Tag: ڈی پورٹ

  • ترکی نے غیرقانونی طور پر مقیم 65 پاکستانیوں کو بے دخل کردیا

    ترکی نے غیرقانونی طور پر مقیم 65 پاکستانیوں کو بے دخل کردیا

    راولپنڈی: پاکستانیوں کو غیرقانونی طور پر ترکی میں رہائش مہنگی پڑگئی، انقرہ حکومت نے غیرقانونی طور پر مقیم 65 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانی شہری اسلام آباد پہنچ گئے۔ 64 میں سے 26 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جن سے ترکی میں غیرقانونی طور پر رہائش سے متعلق پوچھا جائے گا۔

    جبکہ دیگر 38مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ گرفتار 26مسافروں کو ایف آئی اے پاسپورٹ سیل منتقل کردیا گیا۔ متعلقہ ادارے گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کریں گے۔

    ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل، سعودی عرب سے بھی 9 پاکستانی ڈی پورٹ

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 5 دسمبر کو بھی ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل کیے گئے تھے۔

    ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی ترکش ائیر لائن سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے، جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کو حراست میں لیا اور تحقیقات شروع کی۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب بھی غیرقانی طور پر مقیم کئی پاکستانیوں کو بے دخل کرچکا ہے۔

  • آن ارائیول ویزے کے اعلان کے باوجود غیر ملکی شہری ڈی پورٹ

    آن ارائیول ویزے کے اعلان کے باوجود غیر ملکی شہری ڈی پورٹ

    اسلام آباد: حکومت کی جانب سے آن ارائیول ویزے کے اعلان کے باوجود غیر ملکی شہری کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ سے ملائیشین شہری کو ایف آئی اے نے ڈی پورٹ کر دیا، حکومت کی جانب سے آن ارائیول ویزے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔

    چن چینگ پرواز ای وائی 233 پر ابوظبی سے اسلام آباد پہنچا تھا، امیگریشن کاؤنٹر پر ملائیشین شہری اور ایف آئی اے حکام میں بحث و تکرار ہوئی۔

    چن چینگ کا کہنا تھا کہ حکومتی ویب سائٹ پر ویزا آن ارائیول ملائیشین شہریوں کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے، اسی وجہ سے ویزا حاصل نہیں کیا۔ تاہم ایف آئی اے نے ملائیشین شہری کو پرواز ای وائی 234 سے واپس روانہ کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان آنے کے خواہش مند سیاحوں نے آن لائن ویزا کا استعمال شروع کردیا

    دوسری طرف ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ آن ارائیول ویزے کے لیے اسپانسر یا چیمبرز آف کامرس سے منظوری لازمی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان آنے کے خواہش مند سیاحوں نے آن لائن ویزے کا استعمال شروع کر دیا ہے، 2249 سیاحوں نے ویزے کے لیے درخواستیں دے دی ہیں، درخواست گزاروں میں جرمنی، اٹلی، نیوزی لینڈ، فن لینڈ کے سیاح شامل ہیں۔

    اس سلسلے میں 175 ممالک سے درخواستیں نادرا کو موصول ہو چکی ہیں۔

  • ایف آئی اے نے بغیر ویزہ اسلام آباد آنےوالی امریکی خاتون کو ڈی پورٹ کردیا

    ایف آئی اے نے بغیر ویزہ اسلام آباد آنےوالی امریکی خاتون کو ڈی پورٹ کردیا

    اسلام آباد : امیگریشن حکام نے بغیر ویزہ اسلام آبادایئرپورٹ پہنچنے والی امریکی خاتون کو ڈی پورٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہری سونیا سیتا پیرز بدھ کے روز غیر ملکی پرواز کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تھی، جو بغیر ویزے کے پاکستان داخل ہونا چاہتی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون قطر ایئرلائن کے ذریعے دوحہ سے اسلام آباد آئی تھی، جب فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اہلکاروں نے سونیا کا پاسپورٹ چیک تو معلوم ہوا کہ مذکورہ خاتون بغیرویزہ پاکستان پہنچی ہے۔ امیگریشن حکام خاتون کو اسی فلائٹ سے واپس روانہ کردیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی امیگریشن حکام کی جانب سے بغیر ویزہ پاکستان آنے والے امریکی شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 2016 میں بھی ایک امریکی خاتون بغیر ویزہ پاکستان پہنچی تھی جسے امیگریشن حکام نے ایئرپورٹ سے ہی واپس بھیج دیا تھا۔

