Tag: ڈیڈ لائن

  • ایران نیوکلیئر ڈیل، امریکا اور اتحادیوں نے اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کردی

    ایران نیوکلیئر ڈیل، امریکا اور اتحادیوں نے اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کردی

    ایران سے نیوکلیئر ڈیل کے لیے امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے برطانیہ، فرانس اور جرمن ہم منصب کو ٹیلی فون کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر حتمی سمجھوتے کے لیے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈ لائن دی جائے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ممالک ڈیل نہ ہونے کی صورت میں ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی وہ تمام پابندیاں پھر سے عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو سن 2015 میں ایران نیوکلیئر ڈیل کے موقع پر اٹھالی گئی تھیں۔

    دوسری جانب ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکہ نے جوہری مذاکرات کو یورینیم افزودگی کے خاتمے سے مشروط کیا تو مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق کئی روز سے بات چیت جاری تھی لیکن اسرائیل کے اچانک حملوں کے باعث یہ عمل رک گیا، ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 دن جنگ رہی۔

    دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کے بعد امریکہ اور ایران بات چیت کی بحالی کا عندیہ دیا گیا لیکن ایران نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ اور نہ ہی ایسے کسی مذاکراتی عمل کا حصہ بنے گا۔

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی ولایتی نے سرکاری نیوز ایجنسی ایرنا کو بتایا کہ اگر مذاکرات کی شرط افزودگی کا خاتمہ ہے تو یہ مذاکرات کبھی نہیں ہوں گے۔

    حماس کا اسرائیلی فوجیوں پر اچانک کاری وار، نیتن یاہو پر پیر کی رات بھاری گزری

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا کہ امریکہ سے بات چیت کے لیے ابھی تک کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تاحال ایران کے اعلیٰ سفارت کار عباس عراقچی اور امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے درمیان ملاقات کے لیے بھی کوئی وقت یا مقام مقرر نہیں کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو ڈیڈ لائن دے دی

    سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو ڈیڈ لائن دے دی

    سعودی عرب کی وزارت حج نے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو مملکت آمد اور وطن واپسی کے لیے ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے زائرین عمرہ ادائیگی کے لیے 13 اپریل بمطابق 15 شوال تک مملکت جا سکتے ہیں جس کے بعد حج سیزن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔

    اس کے ساتھ ہی وزارت حج نے عمرہ ویزہ پر آنے والے تمام غیر ملکی زائرین کو یکم ذی القعد بمطابق 29 اپریل یا اس سے قبل اپنے اپنے وطن واپس لوٹ جانے کی ہدایت کی ہے۔

    اس حوالے سے وزارت کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد حج سیزن کا آغاز ہو جائے گا اور اس کے بعد عمرہ زائرین کا سعودی عرب میں قیام غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔

    مقررہ تاریخ کے بعد مملکت میں رہنے والے عمرہ زائرین امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائیں گے جس پر جرمانہ مقرر ہے۔

    قبل ازیں وزارت نے عمرہ زائرین کی واپسی میں تاخیر پر ایک لاکھ ریال جرمانے بھی مقرر کیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ وہ کمپنیاں جن کے تحت بیرون ممالک سے عمرہ زائرین مملکت آتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے زیرانتظام مملکت آنے والے زائرین کی وقت مقررہ پر واپسی کو یقینی بنائیں تاکہ بھاری جرمانے سے بچ سکیں۔

  • چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹیموں کے اعلان کی ڈیڈ لائن

    چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹیموں کے اعلان کی ڈیڈ لائن

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے آئندہ ماہ ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ سامنے آ گئی ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ ماہ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جائے گی۔ تاہم بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگا جس میں بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ابتدائی اسکواڈز کے نام جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جنوری مقرر ہے جبکہ تمام ٹیموں کو 11 فروری کی رات 12 بجے تک اپنے اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

    چیمپئنز ٹرافی میں شریک ٹیمیں 12 جنوری تک جو اپنے ابتدائی اسکواڈز کا اعلان کریں گی۔ ان میں 11 فروری تک آئی سی سی کی منظوری کے بغیر ردو بدل کر سکتی ہیں۔

    تاہم اس مدت کے بعد ٹیموں کو اپنے اسکواڈ میں تبدیلی کے لیے آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی سے منظوری لینا ہوگی۔ ٹیمیں ابتدائی اسکواڈز کا اعلان کرنے کی پابند نہیں ہیں، وہ آئی سی سی کو نام جمع کرا سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنے حتمی اسکواڈ کا اعلان سب سے پہلے کر چکی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/shan-masood-captaincy-pakistan-team-third-white-wash/

