Tag: ڈیووس

  • یوکرین روس تنازع کا واحد حل سفارت کاری ہے: وزیر خارجہ پاکستان

    ڈیووس: وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یوکرین روس تنازع کا واحد حل سفارت کاری ہے، خطے میں تنازعات کے حل کے لیے مثبت سوچ اپنانا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کا سالانہ اجلاس ختم ہو گیا، فورم میں پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کی، وزیر مملکت حنا ربانی کھر، وفاقی وزیر شیری رحمان اور سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا یو این سلامتی کونسل کی قراردادیں یورپ اور پورے مغرب کے لیے معنی رکھتی ہیں، لیکن یہ ستم ظریفی ہے کہ یوکرین میں یو این کا اطلاق ہوتا ہے مگر عراق میں نہیں۔

    بلاول بھٹو نے تنقید کرتے ہوئے کہا یو این سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیر کے معاملے پر بھی کاغذ سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔

    پاکستان 5 بڑے خطرات کی زد پر، عالمی اقتصادی فورم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    انھوں دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلی سمیت کئی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو فوڈ سیکیورٹی اور توانائی کے مسائل کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلی، توانائی بحران، اور غربت جیسے مسائل ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔

    اس موقع پر عالمی اقتصادی فورم کے شرکا نے کہا کہ روس اوریوکرین کو امن کے قیام کے لیے بات چیت کا راستہ اپنانا ہوگا۔

  • وزیر اعظم عمران خان ڈیووس سے وطن واپس پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان ڈیووس سے وطن واپس پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان ڈیووس سے وطن واپس پہنچ گئے، وہ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے گئے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان عالمی رہنماؤں کی خصوصی توجہ کے مرکز بنے رہے، ان کے ساتھ کئی ممالک کے رہنماؤں، کاروباری افراد اور کمپنیوں کے سربراہان نے ملاقاتیں کیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ دورہ نہایت کام یاب رہا، انھوں نے دنیا کی بڑی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا، اور دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ملک ہے۔

    عمران خان کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خصوصی ملاقات کی، گزشتہ روز جرمن چانسلر اینگلا مرکل سے بھی غیر رسمی ملاقات ہوئی ، جس میں اینگلا مرکل نے وزیر اعظم کو دورہ جرمنی کی دعوت دی۔

    وزیر اعظم سے دگان ہولڈنگ کمپنی کی چیئر پرسن دگان فارالیالی کی ملاقات

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 21 جنوری کو ڈیووس پہنچے تھے، آج صبح وہ واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں، اس دوران فورم کی سائیڈ لائن پر ان سے متعدد اہم شخصیات نے ملاقاتیں کیں، گزشتہ روز کوکا کولا کمپنی کے سی ای او جیمز کوئین سے ان کی اہم ملاقات ہوئی۔

    عمران خان کی امریکی صدر ٹرمپ کی صاحب زادی اور مشیر ایوانکا سے بھی ملاقات ہوئی جس میں تعلیمی پروگرام پر گفتگو ہوئی، فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر، یوٹیوب کی سی ای او، سیمنز کمپنی کے سی ای او سمیت دیگرعالمی رہنماوں، کاروباری شخصیات سمیت سرمایہ کاروں نے بھی ملاقاتیں کیں۔

  • وزیر اعظم سے دگان ہولڈنگ کمپنی کی چیئر پرسن دگان فارالیالی کی ملاقات

    وزیر اعظم سے دگان ہولڈنگ کمپنی کی چیئر پرسن دگان فارالیالی کی ملاقات

    ڈیووس: وزیر اعظم عمران خان سے ترک کمپنی دگان ہولڈنگ کی چیئرپرسن دگان فارالیالی نے ملاقات کی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی سرمایہ کاری کے لیے بے پناہ مواقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں عالمی اکنامک فورم کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان سے دگان ہولڈنگ کمپنی کی چیئرپرسن نے ملاقات کی، دگان فارالیالی نے پاکستان میں جاری اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا اور مختلف شعبوں میں ممکنہ سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ دگان کمپنی توانائی، صنعت، تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات میں کہا پاکستان میں معاشی سرمایہ کاری کے لیے بے پناہ مواقع ہیں، حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

