Tag: ڈیوڈ وارنر

  • گوتم گمبھیر ڈیوڈ وارنر پر برس پڑے

    گوتم گمبھیر ڈیوڈ وارنر پر برس پڑے

    ٹی 20 ورلڈ کپ میں اسپورٹس مین اسپرٹ نظر انداز کرنے پر سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر پر برس پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں حفیظ کے ہاتھ سے گیند پھسلی اور دو ٹپے کھاتے ہوئے وارنر کے پاس گئی، امپائر نے گیند کو نوبال قرار دیا پھر بھی وارنر نے گیند کو چھوڑنے کے بجائے اس پر چھکا لگا دیا۔

    بھارتی ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر بھی وارنر کی اس حرکت پر خاموش نہ رہ سکے اور انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    گوتم گمبھیر نے اپنی ٹویٹ میں وارنر کی اس حرکت کو گیم آف اسپرٹ کے خلاف قابل افسوس حرکت قرار دیا جبکہ انہوں نے بھارتی ٹیم کے اسپنر ایشون کو ٹیگ کرکے ان سے سوال کیا۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

    آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 177 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، میتھیو ویڈ کو 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

  • آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے

    آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے

    آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں فیلڈنگ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہونا پڑا ہے۔

    آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر زخمی ہونے کی وجہ سے ایڈیلیڈ میں 17 دسمبر سے بھارت کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    انہیں پوری فٹنس حاصل کرنے میں ابھی مزید 10 دنوں کا وقفہ درکار ہے جس کے بعد وہ 26 دسمبر سے میلبورن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھیل سکیں گے۔

    وارنر فی الحال خصوصی علاج کے لیے سڈنی میں رہیں گے جبکہ ٹیم کے بقیہ کھلاڑی ایڈیلیڈ روانہ ہو جائیں گے۔

    وارنر کا کہنا ہے کہ میں تیزی سے صحت یاب ہورہا ہوں اور علاج کے لیے مجھے سڈنی میں ہی رکنا بہتر ہوگا، میں چوٹ سے کافی حد تک نجات حاصل کرچکا ہوں لیکن ٹیسٹ میچ میں 100 فیصد کارکردگی دینے کے لیے ابھی بھی مجھے ذہنی طور پر خود کو تیار کرنا باقی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فٹنس ثابت کرنے کے لیے مجھے وکٹوں کے بیچ دوڑ لگانا اور فیلڈنگ کرنی ہوگی، میں ابھی اپنی فٹنس کے تعلق سے پوری طرح مطمئن نہیں ہوں اور مجھے مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں ابھی مزید 10 دن لگیں گے۔

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لنگر کا کہنا ہے کہ انہیں وارنر کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ تک پوری طرح فٹ ہونے کی توقع ہے، انہوں نے کہا کہ وارنر جس مقام پر ہیں اس کے لیے انہوں نے کافی جدوجہد کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ میلبرن ٹیسٹ کے لیے پوری طرح فٹ ہوں گے۔

  • محمد عامر ڈیوڈ وارنر کے لیے خطرہ بن گئے

    محمد عامر ڈیوڈ وارنر کے لیے خطرہ بن گئے

    سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر جارح مزاج آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کے لیے خطرہ بن گئے، ناقابل شکست رہنے کا تسلسل توڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر محمد عام نے ڈیوڈ وارنر کے لیے مشکلات کھڑی کردیں، مسلسل چار میچوں میں ناٹ آؤٹ رہنے والے وارنر کو بلآخر محمد عامر نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد عامر نے ڈیوڈ وارنر کو 20 رنز کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا، اور اس طرح ان کا ناٹ آؤٹ رہنے کا تسلسل ٹوٹ گیا۔

    آسٹریلوی بلے باز نے سری لنکاکے خلاف تینوں مچوں میں عمدہ اور جارح بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بولر کو اپنے سامنے ٹکنے نہیں دیا تھا، تاہم پاکستان کے اسٹار بولر نے ان کا یہ غرور خاک میں ملا دیا۔