  • برطانوی حکومت نے اسحاق ڈارکو ڈی پورٹ کرنے کی پٹیشن مسترد کر دی

    برطانوی حکومت نے اسحاق ڈارکو ڈی پورٹ کرنے کی پٹیشن مسترد کر دی

    لندن : برطانوی حکومت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ڈی پورٹ کرنے کی پٹیشن مسترد کر دی اور کہا پاکستان سے تحویل مجرمین کا معاہدہ نہیں، قانون میں گنجائش مگر پاکستان باضابطہ رابطہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ڈی پورٹ کرنے کی عوامی درخواست مسترد کردی، برطانوی حکومت کا کہنا ہے پاکستان سے مجرمان کے تبادلے کا معاہدہ نہیں ہے، تاہم قانون میں گنجائش موجود ہے، حکومت پاکستان کو باضابطہ رابطہ کرنا ہوگا۔

    برطانوی حکومت نے کہا کسی دوسرے ملک میں سزایافتہ مجرم کو معاہدہ نہ ہونے پر بھی ڈی پورٹ کیا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے وزارت خارجہ نے اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیئے تھے۔

    مزید پڑھیں : سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ

    قانون کے مطابق اسحاق ڈار اپنا عہدہ چھوڑنے کے30 دن کے اندر سفارتی پاسپورٹ واپس کرنے کے پابند تھے تاہم اسحاق ڈار اپنی اہلیہ کے ہمراہ برطانیہ میں مقیم رہے اور پاسپورٹ منسوخ نہیں کروایا۔

    قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے منسوخی سے لندن میں موجود اسحاق ڈار برطانیہ کے باہر سفر نہیں کرسکتے تاہم وہ برطانیہ میں سیاسی پناہ لے سکتے ہیں۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا تھا جبکہ انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ پاکستان اسحاق ڈار کے خلاف نیب کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے، اسحاق ڈار 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات سے قبل طبیعت کی خرابی کے باعث لندن چلے گئے تھے، جس کے بعد تاحال اسحاق ڈار لندن میں ہی مقیم ہے۔

  • افغانی خاتون شربت گلہ لئی کو ملک بدر کرنے کے احکامات واپس

    افغانی خاتون شربت گلہ لئی کو ملک بدر کرنے کے احکامات واپس

    پشاور : کے پی کے حکومت نے افغانی خاتون شربت گلہ لئی کو ملک بدر کرنے کے احکامات واپس لے لیے۔ ملک بدر نہ کرنے کی سفارش پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان نے کی تھی، مذکورہ خاتون کو دیگر افغان مہاجرین کی طرح پاکستان میں رہنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سبز آنکھوں سے شہرت پانے والی افغانی خاتون پاکستان سے کہیں نہیں جائے گی۔ شربت گلہ لئی کے ملک بدری کے احکامات واپس لے لیے گئے، وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کے ترجمان شوکت یوسف زئی کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی تک شربت گلہ یہیں رہیں گی۔

