Tag: ژوب

  • ژوب: پاک افغان سرحد سے در اندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارج مارے گئے

    ژوب: پاک افغان سرحد سے در اندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارج مارے گئے

    سیکیورٹی فورسز نے ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارج مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کے ایک گروپ کی 18 اور 19 جنوری کی رات پاک افغان سرحد پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ کے قریب نقل و حرکت دیکھی گئی جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنادی۔

      آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے جہاں دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، وہیں 5 خوارج بھی مارے گئے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان بارھا عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد پر اپنی اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • سرکاری اسکول کلرک طلبا کے امتحانی فیس کے 25 لاکھ جوئے میں ہار گیا

    سرکاری اسکول کلرک طلبا کے امتحانی فیس کے 25 لاکھ جوئے میں ہار گیا

    سرکاری اسکول کے کلرک نے طلبا کے مستقبل سے کھیلتے ہوئے امتحانی فیس کی مد میں جمع ہونے والی 25لاکھ روپے کی رقم جوئے میں اڑادی۔

    ژوب میں سرکاری اسکول کلرک نے بے حسی کی انتہا کردی، طلبا کی امتحانی فیس کی مد میں 25لاکھ روپے کی رقم اس کے پاس جمع تھی، مذکورہ کلرک 25 لاھ کی خطیر رقم آن لائن جوئے میں ہار گیا۔

    اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد بلوچستان بورڈ نے وزیرتعلیم کی ہدایت پر میٹرک میں داخلے کی تاریخ میں توسیع کردی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ ہائرسیکنڈری اسکول کیلئے میٹرک میں داخلے کیلئے 11 نومبر تک توسیع کردی گئی ہے۔

    اس سے قبل میٹرک کیلئے داخلہ فارم جمع کرانے کیلئے 30 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم سرکاری اسکول کلرک کی جانب سے رقم جوئے میں ہارنے کے بعد تاریخ میں توسیع کی گئی۔

    خیال رہے کہ پاکستان کے مختلف صوبوں بالخصوص بلوچستان اور سندھ میں سرکاری اسکولوں کی حالت ویسے ہی خستہ ہے، سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کا فقدان ہونے کے علاوہ گھوسٹ اساتذہ بھی ایک مسئلہ ہیں۔

  • بلوچستان کے ضلع ژوب کی ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق

    بلوچستان کے ضلع ژوب کی ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق

    کوئٹہ: پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، جس سے صوبے میں وائرس کے پھیلاؤ اور سدِ باب میں حکومتی ناکامی کی صورت حال مزید تشویش ناک ہو گئی ہے۔

    صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جانچ سے پتا چلا ہے کہ پولیو وائرس WPV1 قسم کا ہے۔

    اس کیس کے ساتھ بلوچستان میں پولیو کیسز کی تعداد 16 ہو گئی ہے، اس وقت یہ صوبہ پورے پاکستان میں پولیو کیسز کے حوالے سے سب سے آگے ہے، جس سے صحت اور انتظامی حوالے سے تشویش سامنے آتی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس پولیو کے رپورٹ شدہ کیسز کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔

  • ژوب میں پولیس کی گاڑی پر حملہ، 3 اہلکار شہید

    ژوب میں پولیس کی گاڑی پر حملہ، 3 اہلکار شہید

    بلوچستان کے علاقے ژوب میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت انسداد دہشتگردی فورس (اے ٹی ایف) کے 3 اہلکار شہید ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ژوب میں اینٹی ٹیررسٹ فورس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو پولیس اہلکار دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق اہلکاروں کی تعداد تین ہوگئی، ایک اہلکار اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے اے ٹی ایف کی گاڑی پرفائرنگ کی مذمت کی ہے اور تین پولیس اہلکاروں کی شہادت پرخراج عقیدت پیش کیا۔

    محسن نقوی نے کہا دوران ڈیوٹی شہادت کااعلیٰ رتبہ پانے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کی لازوال قربانیاں ہمارا فخر ہیں، شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

  • ژوب میں  بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق ، 23 زخمی

    ژوب میں بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق ، 23 زخمی

    کوئٹہ : ژوب کےعلاقے دانہ سر میں بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے، زائرین کی بس اسلام آباد سے کوئٹہ جارہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان مین ژوب کے علاقے دانہ سرمیں بس کھائی میں گرگئی، حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے متعدد مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے تاہم زخمیوں کو ،ٹراماسینٹرژوب منتقل کردیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ تیز رفتاری سےحادثہ ہوا، حادثے کی شکار زائرین کی بس اسلام آباد سے کوئٹہ جارہی تھی۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دانہ سر کے قریب بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا ، حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ غفلت ثابت ہونے پر بس کمپنی کے خلاف کارروائی ہوگی، کمپنیوں کوآگاہ کیاگیاٹریکراوردیگرایس اوپیزپرسختی سےعمل کریں۔

