Tag: ڈی ایس پی

  • محمد سراج کو ڈی ایس پی بنادیا گیا، بڑی تنخواہ اور 600 گز کا پلاٹ بھی ملے گا

    محمد سراج کو ڈی ایس پی بنادیا گیا، بڑی تنخواہ اور 600 گز کا پلاٹ بھی ملے گا

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج کو ڈی ایس پی رینک تفویض کردیا گیا جبکہ انھیں 600 گز کے پلاٹ کے ساتھ بھاری تنخواہ بھی ملے گی۔

    ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کی نگرانی میں تلنگانہ میں محمد سراج کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مقرر کیا گیا ہے، جمعہ کو ڈی جی پی آفس میں سینئر افسران کی موجودگی میں تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جتیندر سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر محمد سراج نے چارج سنبھال لیا۔

    جتیندر نے جمعے کو حیدرآباد میں بھارتی کرکٹر کو ڈی ایس پی کے طور پر تقرری کا خط دیا، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ پولیس میں ڈی ایس پی کو 58850 روپے سے لے کر 137050 روپے تک تنخواہ دی جاتی ہے۔

    اس تنخواہ کے ساتھ ساتھ محمد سراج کو ڈی ایس پی کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات بھی دی جائیں گی، انھیں حکومت سے کرایہ الاؤنس، میڈیکل الاؤنس اور سفری الاؤنس سمیت دیگر سہولیات بھی ملیں گی۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی فتح میں سراج نے اہم کردار ادا کیا تھا، وطن واپسی پر تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونتھ ریڈی نے انھیں 600 مربع گز کا پلاٹ اور انعامی رقم کے ساتھ سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا تھا۔

    سراج اس وقت بھارت کے ٹاپ تین فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے ہیں جبکہ وہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا بھی حصہ ہیں، انھیں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ 2020-21 میں آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے سراج نے اپنے کھیل میں مسلسل نکھار لارہے ہیں جبکہ انھوں نے پچھلے سال ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

  • ڈی ایس پی بن کر فراڈ کرنے والا اشتہاری ملزم گرفتار

    ڈی ایس پی بن کر فراڈ کرنے والا اشتہاری ملزم گرفتار

    کراچی: ڈی ایس پی بن کر شہریوں کو لوٹنے والے اشتہاری ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن توحید رحمان نے کراچی میں ڈی ایس پی سعیدآباد بن کر فراڈ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے شہری سے ایک لاکھ روپے مانگے۔

    ایس ایس پی توحید رحمان نے کہا کہ شہری  نے ملزم اختیار علی جاگیرانی کو آن لائن ایک لاکھ روپے بھیجے تھے، آن لائن پیسے بھیجنے کے بعد ملزم نے شہری سے رابطہ منقطع کردیا تھا۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن توحید رحمان نے مزید بتایا کہ متاثرہ شہری نے تھانہ سعیدآباد میں مقدمہ درج کرایا تھا۔

  • کراچی : پولیس  ڈی ایس پی کو تھپڑ مارنے والی خاتون کو گرفتار کرنے میں ناکام

    کراچی : پولیس ڈی ایس پی کو تھپڑ مارنے والی خاتون کو گرفتار کرنے میں ناکام

    کراچی : پولیس ڈی ایس پی کو تھپڑ مارنے والی خاتون کو تاحال گرفتار کرنے میں ناکام ہے، ملزمہ کی شناخت انعم کے نام سے ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ساوتھ زون میں ٹریفک پولیس کے افسر کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر پولیس تاحال تشدد کرنے والی خاتون کو گرفتار نہ کرسکی۔

    ایس ایس پی ساوتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی شناخت انعم کے نام سے ہوئی ہے ،ملزمہ انعم کے حوالے سے تفصیلات جمع کررہے ہیں۔

    اسد رضا نے کہا کہ ملزمہ انعم کے خلاف مقدمہ درج ہے،ملزمہ نے گزشتہ روز پی آئی ڈی سی میں ٹریفک پولیس کے ڈی ایس پی کو تھپڑ مارا تھا۔

    گذشتہ روز کراچی میں گاڑی روکنے پر مشتعل خاتون نے ڈی ایس پی کو تھپڑ رسید کردیا تھا۔

    کراچی میں ٹریفک پولیس کی رنگین شیشے، فینسی نمبر والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