    افغان مہاجرین مارچ تک پاکستان میں رہ سکتے ہیں، افغان مہاجرین جب واپس جائیں گے توشربت گلہ بھی واپس جائے گی، شوکت یوسفزئی نے کہا کہ افغان حکومت نے رابطہ کیا تھا کہ شربت گلہ کو ڈی پورٹ نہ کیا جائے، کیونکہ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے اورعمران خان نے وزیر اعلیٰ کے پی کے کو فون کر کے درخواست بھی کی تھی۔ جس پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی تھی کہ جس کے تحت ڈی پورٹ کرنے کے احکامات کو روک دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شربت گلہ بی بی بیمار ہیں، افغانستان میں علاج کی سہولتیں نہیں ہیں، شربت گلہ نے زندگی پاکستان میں گزاری ہے۔ انسانی ہمدری کے تحت محکمہ داخلہ نے ڈیپورٹ کرنے کا معاملہ روک دیا ہے۔

    عدالتی فیصلے کی روشنی میں وفاقی حکومت سے بھی معاملہ اٹھایا جائے گا، یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرصوبائی حکومت سے شربت گلہ کو ملک بدرنہ کرنے کی اپیل کی تھی۔

    شربت گلہ کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے پرپندرہ روز قید اور ایک لاکھ دس ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوئی تھی اور ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ شربت گلہ لئی کی قید کی سزا بدھ کے روز ختم ہو رہی ہے۔

    علاوہ ازیں اس حوالے سے صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق غنی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس وقت عدالت کے حکم پر عمل کیا جا رہا ہے لیکن جب شربت گلہ کو وطن واپس بھیجنے کے لیے صوبائی حکومت کے حوالے کیا جائے گا تو اس وقت وہ وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہے کیونکہ کسی افغان مہاجر کی رجسٹریشن ہو یا انھیں یہاں روکنے کا معاملہ یہ سب وفاقی حکومت فیصلہ کرے گی۔

    اس سے پہلے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی شربت گلہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے مقدمے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سنا جائے۔

  • بھارتی ہائی کمیشن کے 8 اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    بھارتی ہائی کمیشن کے 8 اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: بھارتی خفیہ ادارے را کے لیے کام کرنے والے بھارتی ہائی کمیشن کے آٹھ اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اہلکار اتوار کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔


    یہ پڑھیں: بھارتی سفارتی اہلکارملک دشمن کاروائیوں میں ملوث تھے، پاکستان


    ذرائع نے بتایا کہ زیادہ تر اہلکاروں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی واپس بھیجا جائے گا ان افسران و اہلکاروں میں راجیش کمار اگنی ہوتری، بلبیر سنگھ، انوراگ سنگھ، امردیپ سنگھ بھٹی،جیا بالن سینتھل، مادھون نندا کمار، وجے کمار اور دھرمیندرا شامل ہیں۔

    دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے کمرشل قونصلر راجیش کمار اگنی ہوتری را کے پاکستان میں اسٹیشن چیف تھے، بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکریٹری پریس اینڈ کلچر بلبیر سنگھ کا تعلق بھارتی انٹیلی جنس پیورو سے ہے،جیا بالن سینتھل اور سرجیت سنگھ کا تعلق بھی بھارتی انٹیلی جنس بیورو سے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات 5 افسران کے را ایجنٹ ہونے کا انکشاف

    اسی طرح انوراگ سنگھ، امردیپ سنگھ بھٹی، مادھون نندا کمار، وجے کمار اور دھرمیندرا کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی را سے ہے۔

  • لاہور: امریکی شہری میتھیوکو ملک بدر کردیاگیا

    لاہور: امریکی شہری میتھیوکو ملک بدر کردیاگیا

    لاہور: امریکی بلیک لسٹ شہری میتھیوکو لاہور ایئر پورٹ سے بے دخل کر دیا گیا.امریکی شہری کوپی آئی اے کی پروازپی کے711 کے ذریعے امریکا روانہ کیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہری میتھیوکو آج صبح لاہور ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے711 کے ذریعے امریکا روانہ کردیاگیا.پی آئی اے کی پرواز براستہ مانچسٹر نیویارک جائے گی.