  • سعودائزیشن کی مہلت ختم: ابتدائی کارروائی کا آغاز

    سعودائزیشن کی مہلت ختم: ابتدائی کارروائی کا آغاز

    ریاض: سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں سعودائزیشن کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد، متعلقہ ٹیموں نے عملدر آمد کا پتہ لگانے کے لیے ابتدائی تفتیشی کارروائی کا آغاز کردیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی جانب سے مملکت میں کسٹم کلیئرنس اور فنی امور کے مختلف شعبوں میں سعودائزیشن کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن 30 دسمبر بروز جمعرات کو ختم ہونے پر وزارت کی متعلقہ ٹیموں نے تفتیش کا آغاز کردیا۔

    وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسٹم امور کی مختلف سرگرمیوں، ڈرائیونگ اسکولز، انجینیئرنگ، مختلف ٹیکنیکل شعبوں اور قانونی پیشوں پر سعودیوں کی تقرری کے فیصلے کے لیے دی گئی مہلت ختم ہوگئی ہے۔

    وزارت نے توجہ دلائی کہ مذکورہ شعبوں کی سعودائزیشن کے لیے مہلت 30 دسمبر 2021 تک کے لیے دی گئی تھی۔

    دی جانے والی مہلت کا مقصد تھا کہ مذکورہ شعبوں کے تمام ادارے اپنے یہاں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی جگہ سعودیوں کی تقرری کر سکیں۔

    یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت نے مذکورہ شعبوں کی سعودائزیشن سے متعلق فیصلوں کی تفصیلات پر مشتمل گائیڈ بک جاری کردی ہے، تمام اداروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سعودائزیشن کے فیصلے کی خلاف ورزی نہ کریں۔

  • کویت: رہائشی اقاموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے نئی ڈیڈ لائن

    کویت: رہائشی اقاموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے نئی ڈیڈ لائن

    کویت سٹی: کویتی حکام نے رہائشی اقاموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے نئی ڈیڈ لائن کا اعلان کر دیا، رہائشی اقامہ کی تجدید کے لیے یکم دسمبر سے لے کر 31 دسمبر تک ایک ماہ کی مدت دی گئی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے رہائشی اقاموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے نئی ڈیڈ لائن کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ رہائشی اقاموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے تقرریوں کی بکنگ کا پلیٹ فارم وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر شروع کردیا گیا ہے۔

    رہائشی اقامہ کی تجدید کے لیے یکم دسمبر سے لے کر 31 دسمبر تک ایک ماہ کی مدت دی گئی ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق اگر خلاف ورزی کرنے والا تفتیشی حکام کے حوالے کیے بغیر رہائش پذیر وصول کرنا اور جرمانے ادا کرنا چاہتا ہے تو اسے پلیٹ فارم میں داخل ہو کر رہائشی امور کے متعلقہ شعبے کا جائزہ لینے کے لیے ملاقات کرنی ہوگی۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ اگر محکمہ داخلہ کی ویب سائٹ پر تاریخوں کی دستیابی کے مطابق تقرری کے حصول کے لیے محکمہ میں تقرری دستیاب نہیں ہے تو اس کا تقرر حاصل کرنے کے لیے کسی دوسرے محکمے میں منتقل کردیا جاتا ہے۔

    وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ اگر خلاف ورزی کرنے والے کا کفیل کویتی ہے تو جائزہ سروس مراکز کے ذریعے ہوتا ہے اور باقی مضامین کا رہائشی امور کے محکموں کی طرف سے اپنے بیان میں تقرری لینے کے بعد جائزہ لیا جاتا ہے۔

    وزارت نے تصدیق کی کہ پلیٹ فارم میں ایسے ہر قسم کے رہائشی اقاموں اور انٹری ویزا کی خلاف ورزی کرنے والوں کو شامل کیا گیا ہے جن کے رہائشی اقامے یا داخلہ ویزا کی میعاد یکم جنوری 2020 یا اس قبل ختم ہوچکی ہے۔

