Tag: ژوب گیریژن

  • ژوب گیریژن اور سوئی میں دہشت گرد حملوں کے شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ژوب گیریژن اور سوئی میں دہشت گرد حملوں کے شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ژوب گیریژن اور سوئی میں دہشت گرد حملوں کے شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، تمام شہداء نماز جنازہ کے بعد آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیئے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ژوب گیریژن پر دہشت گردوں کے حملے اور سوئی میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ کے بعد شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

     آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ تدفین کے اجتماعات میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، جوانوں، شہداء کے رشتہ داروں اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    ترجمان کے مطابق مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • دہشت گردوں کا بلوچستان میں ژوب گیریژن پر حملہ ، 4 جوان شہید

    دہشت گردوں کا بلوچستان میں ژوب گیریژن پر حملہ ، 4 جوان شہید

    راولپنڈی : بلوچستان میں ژوب گیریژن پر دہشت گردوں کے حملے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ 3 مسلح دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کےعلاقے ژوب میں دہشتگردوں نے گیریژن کے علاقے میں حملہ کردیا ، دہشت گردوں نےعلی الصبح شدیدحملہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کی تنصیبات میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کو ایک جگہ محدود کردیا گیا۔

    شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھاری ہتھیاروں سے لیس تین دہشت گرد مارے گئے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کا بقیہ 2 دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    کلیئرنس آپریشن کے دوران چار سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ پانچ اہلکار شدید زخمی ہیں۔

    ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی تمام گھناؤنی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