Tag: ڈینگی سے اموات

  • کراچی میں ڈینگی کے باعث مزید 2 مریض دم توڑ گئے

    کراچی میں ڈینگی کے باعث مزید 2 مریض دم توڑ گئے

    کراچی: شہر قائد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مزید 2 مریض دم توڑ گئے، جس کے بعد ڈینگی کے باعث اموات کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مزید دو افراد ڈینگی وائرس کے سبب دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والوں میں نارتھ ناظم آباد کی رہایشی خاتون اور گلشن ملیر رفاہ عام کا رہایشی 3 ماہ کا بچہ شامل ہیں۔

    ڈینگی کے دونوں مریض نجی اسپتالوں میں زیر علاج تھے، ڈینگی سرویلنس سیل کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے باعث اموات کی تعداد 42 ہو گئی ہے، کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 101 اور سندھ کے دیگر اضلاع میں ڈینگی کے 11 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ کراچی کے 14241 سمیت سندھ میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 15304 ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15058 ہوگئی

    خیال رہے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ رواں سال ملک میں ڈینگی کے 50 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سب سے زیادہ ڈینگی کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے جب کہ وفاقی دارالحکومت سے رواں برس 13200 کیس سامنے آئے۔

    رواں برس ملک میں ڈینگی سے 80 سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں، جس میں 42 اموات سندھ میں ہوئیں جب کہ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے 22 اموات ہوئیں۔

    کراچی میں ڈینگی سرویلنس سیل کی جانب سے تاحال ڈینگی لاروے کو تلف کرنے کے لیے اسپرے اور فیومیگیشن کا عمل شروع نہیں کیا گیا۔ سرد موسم کے باوجود ڈینگی کیسز کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کراچی: نجی اسپتال میں ڈینگی وائرس کی زیر علاج خاتون چل بسیں

    کراچی: نجی اسپتال میں ڈینگی وائرس کی زیر علاج خاتون چل بسیں

    کراچی: ڈینگی وائرس سے اموات کا سلسلہ نہیں رک سکا ہے، کراچی میں ایک اور خاتون ڈینگی کا شکار ہو کر چل بسیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ڈینگی وائرس سے متاثرہ خاتون دم توڑ گئیں، معلوم ہوا ہے کہ ڈینگی سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد متاثر ہوئے تھے تاہم خاتون جاں بر نہ ہو سکیں۔

    محکمہ صحت کے ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ دیگر 2 افراد اب بھی نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق شہر میں ڈینگی کے سبب اموات کی تعداد 17 ہو گئی ہے، رواں سال ملک بھر میں ڈینگی سے 46 اموات ہو چکی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈینگی وائرس: ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار سے بڑھ گئی: وزارتِ صحت

    گزشتہ روز وزارتِ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ رواں سال ملک میں ڈینگی سے 45 اموات ہوئیں، سندھ میں 16 اموات، وفاقی دارالحکومت میں 15 اموات جب کہ پنجاب میں 10، بلوچستان میں 3، اور آزاد کشمیر میں ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔

    ڈینگی سرویلنس سیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 167 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ رواں ماہ کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی ہے، رواں ماہ صرف 10 دن میں 1517 کیسز رپورٹ ہوئے، دوسری طرف مجموعی طور پر سندھ بھر میں رواں ماہ 1641 کیس سامنے آئے۔

    وفاقی انسداد ڈینگی سیل کے مطابق ملک میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 28525 ہو گئی ہے، ڈینگی کے سب سے زیادہ 7690 کیس اسلام آباد سے سامنے آئے۔

  • راولپنڈی میں ڈینگی سے مزید 2، مردان میں ایک مریض جاں بحق

    راولپنڈی میں ڈینگی سے مزید 2، مردان میں ایک مریض جاں بحق

    راولپنڈی: ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہول ناک اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں مزید دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈینگی سے متاثر ہولی فیملی اور ڈھوک کھبہ میں 2 افراد چل بسے ہیں، جس کے بعد صرف راولپنڈی میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

    مردان میں بھی ایک مریض ڈینگی وائرس سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے، مریض کا تعلق نوشہرہ سے تھا اور وہ مردان میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھا۔

