Tag: ڈی جی خان

  • سکھر اور ڈی جی خان کے قرنطینہ سے مزید سینکڑوں زائرین گھروں کو روانہ

    سکھر اور ڈی جی خان کے قرنطینہ سے مزید سینکڑوں زائرین گھروں کو روانہ

    سکھر: سکھر کے قرنطینہ سے مزید 11 زائرین کو واپس گھروں کو بھیج دیا گیا، ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سے بھی 26 زائرین کو کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر گھروں کو روانہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھر کے قرنطینہ سے مزید 11 زائرین اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔ روانہ کیے گئے 11 زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زائرین کا تعلق کراچی اور ٹنڈو جام سے ہے، زائرین کی ٹیسٹ رپورٹ نارمل آنے پر انہیں گھر بھیجا جا رہا ہے۔

    سکھر کے قرنطینہ سے 626 زائرین کو پہلے ہی گھروں کو بھیجا جا چکا ہے جس کے بعد گھروں کو جانے والے زائرین کی تعداد 651 ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں قائم قرنطینہ سے بھی 26 زائرین کو گھر روانہ کردیا گیا ہے، مذکورہ زائرین کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور انہیں کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ نیگٹیو آنے پر گھر بھیجا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنرز نے تمام زائرین کو عبد الحکیم انٹر چینج سے وصول کیا۔ واپس آنے والے تمام زائرین کو اپنے گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی تلقین کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1408 ہوچکی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے جہاں مریضوں کی تعداد 490 ہوگئی۔

    سندھ میں 457، پختونخواہ میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ملک بھر میں 7 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 25 افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج کیے جاچکے ہیں۔

  • 15 سالہ لڑکی کی گمشدگی: عدالت کی پنجاب پولیس کو آخری مہلت

    15 سالہ لڑکی کی گمشدگی: عدالت کی پنجاب پولیس کو آخری مہلت

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 15 سالہ لڑکی کی گمشدگی کیس میں پنجاب پولیس کو آخری مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی پیشرفت نہ ہوئی تو آئی جی پنجاب کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ڈیرہ غازی خان کی رہائشی 15 سالہ لڑکی کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کو آخری موقع دے دیا۔

    سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت تک پیشرفت نہ ہوئی تو انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب خود پیش ہوں۔ آئی جی پنجاب دیگر صوبوں سے بھی مدد لیں اور لڑکی کی بازیابی یقینی بنائیں۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے، 3 سال گزر گئے تاحال لڑکی بازیاب نہیں ہوسکی۔ پولیس نے کتنے لوگوں کو اس کیس میں گرفتار کیا؟

    ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوہدری نے کہا کہ 11 لوگوں کو گرفتار کیا ان کا چالان بھی جمع کر چکے۔

    لڑکی کے والدین کے وکیل نے عدالت سے ہائی پاور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کی استدعا کی۔ وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ عدالت چاروں صوبوں کے افسران، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی جے آئی ٹی بنائے۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ملٹری خفیہ اداروں کو ملوث نہیں کرنا چاہتے، ڈی پی او صاحب کیا آپ کوئی پیشرفت دکھا سکتے ہیں؟ ڈیرہ غازی خان کے ڈی پی او نے کہا کہ ہر طرح کی کوشش کر چکے لڑکی بازیاب نہیں ہوسکی۔

    ڈی پی او نے کہا کہ لڑکی نے اپنی مرضی سے گھر چھوڑا ہے جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے برہمی سے کہا کہ بھول جائیں اس بات کو۔

    انہوں نے کہا کہ کیا آپ تسلیم کرتے ہیں آپ کے ضلع میں انسانی اسمگلنگ ہو رہی ہے جس پر ڈی پی او نے کہا کہ میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں۔ سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 2 ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔

  • جتنی عزت آپ اپنے لیے چاہتے ہیں اس سے زیادہ ججز کو دیں: چیف جسٹس

    جتنی عزت آپ اپنے لیے چاہتے ہیں اس سے زیادہ ججز کو دیں: چیف جسٹس

    ڈیرہ غازی خان: چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا ہے کہ جتنی عزت آپ اپنے لیے چاہتے ہیں اس سے زیادہ ججز کو دیں۔ آپ کا کردار مضبوط ہوگا تو آپ کی عزت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والد صاحب نے کہا کہ اپنا سب کچھ بیچ دوں گا جہاں پڑھنا چاہو پڑھو۔ ڈیرہ غازی خان میں والد صاحب کے ساتھ پریکٹس کا آغاز کیا۔ والد صاحب چاہتے تھے سی ایس ایس کروں، میں نے کہا اپنی مرضی سے پڑھنا چاہتا ہوں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ والد سردار فیض کھوسہ نے فیوڈل سوسائٹی میں محنت سے مقام بنایا، والد نے جاگیر داروں کی دھرتی پر ہماری تعلیم پر توجہ دی، تعلیم پر فوکس کر کے ہم بہن بھائیوں کو کامیاب شہری بنایا۔ میرے والد جو زیادہ اچھی چیز اپنی اولاد کو دے سکتے تھے وہ تعلیم تھی۔

