Tag: کابل ایئر پورٹ

  • کابل ایئر پورٹ پر خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ طالبان کے ہاتھوں ہلاک

    کابل ایئر پورٹ پر خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ طالبان کے ہاتھوں ہلاک

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل ایئر پورٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ طالبان کے ہاتھوں مارا گیا، خودکش حملے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 170 شہری ہلاک ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل ایئر پورٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ طالبان کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا۔

    امریکی حکام نے بتایا کہ کابل حملے کا ماسٹر مائنڈ داعش کمانڈر گزشتہ ہفتوں میں مارا گیا جس کی ہلاکت کی تصدیق میں وقت لگا۔

    کربی نے کہا کہ مارے جانے والے داعش خراسان کے اہم رکن ایبی گیٹ جیسی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں براہ راست ملوث تھے۔

    وائٹ ہاؤس قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ کہ طالبان پر واضح کردیا ہے کہ افغانستان کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بننے دیں۔

    انہوں نے مزید کہا ’ہم نے صدر جوبائیڈن کے وعدے کو پورا کیا ہے کہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کی نگرانی کے لیے ایک حد سے زیادہ صلاحیت قائم کی جائےاور دنیا بھر میں اس خطرے کو ختم کر دیا گیا ہے، جیسا کہ ہم نے صومالیہ اور شام میں کیا ہے۔

    پینٹاگون کے پریس سیکرٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹرک رائڈر نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں اس بات کی تصدیق کی کہ منصوبہ ساز طالبان کے ہاتھوں مارا گیا ہے تاہم امریکہ اس آپریشن میں شامل نہیں تھا۔

    یاد رہے اگست دو ہزار اکیس میں امریکی فوج کے انخلا کے دوران کابل ایئر پورٹ پر خودکش حملہ ہوا تھا، جس میں تیرہ امریکی فوجیوں سمیت ایک سو ستر شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

    خیال رہے امریکی جریدے نے 26اگست2021 کو کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے خودکش حملے میں بھارتی ہاتھ ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

    امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ میں ہوشربا انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں کی منصوبہ بندی بھارت کی گئی، امریکی اور غیر ملکی انٹیلی جنس حکام نے حملہ آور کا پروفائل تیار کرلیا۔

    رپورٹ کے مطابق 30 اگست کو آخری امریکی فوجی کے جانے کے بعد سے امریکہ نے کابل میں کوئی فضائی حملہ نہیں کیا ، حملہ آور عبدالرحمان لوغاری رچنا یونیورسٹی نیودہلی کاطالب علم تھا، جو پل چرغی اور پراوان صوبے کی جیلوں میں قید کاٹ چکا ہے اور حملے سے چند روز پہلے جیل سے رہا ہوا تھا۔

  • دھماکے: کابل ایئر پورٹ پر سابق برطانوی فوجی بھی 200 جانوروں کے ساتھ موجود تھا

    دھماکے: کابل ایئر پورٹ پر سابق برطانوی فوجی بھی 200 جانوروں کے ساتھ موجود تھا

    کابل: کابل ایئرپورٹ پر بائیڈن کی دو گھنٹے قبل شرائط میں تبدیلی سابق برطانوی فوجی اور ان کے 200 جانوروں کے لیے دہشت ناک ثابت ہو گئی۔

    جمعرات کو جب کابل ایئر پورٹ پر داعش کا خود کش حملہ آور افغان شہریوں اور امریکی فوجیوں کو نشانہ بنا رہا تھا تو اس وقت ایئر پورٹ پر ایک سابق برطانوی فوجی پین فارتھنگ بھی اپنے 200 جانوروں سمیت وہاں‌ موجود تھے، اور افغانستان سے نکلنے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔

    سابق برطانوی فوجی معجزاتی طور پر کابل ایئر پورٹ پر ہونے والے دھماکوں سے بال بال بچا، اگر ان کو گیٹ پر نہ روک لیا جاتا تو وہ دھماکوں کا نشانہ بن سکتے تھے، برطانوی میڈیا کے مطابق 52 سالہ پین فارتھنگ نے کابل میں آوارہ کتے بلیوں کے لیے نوزاد کے نام سے ایک پناہ گاہ بنا رکھی تھی، جنھیں وہ ساتھ لے کر افغانستان سے نکلنا چاہ رہے تھے۔

