Tag: ڈیمزفنڈ

  • دیا میر بھاشا اورمہمند ڈیمزفنڈ میں ساڑھے10 ارب روپے جمع ہوگئے، اسٹیٹ بینک

    دیا میر بھاشا اورمہمند ڈیمزفنڈ میں ساڑھے10 ارب روپے جمع ہوگئے، اسٹیٹ بینک

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے کہا دیا میر بھاشا اورمہمند ڈیمز فنڈ میں اب تک ساڑھےدس ارب روپے جمع ہوگئے ہیں، اندرون ملک سے9 ارب اور بیرون ملک سے ڈیڑھ ارب روپے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق دیا میر بھاشا اورمہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں اب تک ساڑھے دس ارب روپے جمع ہوگئے ہیں۔

    سرکاری خبررساں ادارے نے بتایا فنڈ میں اندورن ملک سے تقریباً نو ارب روپے جمع ہوئے ہیں جبکہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں نے تقریباً ڈیڑھ ارب روپے بھیجے ہیں۔

    بیرونی ممالک سے موصول ہونے والی رقوم میں سب سے آگے امریکہ میں بسنے والے پاکستانی ہیں، جنہوں نے چھپن کروڑ روپے عطیہ کیے جبکہ برطانیہ میں پاکستانی برداری نے انتالیس کروڑ روپے ملک ارسال کیے۔

    اسٹیٹ بینک کےاعداد و شمار کےمطابق ملک کے جن دس بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں نے اس فنڈ میں سب سے زیادہ رقوم جمع کروائی ہیں ۔

    سب سے آگے پنجاب حکومت کے صوبائی ملازمین ہیں جنہوں نے ایک ارب روپے، پاکستان فوج نےاٹھاون کروڑ روپے، بحریہ ٹاؤن کے ملازمین نے گیارہ کروڑاور پاکستان فضائیہ کے ملازمین نے دس کروڑ روپے دیئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    یاد رہے 2 مئی کو وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مشکور ہوں انہوں نے ڈیم کے لیے جدوجہد کی۔

    انہوں نے کہا تھا یہ عدالتوں کا کام نہیں کہ ڈیم بنائیں، حکومتوں کا کام ہے لیکن ہماری حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے جوڈیشری کو آگے آنا پڑا۔

    خیال رہے کہ مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے، 700 فٹ بلند ڈیم میں 12 لاکھ 9 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔

    آبی ذخائر سے ابتدا میں 16 ہزار 37 ایکڑ رقبہ سیراب کیا جا سکے گا، ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس 6 جولائی 2018 کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    ان کے احکامات کے بعد دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔

  • برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا ایک لاکھ 50 ہزا پاؤنڈ ڈیمز فنڈ میں دینے کا اعلان

    برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا ایک لاکھ 50 ہزا پاؤنڈ ڈیمز فنڈ میں دینے کا اعلان

    لندن : وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے ایک لاکھ پچاس ہزار پاؤنڈ ڈیمز فنڈ میں دینے کا اعلان کردیا، اووسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ اب ملک کے لئے کچھ کرنے کا وقت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کو خشک سالی سے بچانے کے لئے ڈیمز فنڈ میں تنخواہیں اور عطیات دینے کا سلسلہ جاری ہے ، وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے زبردست خیر مقدم کیا۔

    برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں رہنے والے پاکستانیوں نے ایک لاکھ پاؤنڈ دینے کا اعلان کردیا جبکہ آکسفورڈ میں مقیم پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ میں پچاس ہزار پاؤنڈ دینے کا وعدہ کیا۔

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے فنڈریزنگ مہم کا پروگرام بھی بنالیا ہے اور سب پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی دعوت بھی دی۔

    اووسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ اب ملک کے لئے کچھ کرنے کا وقت ہے۔

    مزید پڑھیں : ڈیمز کی تعمیر، وزیراعظم کی اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات کی اپیل

    واضح رہے گذشتہ روز وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے، ڈیم نہ بنائے تو 2025میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی، پاکستان میں قحط پڑسکتا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ڈیم بنانے کے لئے آج سے جہاد کرنا ہے، اوورسیز پاکستانی کم ازکم ایک ہزارڈالر ڈیم فنڈز میں بھیجیں۔چیف جسٹس اورپرائم منسٹر فنڈزکو ضم کیا جارہا ہے، یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت خود کروں گا۔