    انہوں نے کہا کہ بچپن سے ہی دباؤ میں آنے کی طبیعت تھی ہی نہیں، میری یہ طبیعت آج میرے فیصلوں میں جھلکتی ہے۔ جو کچھ بھی ہوں تعلیم کی وجہ سے ہوں۔ مڈل کلاس شخص کا آگے بڑھنے کا واحد راستہ تعلیم اور محنت ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عزت بنائی جاتی ہے، مانگی نہیں جاتی۔ والد سائیکل پر جاتے تھے، لوگ راستہ دیتے تھے کہ وکیل صاحب آ رہے ہیں۔ اب تو لوگ لکھوا لیتے ہیں ’پریس میڈیا‘ مطلب ہم سے پنگا نہ لینا۔ عہدے عارضی ہوتے ہیں لوگ مطلب کے لیے عزت کرتے ہیں، عزت طلب کرنے سے نہیں ملتی۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے ذاتی مسائل کو کبھی پروفیشل نہیں لانا چاہیئے، جتنی عزت آپ اپنے لیے چاہتے ہیں اس سے زیادہ ججز کو دیں۔ آپ کا کردار مضبوط ہوگا تو آپ کی عزت ہوگی۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحب سے کہا ہے اب کہیں بینچز کی ضرورت نہیں، کہیں بھی کیس ہو وہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کی جاسکتی ہے۔ میں نے پشاور میں ویڈیو لنک کے ذریعے سماعتیں شروع کردی ہیں۔ ڈی جی خان میں ویڈیو لنک سسٹم لگا دیں تو آپ کو بھی منسلک کروا دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اس دھرتی کا قرض اٹھائے پھر رہا ہوں جو اتارنے کا وقت آج آیا ہے، ڈی جی خان کی تاریخ کا پہلا بیرسٹر بنا۔ مجھے 40 سال پہلے بلا مقابلہ صدر بار منتخب ہونے کی وکلا نے پیش کش کی۔ اس محبت کا قرض آج شکریہ کے ساتھ اتار رہا ہوں۔

  • ڈی جی خان ؛ پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزم ہلاک،  اہلکار شہید

    ڈی جی خان ؛ پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزم ہلاک، اہلکار شہید

    ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان میں پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزم ہلاک جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے لادی گینگ کےاشتہاری ملزمان کوروکنےکی کوشش کی تو موٹرسائیکل سوار ملزمان نےاہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس پرپولیس نے جوابی فائرنگ کرکے دو ملزمان کو ہلاک کردیا۔

    فائرنگ کے تبادلےکے دوران ایک پولیس اہلکار جام شہادت نوش کرگیا جب کہ دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہ گیر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبرنہ ہوسکا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزمان اورپولیس کے درمیان اب بھی فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور پولیس کی اضافی نفری کو طلب کرکے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

    پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے اور ضابطے کی کارروائی کے بعد میتوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

  • ایک اور مبینہ بھارتی جاسوس ڈیرہ غازی خان سے گرفتار

    ایک اور مبینہ بھارتی جاسوس ڈیرہ غازی خان سے گرفتار

    ڈی جی خان: بارڈر ملٹری فورس کے ذرایع کا کہنا ہے کہ راکھی گاج سے مبینہ بھارتی جاسوس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بارڈر ملٹری فورس نے ڈیرہ غازی خان میں راکھی گاج سے ایک بھارتی جاسوس گرفتار کر لیا ہے۔

    ذرایع بارڈر ملٹری فورس کا کہنا ہے کہ گرفتار بھارتی شہری کی شناخت راجو لکشمن کے نام سے کی گئی، گرفتار بھارتی شہری کو تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ تین سال قبل 3 مارچ 2016 کو پاکستان کے حساس اداروں نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے جاسوس اور ریکارڈز کے مطابق بھارتی نیوی کے حاضرسروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  عالمی عدالت انصاف: کلبھوشن یادو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد

    رواں ماہ 17 جولائی کو عالمی عدالتِ انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی، ججز کے پینل نے پاکستان کے مؤقف کو درست قرار دیا اور سزا ختم کرنے کی استدعا بھی مسترد کی۔

    پاکستانی فورسز نے ایک اور بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو بھی گرفتار کیا تھا، تاہم سزا پوری ہونے پر اسے 17 دسمبر 2018 کو رہا کر دیا گیا تھا۔

    بھارتی جاسوس نے رہا ہونے کے بعد اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے غلط قدم اٹھایا جس کی قیمت مجھے ہی ادا کرنا پڑی، اس حوالے سے کسی کو قصور وار نہیں کہہ سکتا، میں غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کرنے کی کوشش کررہا تھا اسی دوران بارڈر پر تعینات پاکستانی محافظوں نے مجھے گرفتار کیا۔

  • پنجاب کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر ٹورازم سینٹرز بنائیں گے: عثمان بزدار

    پنجاب کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر ٹورازم سینٹرز بنائیں گے: عثمان بزدار

