Tag: ڈینگی

  • ڈینگی کے مریضوں کے لیے خوشخبری، علاج میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی

    ڈینگی کے مریضوں کے لیے خوشخبری، علاج میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی

    ڈینگی وائرس کی اب تک کوئی مخصوص ٹیبلٹ یا انجیکشن مارکیٹ میں دستیاب نہیں، تاہم بہت جلد مریضوں کے لیے ٹیبلٹس تیار کرلی جائیں گی۔

    دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 40 کروڑ کے قریب لوگ ڈینگی سے متاثر ہوتے ہیں جبکہ ماضی میں تو یہ بخار وبائی صورت اختیا کرگیا تھا۔ پاکستان میں بھی اکثرڈینگی بخار کے تیزی سے پھیلنے کے باعث صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو آگاہی مہم کا سہارا لینا پڑتا ہے۔

    اس مہلک وائرس کے علاج کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ امریکا کی ملٹی نیشنل کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے ڈینگی کے علاج کے لیے ٹیبلٹ بنانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ کمپنی کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے ٹیبلٹس کا ٹرائل کامیاب رہا ہے۔

    جانسن اینڈ جانسن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ این جے 1802 نامی ٹیبلٹ کے ذریعے جسم سے ڈینگی کا وائرس ختم کیا جاسکتا ہے اور یہ انفیکشن کو بھی روک سکتی ہے

    کمپنی کا کہنا تھا کہ ٹرائل کے پہلے مرحلے میں 15 لوگوں کو ٹیبلٹس دی گئیں جن میں سے 10 افراد پر یہ ٹرائل مکمل طور پر کامیاب رہا۔

    فارمالوجسٹ کا کہنا ہے کہ ابھی ڈینگی کی گولیوں پر تجربات جاری ہیں، اگر آئندہ بھی اس کا ٹرائل کامیاب ہوتا ہے تو یہ دوا مریضوں کو بہت فائدہ پہنچائے گی۔

    فی الحال برازیل، فلپائن اور پیرو سمیت 10 ممالک کے 30 اسپتالوں میں اس ٹیبلٹ کا ٹرائل جاری ہے جبکہ ماہرین پرامید ہیں کہ یہ دوا آئندہ دنوں میں ڈینگی کے لیے کارگر ثابت ہوگی۔

  • راولپنڈی، ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا

    راولپنڈی، ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا

    راولپنڈی: ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 7 افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد131تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بینظیر بھٹو اسپتال، ہولی فیملی، ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈینگی کے 35 مریض زیرعلاج ہیں۔

    چکلالہ، کٹاریاں، پوٹھوہار ٹاؤن، ڈھوک سیداں، ڈھوک منشی، دھاماں سیداں کو ہاٹ اسپاٹ قرار دے دیا گیا ہے، چک جلال الدین، اڈیالہ روڈ، راول ٹاؤن، راولپنڈی کینٹ کاعلاقہ بھی ڈینگی سے متاثر ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے متاثرہ علاقوں میں انسداد ڈینگی مہم جاری ہے، ڈینگی ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر مقدمات کا اندراج بھی کیا جارہا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈینگی ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر 395 عمارتوں کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔

  • ڈینگی : عالمی ادارہ صحت نے دنیا کو خطرے سے آگاہ کردیا

    ڈینگی : عالمی ادارہ صحت نے دنیا کو خطرے سے آگاہ کردیا

    جنیوا : عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے دنیا کو ڈینگی کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عالمی سطح پر ڈینگی کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوسکتا ہے اور یہ وبائی شکل اختیار کرسکتی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی، بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے مچھروں کی بڑے پیمانے پر افزائش سے رواں برس ڈینگی کی بیماری وبا کی طرح پھیل سکتی ہے۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ اس سال ڈینگی بخار کے کیسز ریکارڈ بلندیوں کے قریب پہنچ سکتے ہیں، جس کی ایک وجہ گلوبل وارمنگ سے فائدہ اٹھانے والے مچھروں کو پھیلانا ہے۔ عالمی سطح پر ڈینگی کی شرح بڑھ رہی ہے،

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق سال 2000سے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز 2022 میں آٹھ گنا بڑھ کر 4.2 ملین ہوگئے ہیں۔

    رواں سال مارچ میں وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق یہ بیماری سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں پہلی بار ریکارڈ کی گئی تھی، جب کہ یورپ میں کیسز میں اضافہ ہوا ہے اور پیرو نے بیشتر علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔

    جنوری میں ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا تھا کہ ڈینگی دنیا کی سب سے تیزی سے پھیلنے والی بیماری ہے جو وبائی خطرے” کی نمایاں علامت ہے اور دنیا کی تقریباً نصف آبادی اس خطرے سے دوچار ہے۔

    ڈینگی بخار کا سبب بننے والے مچھر صرف خراب پانی سے نہیں بلکہ صاف پانی سے میں بھی افزائش پا سکتے ہیں اور اسی وجہ سے ہی صفائی کا اہتمام رکھنے کے باوجود بعض لوگ ڈینگی کا شکار بن جاتے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اب تک کے زیادہ کیسز امریکا میں رپورٹ ہوئے ہیں اور وہاں اس بیماری کو وبا کی طرح پھیلتا ہوا دیکھا جا رہا ہے اور متعدد ممالک نے ہنگامی بنیادوں پر کام بھی شروع کیا لیکن بیماری پر قابو پانے میں ناکام رہے۔

    ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ رواں برس دنیا بھر سے ڈینگی کے کیسز 55 لاکھ سے زائد رپورٹ ہونے کا امکان ہے۔

  • سندھ: ملیریا، ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی، میڈیکل ٹیم تشکیل

    سندھ: ملیریا، ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی، میڈیکل ٹیم تشکیل

    کراچی: سندھ بھر میں ملیریا اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی، جس کے تدارک کے لیے ایک طبی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں ملیریا اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، جس کے بعد مختلف اضلاع میں روزانہ سیکڑوں افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ کی ہدایت پر لیاقت یونیورسٹی جامشورو کے رجسٹرار نے 6 رکنی میڈیکل ٹیم تشکیل دے دی، ٹیم کے کنوینئر پروفیسرعبدالرحمان سیال ہیں، جب کہ باقی پانچ ممبران ہیں۔

    ملک بھر میں انسولین کا بحران، انفلوئنزا ویکسین بھی غائب

    ادھر دوسری طرف شوگر کے مریضوں کے لیے انسولین کا اسٹاک ختم ہونے کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں لاکھوں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ انفلوئنزا ویکسین بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔

    ماہرین صحت کہتے ہیں کہ شوگر کے مریضوں کے لیے ادویات اور ویکسین کی بروقت فراہمی لازمی ہے، ان کا تسلسل ٹوٹنے سے مریض کے لیے صحت کے سنگین مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔

  • اسلام آباد میں ڈینگی کے درجنوں کیسز رپورٹ

    اسلام آباد میں ڈینگی کے درجنوں کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 47 ڈینگی کیسز سامنے آگئے، رواں برس شہر میں ڈینگی سے 11 اموات بھی ہوچکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 47 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ 31 ڈینگی کیسز دیہی اور 16 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں 5 ہزار 26 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں، رواں سیزن دیہی علاقوں سے 2 ہزار 911 اور شہری علاقوں سے 2 ہزار 115 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    اس دوران صرف اسلام آباد میں ڈینگی سے 11 اموات بھی ہوچکی ہیں۔

  • کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں اضافہ

    کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں اضافہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈیڑھ سو ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں ڈینگی کے 140 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی میں 49، ضلع شرقی میں 31، ضلع وسطی میں 19 اور ضلع جنوبی میں 14 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی جن میں سے 47 کا تعلق کراچی سے ہے۔

    رواں برس کراچی میں ڈینگی کے 13 ہزار 277 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سندھ بھر میں رواں سال میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 16 ہزار 888 ریکارڈ کی گئی۔

  • کراچی میں ایک روز کے دوران سینکڑوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    کراچی میں ایک روز کے دوران سینکڑوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، ایک روز میں 200 کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے 199 نئے کیسز سامنے آگئے۔

    محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی میں 67 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع شرقی میں 51، ضلع وسطی میں 29، ضلع کیماڑی میں 19، ضلع جنوبی میں 18، ضلع غربی میں 9 اور ضلع کیماڑی میں 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی جن میں سے 47 کا تعلق کراچی سے ہے۔

    رواں برس کراچی میں ڈینگی کے 13 ہزار 277 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سندھ بھر میں رواں سال میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 16 ہزار 888 ریکارڈ کی گئی۔

  • بالی ووڈ سپر اسٹار ڈینگی کا شکار ہو گئے

    بالی ووڈ سپر اسٹار ڈینگی کا شکار ہو گئے

    بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ڈینگی کا شکار ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان ڈینگی میں مبتلا ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے وہ بگ باس کے آنے والے ایپی سوڈز میں میزبانی نہیں کر سکیں گے۔

