Tag: ڈی سی کامکس

  • ڈی سی کامکس نے مداحوں کو خوشی سے دیوانہ کردیا

    ڈی سی کامکس نے مداحوں کو خوشی سے دیوانہ کردیا

    ڈی سی کامکس اور وارنر بروز نے اپنے آن لائن ایونٹ فین ڈم میں بیٹ مین سمیت متعدد فلموں کے ٹریلرز اور ٹیزرز جاری کر کے مداحوں کو شاندار تحفہ دے دیا۔

    رواں برس ڈی سی کامکس کے سالانہ کامک کون کے بجائے آن لائن ایونٹ فین ڈم منعقد ہوا، جس میں متعدد فلموں کے ٹریلرز ریلیز کیے گئے۔

    جاری کیے جانے والے ٹیزرز اور ٹریلرز میں بیٹ مین، ونڈر وومن 1984، زیک سینڈر کی جسٹس لیگ، جبکہ شازم 2 اور ایکوا مین 2 کا فرسٹ لک جاری کیا گیا۔

    بلیک ایڈم کا ٹیزر بھی جاری کیا گیا ہے جس میں دی راک ڈوائن جانسن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

    ونڈر وومن 1984 کا یہ دوسرا ٹریلر ہے جس میں فلم کی ولن باربرا کو چیتے کے روپ میں دکھایا ہے جس نے مداحوں کو پرجوش کردیا۔

    بیٹ مین کے ٹیزر میں رابرٹ پیٹنسن بیٹ مین کے کردار میں دکھائی دے رہے ہیں، یہ بطور بیٹ مین ان کی پہلی فلم ہے اور اس کا سیریز کی گزشتہ فلموں سے کوئی تعلق نہیں۔

    مذکورہ تمام فلموں میں سے کسی کی بھی ریلیز کی تاریخ نہیں بتائی گئی، کرونا وائرس اور اس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔

  • دشمنوں کو پچھاڑتی ونڈر وومن کی دھماکے دار واپسی

    دشمنوں کو پچھاڑتی ونڈر وومن کی دھماکے دار واپسی

    2 سال قبل اپنی صلاحیتوں سے سب کو دنگ کردینے والی، تہلکہ مچادینے والی ونڈر وومن ایک بار پھر دھماکے دار انداز میں واپس آرہی ہے، ونڈر وومن 1984 کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

    سنہ 2017 میں ڈی سی کامکس کی ونڈر وومن نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا تھا۔ اب تک تخلیق کیے گئے تمام سپر ہیروز کو ٹکر دیتی اور دشمنوں کو پچھاڑتی ونڈر ویمن نے سپر وومن کے تصور کو نئی جہت دی۔

    اس سے پہلے سپر وومن پر بنائی گئی فلمیں اتنی زیادہ مقبول نہ ہوسکیں تاہم ونڈر وومن کی جاندار اداکاری اور اسکرین پلے نے مقبولیت اور پسندیدگی میں تمام سپر ہیروز فلموں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا۔

    سپر وومن یا ونڈر وومن کا آئیڈیا سب سے پہلے سنہ 1941 میں سامنے آیا جب ایک امریکی کامک سیریز میں ایک خاتون کو جادوئی اور ماورائی قوتوں کا حامل دکھایا گیا۔

    امریکی پرچم سے مشابہہ لباس میں ملبوس اس ونڈر وومن نے نہ صرف اس وقت خواتین کے بارے میں قائم تصورات کو کسی حد تک تبدیل کیا بلکہ اس کی تخلیق خواتین کی خود مختاری کی طرف ایک اہم قدم تھی۔

    بعد ازاں ڈی سی کامکس کی فلم ونڈر وومن نے سپر وومن کو ایک نئی شناخت دے دی۔

    سنہ 2017 میں ریلیز کی جانے والی ونڈر وومن جنگ عظیم اول کے زمانے کی تھی جس میں ڈیانا (ونڈر وومن) کو اپنی صلاحیتوں کا ادراک ہوتا ہے جس کے بعد وہ دنیا کو بچانے والے افراد کی پہلی صف میں جا کھڑی ہوتی ہے اور اپنی صلاحیتوں سے سب کو دنگ کردیتی ہے۔

    اب اگلی فلم سنہ 1984 کے زمانے کی ہے، جہاں دور تو نیا ہے تاہم ونڈر وومن پہلے سے بھی زیادہ مستعد اور حیران کن ہے اور بجلی کی سی تیزی سے اپنی راہ میں آنے والے دشمنوں کو پچھاڑ رہی ہے۔

    فلم میں ونڈر وومن کا مرکزی کردار ادا کرنے والی گال گیڈوٹ نے اس بار بھی اس کردار کو بے مثال انداز میں پیش کیا ہے۔

    گال گیڈوٹ کا تعلق اسرائیل سے ہونے کی وجہ سے پہلی فلم کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے اس پر کچھ ممالک میں پابندیاں بھی عائد کی گئی تھیں اس کے باوجود فلم نے بزنس میں کئی مشہور فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    اب فلم ونڈر وومن 1984 اگلے برس جون 2020 میں ریلیز کی جائے گی۔