Tag: ڈے کیئر سینٹر

  • 26 بچے تہہ خانے میں چھپا کر رکھنے والی ڈے کیئر سینٹر کی مالکن گرفتار

    26 بچے تہہ خانے میں چھپا کر رکھنے والی ڈے کیئر سینٹر کی مالکن گرفتار

    امریکا میں ایک ڈے کیئر سینٹر کی مالکن کو گنجائش سے زائد بچے رکھنے پر 6 سال قید کی سزا سنا دی گئی، 26 عدد بچے بیسمنٹ میں موجود تھے جہاں پیاس اور گھٹن سے ان کی حالت ابتر تھی۔

    امریکی ریاست کولوراڈو میں ڈے کیئر سینٹر چلانے والی کارلا میری فیتھ نامی خاتون کو نومبر 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فیتھ کو صرف 6 بچے رکھنے کا لائسنس دیا گیا تھا تاہم وہ اس سے کہیں زیادہ بچوں کو اپنے سینٹر میں رکھے ہوئے تھی۔

    ڈے کیئر سینٹر کی مالکن نے 26 بچوں کو بیسمنٹ میں رکھا ہوا تھا جبکہ بیسمنٹ کی سیڑھیوں کو ایک مصنوعی سلائیڈنگ دیوار کے پیچھے چھپایا گیا تھا۔ تہہ خانے میں موجود 12 بچوں کی عمریں 2 سال سے بھی کم تھیں۔

    بچے پسینے میں شرابور اور پیاسے تھے جبکہ ان کے جسم بھی سوجن کا شکار تھے۔ بچوں کی نگرانی پر صرف 2 ملازمین مامور تھے جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے مذکورہ مکان پر اس وقت چھاپہ مارا جب انہیں اطلاع ملی کہ یہاں گنجائش سے زیادہ بچے رکھے گئے ہیں، پولیس کے پہنچنے پر فیتھ نے بچوں کی موجودگی سے انکار کیا اور تہہ خانے کے بارے میں پوچھنے پر کہا کہ گھر میں کوئی تہہ خانہ نہیں۔

    تاہم بچوں کے رونے کی آواز پر پولیس نے دیواروں کو دھکا دیا جس کے بعد مصنوعی دیوار اپنی جگہ سے ہل گئی اور پولیس تہہ خانے میں داخل ہوگئی۔

    فیتھ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پاس آنے والے والدین کو انکار نہیں کرسکی تھی لہٰذا سینٹر میں گنجائش سے زیادہ بچوں کو رکھا۔

    فیتھ اور اس کے دونوں ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا جن کے کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے، عدالت نے فیتھ کو 6 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

  • بلوچستان اسمبلی میں بچے کو لانے پر تنازعے کے بعد اسمبلی میں ڈے کیئر سینٹر کے قیام کا فیصلہ

    بلوچستان اسمبلی میں بچے کو لانے پر تنازعے کے بعد اسمبلی میں ڈے کیئر سینٹر کے قیام کا فیصلہ

    کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کی رکن مہ جبین شیران کے اپنے بچے کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں لانے پر ہنگامے کے بعد، بلوچستان اسمبلی میں ڈے کیئر سینٹر کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بلوچستان اسمبلی میں ڈے کیئر سینٹر کے قیام کی منظوری دے دی۔ بلوچستان پہلا صوبہ ہے جہاں کی اسمبلی میں ڈے کیئر سینٹر بنایا جارہا ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں ڈے کیئر سینٹر میں تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان اسمبلی کی خاتون رکن مہ جبین شیرانی ایوان میں اپنے بچے کو ساتھ لائیں تھی جس پر دیگر ارکان اسمبلی نے سخت اعتراض کیا تھا۔

    انہیں کہا گیا کہ اسمبلی کے اندر بچوں کو لانا ممنوع ہے جبکہ انہیں ایوان سے باہر بھی نکال دیا گیا تھا۔

    اس واقعے پر سوشل میڈیا پر خاصا طوفان اٹھا اور لوگوں نے ارکان اسمبلی کے اس رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

    بعد ازاں مہ جبین شیرانی نے دیگر خواتین ارکان کے ساتھ مل کر بلوچستان اسمبلی میں بچوں کو اجلاس میں نہ لانے سے متعلق قوانین کی تبدیلی اور ڈے کیئر سینٹر کے قیام کے لیے مہم کا بھی آغاز کیا تھا۔