    اس دوران پی آئی ڈی سی ٹریفک سیکشن پر گاڑی کو روکا گیا تو خاتون مشتعل ہوگئیں، خاتون نے ڈی ایس پی افتخار آرائیں سے نہ صرف بدتمیزی کی ، دھکے دیتی رہیں اور پھر تھپڑ مار دیا۔

    جس کے بعد واقعہ کا مقدمہ ڈی ایس پی اشتیاق آرائیں کی مدعیت میں سول لائنز تھانے میں درج کرلیا گیا تھا۔

    مقدمےمیں خاتون اورساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے، ڈی ایس پی اشتیاق آرائیں کا کہنا تھا کہ خاتون نے کئی تھپڑ مارے، جس سے چشمہ ٹوٹ گیا، خاتون نے کہا آپ نوکر ہیں تو میں نے جواب دیا کہ ہم قانون پرعمل کرنے والوں کے نوکرہیں۔

  • سندھ پولیس کی پہلی ہندو ڈی ایس پی

    سندھ پولیس کی پہلی ہندو ڈی ایس پی

    کراچی: سندھ پولیس میں پہلی بار خاتون ہندو ڈی ایس پی کا تقرر کرلیا گیا، منیشا اس چیلنجنگ شعبے میں آ کر دیگر ہندو لڑکیوں کے لیے مثال قائم کرنا چاہتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 26 سالہ منیشا روپیتہ سندھ پولیس کی پہلی ہندو خاتون ڈی ایس پی بن گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام شام رمضان میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم جیکب آباد سے حاصل کی اس کے بعد وہ کراچی آگئیں۔

    منیشا کے مطابق سنہ 2019 میں انہوں نے پبلک سروس کمیشن کا امتحان دیا اور جب ان کا رزلٹ آیا تو وہ یقین نہیں کر پارہی تھیں کہ وہ کامیاب ہوگئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے خیال کیا جاتا ہے کہ وہ زیادہ چیلنجنگ شعبہ نہ اپنائیں اور میڈیکل کا شعبہ ان کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے، لیکن وہ اس ٹرینڈ کو بدلنا چاہتی تھیں۔

    منیشا کا کہنا تھا کہ وہ دیگر ہندو لڑکیوں کے لیے مثال قائم کرنا چاہتی تھیں کہ وہ کسی بھی شعبے میں اپنا نام بنا سکتی ہیں۔

  • پولیس افسر کی بلاوجہ سرکاری اسلحہ چلانے کی ویڈیو وائرل

    پولیس افسر کی بلاوجہ سرکاری اسلحہ چلانے کی ویڈیو وائرل

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک پولیس افسر کی بلاوجہ سرکاری اسلحہ چلانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، جس میں پولیس افسر کو محکمانہ قواعد کی دھجیاں اڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کراچی کے ڈی ایس پی فیصل خان کی سرکاری اسلحہ چلانے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، ویڈیو میں فیصل خان کو نائن ایم ایم اور کلاشکوف سے فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس افسر کی جانب سے یہ فائرنگ کسی شوٹنگ رینج کی بجائے سرکاری زمین پر کی گئی ہے، ایک سنسان جگہ پر فائرنگ کرتے ہوئے پولیس افسر نے ویڈیو بھی بنوائی۔

    فوٹیج میں ویڈیو بنانے والے کی آواز بھی سنائی دیتی ہے، جیسے ہی ویڈیو بنانے والا ’چلیں سر‘ کہتا ہے ڈی ایس پی فیصل خان فائرنگ کرنے لگتے ہیں، پولیس افسر کبھی سنگل فائر تو کبھی برسٹ چلاتے رہے۔

    واضح رہے کہ پولیس کے ریفریشر کورس رزاق آباد یا سعید آباد ٹریننگ سینٹر پر کرائے جاتے ہیں، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی سرکاری افسر کو بلا وجہ سرکاری اسلحہ چلانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

    کسی بھی پولیس ملازم کو چاہے وہ کسی بھی رینک کا ہو، جب اسے اسلحہ چیک کرنا ہو یا ری فریشر کرنا یا نشانہ بازی کرنی ہو، تو اس کو باقاعدہ بالا افسران سے اجازت لے کر ٹریننگ سینٹر جانا ہوتا ہے، جہاں ایس او پیز کا باقاعدہ خیال رکھا جاتا ہے جیسا کہ کانوں پر ہیڈ فون لگانا وغیرہ۔