  • مولانا نے مثبت اشارہ دے دیا، ڈیڈ لائن میں توسیع کا امکان

    مولانا نے مثبت اشارہ دے دیا، ڈیڈ لائن میں توسیع کا امکان

    اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے مثبت اشارہ دے دیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ مولانا کی جانب سے حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن میں توسیع کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی مذاکراتی ٹیم نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے، جس کے بعد ان کی جانب سے مثبت پیغام کا اشارہ ملا، چوہدری پرویز الہیٰ نے مولانا کو ٹیلی فون کر کے معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کی درخواست کی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی نے مولانا سے فون پر گفتگو میں کہا کہ معاملے کے پرامن حل کے لیے ہر ممکن تعاون کو تیار ہیں۔

    ادھر ذرایع نے بتایا کہ حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن میں ایک سے دو روز کی توسیع کی جا سکتی ہے، مولانا فضل الرحمان اس معاملے پر مشاورت کر رہے ہیں، حتمی فیصلہ جلد ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اداروں کا دفاع سیاست سے بالاتر ہو کر کریں گے: وزیر اعظم کا واضح مؤقف

    دوسری جانب مولانا کی ڈیڈ لائن کے سلسلے میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے ایک اور بیٹھک کی ہے، یہ اجلاس اسپیکر ہاؤس میں جاری ہے، جس میں مولانا فضل الرحمان کی ڈیڈ لائن کے بعد ممکنہ صورت حال پر گفتگو کی جا رہی ہے۔

    ذرایع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن سے دوبارہ مذاکرات اور لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی ہے، حکومتی کمیٹی کو مولانا فضل الرحمان کے خطاب کا بھی انتظار ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے تھے، جن کے مطابق وزیر اعظم استعفیٰ دیں گے نہ نئے انتخابات ہوں گے، مولانا مارچ کے شرکا جب تک چاہیں بیٹھیں رہیں، کوئی اعتراض نہیں، ریڈ زون کی طرف بڑھنے پر قانون حرکت میں آئے گا۔

  • یورپی یونین کے سربراہان بریگزٹ کی ڈیڈ لائن میں توسیع پر غور کریں، ڈونلڈ ٹسک

    یورپی یونین کے سربراہان بریگزٹ کی ڈیڈ لائن میں توسیع پر غور کریں، ڈونلڈ ٹسک

    برسلز : یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ ’میں یورپی سربراہوں سے گزارش کرتا ہوں کہ اگر برطانیہ کو اپنی پالیسیوں پر دوبارہ سوچنے اور فیصلے کرنے کی ضرورت ہے تو’’بریگزٹ کی تاریخ میں طویل توسیع کی جائے‘۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلاء کا معاملہ مشکلات کا شکار ہوگیا ہے، 29 مارچ رات 11 بجے برطانیہ یورپی یونین سے نکل جائے گا لیکن ابھی وزیر اعظم تھریسامے پارلیمنٹ سے بریگزٹ معاہدے کے مسودے کو منظور کروانے میں ناکام رہی ہیں۔

    صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ مجھے اس لیے درمیان میں مداخلت میں کرنا پڑرہی ہے کیوں برطانوی اراکین پارلیمنٹ بریگزٹ کی ڈیڈ لائن 29 سے بڑھا کر 30 جون پر ووٹنگ سے متعلق سوچ رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے سربراہان 21 مارچ کو برسلز میں ملاقات کرکے حتمی فیصلہ کریں گے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بریگزٹ معاہدہ دو مرتبہ ہاؤس آف کامنز سے مسترد ہونے کے بعد تھریسامے آئندہ ہفتے تیسری مرتبہ یورپی یونین سے انخلاء کے معاہدے پر منظوری لینے کی کوشش کریں گی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم تھریسامے کا کہنا ہے کہ اگر بریگزٹ ڈیل تیسری مرتبہ بھی مسترد ہوئی تو بریگزٹ میں طویل عرصے کےلیے توسیع لینا پڑے گی۔

    وزیر اعظم تھریسامے نے کہا ہے کہ اگر بریگزٹ معاہدے کا مسودہ اس مرتبہ بھی حمایت حاصل نہ کرسکا تو بریگزٹ کےلیے طویل مدت تک انتظار کرنا پرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم تھریسامے تیسری مرتبہ بریگزٹ‌ معاہدے پر ووٹنگ کےلیے پُرعزم

