Tag: ژالہ باری

  • پاکستان میں کہیں ہیٹ ویو تو کہیں ژالہ باری، ایک ماہ میں 12 بار سے زائد زلزلے کے جھٹکے

    پاکستان میں کہیں ہیٹ ویو تو کہیں ژالہ باری، ایک ماہ میں 12 بار سے زائد زلزلے کے جھٹکے

    پاکستان میں بیک وقت کہیں ہیٹ ویو تو کہیں شدید ژالہ باری ہو رہی ہے جب کہ ملک میں ایک ماہ میں 12 بار سے زائد زلزلے کے جھٹکے بھی آ چکے ہیں۔

    پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو شدید اور غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہے۔ اس وقت ملک میں کہیں ہیٹ ویو نے قیامت ڈھائی ہوئی ہے تو کہیں شدید ژالہ باری ہو رہی ہے جب کہ ایک ماہ کے دوران مختلف علاقوں میں 12 بار سے زائد زلزلے کے جھٹکے بھی آ چکے ہیں۔

    پاکستان کے کئی علاقے اس وقت شدید بارشوں اور طوفانی ژالہ باری کی لپیٹ میں ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ دنوں ٹینس بال سائز کے اولوں نے آسمان سے گر کر زمین پر تباہی مچائی۔ لوگوں کی گاڑیاں، سولر پینلز سمیت دیگر قیمتی اشیا تباہ ہوئیں جب کہ بارشوں سے کئی علاقوں میں فلش فلڈ کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    اس کے برعکس ملک کے مختلف علاقے بالخصوص جنوبی پنجاب اور صوبہ سندھ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو دن کے اوقات میں گھروں میں رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    ایک ہی ملک میں ایک ہی وقت میں یکسر الٹ موسم کے ساتھ پاکستان کے طول وعرض میں پے در پے آنے والے زلزلوں نے ماہرین میں تشویش کی لہر بھی دوڑا دی ہے۔

    پاکستان میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 12 سے زائد بار زلزلے آئے جب کہ اس ہفتے کے دوران سات بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ یہ زلزلے کے جھٹکے بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں اور کراچی میں محسوس کیے گئے۔

    27 مارچ کو اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی، جس کامرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، جبکہ اس کی گہرائی 198 کلو میٹر زیرِ زمین تھی۔

    اس کے چار دن بعد 31 مارچ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلےکے جھٹکے محسوس کیےگئے جن کی شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی۔

    ایک دن کے وقفے سے 2 اپریل کو بلوچستان کے علاقے بار کھان میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کر کے لوگ گھروں سے نکل آئے۔

    12 اپریل کو پاکستان میں ایک گھنٹےکے دوران دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    پہلا زلزلہ رات بارہ بجے اور دوسرا اس کے آدھے گھنٹے بعد ساڑھے بارہ بجے آیا۔ یہ جھٹکے اسلام آباد، سوات، راولپنڈی، شانگلہ، ہری پور، ایبٹ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔

    خیبرپختونخوا کے علاقے سوات اور گرد و نواح میں 11 بج کر 54 منٹ پر پہلی بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.3 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز پاک افغان تاجکستان سرحدی علاقہ تھا جبکہ اس کی گہرائی 88 کلو میٹر تھی۔ اس کی پیش گوئی سات اپریل کو کی گئی تھی۔

    دو دن بعد 14 اپریل کو بھی ہلکی شدت کا زلزلہ آیا اور زلزلہ پیما مرکز کوئٹہ کے مطابق، زلزلے کی شدت 3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے تقریباً 90 کلومیٹر مغرب میں واقع تھا۔

    15اپریل کو پاکستان اور شمال مغربی ہمسایہ ممالک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    یہ جھٹکے پاکستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت شمال مغربی ہمسایہ ممالک ازبکستان، تاجکستان اور افغانستان میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

    امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 اور اس کی گہرائی 69 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز افغانستان کے صوبے نورستان کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    یہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کرتے ہی لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ تاہم زلزلوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

    https://urdu.arynews.tv/solar-panels-hail-and-safety-measures/

  • سولر پینلز کو ژالہ باری میں کیسے محفوظ رکھا جائے؟ طریقے جانیے

    سولر پینلز کو ژالہ باری میں کیسے محفوظ رکھا جائے؟ طریقے جانیے

    مہنگی بجلی نے شہریوں کو سولر لگانے پر مجبور کر دیا سولر پینلز کو طوفانی ژالہ باری میں محفوظ رکھنےکے لیے درج ذیل طریقہ پر عمل کریں۔

    پاکستان میں مہنگی ترین بجلی اور توانائی بحران کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد بجلی کے حصول کے لیے گھروں، کارخانوں، تجارتی مراکز پر سولر سسٹم لگوا چکی ہے۔ ملک میں عمومی موسمی صورتحال میں ژالہ باری سے سول پینلز کو نقصان نہیں پہنچتا جس کے باعث شہری اس کے تحفظ سے بے خبر اور غیر محتاط رہتے تھے۔

    تاہم گزشتہ بدھ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طوفانی بارش کے دوران انتہائی بڑے سائز (ٹینس بال کے سائز کے برابر) کے اولے گرنے سے جہاں لوگوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا وہیں گھروں اور عمارتوں کی چھتوں پر لگے سولر پینلز بھی برباد ہو گئے۔

    اس طوفانی ژالہ باری کے بعد اب ہر وہ شخص جس نے اپنی عمارت پر سول پینلز لگوائے ہیں وہ ان کی حفاظت کے لیے پریشان ہے۔

    سولر پینلز کو ژالہ باری اور اولوں سے بچانے کے لیے نیچے کچھ طریقے بتائے جا رہے ہیں۔ یہ وہ اقدامات ہیں جو موسمی تغیرات سے متاثر دنیا کے مختلف ممالک کے افراد اپنے سولر پینلز کے تحفظ کے لیے کرتے ہیں۔

    1. ٹیمپرڈ یا لیمینیٹڈ گلاس پینلز:

    ہمیشہ certified hail-resistant سولر پینلز لگوائیں۔ ٹیمپرڈ شیشہ ژالہ باری کا کچھ حد تک مقابلہ کر لیتا ہے۔

    2. شفاف حفاظتی شیٹ یا نیٹ:

    tough polycarbonate شیٹ یا سخت میش (جالی) سولر پر لگائیں۔ گرین ہاؤس نیٹ (جیسا نرسریوں میں ہوتا ہے) یا شیڈ نیٹ عارضی طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    3. موٹرائزڈ/ مینوئل پروٹیکشن شٹر:

    سولر پر دکان نما شٹر کا انتظام کریں جسے ژالہ باری کے وقت بند یا تہہ کر دیا جائے۔ اس شٹر کو موٹر سے آٹومیٹک بھی کیا جا سکتا ہے تاکہ خودکار طریقے سے بٹن دبانے پہ بند ہو جائے۔

    4. زاویہ ایڈجسٹمنٹ (Angle Adjustment):

    سولر پلیٹوں کا 30 سے 45 ڈگری زاویہ اولوں کو پھسلنے میں مدد دیتا ہے، نقصان کم ہوتا ہے۔

    5. انشورنس:

    بڑے سولر سسٹمز کے لیے ترقی یافتہ ممالک میں انشورنس لازمی ہے، اس سے قدرتی آفات سے بچاؤ کا تحفظ ملتا ہے۔

    6. موسمی ایپ یا الرٹ سسٹم:

    ژالہ باری کی پیشگی اطلاع کے لیے موبائل ایپ رکھیں۔ الرٹ ملتے ہی حفاظتی نیٹ یا کور فوراً لگا دیں۔

    7. کتاب نما سولر ٹرالی / فولڈ ایبل سسٹم:

    پینلز کو ایسے ڈیزائن کریں کہ موومنٹ سے نیچے یا اندر کی طرف فولڈ ہو سکیں۔ springs، رسی یا وائرز سے کتاب کی طرح بند ہونے والا نظام بنایا جا سکتا ہے۔ بیک سائیڈ پر وائرنگ کو کور کرنا آسان ہے، ڈیزائن میں شامل رکھیں۔

