Tag: کابل

  • برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    لندن (02 ستمبر 2025): برطانیہ نے افغانستان زلزلہ متاثرین کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    برطانیہ کی حکومت نے پیر کی شام افغانستان میں ہلاکت خیز زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے ایک ملین پاؤنڈ کے ہنگامی پیکج کا اعلان کیا ہے، تاکہ اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کی امدادی کوششوں کو سہارا فراہم کیا جا سکے، اس امداد میں موبائل ہیلتھ ٹیمیں، ایمرجنسی ہیلتھ کِٹس، اور بے گھر لوگوں کے لیے پناہ گاہیں شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کی ٹیمیں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ کنڑ میں موجودہ اسپتالوں اور کلینکس پر زچگی کی صحت کی دیکھ بھال اور نفسیاتی مدد بھی فراہم کریں گی۔

    افغانستان زلزلہ

    اتوار کی شب مشرقی افغانستان میں مہلک زلزلہ آیا، جس نے صوبہ کنڑ اور ننگرہار میں سیکڑوں افراد کی جان لے لی ہے، جب کہ ہزاروں زخمی اور بے گھر ہو گئے ہیں، طالبان حکومت کے مطابق زلزلے میں 800 سے زائد افراد کی زندگیاں تلف ہو گئی ہیں۔ حکومت نے اقوام عالم سے امداد کی اپیل بھی کی ہے۔

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    زلزلے کے بعد بین الاقوامی تنظیموں اور انسانی امدادی اداروں نے فوری امداد کے لیے وسائل متحرک کر دیے ہیں، جن میں خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات، اور عارضی رہائش شامل ہیں۔ دنیا بھر کے رہنماؤں اور ممالک نے متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے، اور متعدد ممالک نے افغانستان کو اس آفت کے بعد سنبھلنے میں مدد دینے کے لیے اضافی انسانی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔

    افغان حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متعدد گاؤں مکمل تباہ ہو گئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے زلزلہ متاثرین سے ہمدردی اور افغان عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے، اور ان کی 20 ٹیمیں مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔

  • افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    کابل (01 ستمبر 2025): افغانستان میں زلزلے سے 800 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں 6 شدت کا خوف ناک زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں آٹھ سو افراد جاں بحق اور ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق 2500 سے زائد شہری زخمی ہیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    زلزلے کے بعد افغان طالبان نے بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے امدادی کارروائیوں میں مدد کی اپیل کی ہے۔ بی بی سی کے مطابق زلزلے سے متاثرہ صوبہ کنڑ میں سینکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لاشوں کو منتقل کرنے کے ذمہ دار ایک طالبان عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایک گاؤں میں 21 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے۔

    خیال رہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقے دور دراز ہیں اور ان تک پہنچنا مشکل ہے، کچھ علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کر رہے جب کہ دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث رابطہ سڑکیں منقطع ہیں۔

    یاد رہے کہ 2022 میں مشرقی افغانستان میں 5.9 شدت کے زلزلے سے کم از کم ایک ہزار افراد جاں بحق اور 3 ہزار زخمی ہوئے تھے، یہ دو دہائیوں کے دوران ملک میں آنے والا سب سے بدترین زلزلہ تھا۔

  • پاکستان افغانستان چین سہ فریقی مذاکرات آج کابل میں شروع

    پاکستان افغانستان چین سہ فریقی مذاکرات آج کابل میں شروع

    اسلام آباد (20 اگست 2025): علاقائی امن و استحکام، دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے، اور افغانستان کی سی پیک میں شمولیت کا ایجنڈا لیے پاک افغان چین سہ فریقی مذاکرات کا ساتواں دور کابل میں شروع ہو گیا۔

    سہ فریقی مذاکرات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، جب کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور افغان وزیر خارجہ امیر مقام متقی اپنے اپنے ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔

    مذاکرات مئی 2025 اور مئی 2023 میں ہونے والے اسلام آباد بیجنگ مذاکراتی عمل کا تسلسل ہیں، مذاکرات میں علاقائی سیکیورٹی اور بین السرحدی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے القاعدہ، ٹی ٹی پی، آئی ایس کے پی اور تحریک اسلامی مشرقی ترکستان کے ٹھکانوں کے خاتمے پر بات چیت ہوگی۔

