Tag: ڈی آئی جی ویسٹ

  • کسی بھی ریلی یا جلسے میں ہتھیار دیکھا تو مؤثر ایکشن لیں گے: ڈی آئی جی ویسٹ

    کسی بھی ریلی یا جلسے میں ہتھیار دیکھا تو مؤثر ایکشن لیں گے: ڈی آئی جی ویسٹ

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے بعد ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائم خانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی کارکن ہتھیار لے کر نکلا تو اس کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائم خانی نے کہا ’’گزشتہ رات دو سیاسی جماعتوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا، میں لوگوں کو کہتا ہوں کہ ہتھیار لے کر نہ چلیں، کسی بھی ریلی یا جلسے میں اب ہتھیار دیکھا تو مؤثر ایکشن لیں گے۔‘‘

    انھوں نے کہا فائرنگ کس طرف سے ہوئی ہے اس سلسلے میں ہر پہلو کا جائزہ لیں گے، ڈی آئی جی ویسٹ سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ ڈاکٹر عاصم کو مقدمے میں نامزد کریں گے؟ ڈی آئی جی ویسٹ نے جواب دیا کہ تفصیلی انکوائری کر رہے ہیں، اور میرٹ پر مقدمہ درج کریں گے۔

    کراچی : 2 سیاسی جماعت کے کارکنان کے درمیان تصادم ، ایک شخص جاں بحق

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے مرحلے جاری ہیں، سب سیاسی جماعتیں رواداری کا مظاہرہ کریں، متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث افراد کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

    عاصم قائم خانی نے کہا ’’سیاسی مخالف کے سامنے سے ریلی گزارنا بھی نامناسب عمل ہے، کسی بھی سیاسی جماعت کا عسکری ونگ نہیں ہونا چاہیے، سب اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں سے کراچی میں امن ممکن ہوا ہے، اگر کوئی دوبارہ اٹھنے کی کوشش کرے گا تو اسے ایکشن یاد ہونا چاہیے۔‘‘

  • واٹر بورڈ کے افسران پانی چور مافیا کے خلاف مدعی بننے پر راضی

    واٹر بورڈ کے افسران پانی چور مافیا کے خلاف مدعی بننے پر راضی

    کراچی: شہر قائد میں عوام کا پانی چوری کرنے والے مافیا کے خلاف مقدمات میں آخر کار واٹر بورڈ کے افسران مدعی بننے پر راضی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب سے واٹر بورڈ کے چیف سیکیورٹی آفیسر کی میٹنگ میں پولیس اور واٹر بورڈ نے پانی کی چوری روکنے کے لیے مشترکہ آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پانی کی چوری میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، اور ان مقدمات میں مدعی واٹر بورڈ کے افسران بنیں گے۔

    ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا تھا کہ پانی کی چوری میں ملوث افراد کی گرفتاری کے بعد واٹر بورڈ کے افسران ان کے خلاف مدعی نہیں بنتے تھے، جس کی وجہ سے پانی چور مافیا کو فائدہ ہوتا تھا۔

    ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق پانی چور مافیا کے خلاف گلبہار، سائٹ ایریا، پاک کالونی، منگھوپیر سمیت ویسٹ زون میں آپریشن کیا جائے گا۔

    ڈی آئی جی نے کہا کہ واٹر بورڈ کالونی کی زمین پر قبضہ خالی کرانے کے لیے بھی پولیس انھیں پروٹیکشن دے گی۔