    ڈی جی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر ٹورازم سینٹرز بنائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار بارتھی کے دورے کے بعد ڈی جی خان گئے، جہاں سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں انھوں نے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کو زیر تکمیل اور نئے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، عثمان بزدار کو کوہِ سلیمان میلے کے انتظامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، انھوں نے متعلقہ حکام کو کوہ سلیمان کے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ہدایت کی۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کوہ سلیمان میلہ منعقد کرایا جائے گا، میلے میں فوڈ اسٹریٹ اور لوک موسیقی کا اہتمام کیا جائے گا، 3 روزہ میلے میں کیمپنگ کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی، پیرا گلائیڈنگ کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

    قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے بارتھی میں علاقہ معززین اور عمائدین کی ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ نے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے پنجاب کے پس ماندہ علاقوں کو یکسر نظر انداز کیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی میں دور دراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا، نمایشی حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے شروع کیے، جن سے عوام کو فائدہ نہیں پہنچا بلکہ وسائل ضایع کیے گئے۔

    انھوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں عوام کی بنیادی ضرورتیں پورا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، حکومت ہر علاقے کی یکساں اور متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

  • ڈی جی خان: بس اور ٹرالرمیں تصادم، 20 افراد زخمی

    ڈی جی خان: بس اور ٹرالرمیں تصادم، 20 افراد زخمی

    ڈی جی خان : صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان میں انڈس ہائی وے پر کوٹ چٹھہ کے قریب مسافر بس اور ٹرالرمیں تصادم کے نتیجے میں 20 مسافر زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے جہاں پانچ افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مسافر بس مانسہرہ سے کراچی جا رہی تھی۔

    جہلم: جی ٹی روڈ پر مسافر وین میں آگ، 8 مسافر جھلس کر جاں بحق

    دوسری جانب جہلم میں سوہاوہ کے ترکی ٹول پلازہ کے قریب بد قسمت مسافر وین ٹرالر سے ٹکرا گئی، حادثے کے دوران وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 8 مسافر جھلس کر دم توڑ گئے۔

    مسافر وین گوجرانوالہ سے راولپنڈی جا رہی تھی، تیز رفتاری کے باعث وین بے قابو ہو کر ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

    ڈی جی خان: خطرناک ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں صوبہ پنجاب میں خطرناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘1 دہشت گرد گرفتار

    ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘1 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے دستی بم اور اہم دستاویزات برآمد کرلیں۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد جمشید کالعدم تنظیم کو مالی معاونت فراہم کرتا تھا، گرفتار دہشت گردکا تعلق کالعدم لشکرجھنگوی سے ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کی نشاندہی پر فرخ اوراس کے والد کوبھی گرفتارکیا گیا ہے، فرخ اوراس کا والد کالعدم تنظیموں کوفنڈزدیتا تھا۔

    لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

    یاد رہے کہ 3 روز قبل صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 خودکش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ بھی ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد زیارت میں 6 لیویز اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈی جی خان میں غازی میڈیکل کالج کا دورہ

    وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈی جی خان میں غازی میڈیکل کالج کا دورہ

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شجرکاری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں غازی میڈیکل کالج کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کالج میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شجرکاری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ضروری ہے، پودا لگانے کا مقصد طلبا میں شجرکاری کی اہمیت بیدار کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ ملک بھر میں دس ارب درخت لگانے کے منصوبے تحت وزیراعظم عمران خان نے بلوکی میں پودا لگا کر “پلانٹ فار پاکستان مہم” کا افتتاح کیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے بلوکی میں پودا لگا کر “پلانٹ فار پاکستان مہم” کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میانوالی کا جنگل ختم ہوگیا، چھانگامانگا جنگل کے کیا حالات ہیں؟ ہمارے ہاں ویسے ہی جنگلات کی کمی ہے، جنگلات کی زمینیں لیزپرکیسے دی جاسکتی ہیں، پنجاب میں لیزپردی گئی جنگلات کی زمین فوری واپس لی جائیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں ’پلانٹ فار پاکستان‘ کے نام سے ایک روزہ شجرکاری مہم کا چلائی گئی تھی، جس کے تحت ملک بھر میں 15 لاکھ پودے لگائے گئے تھے، جس کے بعد اے آر وائی نیوز نے بھی درخت اُگاؤ مہم شروع کیا، اور پاک فوج کی جانب سے بھی ایک مہم چلائی گئی تھی۔

  • ڈی جی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، دہشت گرد ہلاک

    ڈی جی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی: ڈی جی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی جی خان میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، دہشت گردوں نے گشت کرنے والی رینجرز کی ٹیم پر فائرنگ کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے کرنل ایوب اور سپاہی ریحان زخمی ہوئے۔

    دوسری جانب ضلع باجوڑ میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، حساس ادارے کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے تحصیل لوئی ماموند کے گاؤں امانتہ میں ایک خشک دریا کے قریب زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے علاقے کو بڑی تباہی سے بچالیا۔

    برآمد ہونے والے اسلحہ میں راکٹ کے گولے، ہینڈ گرنیڈ، میزائل، آئی ڈیز، سفیلہ گن، کارتوس، بم بنانے کے سامان اور میگزین کے علاوہ بارودی سامان شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ ستمبر میں قلات میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ دو جوان شہید ہوگئے تھے۔

    دہشت گردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس، دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