Tag: ڈیلیوری ڈرائیور

  • آسمان پر اڑنے والی جادوئی جھاڑو دکھائی دے گئی

    آسمان پر اڑنے والی جادوئی جھاڑو دکھائی دے گئی

    امریکا میں ایک ڈیلیوری ڈرائیور نے آسمان پر ایک عجیب و غریب شے دیکھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو میں آسمان پر ایک اڑتی ہوئی جھاڑو نمایاں ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں ایک ڈیلیوری ڈرائیور جو اپنی ڈیوٹی پر ہے کہتا دکھائی دیتا ہے کہ میں نے آسمان پر ایک عجیب و غریب شے دیکھی ہے۔

    اس کے بعد وہ کیمرے کا رخ تبدیل کرتا ہے اور آسمان پر اڑتی ایک جھاڑو دکھاتا ہے، جھاڑو بالکل ویسی ہے جو جادوئی فلموں میں دکھائی جاتی ہے جس پر کوئی شخص سواری کر رہا ہوتا ہے۔

    ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اس جھاڑو کے ساتھ کہیں سے کوئی تار منسلک نہیں ہے اور یہ ہوا میں معلق ہے، تاہم کبھی کبھار حرکت کرتی بھی دکھائی دے رہی ہے۔

    مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، بعض افراد نے اسے مشہور فلم ہیری پوٹر میں دکھائی جانے والی صورتحال سے مشابہہ قرار دیا، ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ اس جھاڑو پر ہیری پوٹر اپنی سلیمانی چادر پہنے سوار ہے اور کسی کو دکھائی نہیں دے رہا۔

  • پیکج ڈیلیوری کرنے والی خاتون پیکج چرا کر فرار

    پیکج ڈیلیوری کرنے والی خاتون پیکج چرا کر فرار

    امریکا میں پیکجز ڈیلیوری کرنے والی ایک خاتون ڈرائیور کی نیت بدل گئی اور وہ پیکج لے اڑیں، پولیس نے ایسے اچکوں سے خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست لوزیانا میں پیش آیا جہاں وال مارٹ کی ایک خاتون ڈیلیوری ڈرائیور ایک گھر پر پیکج ڈیلیور کرنے کے لیے پہنچیں۔

    گھر کے پورچ میں پہنچ کر انہوں نے پیکج کی ایک تصویر کھینچی اور خریدار کو بھیج کر کہا کہ ان کا پیکج ڈیلیور ہوچکا ہے۔

    اس کے بعد پیکج واپس گاڑی میں ڈالا اور وہاں سے روانہ ہوگئیں۔

    انتھونی بورل نامی خریدار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس پیکج میں اپنے پوتے پوتیوں کے لیے کرسمس کے تحائف منگوائے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیلیوری ڈرائیور کو علم نہیں تھا کہ اس کی یہ حرکت پورچ میں لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوچکی ہے۔

    دوسری جانب مقامی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ آن لائن شاپنگ میں اضافے کی وجہ سے چور اچکوں نے اب گھروں کے پورچ سے پارسلز چرانا شروع کردیے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے افراد گاڑیوں میں گھومتے رہتے ہیں اور جیسے ہی انہیں کوئی پیکج ڈیلیور ہوتا دکھائی دیتا ہے وہ وہاں پہنچ کر اسے چرا لیتے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چند ہدایتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ اپنے پیکجز کو محفوظ رکھ کر کرسمس کو خراب ہونے سے بچا سکتے ہیں۔

    اپنا پیکج دفتر کے پتے پر منگوائیں تاکہ گھر سے آپ کی غیر موجودگی میں وہ غائب نہ ہو، یا پھر کسی ایسے جاننے والے کے گھر پر منگوائیں جو ہر وقت گھر پر موجود ہو۔

    آن لائن شاپنگ کرنے کے بعد کیریئر کو ہدایت کردی جائے کہ اگر اسے گھر پر کوئی نہ ملے تو وہ پارسل کی ڈیلیوری نہ کرے۔