    امریکی شہری میتھیو کو گزشتہ رات گئے اسلام آبادسے پی آئی اے کی پرواز پی کے 657کے ذریعے لاہور لایاگیا تھا،اس سے پہلے امریکی بلیک لسٹ شہری کو اڈیالہ جیل سے ایف آئی اے کے حوالے کیا گیااوراس کا ویزہ بھی منسوخ کردیا گیا تھا.

    *اسلام آباد سےامریکی شہری گرفتار

    یار رہے کہ میتھیو کورواں ماہ چھ اگست کو اسلام آباد میں گرفتارکیا گیا تھا .امریکی شہری کواس سے قبل 2011 میں جاسوسی کے شک میں پاکستان سے نکال دیا گیا تھا.

    امریکی شہری سے تفتیش کے دوران معلوم ہوا تھا کہ وہ اس سے پہلے بھی دوبار پاکستان آیا اور پاکستانی اعلیٰ حکام سے شہریت کے لیے رجوع کیا تھا.

    *اسلام آباد سے گرفتارامریکی شہری سے متعلق اہم انکشافات

    واضح رہے کہ میتھیو 2008 سے 2012 تک پاکستان میں موجود تھا اور اس پaر پہلا کیس 2011 میں جیکب آباد میں درج ہوا تھا جس کے بعد عدالت نے اسےپاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ حساس اداروں نے بھی میتھیو کی سرگرمیوں پر سوالات اُٹھائے تھے.

  • ریمنڈ ڈیوس کی طرح: امریکی شہری میتھیو کوچھوڑنے کا فیصلہ

    ریمنڈ ڈیوس کی طرح: امریکی شہری میتھیو کوچھوڑنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: جاسوسی کے الزام اور دھوکا دہی سے ویزا حاصل کرنے والے بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو بیرک کوچھوڑنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ملزم کو چند روز میں ملک بدر کیے جانے کا امکان ہے ، وزارت داخلہ نے میتھیو کا ویزا منسوخ کردیا۔

    فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے )کے ذرائع کے مطابق امریکی شہری میتھیو بیرٹ کا ویزا منسوخ کردیا گیا اور اسے چند روز میں ملک بدر کیے جانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ میتیھو بیرک کو بلیک لسٹ ہونے کے بعد نام بدل کر دوبارہ پاکستان آنے کے جرم میں‌ 6اگست کو اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہائوس سے گرفتار کیا گیا تھا، میتھیو کو ویزا دینے والے ہیوسٹن کے پاکستانی ویزا آفس کے عملے اور اسلام آباد میں ویزا آفس کے عملے کے خلاف کارروائی کی گئی، خاتون ڈائریکٹر سمیت کئی ملازمین کو معطل کردیا گیا جب کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔


    اسلام آباد سےامریکی شہری گرفتار


    وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اجلاس منعقد کرکے امریکی جاسوس کو دوبارہ ویزا ملنے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا اور ہیوسٹن میں موجود ویزا آفس کی خاتون ڈائریکٹر کی معطلی کا حکم بھی جاری کردیا گیا تھا۔


    وزیر داخلہ کا امریکی جاسوس کو دوبارہ ویزا ملنے کی تحقیقات کا حکم


    یہ بھی اطلاعات ملی تھیں کہ میتھیو نے ایک پاکستانی خاتون سے شادی کی ہوئی ہے، اس کے بچے بھی ہیں جس کی بنیاد پر میتھیوپاکستانی شہریت لینا چاہتا تھا، وہ اس قبل بھی دو بار پاکستان آچکا تھا تاہم اس دوران وہ ایک خفیہ جاسوسی مشن پرغیر قانونی طور پر گولڑہ شریف کے علاقے میں ایک حساس مقام پر گیا ، جس پر حساس اداروں کی رپورٹ پر اس کے خلاف ایک مقدمہ گولڑہ شریف میں بھی درج ہوا۔