    ’’مصباح! پوری ٹیم نہیں بلکہ کپتان نمبر ون تھا‘‘

    البتہ پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انہوں نے صرف دو رنز ہی بنائے تھے کہ اچانک بارش ہوئی جس کے بعد میچ روک دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کے ہاتھوں دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں شکست کے بعد شائقین کرکٹ نے سرفراز کو ٹیم میں واپس لانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا گیا جس میں پاکستانی بیٹنگ لائن کینگروز گیند بازوں‌ کے آگے ریت کا ڈھیر ثابت ہوئی اور فخر زمان ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف دو رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے تھے۔

  • ورلڈ کپ 2019: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے 26ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی، مشفیق الرحیم کی سنچری بھی بنگال ٹائیگر کو شکست سے نہ بچاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کے 381 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 8 وکٹوں‌ پر 333 رنز بناسکی، ڈیوڈ وارنر کو شاندار 166 رنز کی شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، سومیا سرکار 10 رنز بنا کر فنچ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے، شکیب الحسن بھی 41 رنز پر مارک اسٹونس کی گیند پر وارنر کو کیچ دے بیٹھے۔

    تمیم اقبال کو 62 رنز پر مچل اسٹارک نے بولڈ کیا، محمود اللہ نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، لٹن داس 20 اور صابر رحمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    مہدی حسن 6 رنز بنا کر اسٹارک کا نشانہ بنے، وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے 97 گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    آسٹریلیا کے کولٹرنائل، اسٹونس اور مچل اسٹارک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ایڈم زمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 381 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 382 رنز کا ہدف دیا، سومیا سرکار نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز اپنایا، کینگروز کی پہلی وکٹ 121 رنز پر گری، ایرون فنچ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عثمان خواجہ نے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔

    گلین میکسویل 32 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، اسٹیو اسمتھ ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسرے اینڈ پر ڈیوڈ وارنر نے دھواں دھار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 147 گیندوں پر 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 14 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

    اسٹونس 6 اور ایلکس کیری 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بنگلہ دیش کے سومیا سرکار نے تین وکٹیں حاصل کیں، مستفیض الرحمان کے حصے میں ایک وکٹ آسکی۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں آج ایونٹ میں اپنا چھٹا میچ کھیل رہی ہیں، آسٹریلیا نے 5 میچوں میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے اور ان کے 8 پوائنٹس ہیں بنگلہ دیش نے دو کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا جس کے سبب بنگال ٹائیگر کے 5 پوائنٹس ہیں۔

  • بال ٹیمپرنگ میں سزا یافتہ وارنر اور اسمتھ کی ایک سالہ پابندی ختم

    بال ٹیمپرنگ میں سزا یافتہ وارنر اور اسمتھ کی ایک سالہ پابندی ختم

    سڈنی: بال ٹیمپرنگ میں سزا یافتہ آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر عائد ایک سالہ پابندی آج ختم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ اور اوپنر ڈیوڈ وارنر کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں، دونوں کھلاڑیوں پر بال ٹیمپرنگ کرنے پر لگی ایک سال کی پابندی ختم ہوگئی۔

    کرکٹ آسٹریلیا نے اسمتھ اور وارنر پر ایک سال اور بین کرافٹ پر نو ماہ کی پابندی عائد کی تھی، بین کرافٹ پہلے ہی 9 ماہ کی پابندی کی سزا مکمل کرچکے ہیں۔

    ایک سال کی پابندی کی سزا ختم ہونے کے بعد دونوں کھلاڑی آسٹریلوی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہوں گے لیکن وہ ٹیم کی قیادت کے اہل نہیں ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: بال ٹیمپرنگ،اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پرایک سال کی پابندی

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 24 مارچ کو کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بلے باز کیمرون بین کرافٹ بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔

    پابندی کے بعد اسمتھ اور وارنر نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے عوام سے معافی بھی مانگی تھی۔

    یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بال ٹمپرنگ ثابت ہونے پر آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ پر میچ فیس کا سو فیصد جرمانہ اور ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ اور تین پوائنٹس میں بھی کمی کردی گئی تھی۔