    مزید پڑھیں : بریگزٹ معاہدے میں پیش رفت؟ وقت بہت کم ہے

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے خبردار کیا کہ حد زیادہ ترجیحات کے باعث دو مرتبہ بریگزٹ ڈیل مسترد ہوچکی ہے اگر اس مرتبہ بھی مسترد ہوئی برطانیہ کو بریگزٹ کےلیے طویل عرصے تک توسیع لینا پڑے گی کیوں برطانیہ کو یورپی پارلیمنٹ کے الیکشن میں حصّہ لینے کی ضرورت پڑے گی۔

    یاد رہے کہ بدھ کے روز برطانوی وزیرعظم تھریسامے کو ایک اور دھچکا لگا تھا جب اراکین پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدے پر نظرثانی ڈیل بھی 242 کے مقابلے میں 391 ووٹوں سے مسترد ہوگئی تھی۔

    بریگزٹ کے تحت برطانیہ کو 29 مارچ کو یورپی یونین سے علیحدہ ہونا ہے، جبکہ تھریسا مے کی جانب سے یورپی رہنماؤں سے مسلسل رابطوں کے باوجود وہ ڈیل کو بچانے میں ناکام نظر آرہی ہیں۔

  • ایک ہفتے میں نظام ٹھیک کرلیں ورنہ کمپنیاں بند کر دیں گے، چیف جسٹس کی منرل واٹرکمپنیوں کو وارننگ

    ایک ہفتے میں نظام ٹھیک کرلیں ورنہ کمپنیاں بند کر دیں گے، چیف جسٹس کی منرل واٹرکمپنیوں کو وارننگ

    اسلام آباد : چیف جسٹس ثاقب نثار نے منرل واٹرکمپنیوں کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ایک ہفتے میں نظام ٹھیک کرلیں ورنہ کمپنیاں بند کر دیں گے اور ریمارکس دیئے دریائے سندھ اور نہرکاپانی منرل واٹرکےطورپراستعمال ہورہاہے، کمیشن رپورٹ دیکھ کردل کرتا ہے تمام کمپنیاں بندکردیں، منرل واٹر کمپنیاں بند ہونے سے کوئی پیاسہ نہیں مرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں منرل واٹرکمپنیوں کیخلاف پانی فروخت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں چیف جسٹس نے کہا کہ کمیشن رپورٹ دیکھ کردل کرتا ہے تمام کمپنیاں بندکردیں، دریائےسندھ اور نہر کا پانی منرل واٹر کے طور پر استعمال ہورہاہے،جس پر کمپنی کے وکیل کا کہنا تھا کہ منرل واٹر کمپنیوں کو بہتری کے لیے وقت دیاجائے۔

    [bs-quote quote=”منرل واٹرکمپنیاں بند ہونے سے کوئی پیاسہ نہیں مرے گا” style=”style-6″ align=”left” author_name=”چیف جسٹس "][/bs-quote]

    چیف جسٹس نے منرل واٹر کمپنیوں کو ڈیڈ لائن دیتے ریمارکس میں کہا ایک ہفتے میں نظام ٹھیک کریں ورنہ کمپنیاں بند کردیں گے، نظام بہترکرنے پر ہی کمپنیوں کو کام کرنے کی اجازت دیں گے، صرف 2منرل واٹرکمپنیوں کاپانی پینےکےقابل ہے، منرل واٹرکمپنیاں بند ہونے سے کوئی پیاسہ نہیں مرے گا۔

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ پانی کسی صورت چوری نہیں کرنے دیں گے، زیرزمین پانی کی قیمت ہر صورت ادا کرنی ہوگی۔

    [bs-quote quote=”کمپنیز 27 ارب لیٹر پانی ماہانہ استعمال کررہی ہیں، پانی ٹیسٹ کرنے کے کیمیکل، کٹ بھی ناکارہ ہیں” style=”style-6″ align=”left” author_name=”نمائندہ حکومت کے انکشافات”][/bs-quote]

    زیرزمین پانی نکالنے سے متعلق کیس میں منرل واٹرکمپنیز کے حوالے سے ہوشربا انکشافات کرتے ہوئے نمائندہ حکومت نے بتایا ہم حکومت کےلوگ کافی نالائق سمجھے جاتےہیں، ہم لوگ بھی یہ چیزیں استعمال نہیں کررہے، اکارہ کیمیکل ڈال کرنمونہ لیاگیا،جوریڈنگ آئی لکھ دی گئی، پانی میں جو ایسڈاستعمال کیاجاتاہےوہ مقررہ مقدار سے زیادہ ہے۔