    اسلام آباد سے گرفتارامریکی شہری سے متعلق اہم انکشافات


    جمعہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کےدوران امریکی شہری میتھیو بیریٹ کے معاملے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میتھیو سال 2011 میں پاکستان سے ڈی پورٹ ہوا، عدالتی حکم پر اسے جیل سے نکال کر ملک بدر کیا گیا، اس پر جاسوسی کا الزام نہیں تھا تاہم وہ سیکیورٹی علاقے میں پایا گیا تھا۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی شہری کا ویزا فارم منگوایا ہے میتھیو نے پانچ سال بعد پھر ویزے کے لیے درخواست دی تھی،اسے ویزا دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی،غلطی کی نشاندہی کرنے والے کو ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں امریکی شہری کو ڈی پورٹ کیا جائے گا اور جس نے امریکی شہری کو چھوڑا وہ حراست میں ہے۔

  • اسلام آباد یونائیڈ کے ہیڈکوچ ڈین جونزکو اسلام آباد ایئرپورٹ سے ڈی پورٹ کردیا گیا

    اسلام آباد یونائیڈ کے ہیڈکوچ ڈین جونزکو اسلام آباد ایئرپورٹ سے ڈی پورٹ کردیا گیا

    اسلام آباد: پاکستان سبر لیگ میں اسلام آباد یونائیڈ کے ہیڈکوچ ڈین جونزکو سفری کاغذات نامکمل ہونے پر ڈی پورٹ کردیاگیا، ڈین جونز نے نامکمل کاغذات کی تصدیق کردی، تاہم کہتے ہیں ڈی پورٹ نہیں کیاگیا آج رات لاہور پہنچ جائیں گے۔

    سابق آسٹریلین کرکٹراوراسلام یونائٹیڈ کےہیڈکوچ ڈین جونزکوقانونی دستاویزات نہ ہونے کے باعث اسلام آباد سے ڈی پورٹ کردیاگیا، ڈین جونز لوگورونمائی کی تقریب میں شرکت کیلئےمیلبرن سےاسلام آباد پہنچے تھے،لیکن ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈین جونز کے پاس پاکستان آنے کیلیےویزا تھا نہ ہی سفری کاغذات مکمل تھے۔

    Expired copy of a visa of Dean Jones.

    ہیڈ کوچ ڈین جونز اوراسلام آباد ٹیم کے ڈائیریکٹر کرکٹ وسیم اکرم کی غیرموجودگی نےلوگو رونمائی کی تقریب کا مزا پھیکاکردیا، ڈین جونز نے ٹوئٹرکاسہارالیتے ہوئے سفری دستاویزات نامکمل ہونے کی تصدیق کی، کہتے ہیں ڈی پورٹ نہیں کیاگیا، وہ پاکستانی ویزا پالیسوں میں تبدیلوں سے آگاہ نہیں تھے۔ آج رات لاہور پہنچ جائیں گے۔


     

  • سعودی عرب کی جانب سے پی آئی اے کو جرمانے کا نوٹس

    سعودی عرب کی جانب سے پی آئی اے کو جرمانے کا نوٹس

    کراچی: سعودی عرب کی جنرل ایوی ایشن اور امیگریشن نے پی آئی اے کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر دس ہزار ریال جرمانے کا نوٹس جاری کردیا ہے ۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان سے جدہ اور مدینہ آنیوالی پروازوں کے مسافروں کے ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود سفر کرانے پر سعودی عرب کی جانب سے پی آئی اے کو دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیاگیا ہے ۔

    سعودی ایوی ایشن کے مطابق جرمانہ چوبیس گھنٹے کے اندر ادا نہیں کیا گیا تو پاکستان سے آنے والی پی آئی اے کی تمام پروازوں کے مسافروں کاامیگریشن نہیں کیا جائے گا،

    سعودی ایوی ایشن کے پی آئی اے کو جاری نوٹس پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں مسافروں کو ڈی پورٹ کرنے کا خدشہ ہے۔