  • پشاور: شہید ڈی ایس پی غنی خان کی نماز جنازہ ادا

    پشاور: شہید ڈی ایس پی غنی خان کی نماز جنازہ ادا

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے چمکنی میں ملزمان کی فائرنگ سے ڈی ایس پی شہید اور ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے علاقے چمکنی میں نامعلوم ملزمان نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی شہید ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں شہید ڈی ایس پی غنی خان کے محافظ اور ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    شہید ڈی ایس پی غنی خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے شہید ڈی ایس پی کی میت پر سلامی دی، پھول چڑھائے، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس نے بھی شہید کی میت پر پھول چڑھائے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے چمکنی میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخواہ کو تفتیش جلد مکمل کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کردی۔

    محمود خان نے واقعے میں زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈی ایس پی کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    پشاور: پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ، اہلکار شہید

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں پشاور کے علاقے حیات آباد فیز سیون میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا اس دوران دہشت گردوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید جبکہ جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔

  • بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ڈی ایس پی سے کانسٹیبل بن گئیں

    بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ڈی ایس پی سے کانسٹیبل بن گئیں

    میرٹھ : بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کورکی ڈگری جعلی ہونے کے باعث انہیں ڈی ایس پی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کور کی گریجویشن کی ڈگری جعلی نکلی جس کے بعد ان کو پنجاب پولیس نے ڈی ایس پی سے کانسٹیبل بنا دیا۔

    بھارتی شہرمیرٹ میں واقع چوہدری چرن سنگھ یونیورسٹی کے حکام کے مطابق یونیورسٹی ریکارڈ میں ہرمنپریت کا کوئی ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔

    بعدازاں پنجاب پولیس نے بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کی ڈی ایس پی کے عہدے سے تنزلی کرتے ہوئے انہیں کانسٹیبل بنا دیا۔

    ہرمنپریت کور کی جعلی ڈگری کا انکشاف اس وقت ہوا تھا جب پنجاب پولیس کے آفیسر نے ان کی دستاویزات کی تصدیق کروانے کے لیے یونیورسٹی سے رابطہ کیا تھا۔

    بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کی ڈگری جعلی نکل آئی

    خیال رہے کہ گزشتہ سال برطانیہ میں ویمن ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہرمنپریت کور نے آسٹریلیا کے خلاف 115 گیندوں پر177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

    بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندرسنگھ نے ہرمنپریت کور کو پنجاب پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدے پر نوکری کی پیشکش کی تھی۔

    واضح رہے کہ بھارتی ویمن ٹیم کی کپتان کو گزشتہ سال حکومت کی جانب سے اہم سویلین ایوارڈ ارجنا مل چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کی ڈگری جعلی نکل آئی

    بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کی ڈگری جعلی نکل آئی

    میرٹھ : بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کورکی ڈگری جعلی ہونے کے باعث ان کا پنجاب پولیس میں ڈی ایس پی کا عہدہ خطرے میں پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کور کی گریجویشن کی ڈگری جعلی نکل آئی، انہوں نے رواں سال مارچ میں بطور ڈی ایس پی پنجاب پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ جاتی کارروائی کے تحت جب ہرمنپریت کورکی گریجویشن کی ڈگری میرٹھ کی چوہدری چرن سنگھ یونیورسٹی بھیجی گئی تو انکشاف ہوا کہ وہ جعلی ہے۔

    پنجاب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہرمنپریت کور نے جو تعلیمی دستاویزات جمع کرائیں وہ درست نہیں ہیں جس کے باعث وہ ڈی ایس پی کے عہدے پرفائز نہیں رہ سکتیں۔

    دوسری جانب ہرمنپریت کور کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی نے پنجاب پولیس میں نوکری کے لیے جو ڈگری جمع کرائی وہ جعلی نہیں ہے۔

    بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہے اوروہ جعلی ڈگری سے متعلق اپنے ڈپارٹمنٹ سے رابطے کے بعد ہی اپنا بیان دیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال برطانیہ میں ویمن ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہرمنپریت کور نے آسٹریلیا کے خلاف 115 گیندوں پر177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

    بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندرسنگھ نے ہرمنپریت کور کو پنجاب پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدے پر نوکری کی پیشکش کی تھی۔

