت کے واقعے میں ملزم افنان نے گاڑی تیز چلانے اور ڈرفٹنگ کا اعتراف کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 6 افراد کو گاڑی کی ٹکر سے موت کی آغوش میں پہنچانے والیے نوعمر ملزم افنان نے گاڑی تیز چلانے اور ڈرفٹنگ کا اعتراف کرلیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم افنان شفقت کی عمر کے تعین کرنے کے لیے او سی فکیشن ٹیسٹ کرا لیا گیا ہے۔

    او سی فکیشن ٹیسٹ کی رپورٹ 3 سے4 روز میں پولیس کو مل جائے گی۔ ملزم کا پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹیکل ٹیسٹ 29 نومبر کو فرانزک لیب میں ہوگا۔

    ذرائع کا اس حوالے سے مزید بتانا تھا کہ پولیس ملزم کے ٹیسٹ کے سلسلے میں عدالت سے مزید ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

    ملزم کے والد کو 27 نومبر کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے پاس پیش کیا جائے گا۔ ملزم کے والد ملک شفقت نے موقع پر موجود نہ ہونے کا بیان قلمبند کرا دیا ہے۔

  • ڈیفنس کار حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا بڑا حکم

    ڈیفنس کار حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا بڑا حکم

    لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں کم عمر  ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں 6 افراد کے کار حادثے کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں کم عمر  ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او اور تمام آرپی اوزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر لائسنس  کم عمر ڈرائیورز کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔

    ’6 افراد کی موت ٹریفک حادثہ نہیں قتل ہے‘

    نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کم عمر ڈرائیور نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کیلئے بھی خطرات کا سبب بنتے ہیں، کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بھی بند کی جائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ والدین کم عمر بچوں کو گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں، ہر زندگی  قیمتی ہے کمسن ڈرائیور کی ذرا سی غلطی کسی کی جان لے سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ کار کی ٹکر سے 2 بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