    8. پینل بیک پر حفاظتی تہہ:

    لکڑی، تھرموپول، سلیکون شیٹ یا سٹیل کی پتلی تہہ ژالہ باری روکنے میں مدد دیتی ہے۔ موسمی الرٹ کی صورت میں سولر پینلز پر انہیں مضبوطی سے باندھا جا سکتا ہے۔

    9. فوم شیٹ کا استعمال:

    بارش یا ژالہ باری سے قبل ایک انچ کی فوم شیٹ پینلز پر ڈال کر مضبوطی سے باندھ دیں، شیشہ بچنے کے امکانات زیادہ ہو جائیں گے۔

    10. اولوں کے بعد سولر پینلز کا معائنہ:

    اولوں کے بعد اپنے سولر پینلز کو چیک کریں۔ طوفان کے دوران اولوں کے علاوہ بھی اگر کوئی شاخیں یا پتے گرے ہیں تو انہیں ہٹا دیں۔ پینلز کی سطح کو ڈینٹ یا دراڑوں وغیرہ کی صورت میں خود سے مت کھولیں، اس صورت میں کمپنی کی طرف سے دی گئی وارنٹی ختم ہونے کا امکان ہو گا۔

    https://urdu.arynews.tv/heavy-rain-continue-in-pindi-hail-forecast/

  • جڑواں شہروں میں مزید بارش، ژالہ باری کی پیشگوئی پر شہریوں نے گاڑیوں کو فوم سے ڈھک دیا

    جڑواں شہروں میں مزید بارش، ژالہ باری کی پیشگوئی پر شہریوں نے گاڑیوں کو فوم سے ڈھک دیا

    جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش جاری ہے ژالہ باری کی پیشگوئی کے بعد خوفزدہ شہریوں نے اپنی گاڑیوں کو بچانے کے لیے فوم سے ڈھک دیا۔

    این ڈی ایم اے نے آج اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جب کہ پنڈی میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے جس کے باعث گزشتہ دنوں کی ژالہ باری سے نقصان اٹھانے والے شہری مزید خوفزدہ ہو گئے ہیں۔

    شہریوں نے اپنی گاڑیوں کو محفوظ رکھنے اور اولوں سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر گاڑیوں پر کپڑے بچھا کر انہیں فومز سے ڈھک دیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو اسلام آباد میں ہونے والی اچانک تیز بارش اور ٹینس بال سائز کے اولے پڑنے سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے کے ساتھ ان میں ڈینٹ بھی پڑ گئے تھے جب کہ گھروں اور دفاتر کے دروازے اور کھڑکیوں کے شیشے بھی ژالہ باری کے باعث ٹوٹے تھے۔

    دریں اثنا این ڈی ایم اے نے موسمیاتی الرٹ جاری کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش اور تیز ہواؤں سے درخت گرنے اور بجلی بند ہونے کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق آندھی اور اولوں کے باعث کمزور تعمیرات اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ موسلا دھار بارش کے باعث سڑکوں پر حد نگاہ کم اور حادثات کا امکان بڑھ سکتا ہے۔

    شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات سے آگاہ رہیں۔ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر کرنا ہے تو پہلے صورتحال کا جائزہ لے لیں۔

    شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں محتاظ رہنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

    اس کے علاوہ گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، چترال، دیر سوات، مانسہرہ، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بھی بارش کا امکان ہے جب کہ کشمیر، گلگت اور خیبر پختونخوا میں فلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔

     

  • ژالہ باری سے متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کے لئے بڑی خبر

    ژالہ باری سے متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کے لئے بڑی خبر

    اسلام آباد : ژالہ باری سے متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کے لئے بڑی خبر اگئی ، مالی امداد کی سفارش کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین داخلہ کمیٹی سینیٹر فیصل سلیم نے ژالہ باری سے متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کومالی امداد کی سفارش کردی۔

