اسلام آباد: عوام کو ڈی جی ایف آئی اے کے نام سے جعلی ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات ارسال کرکے ہراساں کرنے کے حوالے سے خبردار کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عوام کو ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے نام سے جعلی ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات بھیج کر ہراساں کرنے کے واقعات پر خبردار کر دیا۔
ترجمان نے بےایا کہ نامعلوم افراد ڈی جی ایف آئی اے کا نام اور عہدہ استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رہے ہیں۔ ان پیغامات پر "ٹاپ سیکرٹ” کی جعلی مہر ثبت کر کے جعل سازی کو مستند ظاہر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق جعل ساز فرضی اور گمراہ کن ناموں سے خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرتے ہیں اور شہریوں پر "سائبر کرائمز” کے الزامات لگا کر انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ادارے نے واضح کیا کہ ایف آئی اے کسی بھی فرد کو اس نوعیت کے پیغامات واٹس ایپ یا ای میل کے ذریعے نہیں بھیجتا۔
ترجمان نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک پیغام یا رابطے کی شکایت نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی کو درج کرائیں ، جو سائبر جرائم کی تحقیقات کے لیے مجاز ادارہ ہے۔