    صورتحال پر چیف جسٹس نے شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا فی لیٹرایک روپیہ وصول کریں تو9سال میں ساڑھے 7سوارب بنتےہیں، 1 ہزار ارب میں اعتزاز صاحب کے ایک اور کلائنٹ سے لوں تو ڈیم بن جائیں گے، کمپنیز اتنا پانی چوری کررہی ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔

    وکیل نے بتایا کہ کمپنیز پانی چوری نہیں کررہیں، سیلز ٹیکس اور ایکسائزڈیوٹی ادا کررہی ہیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ کورٹ کے آفیسر بنے،  آپ میں قومی جذبہ بالکل نہیں ہے، 27 ارب پانی نکالاجارہا ہے اوراس پر ایک روپیہ بھی نہیں دیاجارہا۔

    کمپنی کے وکیل کا کہنا تھا حکومت نےکوئی قیمت مقررنہیں تو اس میں کمپنیز کاکیاقصور؟ میں تو کہہ رہاہوں کہ اس کی قیمت مقرر ہونی چاہیے، جسٹس اعجاز نے کہا قیمت مقرر کی جائے تو کمپنیز پانی ضائع نہیں زیادہ استعمال کریں گی۔

    جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کینیڈا میں دنیامیں سب سے زیادہ پانی کے وسائل ہیں، وہاں صبح7 سے شام 7تک پانی کی قیمت ڈبل ہوجاتی ہے،  ڈبل قیمت پر لوگ ان اوقات میں واشنگ مشین استعمال نہیں کرتے، یہ ایسی پالیسی ہے، جس سےکینیڈاکوکبھی پانی کی کمی نہیں ہوگی، ہمارے یہاں مفت پانی کی وجہ سے پانی کی قدر نہیں کی جاتی۔

    [bs-quote quote=”دریاؤں کا پانی ہم خودگندانہ کریں تو بہترین منرل واٹرہے، اسی لئے تو کہتا ہوں منرل واٹرکمپنیاں لوگوں کو بے وقوف بنارہی ہیں” style=”style-6″ align=”right” author_name=”چیف جسٹس "][/bs-quote]

    چیف جسٹس نے کہا پانی نکالے جانے سے ایکوافر کو جو نقصان پہنچ رہا ہے وہ الگ، جس پر نمائندہ حکومت فرزانہ الطاف نے بتایا ہر 3سال بعد پانی 2 سو فٹ نیچے جا رہا ہے۔

    جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے دریاؤں کا پانی ہم خودگندانہ کریں تو بہترین منرل واٹرہے، اسی لئے تو کہتا ہوں منرل واٹرکمپنیاں لوگوں کو بے وقوف بنارہی ہیں، لوگوں کوان منرل واٹرکمپنیوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔

    آبی ماہر کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ ارب لیٹر پانی خراب ہوتا ہے اور اسے ایکوا فر میں شامل کیاجاتاہے۔

    مزید پڑھیں : سپریم کورٹ کا غیرمعیاری پانی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بند کرنے کا حکم

    گذشتہ سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ صاف پانی فروخت کرنے والی کمپنیاں قابل تحسین ہیں، شہریوں کی زندگیوں کا معاملہ ہے، عدالت سخت کاروائی کرے گی، جب تک بڑے آدمی پر ہاتھ نہیں ڈالاجائے گا وہ ٹھیک کام نہیں کرے گا۔

    سپریم کورٹ نے غیرمعیاری پانی کی رپورٹ آنے پرکمپنی بند کرنےکا حکم دیتے ہوئے پانی فروخت کرنے والی تمام کمپنیوں کو10دن میں خامیاں دور کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

    اس سے قبل سماعت میں چیف جسٹس نے کمپنیوں کے مالکان کو طلب کیا تھا اور سخت وارننگ دی تھی کی اگر پیش نہ ہوئے تو نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا،

    جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا تھا کیا وہ لوگ معافی کے قابل ہیں، جنہوں نےقوم کوگنداپانی پلایا، ڈی جی فوڈاتھارٹی بتائیں غیر معیاری پانی پرکیا فوجداری کارروائی بنتی ہے۔

  • پی آئی اے ایکشن کمیٹی نے حکومت کو چھتیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی

    پی آئی اے ایکشن کمیٹی نے حکومت کو چھتیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی

    کراچی : پی آئی اے ایکشن کمیٹی نے لاپتہ ملازمین کی بازیابی کیلئے حکومت کو چھتیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی۔ عدم بازیابی پر پیر کو ملک بھر کے ہوائی اڈوں کی جانب مارچ کیا جائیگا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اور پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے۔

    ایکشن کمیٹی اور حکومت اپنے اپنے مؤقف سے ٹس سے مس نہ ہوئیں۔ ،حکومت کامذاکرات سے پہلے ہڑتال ختم کرنے کا اصرار ہے جبکہ ہڑتالی ملازمین پہلے بات چیت اورپھر کام کرنے پر تیار ہیں۔

    چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سہیل بلوچ نے کہاہے کہ پہلی بار حکومتی وفد سے مذاکرات کا آغاز ہوا ہے لہٰذا مشاورت سے مسئلہ حل کریں گے۔

    جب کہ ہم نے اپنی تمام باتیں وزیر مملکت کے سامنے رکھ دی ہیں اور یہ بھی کہا ہے کہ ہمارے 4 لاپتہ افراد کوفوری بازیاب کرایا جائے۔ ایکشن کمیٹی نے لاپتہ ملازمین کی بازیابی کیلئے حکومت کو چھتیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی۔

  • اب بات برطرفی پر نہیں، پھانسی پرختم ہوگی، طاہرالقادری

    اب بات برطرفی پر نہیں، پھانسی پرختم ہوگی، طاہرالقادری

    اسلام آباد :  ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ تعلیٰ نے ہماری پکار سن لی ہے ۔کل اللہ سے شہادت کی التجاء کی تھی ۔

    اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹریبیونل نے قاتلوں کے چہرے سے پردہ ہٹا دیا،  ٹریبیونل کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کو زمہ دار ٹھرایا ہے۔ حکومت نے ٹریبوبل کی رپورٹ کو بھی چھپا کر رکھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوسکتا ، نواز شریف اب آپ بھی نہیں بچ سکتے ہیں،  اب بات برطرفی پر نہیں پھانسی پر ختم ہوگی۔

    طاہرالقادری نے کہا کہ غریبوں کی پکار سننے والا کوئی نہیں ہے،کوئی مظلوم کی آواز سننے کو تیار نہیں ہے ، ایسے میں اگر میں ان کے لئے نہ نکلوں تو کیا کروں ؟،حکمران بیرونِ ملک جا کر علاج کرواتے ہیں اور غریب کو ایک سر درد کی گولی میعسر نہیں ہے، ایسے میں انصاف اور انقلاب کے لئے نہ نکلیں تو کیا کریں ، آئین اور قانون کہاں ہے؟

    انہوں نے جمہوریت کے حوالے سے کہا کہ لوگ بھوکے پیاسے ہیں حکمران عیاشی کررہے ہیں کیا یہ جمہوریت ہے ، اگر یہ جمہوریت ہے تو ایسی جمہوریت پرلعانت ہے،جمہوریت وہ ہوتی ہے جس میں لوگوں کو خوشحالی ملے ، غریب کے چولہ جلے ، کوئی شہری اپنے حق سے محروم نہ رہے، چند لوگ ایوانوں میں بیٹھ کر جمہوریت کا رونا روتے ہیں۔ ہم ایسی جموہریت کو نہیں مانتے جس میں غریب بھوکا رہے۔

    طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ہماری ڈیڈ لائن میں 23 گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی ایف آئی آر 21 نامزد افراد کے خلاف درج کی جائے۔ طاہر القادری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے کفن منگوا لیں، مجھے رونے والوں کے آنسو نہیں، ان کے خون کے قطرے چاہئیں، خدا کیلئے گھروں سے نکل آﺅ۔

    طاپرالقادری نے پولیس کو مخاطب کر کے کہا کہ پولیس والوں میں لئے بھی لڑرہا ہوں، تمیں خدا اور رسولﷺ کا واسطہ ان غریب ، بھوکے اور مجبور عوام پر گولی مت چلانا اگر گولی چلانے کا دل ہو تو پہلے مجھ پر گولی چلانا ۔ میں نے زندگی میں کبھی بلٹ پروف جیکٹ نہیں پہنی جس معاشرے میرے رسول ﷺ اُمت بھوکی ہو ، اس معاشرے میں زندہ رہنے کا دل نہیں رہا، انہوں نے کہا کہ خدا کی قسم جینے نہیں چاہتا، اب تخت ہوگا یہ تختہ ،فتح ہوگی یہ شہادت ہوگی۔