Tag: ڈینی موریسن

  • ڈینی موریسن بھی پاکستان کے اعزازی شہری بننے کے خواہاں

    ڈینی موریسن بھی پاکستان کے اعزازی شہری بننے کے خواہاں

    کراچی: ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دیے جانے کے اعلان کے بعد معروف کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ انہیں بھی پاکستان کی اعزازی شہریت دی جائے۔

    نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ کے میچز میں اپنی کمنٹری سے سب کا دل جیتنے والے کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے پاکستان کا اعزازی شہری بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ان کی بھی خدمات ہیں جس کا اعتراف کیا جانا چاہیئے۔

    ڈینی کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے کرکٹ کمنٹیٹر کی حیثیت سے پاکستان آرہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستانیوں کے کرکٹ دیکھنے اور کھیلنے کے جنون کی حمایت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت اور سول ایوارڈ دینا بہترین فیصلہ ہے ساتھ ہی ان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کو 23 مارچ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

    ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت بھی دی جائے گی۔

  • یس آئی ایم پاگل: ڈینی موریسن کی گلابی اردو

    یس آئی ایم پاگل: ڈینی موریسن کی گلابی اردو

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کا دوسرا سیزن جاری ہے اور میچ میں ہر لمحہ پرجوش و سنسنی خیز لمحوں کے ساتھ میچ کے علاوہ دلچسپ و مزاحیہ مناظر بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

    نیوزی لینڈ کے سابق باؤلر ڈینی موریسن جو لیگ میں کمنٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں، اپنی حس مزاح کے لیے مشہور ہیں اور اکثر و بیشتر مزاحیہ حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔

    کبھی وہ چیئر لیڈرز کے ساتھ رقص کرتے نظر آتے ہیں، کبھی شائقین کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں اور کبھی مائیک پکڑے گانا گاتے نظر آتے ہیں۔

    اس بار معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے ان کی حس مزاح کو آزمانے کا سوچا اور ان کے ساتھ اردو سوال و جواب کا سیشن رکھ لیا جس میں رمیز نے اردو میں سوالات کیے جبکہ ڈینی نے انگریزی میں جوابات دیئے۔

    رمیز نے انہیں زیادہ مشکل میں نہ ڈالتے ہوئے سوالات کے ساتھ اشارے بھی کیے جس سے ڈینی کو اردو میں سوال سمجھنا کچھ آسان ہوگیا اور انہوں نے بآسانی تمام سوالات کے جواب دے ڈالے۔

    رمیز نے ان سے پہلا سوال پوچھا، ’آپ کے کیا حال ہیں؟‘ ڈینی نے تھوڑے توقف کے بعد جواب دیا، ’میں ٹھیک ہوں‘ جس پر رمیز بھی حیرت سے ہنس پڑے۔ شاید انہیں توقع نہیں تھی کہ ڈینی اتنی آسانی سے اردو سمجھ لیں گے۔

    مزید پڑھیں: رمیز راجہ کی فلم میں سنجے دت کاسٹ

    جب ڈینی سے پوچھا گیا کہ ان کی پسندیدہ ٹیم کون سی ہے تو انہوں نے کراچی کنگز کا نام لے ڈالا۔ انہوں نے کہا، ’کیونکہ اس میں بابر اعظم، سوئنگ کنگ محمد عامر، سہیل خان اور وہ ایک اور کرس گیل موجود ہے‘۔

    جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کا پسندیدہ گانا کون سا ہے تو انہوں نے پی ایس ایل کے آفیشل سانگ پر باقاعدہ رقص کر کے بتایا کہ انہیں یہ گانا پسند ہے۔

    آخر میں رمیز راجہ نے ہنستے ہوئے ان سے کہا ، ’آپ خاصے پاگل ہیں‘ تو ڈینی نے برا مانے بغیر کہا، ’یس آئی ایم پاگل‘۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع کردی گئی ہے۔