    حملے والے دن وہ اپنے تمام جانوروں اور عملے کے ہمراہ جب حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہچنے تو انھیں گیٹ پر بتایا گیا کہ محض 2 گھنٹے قبل ہی امریکی صدر جو بائیڈن نے سفری دستاویزات کے معیار میں کوئی تبدیلی کی ہے، اور ان کی دستاویز اس کے مطابق نہیں ہیں، اس لیے ان کو درست کروا کے پھر آئیں۔

    پین فارتھنگ جانوروں اور ساتھیوں سمیت واپس مڑے ہی تھے کہ ایئر پورٹ پر قیامت طاری ہو گئی، اس حملے میں 170 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 13 امریکی فوجی بھی شامل تھے۔

    کابل ایئر پورٹ پر ایک اور حملے کا خدشہ

    واقعے کے روز پین نے طالبان ترجمان سہیل شاہین کو بھی ایک ٹویٹ کے ذریعے مخاطب کرتے ہوئے مدد مانگی، اور لکھا ڈیئر سر، میں میری ٹیم اور جانور کابل ایئر پورٹ پر پھنس گئے ہیں، ہم فلائٹ کا انتظار کر رہے ہیں، کیا آپ ایئرپورٹ  کے اندر جانے کے لیے ہمیں محفوظ راستہ فراہم کر سکتے ہیں۔

    پین فارتھنگ نے کابل سے نکلنے کے لیے ایک چارٹرڈ طیارہ منگوایا تھا، پین فارتھنگ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’میں، میری ساری ٹیم جانوروں سمیت سب ایئر پورٹ کی حدود کے اندر پہنچ چکے تھے، تب ہم کو یہ کہتے ہوئے لوٹا دیا گیا کہ دو گھنٹے قبل ہی امریکی صدر کی انتظامیہ نے سفری دستاویزات کے ضوابط میں تبدیلیاں کی ہیں، اور پھر دھماکوں کی تباہی دیکھنے کو ملی۔‘

    نوزاد نامی چیریٹی ادارے کے بانی فارتھنگ نے ایک نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ بہت خوف ناک منظر تھا، میں کچھ نہیں کر سکتا تھا، مجھے وہاں کے لوگوں نے کہا کہ وہاں سے نکل جاؤں، کیوں کہ یہ ایسا موقع نہیں تھا جہاں کسی غیر ملکی کو خوش آمدید کہا جائے۔

    فارتھنگ نے کہا مجھے اسٹاف نے کہا کہ جتنے زیادہ جانور لے جا سکتے ہیں، لے جائیں، میرا مقصد ان کو افغانستان سے نکالنا تھا، جو امریکی صدر کی وجہ سے پورا نہ ہو سکا۔

    واضح رہے کہ پین فارتھنگ بعد ازاں ایک نجی جیٹ طیارے کے ذریعے 94 کتوں اور 79 بلیوں کے ساتھ ازبکستان کے شہر تاشقند پہنچے، جہاں سے وہ برطانیہ جائیں گے۔

  • امریکی فوجی جاتے جاتے اپنے کتے بھی لے گئے لیکن …

    امریکی فوجی جاتے جاتے اپنے کتے بھی لے گئے لیکن …

    کابل: امریکی فوجی افغانستان کے دارالحکومت کابل سے انخلا کے دوران جاتے جاتے اپنے کتے بھی لے گئے ہیں تاہم مدد کرنے والے افغان شہریوں‌ کو بھول گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر سامنے آ گئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکی فوجی اپنے پالتو کتوں کے ساتھ کابل ایئر پورٹ پر جہاز میں سوار ہو کر واپس جا رہے ہیں۔

    یہ منظر بہت سے افغان شہریوں کے لیے نہایت دکھ کا باعث بنا ہے، کیوں کہ انھوں نے اتحادی افواج کی افغانستان میں موجودگی کے دوران ان کی بہت مدد کی، لیکن جاتے جاتے وہ اپنے کتے تو لے گئے اور مدد کرنے والوں کو بھول گئے۔

    ایئر پورٹ پر کتوں کو دیکھ کر افغان شہری دہائی دیتا رہا کہ امریکا اپنے کتوں کو لے کر جا رہا ہے لیکن ہمیں نہیں، ہم نے امریکی فوج کی مدد کی لیکن ہمیں لاوارث چھوڑ دیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس وقت کابل ایئر پورٹ امریکی فوج کے کنٹرول میں ہے، امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ نے آج سینئر طالبان رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں انھوں نے مطالبہ کیا کہ کابل سے امریکیوں کے انخلا میں مداخلت نہ کی جائے۔