    وزیراعلٰی بلوچستان نے قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ٹرانسپورٹ کمپنیوں کیخلاف کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ٹرانسپورٹ کمپنیوں کےروٹ پرمٹ منسوخ کیے جائیں۔

  • بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 3 کارندے مارے گئے

    بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 3 کارندے مارے گئے

    ژوب : محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) بلوچستان کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 3 کارندے مارے گئے جبکہ 2 سی ٹی ڈی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے مرغہ کِبزئی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کی۔

    کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین حملہ آور ہلاک ہوگئے، ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مارے گئے حملہ آوروں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔

  • پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سپاہی بھی شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاعات پر کیا گیا، دہشت گرد خیبر پختونخواہ میں داخل ہو کر شہریوں اور فورسز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر مسلسل نگرانی کر کے دہشت گردوں کو روکا گیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

    دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں فورسز کا سپاہی حق نواز شہید ہوگیا جبکہ 2 جوان زخمی ہوئے۔ سرحد پار سے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دیگر دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے ہی سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ بنوں میں قید دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی حکام کو یرغمال بنالیا تھا، جنہیں چھڑوانے کے لیے کامیاب آپریشن کیا گیا۔

    آپریشن میں 35 کے قریب دہشت گردوں کا صفایا ہوا جبکہ فورسز کے دو سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا تھا اور 3 افسران سمیت 10 سپاہی زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • ہیضے سے ہزاروں افراد متاثر، 13 اموات

    ہیضے سے ہزاروں افراد متاثر، 13 اموات

    ژوب: صوبہ بلوچستان کے شہر ژوب میں ہیضے سے ہزاروں افراد متاثر ہوگئے جبکہ 13 اموات بھی ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ شہر میں ہیضے کے مرض میں اضافہ ہورہا ہے جس سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ ہیضے کے باعث 5 جولائی سے اب تک 2 ہزار 334 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    ڈی ایچ او کے مطابق ہیضے سے ڈی ایچ کیو اسپتال میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، بعض افراد کے ڈی ایچ کیو اسپتال سے باہر بھی اموات کی اطلاع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج 462 متاثرہ افراد اسپتال لائے گئے ہیں، ہیضے سے متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

  • اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کھائی میں گر گئی، 20 جاں‌ بحق

    اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کھائی میں گر گئی، 20 جاں‌ بحق

    ژوب: اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کھائی میں گر گئی، حادثے کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ایک بجے کے قریب کوئٹہ جانے والی ایک بس ژوب میں دانہ سر کے علاقے میں کھائی میں گر گئی، جس سے بیس افراد جاں بحق ہو گئے۔

    اسسٹنٹ کمشنر مہتاب شاہ کے مطابق حادثے میں 14 افراد زخمی ہو ئے ہیں، حادثے کے شکار افراد عید الاضحیٰ منانے گھر جا رہے تھے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے بس میں 33 افراد سوار تھے، گہری کھائی میں گرنے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس اسلام آباد سے کوئٹہ جا رہی تھی، سڑک پر بارش کی وجہ سے پھسلن کے باعث حادثہ پیش آیا۔

  • بلوچستان کے عوام کے لیے نہایت ضروری ژوب شاہراہ منصوبے میں‌ پیش رفت

    بلوچستان کے عوام کے لیے نہایت ضروری ژوب شاہراہ منصوبے میں‌ پیش رفت

    اسلام آباد: بلوچستان عوام کے لیے نہایت ضروری ژوب سے کچلاک شاہراہ پر کام کے لیے بولی کا عمل جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے آج ٹویٹ میں لکھا کہ ژوب سے کچلاک شاہراہ پر کام کے لیے بولی کا عمل جاری ہے۔

    عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ یہ شاہراہ مغربی روٹ کا حصہ ہے اور یہ بلوچستان کےعوام کے لیے بہت ضروری ہے۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ منصوبے کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے ژوب تک کا سیکشن چینی فنڈنگ کے لیے جوائنٹ کوآرڈنیشن کمیٹی (جے سی سی) کو بھیجا جا رہا ہے، اس کی تکمیل پر اسلام آباد اور کوئٹہ ایکسپریس وے کے ذریعے منسلک ہو جائیں گے۔

    306 کلو میٹر طویل سکھر حیدرآباد موٹر وے، عاصم باجوہ کا اہم ٹویٹ

    گزشتہ روز عاصم سلیم باجوہ نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایکنک سے 306 کلو میٹر طویل سکھر حیدرآباد ایم 6 موٹر وے منظور ہو چکا ہے، ایم 6 موٹر وے کی تعمیر سے زیریں سندھ میں سماجی و اقتصادی ترقی آئے گی، موٹر وے کی تکمیل سے کراچی سے پشاور تک مشرقی روٹ مکمل ہو جائے گا اور بلوچستان موٹر ویز نیٹ ورک سے منسلک ہو جائے گا۔