    چین کا مؤقف ہے کہ افغانستان میں عسکریت پسندی چینی اویغور آبادی کے لیے خطرہ ہے، جب کہ پاکستان بھی افغان سرزمین کے دہشت گردی کے لیے استعمال پر تحفظات رکھتا ہے۔

    بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت افغانستان کو سی پیک میں شامل کرنے اور توانائی کے ذخائر تک رسائی کا ایجنڈا بھی مذاکرات کا حصہ ہے۔ مذاکرات میں پاکستان علاقائی سیکیورٹی، باہمی روابط کے فروغ اور انسانی امداد کی پالیسی کا اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

    چین اس مذاکراتی عمل میں پاک افغان حکومتوں کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے پُل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ کابل میں سہ فریقی مذاکرات دو روز تک جاری رہیں گے جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

  • وزیرداخلہ محسن نقوی کی کابل میں افغان ہم منصب سے ملاقات، افغان شہریوں کی وطن واپسی پر گفتگو

    وزیرداخلہ محسن نقوی کی کابل میں افغان ہم منصب سے ملاقات، افغان شہریوں کی وطن واپسی پر گفتگو

    وزیرداخلہ محسن نقوی کی کابل میں اپنے افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے ملاقات ہوئی، انسداد دہشت گردی، کالعدم تحریک طالبان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی کی افغان وزارت داخلہ آمد پر سراج الدین حقانی نے خیرمقدم کیا، اس دوران دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی و دراندازی، کالعدم تحریک طالبان پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک افغان سرحد کی موثر مینجمنٹ، منشیات کی روک تھام سے متعلق بات چیت کی گئی۔

    سرحد پار نقل و حرکت کو منظم کرنے کے طریقہ کار پر بھی بات چیت کی گئی، پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کے عمل پر گفتگو ہوئی۔

    وزرائے داخلہ نے پُرامن بقائےباہمی، استحکام اور تعاون کی ضرورت پرزوردیا، بارڈر مینجمنٹ، دہشت گردی کے فتنہ کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں فساد اور عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں، ملکر روکنا ہوگا، پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرپا تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان نے کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی بے لوث مہمانوازی کی۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ افغان شہریوں کی قانونی طور پر آمد کے دروازے کھلے ہیں، پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    افغانستان کے سینئر نائب وزیرداخلہ ابراہیم سردار ملاقات میں موجود تھے جبکہ وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا، اعلیٰ سفارتی اور افغان وزارت داخلہ حکام بھی موجود تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/mohsin-naqvi-meets-with-iranian-president/

  • پاکستان کا کابل میں سفیر کی تعیناتی کا فیصلہ

    پاکستان کا کابل میں سفیر کی تعیناتی کا فیصلہ

     پاک افغان تعلقات مثبت سمت کی جانب گامزن ہونے کے بعد اب پاکستان نے کابل میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہانگ کانگ میں ثالثی کی بین الاقوامی تنظیم کے لیے دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افغان تعلقات مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں اس لیے پاکستان نے کابل میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ 19 اپریل کو کابل کے نہایت کامیاب دورے اور پاکستانی وفد سے ملاقاتوں سے یہ مثبت پیش رفت ظاہر ہے۔ پاکستان کابل میں ناظم الامور کے عہدے کو بڑھا کر سفیر کے درجے تک لے جائے گا۔

    نائب وزیراعظم نے کہا کہ یقین ہے یہ قدم دونوں برادر ممالک کے روابط مزید مضبوط بنانے میں مددگار ہوگا۔ اس فیصلے سے معیشت، سلامتی، انسداد دہشتگردی، تجارت میں تعاون کو گہرا کرنے اور باہمی تبادلوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین پر غیر قانونی قبضے عالمی امن کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ یہ دونوں دیرینہ تنازعات حل کرنا ہوں گے۔ پاکستان چین کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    اسحاق ڈار نے آئی او ایم ای ڈی کے قیام سے متعلق کنونشن میں پاکستان کی شرکت کو باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تصور کوحقیقت میں تبدیل کرنے میں چینی قیادت کا اہم کردار ہے اور ہانگ کانگ کو نئی قائم شدہ تنظیم کے صدر دفتر کے طور پر منتخب کرنا قابل تعریف ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بیجنگ میں پاکستان چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس ہوا تھا جس میں تینوں ممالک نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

