Tag: ڈینگی وائرس

  • لاہور میں 8 ماہ کا بچہ ڈینگی وائرس سے جاں بحق

    لاہور میں 8 ماہ کا بچہ ڈینگی وائرس سے جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 8 ماہ کا بچہ ڈینگی وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا، صوبے میں ڈینگی وائرس کی صورتحال تشویش ناک ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے چلڈرن اسپتال میں 8 ماہ کا بچہ ڈینگی کے باعث انتقال کر گیا، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مذکورہ بچے موسیٰ اسد کی ڈینگی رپورٹ مثبت آئی تھی۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تشخیص کے 2 دن بعد ہی 8 ماہ کے بچے کی موت ہوگئی۔ مذکورہ بچہ لاہور میں ڈینگی سے انتقال کرنے والا پہلا بچہ ہے۔

    یاد رہے کہ صوبہ پنجاب میں ڈینگی وائرس کی صورتحال بدترین ہوچکی ہے، ڈینگی کے مریضوں میں اضافے کے بعد لاہور کے 3 بڑے اسپتالوں میں بیڈز ملنا بند ہوگئے، سرکاری اسپتالوں میں ایک بیڈ پر 3، 3 مریضوں کا علاج جاری ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے مزید 3 مریض انتقال کرگئے اور 445 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور سے 345، راولپنڈی سے 33، گوجرانوالہ سے 16، شیخو پورہ اور فیصل آباد سے 8، 8 کیسز سامنے آئے۔

    رواں سال اب تک پنجاب میں ڈینگی کے باعث 48 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

  • ڈینگی سے بچاؤ کے لیے کوشش ہے تمام اسکولوں میں اسپرے کیا جائے: ڈاکٹر یاسمین راشد

    ڈینگی سے بچاؤ کے لیے کوشش ہے تمام اسکولوں میں اسپرے کیا جائے: ڈاکٹر یاسمین راشد

    لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت تین محاذوں پر لڑ رہا ہے، کرونا وائرس کے خلاف جنگ کو ساری دنیا نے سراہا ہے۔ ڈینگی پر بھی جلد قابو پالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4 دنوں میں 25 لاکھ لوگوں کو ویکسین مل چکی ہے، تمام طلبہ ویکسین لگائیں تاکہ اسکول بند نہ کرنے پڑیں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی ایک نئی لہر دیگر ممالک میں شروع ہوگئی ہے، چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین لگوائیں تاکہ کاروبار بند نہ کرنا پڑے۔ ویکسین لگانے کا مطلب یہ نہیں کہ کرونا وائرس نہیں ہوگا مگر اس کی شدت کم ہوجاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماسک اب بھی ضروری ہے، ہاتھوں کو دھونا اور سماجی فاصلے کا خیال اب بھی رکھنا چاہیئے۔ ڈینگی بہت بڑا چیلنج ہے جنوری سے اس پر کام جاری تھا، کوشش ہے کہ تمام اسکولوں میں اسپرے کیا جائے۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت محکمہ صحت تین محاذوں پر لڑ رہا ہے، کرونا وائرس کے خلاف جنگ کو ساری دنیا نے سراہا ہے۔ ڈینگی پر بھی جلد قابو پالیں گے۔

  • پنجاب میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری

    پنجاب میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، گزشتہ روز صوبے بھر میں 500 سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 546 مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز صرف لاہور میں ڈینگی کے 361 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    سیکریٹری صحت کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب سے ڈینگی کے کیسز کی تعداد 9 ہزار 491 ہوچکی ہے، صوبے میں اب تک ڈینگی سے 29 فراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 2 ہزار 286 مریض داخل ہیں۔

  • راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے درجنوں کیسز رپورٹ

    راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے درجنوں کیسز رپورٹ

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب میں ڈینگی وائرس کیسز میں اضافہ جاری ہے، راولپنڈی میں مزید درجنوں کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 27 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی، حکام کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال میں 20، ڈی ایچ کیو میں 6 اور بی بی ایچ میں 1 مریض زیر علاج ہے۔