    12 شہریوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی راولپنڈی پہنچ گئے، جہاں انھیں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی اقدامات پر بریفنگ دی۔

    دریں اثنا، پنجاب حکومت نے کمشنرز کو ڈینگی مہم تیز کرنے سے متعلق مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز موبائل بریگیڈز اینٹی ڈینگی اسکواڈ قائم کریں، ضلعی انتظامیہ عوام میں علاج، احتیاط اور تدبیر کی آگاہی مہم چلائے، جب کہ افرادی قوت اور ادویات کی کمی کو بھی پورا کیا جائے۔

    تازہ ترین:  ڈینگی وائرس: 9 ماہ پر مشتمل ایک اور سرکاری رپورٹ تیار، کیسز کی تعداد 11 ہزار سے بڑھ گئی

    ادھر ذرایع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں ڈینگی وائرس بے قابو ہو چکا ہے، سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے، پنجاب حکومت نے ڈینگی مریضوں کو نجی اسپتالوں میں داخل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق ڈینگی مریضوں کو نجی ٹیچنگ اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا، پنجاب حکومت نے نجی اسپتالوں کی نشان دہی کے لیے 3 رکنی کمیٹی بھی قایم کر دی ہے، جس کے سربراہ وائس چانسلر یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ہوں گے، یہ کمیٹی نجی ٹیچنگ اسپتالوں میں عملے اور طبی سہولتوں کا جائزہ لے گی۔

    منتخب نجی ٹیچنگ اسپتال میں 100 بیڈز ڈینگی مریضوں کے لیے مختص ہوں گے، مذکورہ کمیٹی آیندہ 24 گھنٹوں میں صوبائی حکومت کو رپورٹ جمع کرائے گی۔

    علاوہ ازیں، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر نے فیڈرل جنرل اسپتال چک شہزاد کا دورہ کر کے ڈینگی وارڈ میں مریضوں کی تیمارداری کی سہولیات کا جائزہ لیا، اور کہا کہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں ہر 4 گھنٹے بعد مریض کو چیک کیا جاتا ہے، ڈینگی اور مریضوں کے معاملے پر سیاست سے گریز کیا جائے۔

  • ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری، اسلام آباد کا ایک اور رہایشی چل بسا، سیکڑوں مزید کیسز رپورٹ

    ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری، اسلام آباد کا ایک اور رہایشی چل بسا، سیکڑوں مزید کیسز رپورٹ

    لاہور/اسلام آباد: ملک بھر میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے، اسلام آباد کا ایک اور رہایشی ڈینگی کا شکار ہو کر چل بسا، کئی شہروں میں مزید سیکڑوں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈینگی وائرس کا شکار اسلام آباد کا رہایشی دوران علاج چل بسا، جس کے بعد ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، صوبے میں 24 گھنٹے میں مزید 323 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق بھی کی جا چکی ہے۔

    راولپنڈی سے 121، اسلام آباد سے 173 مریض رپورٹ ہوئے جب کہ جھنگ، لاہور سے 4، فیصل آباد، لیہ، گجرات، وہاڑی سے بھی مریض رپورٹ ہوئے، پنجاب بھر میں رواں سال ڈینگی مریضوں کی تعداد 2012 ہو گئی۔

    سربراہ شعبہ وبائی امراض قومی ادارہ صحت ڈاکٹر صفدر رانا نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رواں برس 8388 افراد ڈینگی کا شکار بن چکے ہیں، جب کہ اب تک ملک میں ڈینگی سے 16 اموات ہو چکی ہیں، قومی ادارہ صحت نے انسداد ڈینگی ایمرجنسی سینٹر بھی قایم کیا، 23 مئی کو ڈینگی سے متعلق ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا۔

    ڈینگی سے نمٹنے کے لیے سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے نئی ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو پابند بنایا ہے کہ وہ دن کے وقت اینٹی ڈینگی اقدامات کریں جب کہ جائزہ اجلاس رات کے وقت منعقد کریں۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ دن کے وقت تمام ٹیمیں اور سربراہان فیلڈ میں موجود رہیں، جائزہ اجلاس، منصوبہ سازی اور مشاورتی اجلاس شام کے بعد کیے جائیں۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی کہا ہے کہ 5 نجی اسپتالوں میں ڈینگی وارڈ قایم کیے جا رہے ہیں، میں لاہور جا رہا ہوں اور وزیر اعلیٰ سے ڈینگی پر بات کروں گا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر ہولی فیملی اسپتال پہنچے جہاں انھوں نے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی عیادت کی اور علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رواں برس مصدقہ ڈینگی کیسز کی تعداد 7471 ہو گئی، اسلام آباد میں وبائی صورت حال