    اجلاس میں پاکستان کا افغانستان سے قریبی تجارتی اور صحت روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چین اور پاکستان نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی حمایت کی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-china-afghanistan-foreign-ministers-meeting/

  • نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کابل پہنچ گئے

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کابل پہنچ گئے

    اسلام آباد : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کابل روانہ پہنچ گئے، جہاں وہ نائب وزیراعظم افغان عبوری وزیراعظم سےملاقات کریں گے اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے، کابل آمد پر افغان حکام نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔

    نائب وزیراعظم کے ہمرا داخلہ اور ریلویز کے وفاقی سیکرٹریز سمیت وزارت داخلہ اورایف بی آرکےاعلیٰ حکام بھی ہیں۔

    افغان وزیرخارجہ کی دعوت پر اسحاق ڈار کابل پہنچے، کابل ائیرپورٹ پر نائب وزیرمالیات ڈاکٹر نعیم وردگ نے استقبال کیا، اس موقع پر کابل میں پاکستانی سفیر عبید الرحمان نظامانی بھی موجود تھے۔

    نائب وزیراعظم کی افغان وزارت خارجہ پہنچے جہاں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے اسحاق ڈارکااستقبال کیا

    دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم مذاکرات ہوئے ، جس میں دونوں ملکوں کےتاریخی رشتوں کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان برادر ملک افغانستان کی ترقی و خوشحالی کا خواہاں ہے۔

    ، نائب وزیراعظم دورے کے دوران افغان وزیراعظم ملا حسن اخوند اور وزیر خارجہ افغان نائب وزیراعظم عبدالاسلام حنفی سے ملاقات کریں گے۔

    اس سے قبل نور خان ائیربیس پر روانگی سے قبل نائب وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا افغانستان کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں، افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سمیت سب نےملکرفیصلہ کیاافغان حکومت سےبات چیت کریں ، دونوں ملکوں کےعوام کی بہتری کیلئے جوکچھ ہوسکتا ہے کرنا چاہیے۔

    نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ وسط ایشیائی ریاستوں تک تجارت ہمارا ایجنڈا ہے، کچھ عرصے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں سردمہری رہی ہے۔

    خیال رہے یہ دورہ افغان عبوری وزیرخارجہ کی دعوت پرکیا جا رہا ہے ، ان کا دورہ پاکستان کے افغان عوام سے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

  • افغانستان میں طالبان کی قیادت میں اختلافات بڑھنے لگے

    افغانستان میں طالبان کی قیادت میں اختلافات بڑھنے لگے

    کابل بمقابلہ قندھار گروپ، افغانستان میں طالبان کی قیادت میں اختلافات بڑھنے لگے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے حالیہ دنوں میں ایسے اشارے ملے ہیں کہ افغان طالبان کےاندر سب اچھا نہیں ہے، نائب وزیر خارجہ شیر محمد عباس ستانکزئی کو خواتین کی تعلیم پر پابندی کیخلاف بیان کے بعد ملک چھوڑنا پڑا، ستانکزئی نے متحدہ عرب امارات میں اپنی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وزیرداخلہ سراج حقانی جنوری میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد کابل نہیں لوٹے، سراج الدین حقانی نے ایک بیان میں کہا تھا اپنی رائے اور فکر کو عوام پر مسلط نہیں کرنا چاہیے، سارے نظام کو چیلنج کرنا، ہدف اور یرغمال بنانا درست نہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم ملاعبدالغنی برادر بھی کئی ہفتوں سے افغانستان سے باہر ہیں، وزیر برائے پناہ گزین خلیل حقانی خودکش حملے میں جان کھو بیٹھے ہیں، حقانی گروپ ان کی موت کا الزام مخالف طالبان پر لگاتے ہیں۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے سراج الدین حقانی کے لوگ کابل سے نکل چکے ہیں، طالبان امیر ہیبت اللہ اخوند قندھار میں موجود ہیں اور مزید جنگجو کابل لا رہے ہیں۔

    مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے قیادت میں نظریاتی اختلافات کو تسلیم کیا ہے لیکن ان کے مطابق یہ معمول کی بات ہیں، قیادت میں کوئی جھگڑا نہیں اور نہ ہی کسی سنگین اختلاف کی علامت ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے طالبان حکومت کو اس وقت شدید معاشی مسائل درپیش ہیں۔ عام افغان مسائل کا حل مانگتا ہے، ایسے میں یہ اندرونی اختلافات مزید مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔

  • کابل میں سرکاری دفتر پر خودکش دھماکا

    کابل میں سرکاری دفتر پر خودکش دھماکا

    افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارتِ شہری ترقی اور ہاؤسنگ کے دفتر پر خودکش دھماکا ہوا ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان وزارتِ داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے عمارت میں گھسنے کی کوشش کی، فورسز نے خودکش حملہ آور پر فائرنگ کی جس سے دھماکا ہوگیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل میں ہونے والے خودکش بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ 11 فروری کو بھی قندوز میں بینک کے باہر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں طالبان کے سیکورٹی کمانڈر سمیت 25 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوگئے تھے۔

    مغرب افغانستان کو ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتا، سپریم لیڈر افغانستان

    عینی شاہدین کے مطابق افغانستان کے قندوز ڈسٹرکٹ اسپتال میں 30 لاشیں لائی گئی، اس کے علاوہ دیگر اسپتالوں میں بھی زخمی لائے گئے ہیں، مرنے والوں میں زیادہ تعداد طالبان اہلکاروں کی بتائی جارہی ہے۔

  • سعودی عرب کے سفارتی مشن نے کابل میں دوبارہ کام شروع کردیا

    سعودی عرب کے سفارتی مشن نے کابل میں دوبارہ کام شروع کردیا

    کابل: سعودی عرب کے سفارتخانے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ افغانستان میں مملکت کے سفارتی مشن نے دوبارہ کام کا آغاز کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کے سفارتخانے کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ افغان عوام کو تمام خدمات فراہم کی جائیں گی، یہ فیصلہ سعودی حکومت کی خواہش کے مطابق ہے۔

    اس سے قبل افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے سعودی سفیر سے ملاقات میں مملکت کے ساتھ افغانستان کے مشترکہ ثقافتی، تاریخی اور مذہبی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ریاض کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

    سعودی سفیر نے ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں انسانی امداد اور تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ واضح رہے کہ اگست2021 میں سعودی عرب نے افغانستان کے غیر مستحکم حالات کے پیش نظر وہاں سے اپنے سفارتی مشن کے ارکان کو واپس بلالیا تھا۔

    دوسری جانب واشنگٹن کی جانب سے تائیوان کو مزید فوجی امداد اور فروخت کے اعلان کے بعد چین نے امریکا کو ”آگ سے کھیلنے”سے خبردار کیا ہے۔

    اتوار کو چینی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں امریکا پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی ”خطرناک اقدامات جو آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچاتی ہیں ”کو روکے۔

    امریکہ سرکاری طور پر تائیوان کو سفارتی طور پر تسلیم نہیں کرتا، لیکن یہ خود حکمران جزیرے کا اسٹریٹجک اتحادی اور ہتھیاروں کا سب سے بڑا سپلائر ہے۔

    جمعہ کو، وائٹ ہاؤس نے کہا کہ سبکدوش ہونے والی بائیڈن انتظامیہ نے تائیوان کو 571.3 ملین ڈالر تک کی دفاعی امداد کی منظوری دی ہے۔

    اگرچہ وائٹ ہاؤس کے بیان میں پیکج کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، لیکن یہ 567 ملین ڈالر کی امداد کے اعلان کے تین ماہ سے بھی کم عرصے کے بعد سامنے آیا۔

    اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری جنگ نہیں ظلم ہے، پوپ فرانسس

    چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام چین کی خودمختاری اور سلامتی کے مفادات کی سنگین خلاف ورزی کرتا ہے۔

  • کابل میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک، 13زخمی

    کابل میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک، 13زخمی

    افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ جنوبی کابل کے علاقے قلعہ بختیار میں ہوا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق خودکش حملے میں ایک خاتون سمیت 6 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 13زخمی ہیں، دھماکے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    دوسری جانب امریکی ریاست شکاگو میں مسافر ٹرین کے اندر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 4 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شکاگو میں فائرنگ کا واقعہ ٹرین کے اندر پیش آیا، اطلاع پر پولیس کی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں۔

    فائرنگ کے باعث 3 افراد موقع پر جبکہ ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا، پولیس نے 25 سالہ حملہ آور نکولس اور ٹزکو حراست میں لے لیا ہے۔

    بھارت کا فوجی طیارہ راجھستان میں گر کر تباہ

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح معلومات حاصل نہیں ہوسکیں، تحقیق کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