    صحت حکام کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ڈینگی وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 93 تک پہنچ گئی، ہولی فیملی اسپتال میں ڈینگی وائرس کے 6 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    اب تک ہولی فیملی اسپتال میں 441، بی بی ایچ میں 130 اور بی بی ایچ میں 51 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تینوں سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی وائرس مریضوں کے لیے 187 بیڈز موجود ہیں، ہولی فیملی اسپتال میں 125، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں 32، بی بی ایچ میں 30 بیڈز موجود ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر تینوں اسپتالوں سے 529 افراد کو صحت یابی کے بعد روانہ کر دیا گیا۔ ہولی فیملی اسپتال سے 375، بے نظیر بھٹو اسپتال سے 125 اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے 29 افراد صحت یاب ہوئے۔

  • وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ڈینگی  وائرس سر اٹھانے لگا

    وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا ، 24گھنٹے کے دوران 17 ڈینگی کیسزسامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے ، شہر میں ڈینگی کے متاثرین کے اعدادوشمارکی تفصیلات سامنے آگئیں۔

    دستاویز میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں24گھنٹے کے دوران 17 ڈینگی کیسزسامنے آئے، اس دوران 14کیسز دیہی،3 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔

    دستاویز کے مطابق اسلام آباد سے رواں سیزن میں94 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ، جس میں دیہی علاقوں سے 67 اور شہری علاقوں سے 27 ڈینگی شامل ہیں۔

    اسلام آباد میں رواں سیزن میں ڈینگی سے2اموات ہو چکی ہیں، ڈینگی سےجاں بحق دونوں مریض غوری ٹاؤن فیز 4کےرہائشی تھے۔

    ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ کی فوگنگ،اسپرےمیں تاخیرڈینگی کے پھیلاؤکا سبب بنی ہے، پمز سے1، بی بی ایچ 20، ہولی فیملی سے61کیسز سامنے آئے۔

    اسی طرح ڈی ایچ کیوراولپنڈی سے3، نجی پرائیوٹ سے 4 ، شفاانٹرنیشنل سے2، قائداعظم اسپتال میں 1 ڈینگی کیس کی تصدیق ہوئی۔

  • لاہور میں کرونا اور پولیو کے بعد ایک اور وائرس سر اٹھانے لگا

    لاہور میں کرونا اور پولیو کے بعد ایک اور وائرس سر اٹھانے لگا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس اور پولیو وائرس کے بعد ڈینگی وائرس بھی پھیلنے لگا، صحت حکام کے مطابق کرونا وائرس اور انسداد پولیو مہم کی وجہ سے ڈینگی مہم متاثر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس اور پولیو وائرس کے بعد ڈینگی وائرس نے بھی سر اٹھانا شروع کردیا۔ لاہور میں گزشتہ 2 ہفتوں میں ڈینگی کے 45 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ عملے کی کمی، کرونا وائرس اور انسداد پولیو مہم میں کام کرنے سے ڈینگی مہم متاثر ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق شہر میں 15 سے زائد علاقے ڈینگی ہاٹ اسپاٹ قرار دیے گئے ہیں، اسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز بھی غیر فعال ہیں۔

    سی ای او ہیلتھ لاہور کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس، پولیو اور دیگر مہمات کی وجہ سے ڈینگی مہم متاثر ہوئی۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ہاٹ اسپاٹس کی زیادہ سے زیادہ نشاندہی کر کے ڈینگی لاروا کی تلفی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ڈی ایگ کی سفارشات کے مطابق ایس او پیز پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام سے اپنے گھروں، دکانوں اور دفاتر کو صاف ستھرا رکھنے کی اپیل کرتے ہیں۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے ساتھ ساتھ ڈینگی کا بھی مربوط حکمت عملی کے تحت مقابلہ کرنا ہوگا، صوبے بھر میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ کو سخت محنت کرنا ہوگی۔

  • ڈینگی اور کرونا وائرس کے درمیان حیران کن تعلق نے ماہرین کو دنگ کردیا

    ڈینگی اور کرونا وائرس کے درمیان حیران کن تعلق نے ماہرین کو دنگ کردیا

    کرونا وائرس کے حوالے سے دنیا بھر میں مختلف تحقیقات جاری ہیں، حال ہی میں حادثاتی طور پر ہونے والی ایک دریافت نے ماہرین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔

    امریکا کی ڈیوک یونیورسٹی کے ماہرین نے برازیل میں ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا کہ ڈینگی بخار سے صحت یاب افراد میں کرونا وائرس کے خلاف مزاحمت پیدا ہوجاتی ہے۔

    مذکورہ ماہرین برازیل میں ایک تحقیق کر رہے تھے جس میں انہیں حادثاتی طور پر کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور ڈینگی بخار کے درمیان تعلق کا علم ہوا۔ ماہرین نے دیکھا کہ گزشتہ ایک سال کے اندر جن علاقوں میں ڈینگی بخار کے سب سے زیادہ کیسز دیکھے گئے، وہاں کرونا وائرس کا پھیلاؤ نہایت کم رہا۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ ڈینگی بخار کی اینٹی باڈیز کسی حد تک کرونا وائرس سے تحفظ فراہم کرتی ہیں یا اسے بے اثر کردیتی ہیں۔ تحقیق میں کہا گیا کہ بظاہر یوں معلوم ہو رہا ہے کہ ڈینگی اور سارس کوویڈ 2 کے وائرسز کے درمیان ایک نوعیت کی کراس ری ایکٹوٹی ہوئی۔

    ان کے مطابق اگر یہ مفروضہ درست ثابت ہوا تو تو ڈینگی وائرس کی ویکسین کسی حد تک کرونا وائرس سے بھی تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق دلچسپ ہے کیونکہ اس سے قبل یہ دیکھا گیا تھا کہ جن افراد کے خون میں ڈینگی وائرس کی اینٹی باڈیز موجود ہیں، ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ گمراہ کن طور پر مثبت آیا باجود اس کے، کہ وہ کرونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئے تھے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ ڈینگی وائرس اور کرونا وائرس بالکل الگ نوع سے تعلق رکھتے ہیں لہٰذا ان کے درمیان کسی قسم کا امیونولوجیکل تعلق موجود ہو سکتا ہے، تاہم اس تعلق کو ثابت کرنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ برازیل اس وقت کرونا وائرس کے کیسز اور اموات کے حوالے سے تیسرا بدترین ملک ہے، تاہم دیکھا گیا کہ گزشتہ برس ڈینگی وائرس سے متاثرہ علاقے کرونا وائرس سے بہت کم متاثر ہوئے۔

    ماہرین کے مطابق برازیل کے علاوہ ایشیا اور لاطینی امریکا کے بھی کچھ علاقوں میں ڈینگی اور کرونا وائرس کے درمیان ایسا ہی تعلق پایا گیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی یہ دریافت قطعی طور پر حادثاتی تھی، انہوں نے برازیل کے کرونا وائرس سے متاثرہ علاقوں کا نقشہ بنایا تو ان کے مشاہدے میں آیا کہ کچھ علاقوں میں وائرس کا پھیلاؤ غیر معمولی طور پر نہایت کم تھا۔

    جب انہوں نے اس کی وجوہات تلاش کیں تو ان کے علم میں یہ دریافت آئی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج نہایت غیر متوقع او حوصلہ افزا ہیں جنہوں نے کرونا وائرس کے علاج اور تحقیق کے حوالے سے نئے پہلو کی نشاندہی کی ہے۔

  • کراچی میں ڈینگی سے ایک اور ہلاکت

    کراچی میں ڈینگی سے ایک اور ہلاکت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی سے ایک اور مریضہ انتقال کرگئی، سندھ میں رواں برس ڈینگی وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 46 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان انسداد ڈینگی کنٹرول پروگرام کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈینگی وائرس سے ایک اور ہلاکت ہوئی ہے، 38 سال کی خاتون نارتھ کراچی کی رہائشی تھیں۔

    ترجمان کے مطابق سندھ بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہزار 120 ہوگئی ہے، سندھ میں رواں سال ڈینگی سے 46 اموات ہوئیں۔

    2 روز قبل ہی محکمہ صحت نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 93 فیصد کمی آئی ہے۔ بلوچستان، آزاد کشمیر، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع ڈینگی وائرس سے مکمل پاک ہوگئے ہیں۔

    محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈینگی وائرس سے 97 فیصد پاک ہوگیا ہے۔ سندھ سے ڈینگی وائرس کا تاحال خاتمہ نہ ہو سکا۔