    ادھر ملتان میں ڈینگی بے قابو ہو گیا ہے، آئے روز نشتر اسپتال میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اسپتال میں آج 2 مزید ڈینگی کے مریض داخل کیے گئے جس کے بعد تعداد 9 ہو گئی۔

    ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ میں ریلوے روڈ کے رہایشی محمد سرور میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی ہے، اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص راولپنڈی میں کام کرتا تھا، 2 روز قبل آیا تھا۔

    سوات میں ایک ماہ کے دوران 200 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے، سیدو شریف اسپتال سے اب تک 178 افراد کو علاج کے بعد فارغ کیا جا چکا ہے، سینئر ڈاکٹر نجیب اللہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں اس وقت 22 متاثرہ مریض زیر علاج ہیں۔

    گزشتہ روز کی ڈینگی رپورٹ

    ادھر گزشتہ روز محکمہ صحت کے پی نے بتایا تھا کہ خیبر پختون خوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1801 ہو گئی ہے، پشاور میں 112 اور دیگر اضلاع میں ڈینگی کے 38 کیسز رپورٹ ہوئے، محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ کے پی کے مختلف اضلاع میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، چارسدہ اور نوشہرہ میں ایک ایک، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں 9،9 کیس رپورٹ ہوئے، سوات میں ایک دن میں 10 اور شانگلہ میں 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

    تازہ ترین: اینٹی مائیکروبیل مزاحمت عالمی سطح پرصحت کے لیے سنگین خطرہ ہے: برطانوی ہائی کمشنر

    گزشتہ روز ہی پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران مزید نئے 208 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی تھی، راولپنڈی میں 116 اور اسلام آباد میں 76 کیس رپورٹ ہوئے تھے، جب کہ لاہور میں 6، سیالکوٹ میں 3، لیہ میں 2، اٹک، گجرات، جھنگ، نارووال اور سرگودھا سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔

    ضلعی انتظامیہ لاہو ر نے انسداد ڈینگی کی دو دن قبل کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 64 ہزار 187 گھروں کو چیک کیا گیا، 16 ہزار 35 مقامات کا معائنہ کیا گیا، 1055 مقامات سے برآمد ڈینگی لاروے کو تلف کیا گیا، جب کہ لاروا ملنے پر 63 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔

    گزشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں 24 گھنٹوں میں 342 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص کی گئی تھی، جن میں راولپنڈی میں 222، اور اسلام آباد میں 120 کیسز شامل تھے، چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی بخار کے شبہ میں 181 افراد داخل ہوئے، تمام مریض راولپنڈی کے تینوں سرکاری اسپتالوں میں داخل کیے گئے، شہر کے سرکاری اسپتالوں سے علاج کے بعد 297 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا۔

    چکوال کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں داخل مریض میں بھی ڈینگی وائرس کی تشخیص کی گئی تھی، جس کے بعد چکوال میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 سے تجاوز کر گئی۔

    جب کہ کراچی میں گزشتہ روز 24 گھنٹوں میں مزید 48 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی تھی، سندھ کے دیگر اضلاع میں ڈینگی سے متاثرہ 3 مریض رپورٹ ہوئے، رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 575 ہو گئی، اندرون سندھ میں ایک ماہ کے دوران ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 19 ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک سال کے دوران کراچی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 2008 ہے، جب کہ سرویلنس سیل کا کہنا ہے کہ رواں ماہ سندھ بھر میں ڈینگی کیسز کی تعداد 1998 ہے۔ ادھر دو دن قبل قومی ادارۂ صحت نے ایک خصوصی رپورٹ میں کہا تھا کہ رواں برس سندھ میں 1998 مصدقہ ڈینگی کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ سرویلنس سیل کے مطابق سندھ میں ڈینگی وائرس کے باعث 8 اموات ہو چکی ہیں۔