    واضح رہے کہ بھارتی ویمن ٹیم کی کپتان کو گزشتہ سال حکومت کی جانب سے اہم سویلین ایوارڈ ارجنا مل چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • کراچی زون کے مزید 9 ڈی ایس پیز کے خلاف تحقیقات کا آغاز

    کراچی زون کے مزید 9 ڈی ایس پیز کے خلاف تحقیقات کا آغاز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی زون کے مزید 9 ڈی ایس پیز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اور ڈی آئی جی سی آئی اے کو انکوائری افسر مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کی رپورٹ پر آرڈر جاری کردیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے کراچی رینج کے 7 ڈی ایس پیز کے خلاف شکایات موصول ہوئیں تھی جس کے بعد انہوں نے مذکورہ افسران کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ افسران کے خلاف کرپشن سمیت دیگر سنگین جرائم کی شکایات ہیں۔ مذکورہ افسران میں ڈی ایس پی نیئر الحق، قمر الزمان، غلام نبی واگھو، اختر لطیف مغل، رستم نواز، زاہد حسین اور منیر احمد ارسانی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی رینج کے 7 ڈی ایس پیز کے خلاف تحقیقات کا حکم

    آج مزید 9 ڈی ایس پیز کے خلاف رپورٹ آنے کے بعد مجموعی طور پر 16 ڈی ایس پیز کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    آئی جی سندھ کے آرڈر کے مطابق 5 ڈی ایس پیز کا تعلق ایسٹ زون سے ہے۔ ایسٹ زون کی انکوائری ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان کریں گے۔

    دیگر ڈی ایس پیز کی انکوائری ڈی آئی جی سی آئی اے ثاقب اسماعیل کریں گے۔

    آج ملنے والی رپورٹ میں ڈی ایس پیز میں چوہدری ارشاد، ایوب برگڑی،ارشد حیات، سعید رند، ظفر اقبال، شفقت چانڈیو اور آغا اصغر فہرست میں شامل ہیں۔

    مذکورہ بالا ڈی ایس پیز سعود آباد، سہراب گوٹھ، بن قاسم اور قائد آباد میں تعینات ہیں۔ 4 ڈی ایس پیز میں 3تعیناتی کے منتظر جبکہ ایک پہلے ہی معطل ہے۔

    آئی جی سندھ نے 15 روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • تشدد کیس، انکوائری کمیٹی کا سامنا کرنے کے بجائے ڈی ایس پی حیدرآباد پہنچ گئے

    تشدد کیس، انکوائری کمیٹی کا سامنا کرنے کے بجائے ڈی ایس پی حیدرآباد پہنچ گئے

    کراچی : فیروز آباد تھانے میں نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے معطل ڈی ایس پی یعقوب جٹ انکوائری کمیٹی کا سامنا کرنے کے بجائے حیدر آباد چلے گئے ہیں، پولیس اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کے لیے سرگرم ہو گئی ہے.

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈی ایس پی یعقوب جٹ آئی جی سندھ کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی کا سامنا کرنے کے بجائے حیدر آباد چلے گئے ہیں جس سے تحقیقات میں مشکل پیش آسکتی ہیں اور مقدمہ طول پکڑ سکتا ہے.

    ڈی ایس پی یعقوب جٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں اس وقت حیدر آباد میں ہوں تاہم اگر انکوائری کے لیے بلایا جائے گا تو واپس کراچی آجاؤں گا اور انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے میں را تردد نہیں کروں گا.

    خیال رہے کہ فیروز آباد تھانے میں دو نوجوانوں کو برہنہ کرکے تشدد کرنے پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ کو انکوائری افسر مقرر کردیا ہے جس کے لیے باقاعدہ تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے.

    اے آر وائی نیوز نے آئی جی سندھ کے آرڈر کی کاپی حاصل کرلی ہے جس میں ڈی آئی جی کو 7 روز میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم اس سے قبل ہی یعقوب جٹ حیدرآباد روانہ ہوگئے ہیں.

    یاد رہے کہ 21 دسمبر کی شب ڈی ایس پی یعقوب جٹ نے پولیس لائن کے رہائشی دو نوجوانوں کو گھروں سے اُٹھا کر تھانے کی چھت پر برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد اہل خانہ کے احتجاج اور میڈیا کے دباؤ کے باعث پہلے تو ڈی ایس پی کسی بھی تشدد سے انکار کرتے رہے تاہم ویڈیو نے بھانڈا پھوڑ دیا تھا.