    ذرائع کے مطابق موجودہ 98 فیصد ڈینگی کیسز کا تعلق سندھ سے ہے، سندھ کے 96 فیصد ڈینگی کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

    وفاقی دارالحکومت سے رواں برس ڈینگی کے 13 ہزار 285 کیس، پنجاب سے 10 ہزار 77، بلوچستان سے 3 ہزار 387، خیبر پختونخوا سے 7 ہزار 82 اور قبائلی اضلاع سے 794 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    آزاد کشمیر سے رواں برس 16 سو 90 ڈینگی کیس سامنے آئے۔ ملک کے دیگر حصوں سے 678 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔ گلگت بلتستان سے رواں برس ڈینگی وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

  • ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 93 فیصد کمی: محکمہ صحت کا دعویٰ

    ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 93 فیصد کمی: محکمہ صحت کا دعویٰ

    اسلام آباد: محکمہ صحت نے ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 93 فیصد کمی اور پنجاب اور سندھ کے علاوہ بقیہ تمام اضلاع کو ڈینگی سے پاک قرار دینے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 93 فیصد کمی آئی ہے۔ بلوچستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع ڈینگی وائرس سے مکمل پاک ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب ڈینگی وائرس سے 97 فیصد پاک ہوگیا ہے۔ سندھ سے ڈینگی وائرس کا تاحال خاتمہ نہ ہو سکا۔

    ذرائع وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ موجودہ 98 فیصد ڈینگی کیسز کا تعلق سندھ سے ہے، سندھ کے 96 فیصد ڈینگی کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹےمیں ملک میں مزید 94 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں سندھ سے 84، پنجاب سے 8 جبکہ ملک کے دیگر شہروں سے 2 ڈینگی کیس سامنے آئے ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 52 ہزار 776 ہوگئی۔ رواں برس سب سے زیادہ 15 ہزار 783 کیس سندھ سے رپورٹ ہوئے۔

    وفاقی دارالحکومت سے رواں برس 13 ہزار 285 کیس، پنجاب سے 10 ہزار 77، بلوچستان سے 3 ہزار 387، خیبر پختونخوا سے 7 ہزار 82 اور قبائلی اضلاع سے 794 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    آزاد کشمیر سے رواں برس 16 سو 90 ڈینگی کیس سامنے آئے۔ ملک کے دیگر حصوں سے 678 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔ گلگت بلتستان سے رواں برس ڈینگی وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

    رواں برس ملک میں ڈینگی سے 92 اموات ہوچکی ہیں۔

  • کراچی میں ڈینگی کے باعث مزید 2 مریض دم توڑ گئے

    کراچی میں ڈینگی کے باعث مزید 2 مریض دم توڑ گئے

    کراچی: شہر قائد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مزید 2 مریض دم توڑ گئے، جس کے بعد ڈینگی کے باعث اموات کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مزید دو افراد ڈینگی وائرس کے سبب دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والوں میں نارتھ ناظم آباد کی رہایشی خاتون اور گلشن ملیر رفاہ عام کا رہایشی 3 ماہ کا بچہ شامل ہیں۔

    ڈینگی کے دونوں مریض نجی اسپتالوں میں زیر علاج تھے، ڈینگی سرویلنس سیل کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے باعث اموات کی تعداد 42 ہو گئی ہے، کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 101 اور سندھ کے دیگر اضلاع میں ڈینگی کے 11 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ کراچی کے 14241 سمیت سندھ میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 15304 ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15058 ہوگئی

    خیال رہے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ رواں سال ملک میں ڈینگی کے 50 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سب سے زیادہ ڈینگی کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے جب کہ وفاقی دارالحکومت سے رواں برس 13200 کیس سامنے آئے۔

    رواں برس ملک میں ڈینگی سے 80 سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں، جس میں 42 اموات سندھ میں ہوئیں جب کہ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے 22 اموات ہوئیں۔

    کراچی میں ڈینگی سرویلنس سیل کی جانب سے تاحال ڈینگی لاروے کو تلف کرنے کے لیے اسپرے اور فیومیگیشن کا عمل شروع نہیں کیا گیا۔ سرد موسم کے باوجود ڈینگی کیسز کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