Tag: ڈیٹا چوری

  • کراچی، اے ٹی ایم ڈیٹا چوری کرنے والا چینی باشندہ رنگے ہاتھوں گرفتار

    کراچی، اے ٹی ایم ڈیٹا چوری کرنے والا چینی باشندہ رنگے ہاتھوں گرفتار

    کراچی : بینک کے اے ٹی ایم سے جعل سازی کے ذریعے رقم نکلوانے والے چینی باشندے کو پولیس نے ایک کارروائی میں حراست میں لے کر اسکیمنگ ڈیوائس برآمد کر لی ہے.

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے شبیر آباد میں کارروائی کرتے ہوئے شارع فیصل پر واقع نجی بینک کے قریب سے چینی باشندے کو گرفتار کر لیا ہے جو اے ٹی ایم اسکیمنگ ڈیوائس کے ذریعے صارفین کا ڈیٹا حاصل کر کے رقم نکال لیا کرتا تھا.

    پولیس ذرائع کے مطابق ٹیپوسلطان روڈ کے قریب شبیر آباد سے حراست میں لیا جانے والا چینی باشندہ شو شاپنگ اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ بینک کے اے ٹی ایم میں داخل ہو رہا تھا کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جب کہ اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں. 


      اسی سے متعلق : اے ٹی ایم، جعل سازی سے بچنے کے ،لیے کیا احتیاط کریں؟


    اے ایس پی شاہراہ فیصل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار کیا جانے والے چینی باشندے کو مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا جس کے قبضے سے 6 لاکھ روپے نقد اور اے ٹی ایم اسکیمنگ ڈیوائس بھی برآمد ہوئی ہے.

    واضح رہے کہ دو روز قبل کراچی کے ریڈ الرٹ زون کے قریب واقع زینب مارکیٹ کے ایک نجی بینک میں اسکیمنگ ڈیوائس لگاتے ہوئے دو چینی باشندوں کو حراست میں لیا گیا تھا اور اسی طرح ایک معروف شاپنگ مال میں موجود اے ٹی ایم میں ڈیوائس لگا کر ڈیٹا حاصل کرلیا گیا تھا۔

    اے ٹی ایم میں ڈیوائس لگا کر صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے اور بعد ازاں جعلی کارڈ بنا کر رقم نکلوانے کے پے در پے واقعات کے بعد حکومت نے بینکوں کے باہر تنصیب اے ٹی ایم کی سخت سیکیورٹی کردی ہے جب کہ بینک انتظامیہ نے بھی خفیہ کیمروں کے ذریعے اے ٹی ایم کی نگرانی کا عمل سخت کردیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ہیکرز نے 50 کروڑ صارفین کی معلومات چوری کیں،یاہو

    ہیکرز نے 50 کروڑ صارفین کی معلومات چوری کیں،یاہو

    سان فرانسسکو: انٹرنیٹ کمپنی یاہو نے تصدیق کی ہے کہ ہیکرز نے اس کے 50 کروڑ صارفین کے اکاؤنٹس کی معلومات چوری کر لی ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق انٹرنیٹ کمپنی یاہو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈیٹا کی چوری سال 2014 کے اواخر میں ہوئی تھی اور اس میں ذاتی معلومات کے علاوہ سکیورٹی سوالات و جوابات بھی چوری ہوئے۔تاہم اس میں صارفین کے کریڈٹ کارڈز کا ڈیٹا چوری نہیں ہوا۔

    خیال رہے کہ جولائی میں یاہو کو امریکی ٹیلی کام کمپنی ویرائزون نے چار ارب 80 کروڑ میں خریدا تھا۔ابھی یہ معلوم نہیں کہ حالیہ چوری کا اس کی فروخت اور اہمیت پر کیا اثر مرتب ہوگا۔

    یاد رہے کہ یاہو پر ممکنہ طور پر بڑے حملے کی خبریں گذشتہ ماہ سامنے آنا شروع ہوئی تھیں جبکہ ’پیس‘ نامی ہیکر نے بظاہر 20 کروڑ اکاؤنٹس کی معلومات بیچنے کی کوشش کی تھی۔

    جمعرات کو یاہو کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ یہ حملہ اور چوری ہونے والا مواد ابتدائی اندازے سے کہیں زیادہ بڑا ہے۔

    واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کو تجویز دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے سنہ 2014 سے اپنے اکاؤنٹس کے پاس ورڈ تبدیل نہیں کیے تو وہ انھیں تبدیل کر لیں۔