    آج ہی کابل ایئر پورٹ پر اپنی نوعیت کا ایک نہایت ہی افسوس ناک واقعہ پیش آیا، امریکی فوجی طیارہ جب ایئر پورٹ سے ٹیک آف کرنے لگا تو مقامی افغان شہری طیارے پر چڑھنے کی کوشش میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    طیارے سے لٹک کر افغانستان چھوڑنے کی کوشش، شہری زمین پر آگرے (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    ایک طرف امریکی فوجیوں کی فائرنگ سے پانچ شہری جاں بحق ہوئے، دوسری طرف افغان شہریوں نے جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے رن وے پر دوڑتے طیارے پر چڑھنے کی کوشش کی اور اس کے پروں اور ٹائرز سے لٹک گئے، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ فضا میں اڑان بھرتے ہی تین افغان شہری بلندی سے نیچے رن وے پر گر کر جاں بحق ہو گئے۔

  • کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے ترکی کی 3 شرائط

    کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے ترکی کی 3 شرائط

    انقرہ: ترکی نے افغانستان میں کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے امریکا کے سامنے 3 شرائط رکھ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ اگر ہمارا نیٹو اتحادی امریکا کچھ شرائط پوری کرے تو ترکی کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھال سکتا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق منگل کے روز شمالی قبرص سے ٹی وی خطاب کے دوران ترک صدر طیب اردگان نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم اس وقت امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے کے بارے میں مثبت رخ میں سوچ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا امریکا کو کچھ شرائط پوری کرنا ہوں گی، پہلی شرط یہ ہے کہ امریکا سفارتی تعلقات میں ہمارا ساتھ دے، دوسری یہ کہ وہ اپنے لاجسٹک وسائل ہمیں سونپ دے، اور تیسری یہ کہ کابل ایئر پورٹ کو چلانے میں سنجیدہ نوعیت کی مالی اور انتظامی پیچدگیاں ہو سکتی ہیں، امریکا کو چاہیے کہ اس سلسلے میں ہماری ضروری معاونت کرے۔

    ترکی کو کابل ایئر پورٹ پر فوجی رکھنے پر طالبان کی وارننگ

    ترک صدر نے طالبان کے ساتھ بات چیت کرنے کا عزم دہرایا اور کہا کہ افغانستان میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، طالبان نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں، وہ یقینی طور پر ترکی کے ساتھ زیادہ سہولت کے ساتھ ان معاملات پر بات چیت کر سکتے ہیں۔

    اردگان نے کہا مجھے یقین ہے کہ ہم کسی نہ کسی سمجھوتے پر پہنچ جائیں گے، دوسری جانب گزشتہ ہفتے طالبان نے ترکی کی جانب سے کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے کو ’قابل مذمت‘ فعل قرار دیا تھا۔

  • کابل ایئر پورٹ پر مسافر سے جھگڑا، پی آئی اے کنٹری منیجر کی گرفتاری و رہائی

    کابل ایئر پورٹ پر مسافر سے جھگڑا، پی آئی اے کنٹری منیجر کی گرفتاری و رہائی

    کابل : افغانستان میں مسافر نے جھگڑے کے بعد پی آئی اے کے کنٹری منیجر کو گرفتار کرادیا، پاکستانی سفارتخانے نے ضمانت ہر رہائی دلوائی، پی آئی اے ہیڈ آفس نے ملازم سے کوئی تعاون نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن سے اسلام آباد کی کابل سے کنٹکنگ فلائٹ میں افغان مسافر اپنے قیمتی موبائل سے محروم ہوگیا، سامان سے موبائل چوری ہونے پر مسافر نے کابل ائیر ہورٹ پر شور شرابا کردیا۔

    اس موقع پر پی آئی اے عملے سے مسافر کی تلخ کلامی بھی ہوئی، بعد ازاں مذکورہ مسافر نے پی آئی اے کے کنٹری منیجر کے خلاف کابل پولیس کو شکایت درج کرادی۔

    ذرائع کے مطابق کابل پولیس نے مسافر کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے کنٹری منیجر کمال عامر کو حراست میں لے لیا۔ کنٹری منیجر نے اپنی حراست سے متعلق پی آئی اے ہیڈ آفس اور پاکستانی سفارت خانے کو بھی آگاہ کیا۔

    رابطے کے باوجود پی آئی اے ہیڈ آفس نے اپنے ملازم سے کسی قسم کا کوئی تعاون نہیں کیا لیکن پاکستانی سفارت خانے نے پی آئی اے کے منیجر کی ضمانت کروائی، مسافر کو 24 گھنٹے میں چوری ہونے والے سامان واپس دلوانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