    چیئرمین داخلہ کمیٹی سینیٹر فیصل سلیم نے وزرات داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھا ، جس میں کہا ہے کہ شہریوں کواچانک اژلہ باری سےبھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، حکومت شہریوں کے نقصانات کا جزوی ازالہ کرے۔

    خط میں کہا گیا کہ معاوضہ متاثرہ شہریوں پرمالی بوجھ کو کم کرے گا ،خیر سگالی اور یکجہتی کا پیغام بھی جائے گا، مالی اعانت کے لئے سبسڈی یا معاشی مجبوریوں کا شکار شہریوں مالی امداد کی جائے۔

    خط میں تجویز دی گئی کہ انشورنس کمپنیوں سے رقوم کی ادائیگیوں کے طریقہ کار تیز اور منصفانہ بنایا جائے اور سفارشات پر غور کرکے ایک معاوضہ پروگرام شروع کیا جائے۔

    یاد رہے اسلام اباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی تھی، جس سےشہریوں کی گاڑیوں کوشدید نقصان پہنچا تھا۔

    کئی گاڑیوں کی ونڈزگرین، لائٹس، سائیڈ کےشیشےاوربیک اسکرین مکمل تباہ ہوگئیں تھیں۔

    سانپ اور بے موسم کے آم

  • اسلام آباد اور گردو نواح میں ژالہ باری سے گاڑیوں کو شدید نقصان

    اسلام آباد اور گردو نواح میں ژالہ باری سے گاڑیوں کو شدید نقصان

    اسلام آباد اور گردو نواح میں ژالہ باری کے باعث گاڑیوں کو نقصان پہنچا، راولپنڈی اور مضافات میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آبادمیں اچانک شروع ہونے والی طوفانی بارش اور ژالہ باری نے شہر کا نقشہ بدل دیا، بڑے بڑے اولے پڑے تو باہر کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، لنڈی کوتل، طور خم و دیگر علاقوں میں طوفانی بارش سے چل تھل ہوگا۔

    برساتی ریلوں میں مال بردار گاڑیوں پھنس گئیں، تیز ہوائوں اور بارش کے باعث پاک افغان شاہراہ بھی بند کردی گئی۔

    ژالہ باری کے بعد شاہراہوں نے سفید چادر اوڑھ لی اور دلکش نظارے دیکھنے میں آئے، تاہم پارکنگ میں کھڑی مختلف گاڑیوں کو بڑے اولے پڑنے سے شدید نقصان پہنچا۔

    اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس سی ڈی اے نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب: ژالہ باری سے صحرائی علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی

    سعودی عرب: ژالہ باری سے صحرائی علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی

    سعودی شہر حائل ریجن کو موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، غیر معمولی ژالہ باری سے سعودی عرب کے صحرائی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حائل ریجن کی بڑی شاہراہوں پر ژالہ باری کے باعث سفیدی چھا گئی ہے اور موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔

    سعودی عرب کے علاقے ابھا میں بھی غیر متوقع موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

    سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق مملکت کے شمالی سرحدی علاقوں، تبوک، الجوف، حائل اور مدینہ کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔

    مسجد نبویؐ میں رمضان المبارک کے دوران خاص انتظامات؟

    واضح رہے کہ سعودیہ عرب میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ایسے ایسے علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، جہاں کبھی ان دنوں میں شدید گرمی ہوا تھی۔

  • گرمی میں ژالہ باری کیوں ہوتی ہے؟  ماہرین نے بتا دیا

    گرمی میں ژالہ باری کیوں ہوتی ہے؟ ماہرین نے بتا دیا

    کراچی : مئی اور جون میں ژالہ باری حیران کن ہے، ڈی جی میٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کے باعث پانی کے قطرے اولے کی صورت اختیار کرتے ہیں اور بادل ان کا بوجھ نہیں اٹھا پاتے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پھر غیرمعمولی موسمی صورتحال کے گھیرے میں ہیں ، رواں سال اپریل اور مئی میں اوسط سے نہ صرف کم گرمی پڑی ہے بلکہ بارش اور ژالہ باری بھی جاری رہی۔

    ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم اپنے بدلے تیور دکھا رہا ہے، گرمیوں میں سردی کے بادلوں کا سسٹم بارش برسا رہا ہے تو کہیں کہیں تو ٹینس بال جتنے بڑے اولے پڑے لیکن ماہرین اسے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات اور فصلوں کے لیے خطرناک قرار دے رہے ہیں۔

    ڈی جی میٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں، بالخصوص مئی میں ژالہ باری مغربی ہواوں کی وجہ سے ہے، اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں دیکھا۔

    سردار سرفراز نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کے باعث پانی کے قطرے اولے کی صورت اختیار کرتے ہیں اور بادل ان کا بوجھ نہیں اٹھا پاتے۔

    ماہرین کے مطابق انیس سو ستاسی کے بعد مئی میں ریکارڈ کی جانی والی بارش اوسط سے زیادہ ہوئی اور مغربی ہواؤں ہی کی وجہ سے شمالی علاقوں میں اپریل اورمئی میں برف باری بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے کپاس کی فصل کو نقصان

    موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے کپاس کی فصل کو نقصان

    لاہور / بہاولنگر: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری سے کپاس کی فصل کو نقصان پہنچا ہے، مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق بھی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری جاری ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں 2 روز کے دوران مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے، حادثات دیواریں، چھتیں، درخت، سائن بورڈز اور پولز گرنے سے پیش آئے۔

    شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمد و رفت متاثر ہوگئی، متعدد فیڈرز کی بندش سے شہر میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    آندھی، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے باغات بھی متاثر ہوئے ہیں، جبکہ کپاس کی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔

  • سعودی عرب: موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور سیلاب کا الرٹ جاری

    سعودی عرب: موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور سیلاب کا الرٹ جاری

    ریاض: سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں منگل کے روز تک بارش کا امکان ہے جس کے بعد الرٹ جاری کردیا گیا ہے، سیلاب، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کے خطرات ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی احتیاطی تدابیر کرلیں۔

    محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار تک بارش ہو سکتی ہے، سیلاب، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کے خطرات ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ ریجن کی 8 کمشنریاں بارش سے متاثر ہوں گی۔

    محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ عسیر، باحہ، جازان، تبوک، الجوف اور شمالی حدود ریجنوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    ریاض ریجن میں گرد آلود تیز ہواؤں اور درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے، ریاض ریجن کے 23 مقامات گرد آلود ہواؤں کی زد میں ہوں گے۔

    محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور غیر ملکیوں سے کہا کہ وہ بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، سیلاب کے مراکز، وادیوں اور پانی سے بھرے نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں جبکہ تازہ صورتحال کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے فراہم کی جانے والی معلومات پر نظر رکھیں۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں  بارش کے ساتھ  ژالہ باری

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کے ساتھ ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور ژالہ باری نے موسم خوشگوار کردیا جبکہ مختلف علاقوں موسم ابرآلود ہے اور بعض مقامات پر مطلع صاف ہے۔

    گلشن اقبال ،گلستان جوہر ، صفورہ ،ملیر،ماڈل کالونی نارتھ کراچی،منگھو پیر،قصبہ،نیا ناظم آبا،بلدیہ ، سرجانی اور سچل میں برکھا نے رنگ جمادیا جبکہ نیوکراچی، سرجانی، ناگن اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔

    بارش کے دوران کہیں کہیں ژالہ باری نے بھی شہریوں کو حیران کردیا، گرتے اولوں کوشہریوں نے ہاتھ میں اٹھا کر حقیقت کا یقین کیا اور خوش ہوتے رہے، ملیر کھوکھرا پار،سعود آبادمیں ژالہ باری ہوئی۔

    مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اورژالہ باری سےبجلی کی فراہمی میں معطل ہوگئی ہے، کے الیکٹرک کے 75 فیڈرز سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔

    خیال رہے لاہور،شیخوپورہ،گجرات اورسرگودھاسمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں رات گئےبار ش و ژالہ باری سےجل تھل ایک ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے 19 مارچ تک برکھا برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