    جرمن چانسلر اینگلا مرکل کی وزیراعظم عمران خان کو دورہ جرمنی کی دعوت

    وزیر اعظم نے بتایا کہ حکومت کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انھوں نے دگان کمپنی کو توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی، اور کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال پاکستان میں سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈیووس میں جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے غیر رسمی ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کو دورہ جرمنی کی دعوت دے دی ہے، اس سے قبل وزیر اعظم سے کوکا کولا کمپنی کے سی ای او جیمز کوئین سے کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کمپنی کی پاکستان سے طویل شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا تھا حکومت کاروبارمیں آسانی کے لیے ریفارمز ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار میں اضافہ، غربت میں کمی آئے گی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

  • کلین گرین پروگرام سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات دور کر رہے ہیں: وزیر اعظم

    کلین گرین پروگرام سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات دور کر رہے ہیں: وزیر اعظم

    ڈیووس: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کلین گرین پروگرام سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات دور کر رہے ہیں۔

    یہ بات انھوں نے گزشتہ روز عالمی اقتصادی فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر کلاز شواب سے ملاقات کے دوران کہی، وزیر اعظم نے پروفیسر شواب کو ورلڈ اکنامک فورم کی 50 ویں سال گرہ پر مبارک باد بھی دی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں اٹھائے گئے مسائل پاکستان سے مماثلت رکھتے ہیں، ہم اپنے ملک میں کلین گرین پروگرام سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات دور کر رہے ہیں، 10 ارب درختوں پر مبنی شجر کاری مہم اس منصوبے میں شامل ہے۔

    عمران خان کی متاثر کن شخصیت، امریکی صدر کی بیٹی بھی ملنے آ گئیں

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نوجوانوں کے لیے مہارت بڑھانے پر بھی توجہ دے رہا ہے، پاکستان نوجوانوں کی آبادی کو معاشی نمو کا ذریعہ سمجھتا ہے۔ وزیر اعظم نے ورلڈ اکنامک فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین کو ترغیب دی کہ غربت کے خاتمے اور تعلیم کے لیے یہ فورم پاکستان سے شراکت دار بن سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان کی شخصیت عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنی رہی، عمران خان سے امریکی صدر کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے بھی ملاقات کی، فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈ برگ نے بھی وفد کے ہم راہ وزیر اعظم سے خصوصی ملاقات کی، وزیر اعظم سے ٹیلی نار کی چیئرپرسن گن ویئرسٹیڈ اور سی ای او سگوے بریکے نے بھی ملاقات کی۔

  • عمران خان کی متاثر کن شخصیت، امریکی صدر کی بیٹی بھی ملنے آ گئیں

    عمران خان کی متاثر کن شخصیت، امریکی صدر کی بیٹی بھی ملنے آ گئیں

    ڈیووس: ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی متاثر کن شخصیت عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان کی شخصیت عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنی رہی، عمران خان سے امریکی صدر کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے بھی ملاقات کی۔

    اس ملاقات میں پاکستان میں تعلیم و تربیت سے متعلق ایوانکا ٹرمپ کے ممکنہ پروگرام کے سلسلے میں گفتگو کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان کی امریکی سیکریٹری برائے ٹرانسپورٹ سے بھی بات چیت ہوئی، فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈ برگ نے بھی وفد کے ہم راہ وزیر اعظم سے خصوصی ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ کے مؤثر استعمال پر گفتگو کی گئی، انھوں نے عمران خان کو کیلی فورنیا میں واقع فیس بک ہیڈکوارٹرز کے دورے کی دعوت بھی دی۔

    وزیر اعظم سے ٹیلی نار کی چیئرپرسن گن ویئرسٹیڈ کی ملاقات

    وزیراعظم کو فیس بک ہیڈ کوارٹرز کے دورے کی دعوت

    وزیر اعظم سے ٹیلی نار کی چیئرپرسن گن ویئرسٹیڈ اور سی ای او سگوے بریکے نے بھی ملاقات کی، جس کے دوران گورننس کی ڈیجیٹل طریقوں سے بہتری پر مشاورت کی گئی، وزیر اعظم نے پاکستان میں 2005 سے 3.5 بلین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کے ساتھ موجودی کے ٹیلی نار کے اعتماد کو سراہا، اور کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ موبائل کے ذریعے اقتصادی ٹرانزیکشنز بڑھائی جائیں اور اس طرح غربت میں کمی واقع ہو۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان سے یورپی پارلیمنٹ کے صدر ڈیوڈ سسولی نے بھی ملاقات کی، جس میں جی ایس پی پلس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور کہا کہ پاکستان یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کی سہولت میں توسیع چاہتا ہے، یہ سہولت پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے اہم ہے۔