    سلمان خان کی طبیعت گزشتہ کچھ دنوں سے ناساز تھی، ڈاکٹروں نے ڈینگی کی تشخیص کر دی ہے، اور آرام کرنے اور جسمانی مشقت سے مکمل پرہیز کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    بگ باس کی آنے والی اقساط میں کم از کم ایک دو ہفتوں تک کرن جوہر میزبانی کریں گے۔

    سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنیوالے 2 افراد گرفتار

    خیال رہے کہ سلمان خان اپنی نئی آنے والی فلم ’کسی کا بھائی، کسی کی جان‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں، اب فلم کریو سلمان کے بغیر باقی اداکاروں کے ساتھ شوٹنگ شیڈول پورا کر رہا ہے۔

  • رواں برس ملک میں ہزاروں ڈینگی کیسز رپورٹ: تشویشناک رپورٹ جاری

    رواں برس ملک میں ہزاروں ڈینگی کیسز رپورٹ: تشویشناک رپورٹ جاری

    اسلام آباد: رواں برس ملک بھر میں کرونا کیسز میں کمی آنے کے بعد ڈینگی وائرس نے سر اٹھا لیا، ملک میں 40 ہزار سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ قومی صحت نے ملک میں سال بھر کے ڈینگی کیسز کی رپورٹ جاری کردی، رواں سال ملک بھر میں 41 ہزار 746 ڈینگی کیسز سامنے آئے اور 84 اموات ہوئیں۔

    قومی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ 4 روز کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 194 ڈینگی کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈینگی کا سب سے زیادہ پھیلاؤ صوبہ سندھ میں رہا، سندھ میں 12 ہزار 947 کیسز اور 43 اموات ہوئیں۔

    خیبر پختونخواہ میں 11 ہزار 613 ڈینگی کیسز اور 9 اموات، پنجاب میں 9 ہزار 410 کیسز اور 25 اموات، بلوچستان میں 3 ہزار 949 کیسز، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 ہزار 169 کیسز اور 7 اموات جبکہ آزاد کشمیر میں 677 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    رواں سال بلوچستان اور آزاد کشمیر میں ڈینگی سے کوئی واقع نہیں ہوئی جبکہ گلگت بلتستان میں ڈینگی وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    قومی ادارہ صحت نے ڈینگی کیسز کی رپورٹ وزارت صحت کو ارسال کر دی ہے۔

  • ڈینگی: سی بی سی ٹیسٹ فیس 100 روپے مقرر

    ڈینگی: سی بی سی ٹیسٹ فیس 100 روپے مقرر

    اسلام آباد: حکومت نے اسلام آباد میں سی بی سی ٹیسٹ کی من مانی فیس وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے فیس 100 روپے مقرر کر دی۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ ٹیسٹ (سی بی سی) کی فیس مقرر کر دی، وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے مریضوں سے اس کی من مانی فیس وصول کی جا رہی تھی۔

    وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی بی سی ٹیسٹ سے ڈینگی مریض کے پلیٹ لیٹس کی تعداد چیک ہوتی ہے، اس لیے ان کی سہولت کے لیے فیس مقرر کی گئی ہے۔

    اس فیصلے کا اطلاق اسلام آباد میں واقع نجی و سرکاری اسپتالوں اور لیبارٹریز پر ہوگا، اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے اس سلسلے میں چیف کمشنر اور ڈی سی کو مراسلہ جاری کر دیا، یہ مراسلہ سی ای او ڈریپ، این آئی ایچ، تمام اسپتالوں اور لیبارٹریز کو بھی بھیجا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہیلتھ ریگولیشن 2018 کے تحت سی بی سی ٹیسٹ فیس مقرر ہوئی ہے، مقررہ فیس کا اطلاق 31 دسمبر 2022 تک ہوگا، فیس مقرر کرنے کے لیے اسپتالوں اور لیبارٹریز سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔

    اسپتال اور لیبارٹریاں سی بی سی ٹیسٹ فیس کی فہرست آویزاں کرنے کی پابند ہوں گی، اس ٹیسٹ رپورٹ میں مشین، کٹ، بیچ نمبر کا اندراج لازم ہوگا، مقررہ سے زائد فیس وصولی پر کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں لیبارٹریاں سی بی سی کی 1 ہزار فیس وصول کر رہی تھیں۔