مظفرگڑھ : ڈی پی او مظفرگڑھ سید حسنین حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ 3 بہنوں کی کے قاتلوں کو جلد ٹریس کرلیں گے، سب متعلقہ لوگوں کو شامل تفتیش کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر مظفرگڑھ کے علاقے تھرمل کالونی میں 3 بہنوں کی لاشیں ملنے کے واقعے پر ڈی پی اومظفر گڑھ سید حسنین حیدر شاہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او مظفرگڑھ نے کہا کہ جب بچیوں کے لاپتا ہونے کی اطلاع ملی تو پولیس اورمقامی افراد رات بھربچیوں کو ڈھونڈتے رہے پھر صبح سویرے گھروالوں نے بتایا ان کے ساتھ والے گھرسے بچیوں کی لاشیں ملی ہیں۔
سید حسنین حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ تحقیقات کررہے ہیں جلد ملزمان کو ٹریس کرلیں گے، سب متعلقہ لوگوں کو شامل تفتیش کیا جارہا ہے، امید ہے جلد اصل ملزم پکڑا جائے گا۔
یاد رہے مظفرگڑھ تھرمل پاورکالونی میں تین کمسن بہنوں کوقتل کردیا گیا تھا اور لاشیں گھر کےقریب خالی کوارٹر سے ملیں، تینوں بہنیں گزشتہ روز سے لاپتہ تھیں۔
آئی جی پنجاب نے مظفر گڑھ میں 3 بہنوں کےقتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی تھی اور سی سی ٹی وی کیمروں اور شواہد کی مدد سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