  • جن وجوہ سے ملک تباہ ہوا اس ماضی کی طرف نہیں جائیں گے: وزیر اعظم

    جن وجوہ سے ملک تباہ ہوا اس ماضی کی طرف نہیں جائیں گے: وزیر اعظم

    ڈیووس: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جن وجوہ سے ملک تباہ ہوا اس ماضی کی طرف نہیں جائیں گے، اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج ڈیووس، سوئٹزرلینڈ میں پاکستان اسٹریٹیجی ڈائیلاگ سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری نقصان اٹھایا، اس جنگ کے دوران کلاشنکوف کلچر اور منشیات نے ہمارے معاشرے کو تباہ کر دیا، جن وجوہ سے ملک تباہ ہوا اس ماضی کی طرف نہیں جائیں گے۔

    وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ افغان جنگ سے کلاشنکوف اور منشیات کے کلچر نے جنم لیا، جس نے ہمارے معاشرے کو تباہ کیا، 80 کی دہائی میں عسکری گروپس سے ہونے والے نقصانات آج بھی ہم بھگت رہے ہیں، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی دی، 70 کی دہائی میں قومیائی گئی صنعتوں کے باعث ترقی کو نقصان پہنچا، اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

    امریکی صدر نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    عمران خان نے کہا کہ پاکستان سیاحوں کی جنت ہے، جہاں مذہبی سیاحت کے مقامات کو کبھی فروغ نہیں ملا، پاکستان کی سرزمین کئی قدیم تہذیبوں کا مسکن ہے، سیاحت کو فروغ دے کر ملکی معیشت کو ترقی دی جا سکتی ہے، پاکستان زراعت اور قدرتی وسائل سے بھی مالامال ہے، ملک کی صنعت میں ترقی کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران، سعودی عرب میں تصادم روکنے کے لیے پاکستان نے کردار ادا کیا، افغانستان میں امن سے پاکستان کی وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی ممکن ہوگی۔

  • پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں: ملکہ میکسیما

    پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں: ملکہ میکسیما

    ڈیووس: ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہالینڈ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس اور ہالینڈ کی ملکہ میکسیما میں ملاقات ہوئی، جس میں ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں ملکہ میکسیما نے ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی مدد کے بھرپور عزم کا اظہار کیا، انھوں نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کی یادیں بھی تازہ کیں اور دورے کا خصوصی ذکر کیا، انھوں نے کہا کہ ہالینڈ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

    ملکہ میکسیما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوامی فلاح کے طور پر ڈیجیٹل شناخت کا فروغ ضروری ہے، ڈیجیٹل پاکستان ملکی بہتری اور صنفی تقسیم کی کمی میں مددگار ہوگا۔

    عمران خان کی سنگاپور کے وزیر اعظم، آذربائیجان کے صدر سے ملاقاتیں

    ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس نے کہا کہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا ہے، ملک میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم جاری ہے جس کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی گئے ہیں، عمران خان نے فورم کی سائیڈ لائن پر سنگاپور کے وزیر اعظم لی سیان لونگ اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقاتیں کیں۔ صدر الہام علیوف سے ملاقات میں باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر گفتگو کی گئی، قومی معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

  • عمران خان کی سنگاپور کے وزیر اعظم، آذربائیجان کے صدر سے ملاقاتیں

    عمران خان کی سنگاپور کے وزیر اعظم، آذربائیجان کے صدر سے ملاقاتیں

    ڈیووس: وزیر اعظم عمران خان نے سنگاپور کے وزیر اعظم لی سیان لونگ اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقاتیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائن پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ملاقات کی جس میں باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر گفتگو کی گئی، قومی معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران صدر الہام علیوف نے وزیر اعظم پاکستان کو دورہ آذربائیجان کی دعوت بھی دی، جب کہ وزیر اعظم نے کہا کہ نگورنو کاراباخ تنازعے پر پاکستان آذربائیجان کی حمایت جاری رکھے گا، صدر آذربائیجان نے اس تنازعے پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

    آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کرتے ہوئے

    وزیراعظم سے ترک کمپنی کے چیئرمین کی ملاقات، معاشی امور پر گفتگو

    وزیر اعظم عمران خان نے الہام علیوف کو ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال سے بھی آگاہ کیا، انھوں نے بتایا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم انداز میں خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی حکومت نے 5 اگست کو یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام کیا، جس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے، غیر انسانی لاک ڈاؤن بھی کیا گیا جو تاحال جاری ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعظم نے کشمیر پر بہ حیثیت ممبر او آئی سی رابطہ گروپ آذربائیجان کو اس کی گراں قدر خدمات پر سراہا۔

    ڈیووس میں اکنامک فورم کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے سنگاپور کے وزیر اعظم لی سیان لونگ سے بھی ملاقات کی، جس میں شاہ محمود قریشی، عبد الحفیظ شیخ، رزاق داؤد بھی شریک ہوئے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔

  • امریکی صدر نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    امریکی صدر نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    ڈیووس: وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ڈیووس میں ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر سائد لائن میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے وفود بھی شامل تھے۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی، امریکی صدر سے افغانستان کی صورت حال پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے دوست ہیں، ان سے دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے لیے کردار ادا کر سکتا ہوں۔

    یاد رہے گزشتہ سال نومبر میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا ، جس میں ٹرمپ نے افغانستان میں مغویوں کی رہائی کے سلسلے میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کے شکر ادا کیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر سے افغانستان سے مغویوں کی رہائی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مغویوں کی رہائی پر خوشی ہے، یہ مثبت پیشرفت ہے۔

  • موجودہ حکومت میں بے روزگاری میں ریکارڈ کمی آئی،امریکی صدر

    موجودہ حکومت میں بے روزگاری میں ریکارڈ کمی آئی،امریکی صدر

    ڈیووس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میرے دوراقتدار میں بے روزگاری میں ریکارڈ کمی آئی، پہلی بار بڑی تعداد میں خواتین امریکی ورک فورس کا حصہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کے 50ویں اجلاس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے ہفتے 2 بڑے تجارتی معاہدے چین، میکسیکوسے کیے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اقتدار سنبھالا تو امریکی معیشت خراب تھی، ماہرین نے امریکی معیشت کے بارے میں منفی پیشگوئی کی تھی، امریکی ورکنگ کلاس کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق الیکشن جیتنے کے بعد امریکیوں کے مفاد میں معاشی اقدامات کیے، میرے دوراقتدار میں بے روزگاری میں ریکارڈ کمی آئی، رنگ،نسل، مذہب کے امتیاز کے بغیر امریکیوں کی بھلائی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی بار بڑی تعداد میں خواتین امریکی ورک فورس کا حصہ ہیں جبکہ ملازمین کی تنخواہوں میں سی ای اوز سے زیادہ اضافہ ہو رہا ہے، امریکا کی تاریخ کے سب سے بڑے ٹیکس ریفارم متعارف کرائیں۔

    ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب عوامی مفاد کو اولیت دیتے ہیں تو وہ مستقبل کے لیے سرمایہ کاری ہوتی ہے، ہماری کوششوں سے سرمایہ کار امریکا کا رخ کر رہے ہیں۔

    چین سے متعلق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چین نے انٹلکچوئل پراپرٹی سے متعلق متعدد اقدامات پر پہلی باراتفاق کیا، چین کے صدرسے بہترین تعلقات ہیں، چین پر متعدد ٹیرف بات چیت کے دوسرے مرحلے تک رہیں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میری انتخابی مہم میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا سب سے بڑا نعرہ تھا، ہم نے آؤٹ سورس اور تنخواہوں میں اضافہ کیا، پچھلی حکومت کے دورمیں بیروزگاری بڑھی تھی۔

    امریکی صدر کے مطابق ورکنگ کلاس کو پچھلی حکومتوں میں مشکلات کا سامنا تھا، صحت،سماجی بہبود کے شعبوں میں بھی کوئی کام نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی اتحادی کلین انرجی کے ذخائر سے مستفید ہوسکتے ہیں، روایتی توانائی کے علاوہ ورچوئل انرجی پر بھی کام کر رہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایک ٹریلین درخت منصوبے کا حصہ بن رہا ہے، منصوبے کا ورلڈ اکنامک فورم نے پچھلے سال اعلان کیا تھا، یہ وقت امید اور کام کرنے کا ہے مایوسی کا نہیں ہے۔