Tag: ڈی ایچ کیو

  • ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایک ہفتے کے دوران 20 نومولود بچوں کی موت کیسے ہوئی؟ انکوائری مکمل

    ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایک ہفتے کے دوران 20 نومولود بچوں کی موت کیسے ہوئی؟ انکوائری مکمل

    پاکپتن : ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) میں 20 بچوں کی موت نے بہت سے سنگین سوالات کو جنم دیا تاہم تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے انکوائری مکمل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا، جہاں مبینہ غفلت کے باعث ایک ہفتے کے دوران بیس نومولود زندگی کی بازی ہارگئے ہیں۔

    پاکپتن کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال میں رواں ماہ سولہ سے بائیس جون کے دوران مبینہ غفلت اور سہولیات کے فقدان کے باعث بیس بچوں کی اموات ہوئیں، بچوں کی ہلاکت سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    صرف انیس جون کو پیڈیا ٹرک وارڈ میں پانچ بچے دم توڑ گئے، ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا کہ پندرہ نومولود مختلف نجی اسپتالوں سے لائے گئے تھے، جس میں سے تین بچوں کی پیدائش گھروں میں ہوئی۔

    بچوں کے ورثا نے طبی عملے پر غفلت، آکسیجن کی کمی اور ناقص سہولیات کا الزام لگایا ہے۔

    کمشنر ساہیوال کی ہدایت پربنائی گئی تین رکنی کمیٹی نے انکوائری مکمل کرلی ہے، رپورٹ دوجولائی کوپیش کی جائے گی، تحقیقاتی ٹیم میں ساہیوال ٹیچنگ اسپتال اور محکمہ صحت کے نمائندے شامل تھے۔

    دوسری جانب اس واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ کوہوش آیا ہے، مختلف کارروائیوں میں متعدد غیر رجسٹرڈ نجی اسپتالوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

  • میرپور: غیرت کے نام پر میاں بیوی کا قتل

    میرپور: غیرت کے نام پر میاں بیوی کا قتل

    میرپور: جاتلاں عبدوپور میں گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد دونوں کو غیرت کے نام پر کلہاڑیوں کے وار سے قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز میرپور آزاد کشمیر کے نواحی علاقے جتلاں عبدوپور میں مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس نے پولٹری فارم کے رہائشی کوارٹر سے میاں بیوی کی نعشیں برآمد کیں، جنہیں کلہاڑیوں کے وار سے قتل کیا گیا تھا۔

    نمائندہ اے آر وائی کو ایس پی میرپور زاہد مرزا سے حاصل ہونے والی ابتدائی معلومات کے مطابق مقتولین کی شناخت وزیرزادہ اور صبردانہ کے نام سے ہوئی، دونوں کا تعلق میرپور کے علاقے لوہر دھیر سے تھا۔

    مقتول وزیرزادہ نے 6 سال قبل اپنے سگے بھائی بخت زادہ کی بیوی (صبرانہ) کے ساتھ فرار ہوکر بناء طلاق کے دوسرا نکاح کر کے آزاد کشمیر میں رہائش اختیار کرلی تھی، مقتولین کے 2 بچے ہیں جن کی عمریں 5 اور 3 سال ہیں۔

    ایس پی نے مزید بتایا کہ گزشتہ رات دونوں میاں بیوی اپنے گھر میں سو رہے تھے کہ رات گئے کچھ لوگ گھر کی کھڑکی توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے اور کلہاڑیوں کے وار سے دونوں کو موقع پر ہی قتل کردیا۔

    پولیس نے مقتولین کی نعشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے میرپور ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا ہے اور دہرے قتل کی واردات کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

     

  • راولپنڈی دھماکہ: زخمی اور جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی

    راولپنڈی دھماکہ: زخمی اور جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی

    راولپنڈی دھماکے میں ڈی ایچ کیو منتقل کئے گئے جاں بحق اور زخمی افراد کی شناخت ہوگئی، شناخت کئے جاں بحق افراد میں پاک فوج کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

    راولپنڈی بم دھماکے کے بعد ڈی ایچ کیو منتقل کئے جانے والے زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ہوگئی، اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں جی ایچ کیو میں ملازم پچاس سالہ عابد بھی شامل ہیں۔

    اسپتال میں شناخت کی گئی دوسری لاش پاک فوج کے نائیک پینتالیس سالہ غلام رسول کی ہے، جن کا تعلق سرگودھا سے ہے، دھماکے میں سوئیڈش کالج کا طالب علم مبشر مشتاق بھی جاں بحق ہوا جبکہ اس کا کزن محمد حسن دھماکے میں شدید زخمی ہے۔